اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ وطن عزیز کی آدھی سے زیادہ بیورو کریسی (افسر شاہی) پرتگال میں جائیدادیں لے چکی ہے۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس سابقہ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہی، ان کا کہنا تھا کہ نامی گرامی بیورو کریٹس اب وہاں شہریت لینے کی تیاری کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے اپنی ایکس پوسٹ میں کہا کہ یہ مگرمچھ اربوں روپے کھا کر آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے بتایا کہ بزدار کا ایک قریب ترین بیوروکریٹ اپنی بیٹیوں کی شادی پر چار ارب روپے کی سلامی وصول کرکے آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزاررہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک سرزمین کو یہ بیورو کریسی پلید کر رہی ہے، سیاستدان تو ان کا بچا کھچا کھاتے اور چولیں مارتے ہیں، نہ پلاٹ نہ غیرملکی شہریت کیونکہ انہیں یہاں الیکشن لڑنا ہوتا ہے۔