Tag: protest

  • جامشورو : مشتعل افراد نے ادویات کا ٹرک نذر آتش کردیا

    جامشورو : مشتعل افراد نے ادویات کا ٹرک نذر آتش کردیا

    جامشورو : مورو واقعے کے خلاف مبینہ طور پر سندھ کی 3 یونیورسٹیز کے طلباء سڑکوں پر نکل آئے، مشتعل مظاہرین نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ادویات سے بھرا ٹرک نذر آتش کردیا۔

    اے آر وائی نیوز حیدرآباد کے نمائندے جام فرید لاکھو کی رپورٹ کے مطابق جامشورو میں مورو واقعے کے خلاف مظاہرین نے شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے انڈس ہائی وے پر نجی یونیورسٹی کے سامنے دھرنا دے دیا۔

    مظاہرین کے احتجاج کے سبب ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور شاہراہ کے اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    اس موقع پر مشتعل مظاہرین نے ایک منی ٹرک نذر آتش کردیا جو ادویات لے کر کراچی سے پنجاب جا رہا تھا واقعے کی اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی، جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔

  • غزہ کی حمایت میں گرفتار طلبہ اور اساتذہ کیلئے امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی میں احتجاج

    غزہ کی حمایت میں گرفتار طلبہ اور اساتذہ کیلئے امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی میں احتجاج

    امریکا کی نامور یونیورسٹی کولمبیا، جارج ٹاؤن اور ٹفٹس میں غزہ کی حمایت میں گرفتار کئے گئے طلبہ اور اساتذہ کے حق میں منظم احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی میں احتجاج مظاہرین نے فوری طور پر گرفتار کئے گئے طلبہ اور اساتذہ کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    مظاہرین نے جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے محقق بدار خان سوری، کولمبیا یونیورسٹی کے گریجویٹ طالب علم اور فلسطینی کارکن محمود خلیل اور ترکی سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹریٹ کی طالبہ رمیساء اوزتورک کی فوری رہائی پر زور دیا، جنہیں صرف فلسطین کی حمایت کرنے کی وجہ سے حراست میں لیا گیا۔

     ترک میڈیا کے مطابق مڈل ایسٹ پالیسی کے ماہر اور جارج ٹاؤن یونیورسٹی سے وابستہ ڈاکٹر نادر ہاشمی نے مظاہرے میں شرکت کی اور کہا کہ ان افراد کو بغیر کسی الزام کے حراست میں لیا گیا ہے جو فلسطین کی حمایت میں اظہارِ رائے کو خاموش کرنے کی ایک سوچی سمجھی پالیسی کا حصہ ہے۔

  • کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر احتجاج، ایک ہزار سے زائد مسافر رُل گئے

    کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر احتجاج، ایک ہزار سے زائد مسافر رُل گئے

    کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ملازمین کی احتجاج کے باعث ایک ہزار سے زائد مسافر اسٹیشن پر ہی رُل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ریلوے ملازمین نے اندرون ملک جانے والی ٹرینوں کو احتجاجا گھنٹوں روک دیا جس کے باعث ایک ہزار سے زائد مسافر کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    ریلوے ملازمین نے ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کے سامنے ٹریک پر دھرنا دیدیا جس سے کوئٹہ سے صبح 8 بجے چمن کیلئے روانہ ہونے والی چمن پسنجر ٹرین، صبح 9 بجے راوالپنڈی پشاور کیلئے روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس اور صبح دس بجے کراچی جانے والی بولان میل دو سے چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔

    ذرائع کا کہان ہے کہ ان ٹرینوں کی تاخیر کے باعث سفر کرنے والے ایک ہزار سے زائد مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جعفر ایکسپریس سے سفر کرنے والے ایک مسافر ذیشان احمد نے بتایا کہ تین دن سے سفر مشکل ہوئی ہے۔ پنجاب کیلئے بس سروس بند ہے ٹرین کا انتخاب کیا تو آج یہ حال ہے۔

    واضح رہے کہ ریلوے یونینز کی جانب سے کوئٹہ کے زرغون روڈ پر ملازمین کے گھروں کی چاردیواروں کو مسمار کرنے کے خلاف ریلوے اسٹیشن پر ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا گیا۔

    احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ رات کے اندھیرے میں ڈبل روڈ کی توسیع کے منصوبے کے۔پراجیکٹ ڈائریکٹر کی جانب جانب سے بلاجواز کارروائی کی گئی گھروں کی چار دیواریوں کو گرایا گیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا معاملہ عدالت میں ہے، چار دیواریاں مسمار کرنا ماورائے عدالت اقدام ہے، ڈی ایس ریلوے نے مظاہرین سے مذاکرات کرکے مسئلہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ حل کرانے کی یقین دہانی کرادی۔

    مسائل حل کرانے کی یقین دہانی پر ریلوے ملازمین نے ریلوے اسٹیشن پر جاری احتجاج دو روز کیلئے موخر کردیا جس کے بعد اندرون ملک جانے والی ٹرینوں کی روانگی کا عمل شروع ہوگیا۔

  • گوگل کے دفاتر میں اسرائیل کے خلاف احتجاج، 9ملازمین گرفتار

    گوگل کے دفاتر میں اسرائیل کے خلاف احتجاج، 9ملازمین گرفتار

    گوگل کے سی ای او کے دفتر میں امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو ٹیکنالوجی فراہم کیے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس دوران پولیس نے احتجاج کرنے والے 9افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ تمام گرفتار شدگان گوگل کمپنی کے ملازمین ہیں جو اسرائیل کو ٹیکنالوجی فراہم کیے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے نیویارک میں کمپنی کے دفتر میں احتجاج کر رہے تھے۔

    گوگل کے کیلیفورنیا کے دفتر میں بھی اسی طرح کے ایک مظاہرے کی خبر سامنے آئی ہے۔ دراصل گوگل کمپنی اسرائیلی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، جس کے خلاف کچھ ملازمین نے احتجاج کرنا شروع کر دیا۔

    رپورٹ کے مطابق گوگل آفس میں احتجاج کرنے والے ملازمین کا دعویٰ ہے کہ امریکی ٹیک کمپنیاں اسرائیلی حکومت کی حمایت کر رہی ہیں۔

    مظاہرین نے سوال اُٹھایاکہ ایسے میں جب اسرائیل اور غزہ کے درمیان جنگ جاری ہے، کسی ایک ملک کو ٹیکنالوجی دینا صحیح اقدام ہے؟

    مظاہرین کے ترجمان جین چنگ نے بتایا ہے کہ دونوں دفاتر سے 9 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ احتجاج کرنے والے ایک ملازم نے ویڈیو ریکارڈ کر کے شیئر کر دی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیویارک پولیس مظاہرین کو احتجاج ختم کرنے کا کہتی ہے اور احتجاج کرنے والی جگہ سے نہ جانے پر انہیں حراست میں لے لیا جاتا ہے۔

    مشرقِ وسطیٰ میں تباہی کا ذمہ دار کون؟ ترک صدر کا اہم بیان

    گوگل کے مطابق کمپنی کی پالیسی کے خلاف احتجاج کرنے والے ملازمین کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، اس کے علاوہ دیگر ملازمین سے ہاتھا پائی کرنے والے ملازمین کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

  • پنجاب میں احتجاج کے دوران کتنی گاڑیاں جلائی گئیں؟

    پنجاب میں احتجاج کے دوران کتنی گاڑیاں جلائی گئیں؟

    لاہور: پنجاب پولیس نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران پنجاب میں جلائی جانے والی گاڑیوں اور نقصان پہنچائی جانے والی عمارتوں کے اعداد و شمار جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ حملوں اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث گرفتار شرپسند عناصر کی تعداد 3 ہزار 185 تک جا پہنچی ہے۔۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر کی کارروائیوں میں پنجاب بھر میں 152 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے، پنجاب پولیس کے زیر استعمال 94 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔

    ترجمان کے مطابق شرپسند عناصر نے لاہور پولیس کی 27 اور فیصل آباد پولیس کی 21 گاڑیوں کو جلایا، راولپنڈی پولیس کی 19، میانوالی پولیس کی 9، سیالکوٹ پولیس کی 5، ملتان پولیس کی 4، گوجرانوالہ پولیس کی 3 اور اٹک، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کی ایک، ایک گاڑی کو نقصان پہنچایا۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کانسٹیبلری کی 3 جبکہ 8 نجی گاڑیاں بھی شرپسند عناصر کے ہاتھوں تباہ ہوئیں، پولیس اسٹیشنز اور دفاتر سمیت 22 سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

    انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے۔

  • ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کا احتجاج کا اعلان

    ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کا احتجاج کا اعلان

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے احتجاج کا اعلان کردیا،پارٹی عہدیدار فاروق سعید کا کہنا ہے کہ ہمیں پنجاب اور دیگر جگہوں پر الگ الگ الیکشن قبول نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے احتجاج کا اعلان کردیا، ایک ہی روز الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب 25 اپریل کو احتجاج کرے گی۔

    پارٹی عہدیدار فاروق سعید کا کہنا ہے کہ منگل کے روز وسطی پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی تنظیمیں منگل کو پریس کلب کے سامنے احتجاج کریں، ہمیں پنجاب میں اور دیگر جگہوں پر الگ الگ الیکشن قبول نہیں۔

  • اسلام آباد : وکلاء نے پولیس اہلکاروں کو عدالت سے باہر نکال دیا

    اسلام آباد : وکلاء نے پولیس اہلکاروں کو عدالت سے باہر نکال دیا

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی پیشی پر وکیل کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی وکلاء نے پولیس اہلکاروں کو عدالت سے باہر نکال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر ایک وکیل کی گرفتاری کے خلاف اسلام آباد بار کے وکلاء کا احتجاج جاری ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد بار کی جانب سے کچہری کے احاطے میں پولیس اہلکاروں کا داخلہ اپنے مطالبات کی منظوری تک بند کرنے کا فیصلہ برقرار ہے۔

    احتجاجی وکلاء نے کچہری آنے والے پولیس اہلکاروں کو باہر نکالنا شروع کردیا، مشتعل وکلاء مختلف عدالتوں میں جا کر وہاں موجود اہلکاروں کو باہر نکال رہے ہیں۔

    کچہری میں اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی ہڑتال آج بھی جاری ہے، اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ بار ترجمان کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او ترنول کی معطلی، اندراج مقدمہ اور پولیس کی معافی تک احتجاج جاری رہے گا۔

  • پنشن اصلاحات : پیرس ایک بار پھر میدان جنگ بن گیا

    پنشن اصلاحات : پیرس ایک بار پھر میدان جنگ بن گیا

    پیرس : فرانس میں ریٹائرمنٹ کی حد عمر 2سال تک بڑھانے کے حکومتی فیصلے کیخلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ شہر بھر میں ایک بار پھر ہنگامے پھوٹ پڑے۔

    مظاہرین مذکورہ اصلاحات کو واپس لینے کا مطالبہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مشتعل افراد نے کچرے کے ڈبوں کو آگ لگا دی، ٹریفک لائٹس توڑ دیں، کچھ جنونیوں نے بینک کی کھڑکیوں اور اے ٹی ایم مشینوں میں بھی توڑ پھوڑ کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مظاہروں کے دوران سڑکوں پر جلاؤ گھیراؤ، پتھراؤ کے بعد مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے شیل برسا دیے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے آرٹیکل 49.3 کا سہارا لے کر قومی اسمبلی میں بغیر ووٹ کے متنازعہ پنشن اصلاحات کے منصوبے کو منظور کرلیا جس کے بعد ملک میں محاذ آرائی کی صورتحال پیدا ہوگئی ملک بھر میں اقدام کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔

    میکرون کے اس اقدام سے فرانس میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بہت سی یونینز مشتعل ہوگئیں اور انہوں نے اس اقدام کو جمہوریت سے متصادم قرار دیتے ہوئے مظاہرے جاری رکھنے کی اپیل کردی۔

  • لیاری میں بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ، مشتعل شہریوں کی توڑ پھوڑ

    لیاری میں بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ، مشتعل شہریوں کی توڑ پھوڑ

    کراچی : شہر قائد میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کردیا، سینکڑوں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میں گیس اور بجلی کی عدم دستیابی پر لیاری کے پریشان عوام نے پیپلزپارٹی آفس پر دھاوا بول دیا اور حکمرانوں کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    اسی دوران مظاہرین میں موجود کچھ مشتعل افراد نے پیپلزپارٹی کے ضلعی دفتر پر دھاوا بولتے ہوئے آفس میں توڑ پھوڑ کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور مظاہرین سے بات چیت کی۔

    مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک روزانہ گھنٹوں کے حساب سے لوڈشیڈنگ کرتا ہے اور سوئی گیس نہ ہونے کے سبب گھر میں کھانا پکانا دشوار ہوگیا ہے اس دہرے عذاب سے نجات دلائی جائے۔

  • تجاوزات کے خلاف آپریشن: علاقہ مکینوں نے سڑک بند کردی

    تجاوزات کے خلاف آپریشن: علاقہ مکینوں نے سڑک بند کردی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے عبد اللہ شاہ غازی گوٹھ میں سینکڑوں رہائشی سڑک پر آگئے، مکینوں نے تجاوزات کے خلاف متوقع آپریشن کے پیش نظر احتجاج شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عبد اللہ شاہ غازی گوٹھ میں تجاوزات کے خلاف متوقع آپریشن سے قبل سینکڑوں رہائشی سڑک پر آگئے۔

    خواتین کی بڑی تعداد بھی احتجاج میں شریک ہے، مظاہرین نے سڑک پر مختلف مقامات پر ٹائر رکھ کر سڑک بند کردی۔

    ایک ماہ قبل بھی غازی گوٹھ میں آپریشن کے دوران پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے، وزیر اعلیٰ سندھ کے نوٹس پر ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں کو معطل کردیا گیا تھا۔

    ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور ایس ایچ او اینٹی انکروچمنٹ کو بھی معطل کیا گیا تھا۔