Tag: protest

  • قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا شدید احتجاج، اجلاس ملتوی

    قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا شدید احتجاج، اجلاس ملتوی

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں‌ اپوزیشن کے شدید احتجاج کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی ارکان کے احتجاج کے بعد ڈپٹی اسپیکر، قاسم سوری نے اجلاس کل 5 بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا.

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی گرفتاری کے باعث اجلاس کا ماحول خاصا گرم رہا، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنی تقریر میں وزارت ریلوے سے متعلق سوالات اٹھائے.

    شیخ رشید جب جواب دینے کے لیے کھڑے ہوئے، تو پیپلز پارٹی کے ارکان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کا وقت ہے.

    مزید پڑھیں: آصف زرداری کی گرفتاری، پیپلزپارٹی کا کل سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان

    قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے متعدد بار کہا ہے کہ شیخ رشید کو دو منٹ دیں، تاکہ وہ اپنا موقف دے دیں، لیکن احتجاج جاری رہا، جس پر انھوں نے کہا کہ اگر احتجاج کا سلسلہ نہیں روکا گیا، تو اجلاس ملتوی کر دیا جائے گا.

    شیخ رشید کی تقریر کے دوران اپوزیشن احتجاج نعرے لگاتی رہے، جس پر وزیر ریلوے نے کہا کہ اگر انھیں نہیں بولنے دیا گیا، تو بلاول بھٹو بھی تقریر نہیں کرسکیں گے.

    احتجاج کے باعث قاسم سوری نے اجلاس کل تک کے لیے ملتوی کر دیا. خیال رہے کہ کل بجٹ اجلاس ہے، جس میں شاید احتجاج کی توقع کی جارہی ہے.

  • آسٹریا میں خاتون رکن پارلیمنٹ کا حجاب میں خطاب

    آسٹریا میں خاتون رکن پارلیمنٹ کا حجاب میں خطاب

    ویانا : حجاب پر پابندی کے خلاف آسٹرین خاتون نے حجاب پہن کر اپنے ساتھیوں سے سوال کیا کہ ’حجاب سے کچھ بدل گیا، کیا میں اب رکن پارلیمنٹ مارتھا بیسمین نہیں رہی‘؟

    تفصیلات کے مطابق آسٹریا میں پارلیمنٹ کی اکثریت کی عدم موافقت کے باوجود پرائمری اسکولوں میں حجاب پر پابندی کا فیصلہ جاری کر دیا گیا تاہم خاتون رکن پارلیمنٹ مارتھا بیسمین نے اپنے حالیہ خطاب میں اس نئے قانون کو مسترد کر دیا۔

    مذکورہ خاتون رکن نے پارلیمنٹ میں حجاب پہن کر خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے تمام ارکان سے سوال کیا کہ کیا اس طرح (حجاب پہن لینے سے) کچھ بدل گیا، کیا میں اب آسٹریا میں پیدا ہونے والی رکن پارلیمنٹ مارتھا بیسمین نہیں رہی؟۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مارتھا نے اپنے خطاب کا آغاز مسلمانوں کو ماہ رمضان کی مبارک باد دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے باور کرایا کہ یہ نفرت انگیز مہموں کا نتیجہ ہے کہ مسلمان خواتین کو صرف حجاب پہننے کی وجہ سے سڑکوں پر تنگ کیا جاتا ہے اور نشانہ بنایا جاتا ہے۔

    مارتھا کے مطابق حجاب صرف مسلمان خواتین کی زندگی کا ایک حصہ ہے جو ان کی ثقافت اور تشخص کو ظاہر کرتا ہے مگر اب اس کو مسلمان مخالف پالیسی کی علامت بنا کر پیش کیا گیا ہے۔

    خاتون رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ "ہم مسلمانوں سے رواداری اور یک جہتی کی اقدار سیکھ سکتے ہیں، حجاب معاشرے میں مسائل پیدا نہیں کرتا ہے۔ تاہم بعض جماعتیں میڈیا پروپیگنڈا چاہتی ہیں تاکہ حجاب کے معاملے کو بنیاد بنا کر چند رائے دہندگان کے ووٹ حاصل کر لیں، یہ ایسا امر ہے جس کو مکمل طور پر مسترد کیا جانا چاہیے۔

    دوسری جانب آسٹریا میں مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم نے کہا کہ وہ آئینی عدالت سے مطالبہ کرے گی کہ پرائمری اسکولوں میں حجاب پر پابندی کا فیصلہ منسوخ کیا جائے۔

    آسٹریا میں مسلمانوں اور سیاست دانوں کی اکثریت نے اس فیصلے کو غیر آئینی شمار کیا ہے۔سال 2017 کے اعداد و شمار کے مطابق آسٹریا میں مسلمانوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ ہے جو مجموعی آبادی کا تقریبا 8% ہے۔

  • یہودیوں کے لیے معاوضے کا معاملہ، پولش شہری امریکا کے خلاف سراپا احتجاج

    یہودیوں کے لیے معاوضے کا معاملہ، پولش شہری امریکا کے خلاف سراپا احتجاج

    وارسا : پولش شہریوں نے امریکی سفارت خانے کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو اس بات کا کوئی حق نہیں کہ وہ پولینڈ کے داخلی معاملات میں مداخلت کرے۔

    تفصیلات کے مطابق پولینڈ کے ہزارہا قوم پرست شہریوں نے ملکی دارالحکومت وارسا میں قائم امریکی سفارت خانے کی جانب مارچ کیا ہے اور کہا ہے کہ امریکا کو اس بات کا کوئی حق نہیں کہ وہ پولینڈ کے داخلی معاملات میں مداخلت کرے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولش شہری امریکا کے مطالبے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ پولینڈ ان یہودیوں کو معاوضہ ادا کرے جن کے خاندان کی پراپرٹی کو ہولوکاسٹ کے دوران نقصان پہنچا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والوں میں مظاہرین میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے گروپ اور ان کی حمایتی شامل تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو اس بات کا کوئی حق نہیں کہ وہ پولینڈ کے داخلی معاملات میں مداخلت کرے اور یہ کہ امریکا یہودیوں کے مفادات کو پولینڈ کے مفادات پر فوقیت دے رہا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں برس فروری میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے پولش شہریوں پر الزام عائد کیا تھا کہ ہولوکاسٹ میں پولش شہری ملوث ہیں جس کے بعد پولش حکومت نے وارسا میں تعینات اسرائیلی سفیر کو طلب کیا تھا۔

  • بریگزٹ کے باعث اسکاٹ لینڈ کی آزادی کی حمایت میں ریکارڈ اضافہ

    بریگزٹ کے باعث اسکاٹ لینڈ کی آزادی کی حمایت میں ریکارڈ اضافہ

    لندن : برطانیہ کے یورپی یونین سے آئندہ اخراج کی وجہ سے اسکاٹ لینڈ کی برطانیہ سے ممکنہ آزادی کی حمایت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت اسکاٹ لینڈ کے انچاس فیصد باشندے برطانیہ سے آزادی کے حق میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک تازہ سروے میں بتایا گیا کہ برطانیہ کی اس ریاست کی باقی ماندہ برطانیہ عظمی سے ممکنہ آزادی کی سیاسی سوچ یوں تو کئی عشرے پرانی ہے لیکن اس سوچ اور اس کے لیے سیاسی حمایت میں گزشتہ چار برسوں میں اتنا زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جتنا پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔

    اسکاٹش عوام میں لندن سے آزادی کی اس سوچ کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ایسے اسکاٹش رائے دہندگان میں بڑی تعداد ان شہریوں کی ہے، جو چاہتے ہیں کہ انہیں مستقبل میں بھی یورپی یونین کا حصہ رہنا چاہیے۔

    سروے کے مطابق جون 2018 میں اسکاٹ لینڈ کے تقریبا 45 فیصد باشندے یہ چاہتے تھے کہ اسکاٹ لینڈ کو برطانیہ سے آزادی حاصل کر لینا چاہیے۔ اب لیکن نو ماہ بعد یہی شرح بڑھ کر 49 فیصد ہو چکی ہے۔

    مزید یہ کہ اسکاٹ لینڈ میں برطانیہ سے آزادی کے حامی ووٹروں کی یہ وہ زیادہ سے زیادہ شرح فیصد ہے، جو آج تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • برطانیہ میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف جاری احتجاج ختم

    برطانیہ میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف جاری احتجاج ختم

    لندن: برطانیہ میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف گیارہ دن تک جاری رہنے والا احتجاج ختم ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف 11دن سے جاری احتجاج ختم ہوگیا، مظاہرے میں سماجی رہنماؤں سمیت موحالیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنے والی تنظیموں نے شرکت کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہزاروں مظاہرین اختتامی تقریب کے لیے ہائیڈ پارک پہنچ گئے، جہاں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق لوگوں کو شعور فراہم کرنے کے لیے خصوصی تقاریر ہوں گی۔

    مظاہرین نے احتجاج ختم کرنے سےپہلے سڑکوں کی صفائی کی، ماحولیاتی آلودگی کے خلاف احتجاج کے باعث لندن کی اہم سڑکیں بند رہیں۔

    برطانوی دارالحکومت لندن میں موسمیاتی تبدیلی کے لیے کام کرنے والے رضاکاروں نے دنیا میں پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے حوالے شہریوں میں شعور اجاگر کرنے اور مقتدر اداروں کے خلاف اقدامات نہ کرنے پر گزشتہ گیارہ روز سے شدید احتجاج کررہے تھے۔

    اس دوران مظاہرین (ایکسٹنشن باغی) نے لندن شہر کے فنانشنل سینٹر سمیت کئی اداروں کو بند کردیا تھا جبکہ مظاہرین کا ایک گروپ ریلوے اسٹیشن میں داخل ہوگیا اور بینر لیکر ٹرین کی چھت پر چڑھ گیا۔

    ماحولیاتی آلودگی کے خلاف احتجاج، مظاہرین نے لندن اسٹاک ایکسچینج بند کردیا

    اس صورت حال کے پیش نظر حکام کی جانب سے پولیس کی نفری بھی بڑھائی گئی جبکہ برطانوی پارلیمنٹ کے اطراف سیکیورٹی اداروں کی گشت جاری رہی۔

  • برطانیہ میں موحالیاتی تبدیلیوں کے خلاف احتجاج، مظاہرین سڑک پر لیٹ گئے

    برطانیہ میں موحالیاتی تبدیلیوں کے خلاف احتجاج، مظاہرین سڑک پر لیٹ گئے

    لندن: برطانیہ میں موحالیاتی تبدیلیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے انوکھا انداز اپنایا اور بیچ سڑک پر لیٹ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی دارالحومت لندن میں موحولیاتی تبدیلوں کے خلاف احتجاج جاری ہے، ہزاروں مظاہرین نے ہائیڈپارک کے سامنے سڑک پر لیٹ کر احتجاج کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس انوکھے انداز اور مظاہرین کی جانب سے مزاحمت کے پیش نظر انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی۔

    مظاہرین دنیا میں پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے حوالے شہریوں میں شعور اجاگر کرنے اور مقتدر اداروں کے خلاف اقدامات نہ کرنے پر شدید احتجاج کررہے ہیں۔

    موحولیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا بھر میں انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ حیوانات کو بھی خطرات کا سامنا ہے، جبکہ پہاڑوں پر برف بھی آہستہ آہستہ پگھل کر ختم ہورہی ہے۔

    لندن میں احتجاج کے منتظمین کا کہنا ہے کہ نو دن تک جاری رہنے والے اس مظاہرے کا آج آخری دن ہے، جبکہ پارلیمنٹ کے اطراف بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز برطانوی پولیس نے وسطی لندن نے وہ گلابی کشتی ہٹا دی جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف مظاہرے کرنے والوں کا مرکز بنی ہوئی تھی۔

    موحولیاتی آلودگی، برطانوی پولیس نے احتجاج کی علامت کشتی کے ساتھ کیا کیا

    واضح رہے کہ میٹروپولیٹن پولیس پیر سے اب تک 6 سو سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے چکی ہے جبکہ جمعے کے روز بھی پولیس نے 106 افراد کو گرفتار کیا تھا جو موسمیاتی تبدیلی خلاف احتجاج کررہے تھے۔

  • لاہور: عظمیٰ بخاری کی زبان پھسل گئی، گو نواز گو کہہ ڈالا

    لاہور: عظمیٰ بخاری کی زبان پھسل گئی، گو نواز گو کہہ ڈالا

    لاہور : مسلم لیگ (ن) کی خاتون رکن اسمبلی عظمیٰ زاہد بخاری کی حکومت کیخلاف احتجاج کے دوران نعرے لگاتے ہوئے زبان پھسل گئی، گو عمران گو کی بجائے گو نواز کہہ ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے حکومت کے خلاف پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر کیے جانے والے مظاہرے کے دوران لیگی ایم پی اے عظمیٰ بخاری نے غلطی سے نواز شریف کے خلاف نعرہ لگادیا۔

    احتجاج کے دوران لیگی ارکان اسمبلی نے حکومت مخالف نعرے بازی کی تاہم انہوں نے گو عمران گو کی بجائے گو نواز کہہ ڈالا،۔

    بعد ازاں احساس ہونے پر نعرہ روک دیا اور قریب کھڑی ساتھی اراکین ان کی طرف دیکھ کر مسکرا دیں۔ مظاہرے میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف بھی شریک تھے۔

    مزید پڑھیں: زبان کی پھسلن کی وجہ سےگو نوازگو کا نعرہ لگ گیا، پیرصابر شاہ

    یاد رہے کہ سال2014میں نون لیگ کے رہنما صابر شاہ نے بھی جوش خطابت میں گو نواز گو کا نعرہ لگا دیا تھا، خیبر پختونخوا میں ن لیگ کے کنونشن کے دوران پیر صابر شاہ نے عمران خان کیخلاف نعرے کے بجائے گو نواز گو کہہ دیا تھا، جس کی بعد میں انکو وضاحت دینا پڑی کہ میری زبان پھسل گئی تھی۔

  • سوڈان کے مظاہرین کی نمائندہ تنظیم اتوار کو سویلین کونسل کا اعلان کرے گی

    سوڈان کے مظاہرین کی نمائندہ تنظیم اتوار کو سویلین کونسل کا اعلان کرے گی

    خرطوم : سوڈان کی احتجاجی تحریک کے نمائندگان نے کہا ہے کہ وہ اتوار کو سویلین کونسل کا اعلان کریں گے۔ ان کے اس اعلان کے بعد عمر البشیر کی معزولی کے نتیجے میں ملک کا اقتدار سنبھالنے والی عسکری عبوری کونسل پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈانی پروفیشنلز ایسوی ایشن نے اپنے حامیوں، غیر ملکی سفارتکاروں اور صحافیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوجی ہیڈ کوارٹرز کے باہر اتوار کی شام 7 بچے اپنی موجودگی یقینی بنائیں تاکہ وہ اس سویلین باڈی کے قیام کے عینی شاہد بن سکیں۔

    ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ اتوار کی شام 7 بجے ہونے والی کانفرنس میں اس کونسل کے ذمہ داران کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔

    اس سے قبل سوڈانی پروفیشلنز ایسوسی ایشن اور دیگر حزب اختلاف کی تنظیموں نے جمعہ کے روز خرطوم میں فوجی ہیڈکوارٹرز کے باہر ہزاروں مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے فوج کو اداروں کا کبڑول کو جلد از جلد سویلین انتظامیہ کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔

    خیال رہے کہ جنرل عبدالفتاح البرھان کی سوڈان میں عبوری کونسل کے سربراہ کے طور پر تقرری کے بعد سابق صدر عمر البشیر کے مقربین کو ایک ایک کر کے اعلیٰ عہدوں ہٹایا جا رہا ہے اور سوڈانی عبوری عسکری کونسل دو سال تک سوڈان میں کار حکومت سول انتظامیہ کے ہاتھ میں دینے کا اعلان کرچکی ہے۔

    مزید پڑھیں : سوڈان : فوجی کونسل کے سربراہ نے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا

    خیال رہے کہ سوڈان کی فوجی کونسل کے سربراہ و وزیر دفاع عود بن عوف نے سابق آمر عمر البشیر کا تختہ الٹنے کے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا تھا، عود ابن عوف نے اپنے فیصلے کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کیا۔

    فوجی کونسل کے سربراہ عود بن عوف نے لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح عبدالرحمان برہان کو اپنا جانشین نامزد کردیا، فوج کا کہنا ہے کہ 2 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد انتخابات کرائے گی۔

    مزید پڑھیں : سوڈان میں مارشل لاء نافذ، ملک چلانے کے لیے عبوری کونسل تشکیل، صدرگرفتار

    یاد رہے کہ سوڈانی عوام گزشتہ تین مہینوں نے صدر عمر البشیر کے خلاف مظاہرے کررہے تھے جو آج رنگ لے آئے اور صدر عمر حسن البشیر صدارت سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوج نے گرفتار کرکے نظر بند کردیا تھا اور وہ تاحال نظر بند ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوڈان میں فوج نے ملک کے انتظامی امور چلانے کے لیے جنرل عود بن عوف کی سربراہی میں ایک عبوری کونسل تشکیل دے دی ہے، جنرل عود سبک دوش ہونے والے صدر عمر البشیر کے نائب اول اور سوڈان کے وزیر دفاع ہیں۔

  • برطانیہ میں‌ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے مظاہرے، 300 افراد گرفتار

    برطانیہ میں‌ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے مظاہرے، 300 افراد گرفتار

    لندن : برطانوی پولیس نے موسمیاتی تبدیلی کے سلسلے میں جاری مظاہرے کے دوران سڑک بلاک کر نے والے 300 مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن میں موسمیاتی تبدیلی کےلیے کام کرنے والے رضاکاروں کا دنیا میں پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے خلاف تیسرے روز بھی احتجاج جاری ہے، مظاہرین لندن احتجاج کے دوران دارالحکومت کو بند کرنا چاہتے ہیں۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ مظاہرین نے 55 سے بس راستوں کو بند کردیا جس کی وجہ سے پانچ لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ مظاہرین نے ماربل آرچ، واٹرلوپُل، پارلیمنٹ اسکوائر اور آکسفورڈ کرکس پیر سے بند پڑا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ زیادہ تر مظاہرین کی گرفتاری ماربل پارک تک اپنے مظاہرے کو محدود کرنے کی خلاف ورزی پر کی گئی، لندن پولس کے چیف سپرنٹنڈنٹ کولن ونگرو نے بتایا کہ مظاہرے کی وجہ سے پبلک گاڑیوں کی آمدورفت، مقامی تاجروں اور لندن کے رہنے والے شہریوں کے لئے سنگین مسئلہ پیدا ہورہا ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ ہمارے پاس کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے پورے وسائل ہیں۔

    برطانوی دارالحکومت لندن کے میئر صادق خان نے مظاہرین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ٹیوب سروس بند کرنے سے متعلق دوبارہ سوچیں، آپ لندن کے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں‘۔

    ٹویٹر پر پوسٹ کردہ اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ مزید لوگوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال پر ، پیدل چلنے اور سائیکل چلانے پر راغب کرنا یقیناً ایک مشکل امر ہے، اور اسی کے ذریعے اس موسمیاتی ایمرجنسی کا سدباب کیا جاسکتا ہے۔ لندن کے لاکھوں باشندے اپنے معمولاتِ زندگی انجام دینے کے لیے روز مرہ کی بنیاد پر انڈر گراؤنڈ نیٹ ورک استعمال کرتے ہیں۔

  • باغ کورنگی سے گزشتہ روز اغواء ہونے والے دونوں بھائی گھر پہنچ گئے

    باغ کورنگی سے گزشتہ روز اغواء ہونے والے دونوں بھائی گھر پہنچ گئے

    کراچی: کورنگی سے  گزشتہ روز اغواء ہونے والے دو بھائیوں کے اہلخانہ کی جانب سے احتجاج کے بعد دونوں مغوی مل گئے، اغواء کا مقدمہ تھانہ عوامی کالونی میں درج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے باغ کورنگی سے دو بچے اغواء ہوگئے تھے،14سالہ شایان اور16سالہ حارث کے لواحقین نے تھانہ عوامی کالونی میں بچوں کی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرادی تھی۔

    تاہم پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر عدم توجہ کے باعث اہل خانہ اور علاقہ مکین مشتعل ہوگئے انہوں نے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ کل ٹیوشن سے واپسی پر14سالہ شایان،16سالہ حارث اغواء ہوئے تھے، اسی دوران سب سے چھوٹا بیٹا شعیب وہاں سے فرار ہوکر گھر پہنچا جس نے واقعے کی اطلاع دی۔ ۔

    والدہ کے مطابق واقعے کا مقدمہ عوامی کالونی میں درج ہے ،لیکن پولیس بچوں کی بازیابی کیلئے کوششیں نہیں کررہی ہے، احتجاج کے باعث شرافی گوٹھ شاہراہ کے دونوں ٹریک بند ہوگئے جس کے بعد ٹریفک کی روانی بند ہوگئی۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بعد ازں اہل خانہ نے بتایا کہ باغ کورنگی سے اغواء ہونے والے دونوں بھائی مل گئے ہیں۔