Tag: property

  • جائیداد کا لالچ: بھائی نے فائرنگ کر کے ماں، بھائیوں اور بھابھی کو قتل کردیا

    جائیداد کا لالچ: بھائی نے فائرنگ کر کے ماں، بھائیوں اور بھابھی کو قتل کردیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں جائیداد کے لالچ نے بھائی کا خون سفید کردیا، ملزم نے سحری کے وقت گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور اپنی ہی ماں، 2 بھائیوں، بھابھی اور بھتیجوں کو قتل کر ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن کے نواحی گاؤں بڑی راکھ میں جائیداد کے تنازعہ پر 7 افراد کو قتل کر دیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بھائی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بھائیوں اور بھابھی سمیت 7 افراد کو قتل کیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے سحری کے وقت بھائی کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، فائرنگ سے ملزم کی ماں، بھابھی اور 3 بچوں کو قتل کردیا جبکہ 7 سالہ بچی شدید زخمی ہوگئی۔

    بعد ازاں ملزمان نے 2 بھائیوں کو کھیت میں نماز کے لیے بنائی گئی جگہ پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔

    قتل ہونے والوں میں قاتل و مقتولین کی ماں، 2 بھائی شیر باز اور افتخار، افتخار کی اہلیہ اور ان کے 2 بیٹے اور 1 بیٹی شامل ہیں، اندوہناک واقعے میں زخمی 7 سالہ بچی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • کرکٹ کے ساتھ کوہلی کی پراپرٹی میں سرمایہ کاری

    کرکٹ کے ساتھ کوہلی کی پراپرٹی میں سرمایہ کاری

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے ایک اور مہنگی جائیداد خرید لی، وہ اور ان کی اہلیہ انوشکا شرما 19.24 کروڑ بھارتی روپے میں 36 ہزار اسکوائر فٹ کا فارم ہاؤس بھی خرید چکے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے پراپرٹی کے بزنس میں دلچسپی دکھاتے ہوئے ایک اور مہنگا ترین بنگلہ خرید لیا۔

    کوہلی نے ممبئی کے قریب ایک نئی آبادی میں 6 کروڑ بھارتی روپے کا بنگلہ خریدا ہے، 2 ہزار اسکوائر فٹ کے بنگلے میں 400 اسکوائر فٹ کا سوئمنگ پول بھی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مصروف ہونے کے باعث ویرات کوہلی کے بھائی نے 36 لاکھ روپے کی اسٹیمپ ڈیوٹی دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اس علاقے میں 3 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما کی اسی علاقے میں یہ دوسری پراپرٹی ہے، دونوں شخصیات نے 19.24 کروڑ بھارتی روپے میں 36 ہزار اسکوائر فٹ کا فارم ہاؤس بھی خریدا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اس پراپرٹی کی بھی 1.15 کروڑ بھارتی روپے کی ڈیوٹی ویرات کوہلی کے بھائی وِکاص کوہلی نے دی تھی۔

  • بھارتی خاتون نے زندگی بھر کی جمع پونجی راہول گاندھی کے نام کردی

    بھارتی خاتون نے زندگی بھر کی جمع پونجی راہول گاندھی کے نام کردی

    بھارت میں 85 سالہ خاتون نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے نام کردی، بزرگ خاتون گاندھی خاندان کی قربانیوں کی معترف ہیں۔

    85 سالہ پشپا منجیال نے راہول گاندھی کے نظریات سے متاثر ہو کر اپنی عمر بھر کی جمع پونجی ان کے نام کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    اس سلسلے میں پشپا منجیال نے باضابطہ طور پر ضلعی کورٹ میں وصیت نامہ بھی دے دیا ہے، سوموار کے روز انہوں نے سابق حزب مخالف لیڈر پریتم سنگھ کو بھی اپنا وصیت نامہ پیش کردیا۔

    پشپا منجیال کی جمع پونجی 50 لاکھ روپے اور 10 تولہ سونا ہے جسے انہوں نے راہول گاندھی کے نام کر دیا ہے، سونے کی موجودہ قیمت کم از کم 5 لاکھ روپے ہے۔

    بزرگ خاتون نے 40 لاکھ روپے کی ایف ڈی بھی راہول گاندھی کے نام کر دی ہے، وہ 5 ہزار روپے ماہانہ اولڈ ایج ہوم کا کرایہ بھی دیتی ہیں۔

    پشپا کا کہنا ہے کہ وہ راہول گاندھی کے نظریات سے بے حد متاثر ہیں، راہول گاندھی کے خاندان نے ملک کی آزادی سے لے کر آج تک ہمیشہ آگے بڑھ کر ملک کے لیے اپنی قربانیاں دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی ہو یا راجیو گاندھی، انہوں نے اس ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔

  • متحدہ عرب امارات: جائیداد کو تباہ کرنے پر قید اور جرمانے کا اعلان

    متحدہ عرب امارات: جائیداد کو تباہ کرنے پر قید اور جرمانے کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارت کے پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ املاک کی تباہی یا کسی کی جائیداد کو نقصان پہنچانا ایک جرم ہے جس کی سزا 5 سال قید ہوسکتی ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری حالیہ ویڈیو کے مطابق ملزمان پر 10 ہزار درہم جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے کہا گیا کہ جو شخص کسی ایسی جائیداد کو مسمار کرے گا یا نقصان پہنچائے گا جو دوسروں کی ملکیت ہو، ایسے شخص کو ایک سال سے زائد عرصے کی سزا اور 10 ہزار درہم جرمانہ ہوسکتا ہے۔

    اس عمل سے اگر لوگوں کی زندگی، حفاظت یا صحت کو بھی خطرہ لاحق ہو تو قید کا عرصہ طویل ہوسکتا ہے۔

    پنالٹی قانون کے آرٹیکل 424 کے مطابق جرم اگر کم سے کم 3 افراد پر مشتمل گروہ نے کیا ہے تو 5 سال سے زیادہ کی قید بھی ہوسکتی ہے۔

  • جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    اٹک: صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں جائیداد کے تنازعہ پر چچا نے بھتیجے پر انسانیت سوز ظلم کرتے ہوئے اس کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے علاقے جنڈ میں چچا نے جائیداد کی خاطر بھتیجے پر تشدد کیا اور اس کے جسم میں کیلیں ٹھوک دیں، 28 سالہ مظہر حسین والدین کے انتقال کے بعد چچا کے ساتھ رہا تھا۔

    متاثرہ نوجوان کو ڈی ایچ کیو اسپتال داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر نے آپریشن کے ذریعے نوجوان کے جسم سے کیلیں نکالیں۔

    پولیس کو بیان دیتے ہوئے مظہر حسین کا کہنا تھا کہ ملزم حبیب (چچا) نے اپنے داماد کے ساتھ مل کر تشدد کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل افسر کے دستخط کے ساتھ ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • اداکار جیکی چن اپنی جائیداد اکلوتے بیٹے کو کیوں نہیں دیں گے؟

    اداکار جیکی چن اپنی جائیداد اکلوتے بیٹے کو کیوں نہیں دیں گے؟

    بیجنگ : اداکار جیکی چن نے حال ہی میں 67 ویں سالگرہ منائی اور وہ اس عمر میں بھی دنیا کے چند سب سے زیادہ کمانے والے اداکاروں میں سے ایک ہیں۔

    اگرچہ ان کا تعلق چین سے ہے مگر وہ ہالی وڈ میں بھی بہت زیادہ مقبول ہیں۔ فوربز کے تخمینے کے مطبق جون 2019 سے جون 2020 کے دوران جیکی چن نے 4 کروڑ ڈالرز کمائے۔

    اداکار جیکی چن اب تک مجموعی طور پر35 کروڑ ڈالرز کے مالک ہیں مگر اس میں سے ایک ڈالر بھی ان کے اکلوتے بیٹے جیسی چن کو نہیں ملے گا۔

    جیکی چن نے یہ اعلان ایک دہائی قبل یعنی 2011 میں کیا تھا کہ وہ اپنی تمام دولت فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرجائیں گے اور بیٹے کو کچھ نہیں دیا جائے گا۔

    اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ میں نے اپنے بیٹے کے لیے فلمی کیریئر کے دوران کمائے گئے کروڑوں ڈالرز چھوڑنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی، اگر وہ کسی قابل ہوا تو اپنی قسمت خود بنالے گا اور وہ نااہل ہوا تو میری دولت کو ضائع کردے گا۔

    جیکی چن 1954 میں ہانگ کانگ میں انتہائی غریب گھرانے میں پیدا ہوئے اور 7 سال کی عمر میں نوکری کرنے کے بعد اداکاری کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے ابتدائی طور پر اسٹیج ڈراموں اور اوپرا تھیٹر سے پرفارمنس کا آغاز کیا۔

    جیکی چن ابتدائی دنوں میں بطور اسسٹنٹ کام کرتے رہے، بعد ازاں انہیں اداکاری کے جوہر دکھانے کا موقع ملا اور پھر وہ دیکھتے ہی دیکھتے چین سے امریکا اور ہانگ کانگ سے برطانیہ تک چھا گئے۔

    جیکی چن نے باضابطہ شادی جون لین سے1982 میں کی، جس سے ان کا ایک بیٹا جیسی چن ہے، جو خود بھی اداکار ہیں۔ جیسی کو 2014 میں منشیات رکھنے کے الزام پر گرفتار بھی کیا گیا تھا جس پر جیکی چن نے چینی سوشل میڈیا پر شرمندگی اور معذرت کا اظہار بھی کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں وہ انسداد منشیات کا علم بردار بنتے ہوئے نوجوانوں کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرے۔ جیکی چن کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کی مدد کیلئے کبھی کسی کا سہارا نہیں لیا۔

  • لاہور: بیٹے نے جائیداد کی خاطر باپ کو قتل کروادیا

    لاہور: بیٹے نے جائیداد کی خاطر باپ کو قتل کروادیا

    لاہور :  جائیداد کی لالچ میں بیٹے نے کرائے کی قاتلوں سے اپنے باپ کو قتل کروادیا، پولیس نے بیٹے سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اےآر وائی نیوز کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل رمضان نامی تاجر کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا اس اندھے قتل کا پولیس نے سراغ لگا لیا ۔

    پولیس کے مطابق واردات کے بعد باپ کے قتل کا مقدمہ اسی بیٹے عدنان کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، تفتیشی افسر نے جائے واردات کی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے قاتلوں کا پتہ لگا لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر شک کی بنا پر جب بیٹے سے تفتیش کی گئی تو اس نے سارا راز اگل دیا، اور اعتراف جرم کرلیا۔

    ملزم عدنان نے بتایا کہ اس نے کرائے کے دو قاتلوں کو 12لاکھ روپے کے عوض اپنے والد کو قتل کروایا تھا، ملزم نے بتایا کہ اس نے 5لاکھ روپے ایڈوانس دیئے اور باقی رقم کام پورا ہونے پر ادا کرنا تھی۔

    پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث دونوں کرائے کے قاتلوں کو حراست میں لے کر ان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔

    ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے35ہزار رورپے کا پستول خریدا تھا جس سے فائرنگ کرکے عدنان کے والد کو قتل کیا، اس طرح پولیس نے اندھے قتل کی واردات کا سراغ لگا لیا۔

  • سندھ کی عوام کے لیے خوشخبری، جائیداد سے متعلق مسائل اب گھر بیٹھے حل ہوں گے

    سندھ کی عوام کے لیے خوشخبری، جائیداد سے متعلق مسائل اب گھر بیٹھے حل ہوں گے

    کراچی: سندھ حکومت نے انقلابی اقدام کرتے ہوئے محکمہ ریونیو میں نیا سسٹم قائم کردیا جس سے جائیداد سے متعلق مسائل گھر بیٹھے حل ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق جائیداد سے متعلق این او سی، فروخت کا معاہدہ اور رجسٹریشن اب آن لائن ہوگی جس کے لیے محکمہ ریونیو میں نیا سسٹم قائم کر دیا گیا ہے۔

    نئے سسٹم میں زمینوں کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ، ریونیو مینجمنٹ اور انفارمیشن شامل ہوگی۔ صوبائی وزیر ریونیو نے لارمس کے نام سے نئے سسٹم کی منظوری دے دی۔

    آن لائن درخواست پر مختار کار 3 دن میں این او سی جاری کرنے کا پابند ہوگا، شہری ہوم ڈلیوری کی فیس دے کر درخواست گھر پر بھی حاصل کر سکیں گے۔

    محکمہ ریونیو نے ای اسٹامپ پیپر بھی متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے، ای اسٹامپ پیپر کے اجرا سے جعلی اسٹامپ پیپر ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

  • بے نامی جائیداد کا انوکھا کیس، بیوہ خاتون کے نام 80 کروڑ کا پلاٹ، اہل خانہ پریشان

    بے نامی جائیداد کا انوکھا کیس، بیوہ خاتون کے نام 80 کروڑ کا پلاٹ، اہل خانہ پریشان

    کراچی:بے نامی اکاؤنٹس کے بعد کراچی میں بے نامی جائیداد کا کیس سامنے آگیا.

    نیب جے آئی ٹی نے شاہ فیصل کالونی کی رہاشی بیوہ خاتون کو نوٹس بھیج دیا، نیب کا نوٹس دیکھ کر خاتون اوراس کے اہل خانہ پریشان ہوگئے.

    نیب کے مطابق خاتون کےنام پرکراچی کےمہنگےعلاقےمیں 320 گزکا پلاٹ ہے، پلاٹ کڈنی ہل پارک کی زمین پرچائنہ کٹنگ کرکے نکالا گیا.

    سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے دور میں یہ پلاٹ الاٹ کیا گیا، اس کی موجودہ مالیت 80 کروڑ روپے سے زائد ہے.

    مزید پڑھیں: بے نامی جائیدادوں کی چھان بین، ایف بی آر نے اینٹی بےنامی زونز تشکیل دے دیئے

    بیوہ خاتون نے اے آر وائی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے بلایا ہے، لیٹر بھیجا ہے، مگر یہ پلاٹ ہمارا نہیں.

    انھوں نے کہا کہ میرے پاس اسلام آباد جانے کا کرایہ نہیں، نہ ہی اتنی مالی حیثیت ہے، نیب نے اگر کچھ پوچھنا ہے، تو کرایہ کا انتظام کرے.

    خاتون نے کہا کہ میں اپنے بھائی کے ساتھ رہتی ہوں، اگر اتنا بڑا پلاٹ ہوتا، تو شاہ فیصل کالونی میں رہتی؟

  • جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لیے عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ

    جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لیے عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ کی صوبائی حکومت نے جائیداد کے ٹیکس وصولی کی مد میں انقلابی اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، صوبائی وزیر مکیش چاؤلہ نے ٹیکس کور ٹ قائم کرنے اعلان کردیا۔

    صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لئے مینول چالان جاری نہیں کیے جائیں گے اور محکمہ ایکسائز کے دفاتر میں افسران و عملے کی کمی کو پورا کیا جائے گا اور متعلقہ ڈائریکٹرز عملے کی کمی سے متعلق ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو باقاعدہ طور پر آگاہ کریں ۔

    یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیکس کورٹ قائم کیے جائیں۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن وانسداد منشیات عبدالرحیم شیخ ڈائریکٹر جنرل ایکسائزاینڈٹیکسیشن شبیر احمد شیخ ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسز اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی ۔

    صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ جائیداد یونٹس کی نشاندہی کریں اور گیسٹ ہاؤسز بشمول تجارتی اور نجی اسکولز کی جائیدادوں کو ٹیکس کے دائرے میں لائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کے افسران و عملہ جائیداد ٹیکس کے بقایاجات کی وصولی کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں اور آئندہ اجلاس میں وہ نتائج دیکھنا چاہتے ہیں۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر نے افسران کے دفاتر میں عدم دستیابی کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت دی کہ وہ ایسے افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں اور دفاتر میں حاضری کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں ان جائیدادوں کی نشاندہی کریں جنہیں ابھی تک ٹیکس کے دائرے میں نہیں لایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور افسران خزانے میں ریوینیو جمع کرانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں ۔اجلاس میں جائیداد ٹیکس کی بہتر وصولی کے لئے ٹیکس کورٹ میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن شببر احمد شیخ نے صوبائی وزیر کو جائیداد ٹیکس کی وصولی اور افسران کی حاضری یقینی بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔