Tag: Prophet’s Mosque

  • مسجد نبویؐ میں ماہ صیام کے دوران لاکھوں افطار پیکٹس کی تقسیم

    مسجد نبویؐ میں ماہ صیام کے دوران لاکھوں افطار پیکٹس کی تقسیم

    سعودی عرب میں موجود ادارہ امور حرمین شریفین کے زیر انتظام ماہ رمضان المبارک میں مسجد نبویؐ شریف میں 73 لاکھ سے زائد افطار پیکٹس تقسیم کیے گئے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد نبویؐ شریف کی انتظامیہ کی جانب سے ماہ صیام میں روزہ داروں کو افطار کرانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، افطار دسترخوانوں کی تیاری اور روزہ داروں کے لیے صحت مند افطار کی فراہمی شامل تھا۔

    افطار پیکٹس میں آب زم زم کی بوتل، اعلی کوالٹی کی کھجوروں کا پیکٹ، زمزم کی ایک چھوٹی بوتل، لسی پیک، رمضان میں استعمال ہونے والا خصوصی چاٹ مصالہ (دقہ)، دہی کا پیکٹ، ٹشو پیپر اور کھجور والا بسکٹ شامل ہوتا ہے۔

    مسجد نبوی کی انتظامیہ کے مطابق یومیہ بنیادوں پر مسجد نبوی شریف کے اندرونی و بیرونی صحنوں میں 2 لاکھ 27 ہزار افطار پیکٹس تقسیم کیے گئے۔

    اس سے قبل سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آنے والے زائرین کے لئے اہم ہدایت جاری کی گئی تھیں۔

    رپورٹ کے مطابق سعودی وزارتِ حج وعمرہ نے زائرین سے کہا ہے کہ حرمین شریفین میں سونے اور راہداریوں میں بیٹھنے سے اجتناب برتیں۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزارتِ حج وعمرہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ حرمین شریفین کے تقدس کا خیال رکھیں۔ راہداریوں میں بیٹھنے سے لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے باعث رش بڑھ جاتا ہے۔

    ایک ہفتے میں 51 لاکھ زائرین کی مسجد نبویؐ آمد

    وزارت کے مطابق مسجد الحرام میں آنے سے قبل اپنا سامان کمرے یا ہوٹل میں رکھیں محض ضروری شناختی دستاویز وغیرہ ہی اپنے پاس رکھیں اضافی سامان حرمین میں لانے سے گریز کریں۔

  • مسجد نبویؐ میں گزشتہ ہفتے 5 ملین سے زائد زائرین کی حاضری

    مسجد نبویؐ میں گزشتہ ہفتے 5 ملین سے زائد زائرین کی حاضری

    سعودی عرب میں حرمین شریفین کے امور کی دیکھ بھال کی جنرل اتھارٹی نے بتایا ہے کہ مسجد نبویؐ مدینہ منورہ میں گزشتہ ہفتے کے دوران 50 لاکھ 32 ہزار169 زائرین نے حاضری دی۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنرل اتھارٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5 لاکھ 49 ہزار388 زائرین نے مسجد نبویؐ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دی جبکہ 2 لاکھ 69 ہزار 238 زائرین نے ریاض الجنہ (روضہ شریفہ) میں نماز ادا کی۔

    اتھارٹی کے مطابق مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 10 ہزار302 سے زیادہ زائرین نے ترجمے کی خدمات سے استفادہ حاصل کیا۔ مسجد نبوی کے مخصوص حصوں میں ایک لاکھ 34 ہزار 85 روزہ داروں میں افطار پیکٹ تقسیم کیے گئے۔

    رپورٹس کے مطابق صفائی اور سینیٹائزنگ کے لیے21 ہزار181 لٹرجراثیم کش مادے کا استعمال کیا گیا جبکہ ایک ہزار 360 ٹن زمزم کی فراہمی کے علاوہ زمزم کے لیبارٹری ٹیسٹ کیلیے 150 سیمپلز جمع کیے گئے۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ کی جانب سے آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے نسک پلیٹ فارم پر مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریاض الجنہ کے پرمٹ کے لیے نیا آپشن متعارف کرایا گیا ہے۔

    وزارت حج و عمرہ نے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آنے والے ایسے زائرین جو مسجد کی حدود میں ہوتے ہوئے نسک یا توکلنا پلیٹ فارم کے ذریعے ریاض الجنہ کے لیے پرمٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں مزید سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔ زیارت کے لیے اپائنٹمنٹ نہ ملنے پر ویٹ لسٹ آپشن کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

    قبل ازیں نسک پلیٹ فارم کے ذریعے فوری پرمٹ حاصل کرنے کا آغاز کیا گیا تھا تاہم اب اس میں مزید اضافہ کرتے ہوئے ’ویٹنگ‘ کا آپشن بڑھا دیا گیا ہے۔

    مسجد نبویؐ میں خواتین زائرین کے لیے اہم ہدایات جاری

    ویٹنگ کا آپشن منتخب کرنے سے یہ ہوگا کہ سسٹم میں جیسے ہی سلاٹ دستیاب ہوگا ویٹنگ لسٹ میں رجسٹر زائر کو پرمٹ جاری کردیا جائے گا۔

  • مسجد نبویؐ میں ایک ہفتے کے دوران 5.6 ملین سے زائد زائرین کی آمد

    مسجد نبویؐ میں ایک ہفتے کے دوران 5.6 ملین سے زائد زائرین کی آمد

    سعودی عرب میں جنرل اتھارٹی برائے مسجد نبویؐ امور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران 5.6 ملین سے زیادہ زائرین کی آمد ہوئی، اس دوران اتھارٹی نے نمازیوں اور زائرین دونوں کی کیلیے خدمات کو یقینی بنایا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 5,663,488 زائرین نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دی جبکہ 367,739 زائرین نے ریاض الجنہ میں نمازکی سعادت حاصل کی۔

    انتظامیہ کی جانب سے مخلتف ملکوں سے تعلق رکھنے والے 46,731 زائرین کو ان کی زبانوں میں ترجمے کی سہولت فراہم کی گئی۔

    اعداد وشمار کے مطابق 1,460 ٹن زمزم زائرین کو مہیا کیا گیا جبکہ زمزم کے معیار کو برقرار رکھنے کیلیے 158 سیمپل جانچ کیلیے لیبارٹری بھیجے گئے۔

    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں سیناٹائزنگ اور صفائی کے لیے 24.256 لٹر سینیٹائز استعمال کیا گیا۔

    جبکہ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اندر مقررہ مقامات پرایک لاکھ 79 ہزار56 افطار پیکٹ تقسیم کیے گئے جو زائرین کی ضروریات کو پورا کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امور کی دیکھ بھال کی جنرل اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 2024 کے دوران 176 رضا کار ٹیموں نے کل 1.4 ملین گھنٹے رضاکارانہ خدمات انجام دیں۔

    رپورٹ کے مطابق رضاکار ٹیموں نے نماز اورعبادت میں آسانی کیلیے زائرین کو مختلف ضروری خدمات فراہم کیں۔

    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اس کے صحنوں میں 16 ہزار سے زیادہ مرد اور خواتین رضاکاروں نے 190 سے زیادہ رضاکارانہ اقدامات کیے جس میں وسیع پیمانے پر خدمات شامل ہیں۔

    مسجد نبویؐ ریاض الجنہ میں نماز کے لیے شیڈول جاری

    ان خدمات میں معذور افراد اور بزرگوں سے تعاون، راستہ تلاش کرنے میں مدد، میڈیکل کلینک کی خدمات، افطار پیکٹس کی تقسیم، شٹل ٹرانسپورٹیشن، کراوڈ منیجمنٹ، طبی امداد اور چھتریوں کی تقسیم شامل ہے۔

  • مسجد نبویؐ روضہ شریفہ کے زائرین کی تعداد 15 ملین تک پہنچنے کا امکان

    مسجد نبویؐ روضہ شریفہ کے زائرین کی تعداد 15 ملین تک پہنچنے کا امکان

    سعودی عرب کے وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ رواں سال مسجد نبویؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں زائرین کی تعداد 15 ملین تک پہنچنے کی اُمید ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نسک ایپلی کیشن کی تیاری نے زائرین کی خدمات کو بہتر بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ نسک ایپلی کیشن کے ذریعے خدمات میں ایک معیاری تبدیلی ہوئی ہے، خاص طور پر روضہ شریفہ کے لیے اجازت نامے کا اجرا جس سے زائرین کی تعداد مزید بڑھ گئی ہے اور یہ ضیوف الرحمن کو متعدد خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ حج سیزن کے اختتام سے قبل ہی نئے سیزن کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا جاتا ہے۔

    اس سے قبل سعودی عرب میں ادارہ حرمین کے امور کی نگراں کمیٹی نے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آنے والی خواتین زائرین کے لیے 9 ہدایات جاری کی ہیں۔

    ہدایات میں مسجد نبویؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آنے والی زائر خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے ’مہمان خواتین، امید ہے آپ مسجد الحرام آمد پر اداب کا خیال رکھیں گی، انتظامیہ کی جانب سے جو ہدایات جاری کی گئی ہیں ان پر سختی سے عمل کریں۔

    ہدایات کے مطابق مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آتے وقت شرعی حجاب کی پابندی کریں، مسجد میں سونے اور لیٹنے سے اجتناب برتیں، جماعت کے دوران صف بندی کا خیال کریں، یہاں موجود کارکن خواتین سے تعاون کریں۔

    انتظامیہ نے مسجد نبویؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں صفائی رکھنے اور وہاں کھانا کھانے سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے، اس کے علاوہ بلند آواز میں باتیں سے منع کیا گیا ہے، قالیون پر جوتوں کے ساتھ چلنے سے گریز کرنے اور اور اپنی اشیا کو ساتھ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    مسجد نبویؐ ریاض الجنہ میں نماز کے لیے شیڈول جاری

    واضح رہے بعض زائرخواتین مسجد نبویؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں آتے وقت حجاب نہیں کرتیں جبکہ کچھ خواتین مسجد میں عبادت کے بجائے زیادہ وقت باتوں میں مصروف رہتی ہیں، جس سے وہاں موجود دوسری خواتین کو تکلیف ہوتی ہے بلکہ یہ عمل مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آداب کے بھی منافی ہے۔

  • مسجد نبویؐ میں آنے والے معمر اور معذور افراد کیلیے بڑی خوشخبری

    مسجد نبویؐ میں آنے والے معمر اور معذور افراد کیلیے بڑی خوشخبری

    سعودی عرب میں حرمین شریفین کی جنرل اتھارٹی مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں حجاج اور زائرین کی خدمت کیلیے کوششوں کو تیز کررہی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اتھارٹی معمر اور معذور افراد کے لیے اعلی اور بہترین خدمات فراہم کرنے پر کام کررہی ہے، معمر اور معذور افراد پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔

    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآ لہ وسلم کے دروازوں کے قریب نماز کے لیے دس خصوصی ایریا، شمالی توسیع میں چار مصلی اور مشرقی توسیع میں تین مصلی تیار کیے گئے ہیں۔

    اتھارٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اس کے صحن کے اندر الیکڑانک گالف کارٹس اور ویل چیئرز موجود ہیں جو نمازیوں اور زائرین کی آمد ورفت آسان بناتی ہیں۔

    اس کے علاوہ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآ لہ وسلم کی چھت پر قوت سماعت اور گویائی سے محروم افراد کیلیے بھی ایک خصوصی کمرہ بنایا گیا ہے، جہاں 100افراد نماز کی ادائیگی کرسکتے ہیں۔ وہ سائن لینگویج کے ذریعے جمعے کے خطبے کو سمجھ سکتے ہیں۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں شدید گرمی کی وجہ سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں جمعے کے خطاب اور نماز سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سربراہ برائے مسجد الحرام اور مسجد نبوی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے جمعہ کی نماز کے خطاب کا دورانیہ کم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

    نئے احکامات کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں جمعہ کا خطاب اور نماز پندرہ منٹ کے اندر ادا کرنے کی ہدایات کی گئی ہے۔

    حرمین شریفین میں آج جمعے کا خطبہ اور نماز کا دورانیہ 15 منٹ ہوگا

    مقامی سعودی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ سخت گرم موسمی حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے، یہ تبدیلی سخت گرمیوں تک جاری رہے گی، جس کے بعد سابقہ روٹین پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

  • ایک ہفتے میں 60 لاکھ زائرین کی مسجد نبویؐ آمد

    ایک ہفتے میں 60 لاکھ زائرین کی مسجد نبویؐ آمد

    سعودی عرب میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مسجد نبوی آنے والے زائرین کی تعداد 59 لاکھ 60 ہزار 724 ریکارڈ کی گئی۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امور کی جنرل اتھارٹی نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آنے والوں کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے۔

    مسجد نبوی انتظامیہ کے مطابق 5 لاکھ 98 ہزار 939 زائرین نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دی۔

    انتطامیہ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 9172 معمر اور معذورافراد کو مخصوص خدمات فراہم کی گئیں۔

    2 لاکھ 54 ہزار 209 افراد نے ریاض الجنہ میں نماز ادا کی ان میں ایک لاکھ 23 ہزار 932 مرد جبکہ ایک لاکھ 30 ہزار 277 خواتین شامل تھیں۔

    سعودی عرب، ٹرانزٹ ویزے پر آنے والے کیا عمرہ کرسکتے ہیں؟

    12884 افراد مسجد نبویؐ کی لائبریری میں دستیاب علمی خدمات سے مستفیض ہوئے جبکہ نمائشوں اور عجائب گھروں کا 2 ہزار افراد نے دورہ کیا۔

  • مسجدنبویﷺ میں اعتکاف کرنے سے متعلق  بڑا فیصلہ

    مسجدنبویﷺ میں اعتکاف کرنے سے متعلق بڑا فیصلہ

    مدینہ منورہ: سعودی عرب میں کرونا وبا کے بڑھتے کیسز کے باعث حکام نے مزید پابندیاں عائد کردی ہیں۔

    سعودی عرب میں کرونا کیسز کی تعداد میں اچانک اضافہ ہونے لگا ہے، جس کے باعث رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی تیاریوں کو سخت دھچکا لگا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث رمضان المبارک میں مسجدنبوی ﷺ میں بچوں کےداخلے پر پابندی عائد کردی ہے، اس پابندی کا اطلاق پندرہ سال سے کم عمر بچوں پر لاگو ہوگا۔

    عرب میڈیا کے مطابق عالمی وبا کے پیش نظر مسجدنبویﷺ میں نماز تراویح کو دس رکعت تک محدود کردیا گیا ہے ساتھ ہی بتایا گیا ہے نماز تراویح کے تیس منٹ بعد مسجدنبویﷺ کو بند کردیا جائے گا۔

    کرونا وبا کے باعث رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف سے متعلق بھی سخت فیصلہ کیا گیا ہے، گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی مسجدنبویﷺمیں اعتکاف کی اجازت نہیں ہوگی، یہ مسلسل دوسرا سال ہوگا جب مسجدنبویﷺمیں اعتکاف کی اجازت نہیں ہوگی۔

    عرب میڈیا کے مطابق مسجد نبوی میں افطار کیلئے کھانا تقسیم کرنے پر پابندی ہوگی۔

    واضح رہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سعودی عرب میں کرونا کے 238 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے مکہ ریجن میں 111،مشرقی صوبے میں 84، اور مدینہ میں 34 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    اس کے علاوہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سعودی عرب میں 386 افراد نے کرونا کو شکست دی، جس کے بعد سعودی عرب میں تین لاکھ اٹہتر ہزار چار سو انہتر افراد عالمی وبا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • سعودی حکومت مسجدِ نبوی ﷺ کی تاریخی حیثیت بحال کرنے لیے کوشاں ہے: گورنرمدینہ

    سعودی حکومت مسجدِ نبوی ﷺ کی تاریخی حیثیت بحال کرنے لیے کوشاں ہے: گورنرمدینہ

    جدہ: مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے مسجدِ نبوی ﷺ کا دورہ کرکے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا، تعمیراتی کام جنوبی دیوار کی تاریخی حیثیت کو بحال کرنے کے لیے انجام دیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ کے گورنر مسجد نبوی ﷺ کا دورہ کرنے پہنچے تو ان کے ہمراہ حرمین شریفین کے انڈر سیکرٹری شیخ صالح بن خالد المذائنی بھی ان کے ہمراہ تھے، دونوں اہم شخصیات نے مسجد ِ نبوی ﷺ کی جنوبی دیوار پر ہونے والے کام کی جانچ پڑتال کی۔

    اس موقع پر ان کے ہمراہ مدینہ کے انڈر سیکرٹری وہیب الساحلی اور مدینہ ریجنل ڈیلوپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او فہد البلیشی بھی موجود تھے ۔مدینہ کے گورنر کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت ہمیشہ سے مسجدِ نبویﷺ کی تاریخی اہمیت کو بحال کرنے اور اس کی وقتاً فوقتاً مرمت کرنے کے لیے کوشاں رہی ہے۔

    گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان کا کہنا تھا کہ مسجد کی جنوبی دیوار کو ڈھانپنے والے لکڑی کے دروازے جب سے ہٹائے گئے ہیں تب سے وہ باقی تعمیرا ت سے الگ لگ رہی تھی، لہذا اسے اس کی تاریخی شکل میں بحال کرنے کے لیے کام جاری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دیوار کی بحالی کا کام مدینہ ریجنل ڈیلپومنٹ اتھارٹی اور حرمین شریفین کے معاملات کی دیکھ بھال کے لیے قائم جنرل پریزیڈنسی مشترکہ طور پر کررہی ہیں اور اس کام میں انتہائی اعلیٰ سطحی معیار کو برقرار رکھا جارہا ہے جس کے لیے ملکی اور غیرملکی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔