Tag: protest in karachi

  • جے یو آئی (ف) کا پلان بی ، کراچی میں  13 مقامات پر دھرنوں کا امکان

    جے یو آئی (ف) کا پلان بی ، کراچی میں 13 مقامات پر دھرنوں کا امکان

    اسلام آباد : ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ پلان بی کے تحت معاشی حب کراچی میں بھی 13 مقامات پر دھرنے دے سکتا ہے، ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی اقدامات مکمل کئے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کے پلان بی کے تحت احتجاج کا دائرہ کار ملک بھر میں وسیع کرنے کا امکان ہے ، جس کے پیش نظر ڈی آئی جی ساوتھ شرجیل کھرل نے ایس ایس پی ساوتھ اور سٹی کو خط لکھ دیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کراچی میں مظاہرے کرسکتا ہے، انتہائی باوثوق ذرائع سے دھرنوں کی خبر موصول ہوئی ہے، معاشی حب کراچی میں13مقامات پر دھرنے دیئےجائیں گے، ممکنہ طور پر ساوتھ زون میں پانچ مقامات پر احتجاجی دھرنے منعقد کئے جاسکتے ہیں۔

    خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آئل ٹرمینل کے اخراجی اور داخلی راستوں پر دھرنا دیا جاسکتا ہے، آئی سی آئی پل ، میری ویدر ٹاور، تین تلوار پر دھرنا دیا جاسکتا ہے، کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس گشت اور سرویلنس بڑھائی جائے اور پولیس کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام سیکیورٹی سہولیات بروئے کار لائے۔

    مزید پڑھیں : پیرہو یا منگل ہم پلان بی پرعمل کریں گے، اکرم درانی

    واضح رہے کہ آزادی مارچ اور دھرنے سے مطلوبہ مقاصد پورے نہ ہونے پر جے یو آئی ف نے نئی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہےجس کے مطابق جے یو آئی ف پیر سے ملک بھر کی شاہراہیں، موٹرویز اور ہائی ویزبند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    مولانا فضل الرحمان کے اس فیصلے پر ان کا ساتھ دینے کے دعوے کرنے والی جماعتیں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے منہ موڑ لیا تھا۔

    بعد ازاں اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے کنوینئر اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما اکرم درانی نے کہا تھا کہ پیرہو یامنگل ہم پلان بی پرعمل کریں گے۔

  • کراچی: نمائش چورنگی پر سانحہ شکارپور شہدا کمیٹی کا دھرنا جاری

    کراچی: نمائش چورنگی پر سانحہ شکارپور شہدا کمیٹی کا دھرنا جاری

    کراچی: نمائش چورنگی پر سانحہ شکارپور شہداء کمیٹی کا دھرنا جاری ہے،علامہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ مطالبات پورے ہونے تک واپس نہیں جائیں گے۔

    سانحہ شکار پور کے خلاف نمائش چورنگی پر دھرنا جاری ہے، شہداء ایکشن کمیٹی لانگ مارچ کے شُرکاء مطالبات کی منظوری اور دہشتگردی کےخاتمے کیلئےدھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔

    شکار پور سے کراچی پہنچنے پر لانگ مارچ کے شرکاء کا انچولی پر استقبال کیا گیا، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ راجا ناصر عباس کا کہنا تھا کہ مطالبات پورے ہونے تک واپس نہیں جائیں گے، شہداء کمیٹی کی جانب سے وزیرِاعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

    ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر محکمہ داخلہ نے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کرکے ریڈ زون کو سیل کردیا ہے اور تیس دن کے لیے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

    وزیرِاعلیٰ ہاؤس جانے والے تمام راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

     سانحہ کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے لواحقین کو فی کس 10,10 لاکھ روپے کے معاوضے کے چیک دیئے تھے، منگل کو جب لواحقین نے سندھ بینک سے چیک کیش کرانے کی کوشش کی تو وہ بائونس ہوگئے، جس پر سندھ بینک نے لواحقین کو معاوضے کی رقم دینے سے انکار کردیا۔ چیک بائونس ہونے پر لواحقین نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کرنے کا اعلان کیا۔

    واضح رہے کہ شکار پور کے علاقے لکھی در کی امام بارگاہ میں دھماکے سے جمعے کی نماز کے لیے آئے بچوں سمیت 58افراد جاں بحق اور 39زخمی ہوگئے تھے۔

  • گستاخانہ خاکوں کیخلاف مذہبی جماعتوں کا آج ملک گیر احتجاج

    گستاخانہ خاکوں کیخلاف مذہبی جماعتوں کا آج ملک گیر احتجاج

    کراچی :توہین آمیز خاکوں کے خلاف جماعتِ اسلامی سمیت دیگر جماعتیں نمازِ جمعہ کے بعد احتجاج ریکارڈ کرائیں گی، جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف آج ملک بھر میں یوم احتجاج کا اعلان کیا ہے جبکہ 25 جنوری اتوار کو بھی کراچی میں مارچ کیا جائے گا۔

    امیر جمعیت علماء اسلام مولانا سمیع الحق نے علماء و خطباء دینی تنظیموں اور سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج جمعہ کو یوم احتجاج کے طور پر منائیں۔ پاکستان علماء کونسل نے بھی آج ملک بھر میں ’یوم مذمت‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔

    جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہےکہ آزادی اظہار کے نام پر توہین آمیز خاکوں کی اشاعت مغرب کی اسلام دشمنی کا شاخسانہ ہے، جماعتِ اسلامی خاکوں کی اشاعت کے خلاف ملک بھر میں جمعہ اور اتوار کو احتجاج کرے گی۔

    اسد اللہ بھٹو نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کو اسلام اور اہل اسلام کے خلاف منظم اور سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے، فرانسیسی میگزین میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے خلاف جہاں ملک کے اعلی ایوانوں میں منتخب نمائندے صدائے احتجاج بلند کی ہے، وہیں دینی جماعتوں نے بھی اس مذموم حرکت کے خلاف سڑکوں پر آنے کا اعلان کیا ہے۔

    یاد رہے کہ ملک بھر کی مذہبی جماعتوں نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف تئیس جنوری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

    گزشتہ روز تنظیماتِ اہلسنت کراچی کے تحت توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک نکالی گئی۔

    اس موقع پر جماعتِ اہلسنت کے سربراہ علامہ شاہ تراب الحق نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم کو اپنی تمام کابینہ اور وزراء کے ساتھ  فرانس میں جاکر گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاج کرنا چاہئے ۔