Tag: protest

  • پیرس : مہنگائی کے خلاف مشتعل عوام کا احتجاج جاری، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں

    پیرس : مہنگائی کے خلاف مشتعل عوام کا احتجاج جاری، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں

    پیرس : فرانس میں مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج دن بہ دن زور پکڑتا جارہا ہے، سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹائروں اور سامان نذر آتش کردیا۔

    غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہزاروں مشتعل افراد بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی ٹیکسوں اور صدر عمانوایل میکرون کی اقتصادی پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

    شہر کی سڑکیں جنگ و جدل کا منظر پیش کررہی ہیں، شاہراہ شانزے لیزے پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئی ہیں، جھڑپوں میں300کے قریب افراد زخمی ہوگئے جبکہ مشتعل مظاہرین نے متعدد گاڑیاں بھی نذرآتش کردیں۔

    پیرس پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منشترکرنے کے لئے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا جارہا ہے، تازہ اطلاعات کے مطابق اب تک پولیس نے255مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق وزارت داخلہ نے مظاہرین پر قابو پانے کے لیے تقریباً5000پولیس اہلکار تعینات کیے تھے تاہم ہزاروں مظاہرین کے سامنے پولیس اہلکار بھی بے بس نظر آئے تاہم پولیس نے مظاہرین کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے آنسو گیس کے شیل برسائے اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔

  • وزیراعظم کا دوران احتجاج املاک کے نقصان کے ازالے کے لیے بڑا فیصلہ

    وزیراعظم کا دوران احتجاج املاک کے نقصان کے ازالے کے لیے بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے دوران احتجاج املاک کے نقصان کے ازالے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کہا معاوضہ پیکج وفاقی حکومت کی جانب سے دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آسیہ بی بی کی بربریت کے فیصلے کے بعد ہونے والے احتجاج کے دوران املاک کے نقصان کے ازالے کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا۔

    وزیراعظم نے املاک کے نقصان کے ازالے کے لیے پنجاب حکومت کو پیکج تیار کرنے کی ہدایت کردی اور کہا شرپسندوں کے ہاتھوں ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا، وفا قی حکومت معاوضہ پیکیج دے گی۔

    پنجاب حکومت نے احتجاج کے دوران املاک کے نقصان کا تخمینہ لگانے کا کام شروع کردیا ہے اور ضلعی انتظامیہ سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    گذشتہ روز احتجاج اور دھرنے کے دوران جلاؤ گھیراؤ کے واقعات سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو پیش کی گئی تھی، رپورٹ میں بتایا گیا کہ شرپسندی میں ملوث شناخت کیے گئے افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، گرفتاریوں کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ وفاقی حکومت مسلسل صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شرپسند افراد کی گرفتاری کے لیے وزارت دفاع سے بھی مدد لی جا رہی ہے، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) کے حکام سوشل میڈیا پر تلاش کا کام کر رہی ہیں۔

    مزید پڑھیں : جلاؤ گھیراؤ کے واقعات سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش

    رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خادم رضوی کا اکاؤنٹ بھی معطل ہے۔ شر پسندوں کی شناخت کے لیے ویڈیوز اور تصاویر میڈیا کو جاری کی گئیں۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کیس کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں مظاہروں اور دھرنا کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، جس کے بعد وزیراعظم نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی تھی۔

    مختلف شہروں میں ہونے والے دھرنوں اور مظاہروں میں مشتعل افراد نے جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کی تھی، جس کے باعث شہریوں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا، ان ہنگاموں میں درجنوں گاڑیاں اور دکانیں جلا کر خوف و ہراس پھیلایا گیا۔

    بعد ازاں وزیرِ اعظم عمران خان نے دھرنے میں سرکاری و نجی املاک کے نقصان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شر پسندی کے مرتکب افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

    وفاقی حکومت نے یکم اور 2 نومبر کو ہنگامہ آرائی پر سخت کارروائی کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے شرپسندوں کیخلاف کارروائی کیلئے چاروں صوبوں کو مراسلہ بھیج دیا تھا، نوٹیفکیشن کے مطابق نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف ایکشن ہوگا۔

    شر پسندوں کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، تصاویر اور فوٹیج کی مدد سے گزشتہ 2 روزمیں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد افراد گرفتار کر لیے گئے۔

  • پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے بدامنی کے معاملے پر منافقانہ کردار ادا کیا،  فیاض الحسن چوہان

    پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے بدامنی کے معاملے پر منافقانہ کردار ادا کیا، فیاض الحسن چوہان

    لاہور : پنجاب کے وزیر اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے بدامنی کے معاملے پر منافقانہ کردار ادا کیا، لیگی کارکنا ن کے شرپسندی میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، فیاض الحسن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد ہونے والے دھرنوں اور مظاہروں میں ہونے والی بدمنی میں ن لیگی کارکنوں کے ملوث ہونے کی مستند اطلاعات موصول ہوئی ہیں، پی پی اور ن لیگ نے بدامنی کے معاملے پر منافقانہ کردار ادا کیا۔

    وزیراطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے ماضی کی حکومت کے مقابلے میں تین ہفتوں کے بجائے3روز میں حکمت عملی سے معاملات کو خوش اسلوبی سے طے کیا اور اب تک جلاؤ گھیراؤ میں ملوث1800سے زائد شرپسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاچکی ہے۔

    حکومت اور مظاہرین میں مذاکرات کامیاب، معاہدہ طے پا گیا

    واضح رہے کہ احتجاج کی آڑ میں پرتشدد مظاہروں اور توڑ پھوڑ میں ملوث شرپسند عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، کراچی، لاہور، اسلام آباد، شیخو پورہ میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑپھوڑ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے گئے، سی سی ٹی وی کیمروں اور میڈیا فوٹیجزکی مدد سے ملزمان کو شناخت کرکے گرفتار کیا جارہا ہے۔

  • اب پرتشدد مظاہروں کا مستقل حل نکالنا ہوگا: فواد چوہدری

    اب پرتشدد مظاہروں کا مستقل حل نکالنا ہوگا: فواد چوہدری

    لندن: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمیں شرپسندعناصر اورشدت پسندوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اب پرتشدد مظاہرے کرنے والوں کا مستقل حل نکالنا ہوگا.

    وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بحرانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے جو اقدامات کیے، وہ محض آگ بجھانے کے لیے ہیں، البتہ ہمیں‌مستقل حل نکالنا ہوگا.

    فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اس قسم کے واقعات کا حل نکال کر رہے گی، ہم اس ضمن میں واضح ہیں.

    یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے مظاہروں اور دھرنوں کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔


    وزارت داخلہ نے توڑپھوڑ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کر دی

    وزارت داخلہ نے کریک ڈاؤن کی ہدایت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ مظاہرے کی آڑ میں شرپسندعناصرنےاملاک کو نقصان پہنچایا.

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں مظاہروں اور دھرنوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، جس سے معمولات زندگی مفلوج ہوگئے اور کئی شہروں میں کاروبار ٹھپ ہوگیا.

    بعد ازاں حکومت اور مظاہریں میں معاہدہ طے پانے کے بعد دھرنے ختم ہوگئے.

  • ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے و مظاہرے، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

    ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے و مظاہرے، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

    اسلام آباد / لاہور / کراچی : ملک کے مختلف شہروں میں جاری پرتشدد احتجاج کے موقع پر جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئیں جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    جلاؤ گھیراؤ کے باعث ملک بھر میں اہم شاہراہیں بند ہیں، اسلام آباد، کراچی، لاہور سمیت مختلف شہروں کی سڑکوں اور گلیوں میں رکاوٹیں کھڑی کرکے مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور مشتعل مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرہے ہیں۔

    پنجاب میں دھرنوں کے باعث موٹر وے کے مختلف مقامات پر ٹریفک بند ہے جس کی وجہ سے بعض مقامات پر ٹریفک جام کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، اس کے علاوہ ریلوے شیڈول متاثر ہونے سے کئی ٹرینیں اپنے وقت پر روانہ نہ ہوسکیں، مسافروں کے ایئر پورٹ نہ پہنچنے کی وجہ سے پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔

    احتجاج کے باعث روزانہ کی دہاڑی کمانے والے مزدوروں کے اہل خانہ فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے، احتجاج اور دھرنوں سے معیشت کا پہیہ جام ہوگیا۔ صنعتی اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہیں۔

    اب تک کراچی کے تاجروں کو تین دن میں پندرہ ارب کا نقصان ہو چکا ہے جبکہ تیس لاکھ افراد اس صورتحال سے شدید متاثر ہوئے۔ گڈز ٹرانسپورٹرز کو ساڑھے تیرہ ارب کا جھٹکا لگا اور سبزی منڈی میں پھل اورسبزیاں سڑنے لگیں، اس کے علاوہ گزشتہ دو روز میں دو لاکھ لیٹر دودھ بھی ضائع ہوگیا۔

    تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد، لاہوراور گوجرانوالہ میں موبائل فون سروس بتدریج بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاج ختم ہونے اور مظاہرین کے منتشر ہونے پر سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں کافی بہتری آئی ہے۔

  • اسرائیلی فوج کی فائرنگ، فلسطینی نوجوان شہید، درجنوں زخمی

    اسرائیلی فوج کی فائرنگ، فلسطینی نوجوان شہید، درجنوں زخمی

    تل ابیب: فسلطین میں اسرائیلی جارحیت تھم نہ سکی، قابض فوج نے ایک اور فلسطینی نوجوان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین میں اسرائیلی فوج کی بربریت تاحال جاری ہے، آج بھی ایک فلسطینی نوجوان محمد ابو عبادہ کو فائرنگ کرکے شہید کردیا جبکہ درجنوں زخمی بھی ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں اسرائیل کے خلاف سیکڑوں فلسطینی مظاہرہ کر رہے تھے کہ اسی دوران اسرائیلی فوج نے فائرنگ کردی جس کے باعث نوجوان جاں بحق ہوا۔

    وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جبکہ دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے غزہ بارڈر کے قریب تقریباً تین ہزار کے قریب افراد موجود تھے جو اسرائیلی فوج کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے۔

    غزہ پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری، تین فلسطینی شہید

    اسرائیلی فوج نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں نے اسرائیلی فوج پر فائرنگ کی جبکہ جوابی کارروائی میں ایک فلسطینی مارا گیا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز فلسطین کے مقبوضہ شہر غزہ میں اسرائیلی جنگی طیاروں کی شدید بمباری کے نتیجے میں تین فلسطینی نوجوان شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا فلسطینی نوجوان دو روز دوران علاج دم توڑ گیا تھا، وہ ہفتہ وار احتجاج میں شریک ہوکر قابض اسرائیلی افواج کے خلاف مظاہرہ کررہا تھا۔

  • مودی سرکار نے دلی کو بھی مقبوضہ کشمیر بنا دیا، حکومت مخالف مظاہرے پر پولیس ٹوٹ پڑی

    مودی سرکار نے دلی کو بھی مقبوضہ کشمیر بنا دیا، حکومت مخالف مظاہرے پر پولیس ٹوٹ پڑی

    دلی: مودی سرکار باز نہ آئی، بھارتی دارالحکومت کو بھی مقبوضہ کشمیر بنا دیا، حکومتی اقدامات کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر پولیس ٹوٹ پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں سی بی آئی چیف کو عہدے سے ہٹانے پر اپوزیشن جماعت کانگریس احتجاج کررہی تھی کہ اچانک پولیس نے لاٹھی چارج شروع کردیا۔

    پولیس کانگریس مظاہرین پر ٹوٹ پڑی، اس دوران مظاہرے میں شامل راہول گاندھی سمیت متعدد رہنماؤں کو حراست میں لیا تاہم بعد میں رہا کردیا گیا۔

    اپوزیشن کی دیگر جماعتیں بھی سی بی آئی چیف کو ہٹانے پر احتجاج کررہی تھیں۔

    لودھی کالونی پولیس اسٹیشن سے باہر آنے کے بعد راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم بھاگ سکتے ہیں، چھپ سکتے ہیں، لیکن بالآخر سچ سامنے آکر رہے گا، سی بی آئی چیف کو ہٹانے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

    راہول گاندھی کا کہنا تھا وزیراعظم مودی کرپٹ ہیں، وہ سچ سے بھاگ سکتےہیں، اسے چھپانہیں سکتے، سی بی آئی ڈائریکٹر کی تبدیلی مودی نے ڈر کے سبب کی۔

    کانگریس کی جانب سے بھارت کے مختلف شہروں بھی مظاہرے کیے گئے جن میں نئی دلی، لکھنو، جےپور، چندی گڑھ، تلنگانہ شامل ہے۔

    نئی دلی میں کانگریس کی جانب سے احتجاج کی قیادت راہول گاندھی کررہے تھے۔

  • 27 اکتوبر کو بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے: وزیراعظم آزادکشمیر

    27 اکتوبر کو بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے: وزیراعظم آزادکشمیر

    مظفرآباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات انتہائی تشویش ناک ہیں، 27 اکتوبر کو بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کئی روز سے آگ وخون کی ہولی کھیلی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مودی نے قابض افواج کو کشمیریوں کے قتل کا ٹاسک دیا ہوا ہے، پی ایچ ڈی ڈاکٹرز، طلبہ، بچے اور خواتین تک بھارتی مظالم سے محفوظ نہیں ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 2 کشمیری شہید

    ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج گھروں کو جلا رہی ہے، بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے، اقوام عالم نوٹس لے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے سری نگر میں فائرنگ کرکے 2 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال 6 مئی کومقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے نام پر14 کشمیری نوجوانوں کو شہید اور3 صحافیوں سمیت متعدد افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

  • اسرائیل نے ’کیرم شالوم‘ گزرگاہ پر پابندی عائد کردی

    اسرائیل نے ’کیرم شالوم‘ گزرگاہ پر پابندی عائد کردی

    یروشلم : صیہونی ریاست اسرائیل نے فلسطینی شہریوں پر دھائے جانے والے مظالم میں مزید اضافہ کردیا، غزہ پر مزید بحری اور زمینی پابندیاں عائد کرتے ہوئے ’کیرم شالوم‘ گزر گاہ بند کردی۔

    تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے نہتے فلسیطینوں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے گذشتہ روز مقبوضہ غزہ پر مزید نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔

    فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ظلم و بربریت کا بازار گرم کرنے والی ریاست اسرائیل کے وزیر دفاع لائیبرمین کی جانب سے نئی پابندیاں غزہ کے مچھیروں پر لگائی گئی ہیں جو اب سمندر میں صرف 6 سے 9 ناٹنیکل میل تک ہی شکار کرسکیں گے۔

    انتہا پسند اسرائیلی وزیر دفاع نے فلسطینی شہریوں کو دھمکی دی ہے کہ اگر مچھیرے اسرائیلی حکومت کے جاری کردہ احکامات کی حکم عدولی کریں گے یا مزید مظاہرے کریں گے تو انہیں مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے غزہ میں اشیاء کی آمد و رفت کے لیے استعمال ہونے والی شاہراہ ’کیرم شالوم‘ پر پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے حماس کی حکومت وجود میں آنے کے بعد سے غزہ کا بحری اور زمینی محاصرہ کیا ہوا ہے۔

    فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سنہ 1948 میں فلسطینی شہریوں کو ان ہی کے گھروں سے بے دخل کرکے یہودیوں کو آباد کردیا گیا تھا جس کے خلاف رواں برس مارچ سے نہتے فلسطینی شہری صیہونی ریاست کے خلاف احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔


    مزید پڑھیں : غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ‘ 3 فلسطینی شہید


    واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز کے ظلم و بربریت اور اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر غزہ کی سرحد پراحتجاج کرنے والے تین فلسطینی شہری شہید جبکہ 300 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

    غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 12 سالہ فارس حفیظ اور 24 محمود اکرم موقع پرہی دم توڑ گئے۔


    مزید پڑھیں : غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ، نوجوان شہید، 24 فلسطینی زخمی


    یاد رہے کہ دو روز قبل اسرائیلی فورسز نے احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں نوجوان شہید جبکہ 24 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی قبضے کے خلاف 30 مارچ سے شروع ہونے والے مظاہروں میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے تقریباََ 200 فلسطینی جاں بحق اور 21 ہزار سے زائد مظاہرین زخمی ہوچکے ہیں۔

  • سپریم کورٹ کے جج کی نامزدگی کے خلاف احتجاج، سینکڑوں مظاہرین گرفتار

    سپریم کورٹ کے جج کی نامزدگی کے خلاف احتجاج، سینکڑوں مظاہرین گرفتار

    واشنگتن : سپریم کورٹ کے لیے متنازعے جج بریٹ کیوانوف کی نامزدگی کے فیصلے پر دارالحکومت واشنگٹن سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے، پولیس نے 302 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سپریم کورٹ کے لیے متنازعے جج کی نامزدگی کے فیصلے پر دارلحکومت واشنگٹن سمیت کئی شہروں میں صدر ٹرمپ کے خلاف ایک مرتبہ پھر احتجاجی مظاہروں کا آغاز ہوگیا۔

    امریکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے نامزد جج بریٹ کیوانوف پر خاتون کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام ہے۔

    امریکا کی حکمران جماعت ری پبلیکن پارٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ امریکا کے سیکیورٹی ادارے فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی سپریم کورٹ کے لیے نامزد جج بریٹ کیوانوف پر عائد جنسی ہراسگی کے الزامات کو خارج کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی نے پانچ روز میں جنسی ہراسگی کیس کی تحقیقات کی ہیں جو نامکمل ہیں کیوں کہ وایٹ ہاوس کی جانب سے اسے محدود کیا گیا تھا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سینیٹ جمعے (آج) کے روز نامزد جج کے لیے ووٹنگ کا طریقہ کار وضع کرے گا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ جج بریٹ کیوانوف سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے تعینات ہونے کے لیے سینیٹ کے مکمل ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے لیکن ری پبلیکن پارٹی کے دو سینیٹر نے ایف بی آئی کی تفتیش کے دوران بہتر انداز میں حمایت نہیں پائے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جمعرات کے (گذشتہ) روز دارالحکمومت واشنگٹن میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے جج کیوانوف کی نامزدگی کے خلاف ریلی نکالی تھی جس کا آغاز اپیل کورٹ سے ہوا تھا جہاں بریٹ کیوانوف تاحال تعینات ہیں اور اختتام سپریم کورٹ کے سامنے ہوا تھا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق پولیس نے سینیٹ آفس کی عمارت میں داخل ہونے والے 302 مظاہرین کو حراست میں بھی لیا تھا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سپریم کورٹ کے جج کی نامزدگی کے فیصلے گذشتہ روز امریکی شہر نیویارک میں ٹرمپ ٹاور کے سامنے بھی شدید احتجاج کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل بریٹ کیوانو پر کچھ روز قبل ایک خاتون پروفیسر نے جنسی طور پر ہراساں کرنے الزام لگایا تھا، جس کے بعد ایف بی آئی نے نامزد جج بریٹ کیوانوف کیخلاف تحقیقات شروع کردی تھی۔

    ڈاکٹر کرسٹین بلیسی فورڈ کا کہنا تھا کہ زمانہ طالب علمی میں بریٹ کیوانوف نے 36 برس قبل سنہ 1980 میں ایک تقریب کے دوران شراب نوشی کی کثرت کے باعث مجھے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔