Tag: Protest movement

  • انتخابات میں  تاخیر : ن لیگ نے بھی احتجاجی تحریک کا عندیہ دے دیا

    انتخابات میں تاخیر : ن لیگ نے بھی احتجاجی تحریک کا عندیہ دے دیا

    لاہور : ملک میں عام انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے بعد اب ن لیگ نے بھی آستینیں چڑھا لیں۔

    مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما عطا تارڑ نے مقررہ وقت میں انتخابات نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ اگر اگلے سال ماہ فروری تک ملک میں عام انتخابات منعقد نہ ہوئے تو مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ایک ہی ٹرک پرسوار ہوں گی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کی جانب سے عطاتارڑ سے پوچھے گئے ایک سوال پر کہ کیا چیئرمین پی ٹی آئی بھی اس ٹرک پر ہوں گے؟ جس ان کا جواب تھا کہ بالکل چیئرمین پی ٹی آئی بھی ہمارے ساتھ اسی ٹرک پر ہوسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف نے پہلے ہی عام انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کو ہدایت کی جائے کہ نوے روز میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں۔

    درخواست کے مطابق الیکشن کمیشن کو ہدایت دیں90 روز میں عام انتخابات کیلئےشیڈول جاری کیا جائے، صوبوں کے گورنرز کو بھی حکم دیا جائے کہ 90 روزمیں انتخابات کیلئےالیکشن تاریخ مقرر کریں۔

  • خواتین ریسلرز نے افواہوں کی تردید کردی

    خواتین ریسلرز نے افواہوں کی تردید کردی

    بھارت میں جنسی ہراسانی کے خلاف خواتین ریسلرز کی تحریک زور شور سے جاری ہے، رہنماؤں کا کہنا ہے کہ تحریک ختم کرنے کی تمام باتیں محض افواہیں ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریسلر ساکشی ملک نے وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے بعد احتجاجی تحریک ختم کرنے کی تمام افواہوں کی تردید کی ہے۔

    بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف محاذ کھولنے والی ساکشی ملک نے اپنے حالیہ ٹوئٹ میں احتجاجی تحریک سے دستبرداری کے اعلان کی خبروں کو افواہ قرار دے دیا۔

    ساکشی ملک نے اپنے ٹویٹر پیغام میں واضح طور پر لکھا ہے کہ یہ خبر بالکل غلط ہے، انصاف کی جنگ میں ہم میں سے کوئی بھی پیچھے نہیں ہٹا ہے اور نہ ہی پیچھے ہٹیں گے۔ انصاف ملنے تک ہماری لڑائی جاری رہے گی۔ میڈیا سے اپیل ہے کہ براہ کرم کوئی غلط خبر نہ پھیلائیں۔

    ساکشی ملک کے بعد بجرنگ پونیا نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ تحریک واپس لینے کی خبریں محض افواہ ہیں۔ یہ خبریں ہمیں نقصان پہنچانے کے لیے پھیلائی جا رہی ہیں، ہم نہ پیچھے ہٹے ہیں اور نہ ہی تحریک واپس لی ہے۔ خواتین پہلوانوں کی ایف آئی آر درج کرنے کی خبر بھی جھوٹی ہے، انصاف کی فراہمی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

    یاد رہے کہ خواتین ریسلرز نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے طاقتور سیاستدان اور فیڈریشن چیف برج بھوشن سنگھ کی جانب سے برسوں تک ہراساں کیے جانے کے خلاف اپریل میں احتجاج کا سلسلہ شروع کیا تھا۔

    ان کا مطالبہ ہے کہ برج بھوشن سنگھ کو عہدے سے ہٹا کر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے جبکہ فیڈریشن چیف برج بھوشن کی جانب سے الزامات کی تردید کردی گئی تھی۔

  • پیپلز پارٹی نے پانی کی کمی کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کردیا

    پیپلز پارٹی نے پانی کی کمی کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کردیا

    کراچی : پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پنجاب کئی دہائیوں سے سندھ کا پانی چوری کررہا ہے، صوبے کے کسانوں کو فصلوں کی آبیاری میں مشکلات کا سامنا ہے، اب ہم خاموش نہیں رہیں گے۔

    پیپلزپارٹی نے صوبے میں پانی کی کمی کے خلاف سندھ بھر میں تحریک چلانے کا اعلان کردیا، اس حوالے سے پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ پنجاب کئی دہائیوں سے سندھ کا پانی چوری کررہا ہے۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور ہوشربا مہنگائی کے بعد اب سندھ کو پانی کی کمی کا تحفہ بھی دیاجارہا ہے، جس کیلئے پورا سندھ پانی کی چوری پر سراپا احتجاج ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اب پیپلز پارٹی اس صورت حال پر کسی صورت خاموش نہیں رہے گی، ہم ارسا کو سندھ کے حصے کا پانی چوری نہیں کرنے دیں گے۔

    نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ معاہدے کے مطابق سندھ کو اس کا پانی دیا جائے، ٹھٹھہ میں پانی کی کمی کے باعث لوگ فصلیں نہیں اگاسکتے۔

  • رانا ثناءاللہ کا استعفیٰ: پیرسیالوی کا نوجنوری سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان

    رانا ثناءاللہ کا استعفیٰ: پیرسیالوی کا نوجنوری سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان

    سرگودھا : علماء اور مشائخ کی نمائندگی کرنے والے پیر حمید الدین سیالوی نے کہا ہے کہ پنجاب کے صوبائی وزیررانا ثناءاللہ8جنوری تک اپنے عہدے سے مستعفی نہ ہوئے تو نو جنوری سے بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رانا ثناءاللہ کے مستعفی نہ ہونے کیخلاف حمیدالدین سیالوی نے نو جنوری سے مریدین کو بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کی کال دے دی۔

    سرگودھا سیال شریف میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام افراد نوجنوری کو داتا دربار لاہور پہنچیں، تمام لوگ رانا ثناءاللہ کے استعفے تک داتا دربار میں قیام کریں گے۔

    حمیدالدین سیالوی نے مزید کہا کہ تمام لوگ عہد کریں کہ قافلوں کی شکل میں داتا دربارپہنچ کر ختم نبوت تحریک میں ساتھ دیں گے، انہوں نے کہا کہ حلف نامے میں تبدیلی کےذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔


    مزید پڑھیں: رانا ثنا کا استعفی پہلا مطالبہ ہے، پیچھے نہیں ہٹیں گے، حمید الدین سیالوی


    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پیر حمید الدین سیالوی رانا ثنا اللہ کے استعفیٰ سے متعلق ڈیڈ لائن دی تھی جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ان کو ٹیلی فون کرکے مہلت طلب کی تھی تاہم اس پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوسکا۔

    پیر حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ میرا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے البتہ ہماری تحریک کا پہلا مطالبہ رانا ثناءاللہ کا استعفیٰ ہے جس پر آخری وقت تک قائم رہیں گے۔

  • ڈی جی سول ایوی ایشن کی برطرفی کیلئے ملازمین سراپا احتجاج

    ڈی جی سول ایوی ایشن کی برطرفی کیلئے ملازمین سراپا احتجاج

    کراچی : ڈی جی سول ایوی ایشن کی بر طرفی کا مطالبہ سنگین صورت اختیار کر گیا۔ اعلیٰ اور اہم عہدوں پر فائز ڈپٹی ڈائریکٹرز جنرلز اور ڈائریکٹرز کے بعد 145 سے زائد ایڈیشنل ڈائریکٹرز بھی میدان میں آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے ملازمین کی آفیسرز ایسوسی ایشن اور ایمپلائز یونین بھی ڈی جی سول ایوی ایشن عاصم سلیمان کی برطرفی کیلئے متحرک ہو گئیں۔

    پیر کے روز سے ڈی جی سی اے اے کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ مشیر ہوا بازی، سیکریٹری ایوی ایشن کو بھی ڈی جی سی اے اے عاصم سلیمان کی برطرفی کا مطالبہ ارسال کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن کی جانب سے افسران اور ملازمین کے ساتھ تضحیک آمیز رویئے پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔

    اس حوالے سے چیئر مین سی بی اے راؤ اسلم کا کہنا ہے کہ ہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کو پرائیویٹ ایوی ایشن بننے نہیں دیں گے، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فوری نہ ہٹایا گیا تو ملک بھر کے ایئر پورٹس پر احتجاج کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام سپریٹنڈنٹس کو عدالتی حکم کے بعد بھی ڈی جی سی اے اے نے ترقی نہیں دی۔ دوسری جانب آفیسرز ایسوی ایشن کے زونل چیف زرین گل درانی نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی جی سی اے اے عاصم سلیمان کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے، اس موقع پر سی اے اے ہیڈ کوارٹرز میں گو ڈی جی گو کے نعرے لگائے گئے۔