Tag: provide

  • گھر تک کتابیں مفت پہچانے کی مثالی کاوش

    گھر تک کتابیں مفت پہچانے کی مثالی کاوش

    کوئٹہ : بلوچستان کے نوجوانوں نے علم دوستی کی شاندار مثال قائم کردی، یہ نوجوان خالی اسپتال کی عمارت میں لائبریری بناکر شہریوں میں بلامعاوضہ علم و آگہی پھیلانے کا مؤثر ذریعہ بن رہے ہیں۔

    کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ کے رہائشی نوجوانوں نے بے نظیر اسپتال غوث آباد کی خالی عمارت میں ایک لائبریری قائم کی جہاں سے شہریوں کو مفت کتابیں فراہم کی جاتی ہیں۔

    ان نوجوانوں نے علاقے کے لوگوں کو ان کی مطلوبہ کتابیں بلا معاوضہ فراہم کرنے کا اپنی مثال آپ سلسلہ شروع کیا ہے، یہی نہیں بلکہ وہ یہ کتابیں موٹر سائیکل کے ذریعے ان کے گھر تک بھی پہنچاتے ہیں۔

    کوئٹہ سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے منظور احمد سے گفتگو کرتے ہوئے لائبریری کے رۤضاکار طالب علم نوید احمد نے بتایا کہ ہم آپس میں چندہ کرتے ہیں اور موٹر سائیکل کے پیٹرول سمیت اپنی جیب خرچ سے تمام اخراجات اٹھاتے ہیں۔

    اس قابل تقلید سلسلے کو شروع کرنے والے طالب علم کا نام امجد علی واصف ہے، ان کے ساتھ ان کے دیگر 10 دوست بھی شامل ہیں، انہوں نے اس پروگرام کا نام "ریڈر زون سریاب” رکھا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ہمارے اس پروگرام کا مقصد ان لوگوں تک کتابوں کی فراہمی ہے جو لائبریری نہیں آسکتے، یا وہ طلباء و طالبات جو کتاب خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔ اب تک ہمارے نیٹ ورک میں 200تک ایسے لوگ ہیں جوباقاعدگی سے کتاب منگواتے ہیں۔

    اس حوالے سے ریڈر زون سریاب کے سربراہ امجد علی واصف نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ہمارے پاس زیادہ تروہ لوگ آتے ہیں جو غریب ہوتے ہیں ان کا تعلق مزدور طبقے سے ہے، جن کے کام آکر ہمیں خوشی محسوس ہوتی ہے۔

    سوشل میڈیا پر اس ریڈر زون کے پیجز بنائے گئے ہیں جس پر لوگ رابطہ کرکے کتابیں منگواتے ہیں اس کا ایک طریقہ کار ہے کہ 25روز میں کتاب ہر صورت واپس کرنا ہوتی ہے خلاف ورزی پر دوبارہ کتاب نہیں دی جاتی۔

  • ناروے حکومت کا پاکستان کے لئے بڑا اعلان

    ناروے حکومت کا پاکستان کے لئے بڑا اعلان

    اسلام آباد : ناروے حکومت پاکستان کو 50 لاکھ ڈالر فراہم کرےگی ، اس رقم سے ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی ، تحفظ ماحولیات اورقدرتی آفات سےبچاؤکےمنصوبے شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک اورناروےکےمابین معاہدے پر دستخط ہوگئے ، سیکرٹری اقتصادی امورڈویژن، سوئس سفیر، اے ڈی بی نمائندے نے دستخط کئے، معاہدہ پاکستان نیشنل ڈیزاسٹررسک مینجمنٹ فنڈ کی مدد کیلئے طے پایا۔

    معاہدےکےتحت ناروےحکومت پاکستان کو50لاکھ ڈالرفراہم کرے گی، ناروےکی حکومت یہ رقم ایشیائی ترقیاتی بینک کے ذریعے فراہم کرے گی ، معاہدے کے تحت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی ، تحفظ ماحولیات اورقدرتی آفات سے بچاؤ کے منصوبے شامل ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ سال دسمبر میں پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 1.3 ارب ڈالر کی رقم موصول ہوئی تھی ، 1.3 ارب ڈالر پاکستان کی معاشی صورت حال میں بہتری لانے کے لیے دیے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : ایشیائی ترقیاتی بینک سے 1.3 ارب ڈالر کی رقم موصول

    اے ڈی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے امداد جاری رکھی جائے گی، رقم سے پاکستان کو مالی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

    معاہدے کے تحت قرض کی مد میں 1.3 ارب ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔ معاہدے کے تحت 2 پروگراموں پر کام کیا جائے گا، قرض کا مقصد زر مبادلہ کی شرح کو بہتر بنانا ہے۔ 300 ملین ڈالر توانائی کے شعبے کی اصلاحات اور مالی استحکام کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ مذکورہ رقم سے شروع کیے جانے والے منصوبوں سے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں بہتری آئے گی۔

  • چین پاکستان کو ایک ارب ڈالرکی گرانٹ فراہم کرےگا

    چین پاکستان کو ایک ارب ڈالرکی گرانٹ فراہم کرےگا

    اسلام آباد : چین پاکستان کوایک ارب ڈالرکی گرانٹ فراہم کرےگا، اس کے علاوہ کئی چینی کمپنیوں نے اپنے صنعتی یونٹس پاکستان منتقل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے ایک بار پھر پاکستان سے دوستی کا حق ادا کردیا ، چین پاکستان کو سماجی اور اقتصادی بہتری کیلئےایک ارب ڈالر فراہم کرےگا۔

    وزیرمنصوبہ بندی نے کہا سماجی و اقتصادی بہبود کےاس پروگرام میں صحت،تعلیم،صاف پانی اورغربت کاخاتمہ شامل ہے، اس رقم کےساتھ ساتھ سات چینی کمپنیوں نےاپنےانڈسٹریل یونٹ پاکستان میں ری لوکیٹ کرنےمیں دلچسپی کااظہار کیا ہے، اس کےعلاوہ پاک چین بزنس فورم بھی قائم کیاجائےگا۔

    خسروبختیار کا کہنا تھا پاکستان اورچین کےتعلقات 7دہائیوں پرمشتمل ہیں، سی پیک بیلٹ اینڈروڈاقدام کااہم منصوبہ ہے، توانائی بحران تھاسی پیک کےتحت 6سال میں بڑی سرمایہ کاری ہوئی۔

    انھوں نے کہا سی پیک کےتحت اگلامرحلہ صنعتی اورزرعی تعاون ہے، چین نے313اشیاکی ایکسپورٹ کیلئےفری رسائی کی سہولت دی، زرعی سیکٹرمیں بہت استعدادکارموجودہے، ائیواسٹاک ایکسپورٹ کیلئےپاکستان میں بہت استعدادکارہے، نجی سرمایہ کاروں کو اگلے مرحلےمیں آگے آنا پڑےگا۔

    یاد رہے چند روز قبل ہی وزیراعظم نے چینی صدر سے ملاقات میں مشکل وقت میں تعاون فراہم کرنےپر اظہارتشکر کیا تھا۔

    خیال رہے مارچ میں چین کی جانب سے پاکستان کو دو ارب دس کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے، جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر17ارب81 کروڑ ڈالر ہوگئے تھے۔

  • چین 20 ہزار پاکستانی طلبا کو اسکالر شپ دے گا، چینی سفیریاؤ جنگ

    چین 20 ہزار پاکستانی طلبا کو اسکالر شپ دے گا، چینی سفیریاؤ جنگ

    اسلام آباد : چینی سفیریاؤ جنگ کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان بیلیٹ اینڈروڈ فورم سے خصوصی خطاب کریں گے ، دورہ چین میں دونوں ممالک میں تجارتی معاہدے پردستخط کا امکان ہے، تین سال میں بیس ہزار پاکستانی طلبا کو اسکالرشپ دی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سفیریاؤ جنگ نے اسلام آباد میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم پرپریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بیلیٹ اینڈروڈ فورم پچیس سے ستائیس اپریل تک بیجنگ میں ہوگا، وزیراعظم عمران خان فورم سے خصوصی خطاب کریں گے۔

    چینی سفیر کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان ستائیس اپریل کوچینی نائب صدرسے ملاقات کریں گے، دونوں ممالک میں تجارتی معاہدے پردستخط کا امکان ہے۔چین دھابیجی میں دوسرا خصوصی اقتصادی زون قائم کرنا چاہتا ہے۔پاکستان سے صنعتی تعاون کا مزید فروغ چاہتے ہیں۔

    یاؤ جنگ نے مزید کہا پاکستان سے صنعتی تعاون کا مزید فروغ چاہتے ہیں، تین سال میں بیس ہزار پاکستانی طلبا کو اسکالرشپ دی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان 25 سے 27 اپریل تک چین کا دورہ کریں گے

    خیال رہے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا وزیر اعظم عمران خان 25 سے 27 اپریل تک چین کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، وزیر اعظم بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے اور چین کے صدر اور وزیر اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔

    وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے جبکہ وہ عالمی ہارٹی کلچر نمائش میں بھی شرکت کریں گے۔

  • سوڈانی عوام کو ہر ممکن انسانی امداد فراہم کی جائے، شاہ سلمان

    سوڈانی عوام کو ہر ممکن انسانی امداد فراہم کی جائے، شاہ سلمان

    ریاض : سعودی بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سوڈان میں اقتدار کی تبدیلی نئی حکومت کو درپیش مسائل میں فوری انسانی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے افریقی ملک سوڈان میں طویل عوامی تحریک کے رونما ہونے والی سیاسی تبدیلی پر سوڈانی عوام کے بہتر مستقبل کےلیے مناسب فیصلے کرنے کی توقع ظاہر کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز نے سوڈان میں بننے والی عبوری کونسل اور اس کے اقدامات کی حمایت کا اعلان بھی کیا ہے۔

    خادم الحرمین الشریفین کا کہنا تھا کہ سوڈان کی نئی فوجی حکومت ملک کے امن و استحکام اور دوست ملک کو مضبوط بنانے کےلیے مددگار ثابت ہوگی۔

    عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودیہ اور سوڈان کے تمام شعبوں میں دوستانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہے، سعودی حکومت 30 برس بعد رونما ہونے والی سیاسی تبدیلی کے نتیجے میں بننے والی عبوری کونسل کی معاونت کا یقین دلاتی ہے۔

    شاہ سلمان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کی اولین ترجیحات میں سوڈان کا امن و استحکام شامل ہے، دوست ملک کو اندورنی بحران سے نکالنے کےلیے ہر ممکن انسانی امداد کےلیے تیار ہیں۔

    مزید پڑھیں : سوڈان : فوجی کونسل کے سربراہ نے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا

    خیال رہے کہ سوڈان کی فوجی کونسل کے سربراہ و وزیر دفاع عود بن عوف نے سابق آمر عمر البشیر کا تختہ الٹنے کے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا تھا، عود ابن عوف نے اپنے فیصلے کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کیا۔

    فوجی کونسل کے سربراہ عود بن عوف نے لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح عبدالرحمان برہان کو اپنا جانشین نامزد کردیا، فوج کا کہنا ہے کہ 2 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد انتخابات کرائے گی۔

    مزید پڑھیں : سوڈان میں مارشل لاء نافذ، ملک چلانے کے لیے عبوری کونسل تشکیل، صدرگرفتار

    یاد رہے کہ سوڈانی عوام گزشتہ تین مہینوں نے صدر عمر البشیر کے خلاف مظاہرے کررہے تھے جو آج رنگ لے آئے اور صدر عمر حسن البشیر صدارت سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوج نے گرفتار کرکے نظر بند کردیا تھا اور وہ تاحال نظر بند ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوڈان میں فوج نے ملک کے انتظامی امور چلانے کے لیے جنرل عود بن عوف کی سربراہی میں ایک عبوری کونسل تشکیل دے دی ہے، جنرل عود سبک دوش ہونے والے صدر عمر البشیر کے نائب اول اور سوڈان کے وزیر دفاع ہیں۔

  • پاکستان کا جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ

    پاکستان کا جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پاکستان نے جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ، قونصلر رسائی اس ماہ کے آخر تک دے دی جائے گی، پاکستانی جیلوں میں 537 بھارتی قیدی موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے علاقائی اور خطے میں پرامن ہمسائیگی کے لئے بڑا اقدام کرتے ہوئے پاکستانی جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کوقونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ طریقے سے بھارت سے بات کی اور بھارت بچگانہ حرکتیں کرتا رہا۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایک سو دو بھارتی قیدیوں تک قونصلر رسائی کی اجازت دی، قیدیوں میں 100 کراچی اور 2 راولپنڈی کی جیلوں میں موجود ہیں، قونصلر رسائی اس ماہ کے آخر تک دے دی جائے گی۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی جیلوں میں 537 بھارتی قیدی موجود ہیں، امید ہے بھارت بھی 347 پاکستانی قیدیوں تک قونصلر رسائی دے گا۔

    سفارتی ذرائع نے کہا کہ اقدام دونوں ممالک میں اعتماد سازی کے لئے فائدہ مند ہوگا، قونصلر رسائی دینا پاکستان کا پرامن ہمسائیگی کی جانب ایک اور قدم ہے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان نے بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کردی

    خیال رہے پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدے کے تحت سال میں دو مرتبہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ یکم جنوری کو بھارت نے پاکستانی قیدیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی تھی، آٹھ جنوری کو مزید ایک سو چھیالیس بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا تھا، پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت ایک سو پینتالیس بھارتی ماہی گیروں کو اٹھائیس دسمبر کو رہا کیا تھا۔

  • سعودی عرب کے بعد چین اوریو اے ای بھی پاکستان کی مدد کو تیار

    سعودی عرب کے بعد چین اوریو اے ای بھی پاکستان کی مدد کو تیار

    اسلام آباد : پاکستان کو لاحق معاشی مسائل کے حل کیلئے سعودی عرب کےبعدچین اوریو اے ای بھی پاکستان کی مدد کو تیار ہیں ، امریکی ،میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کی جانب سے پاکستان کیلئے امدادی پیکج متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا ہاوس وائس آف امریکہ کا کہنا ہے کہ چین بھی پاکستان کو مالی گرانٹس دینے کو تیار ہے، گرانٹ وزیر اعظم عمران خان کے پہلے دورے میں متوقع ہے، وزیر اعظم 3 سے پانچ نومبر تک چین کا دورہ کریں گے، دورے کے مثبت نتائج متوقع ہیں۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات بھی پاکستان کیلئے امدادی پیکج دینے پرسنجیدگی سےغورکررہاہے، یو اے ای کی جانب سے بھی چھ ارب ڈالر کے پیکج ملنےکا امکان ہے۔

    وی اواے کا کہنا ہے کہ پاکستانی زرمبادلہ ذخائر کا حجم آٹھ ارب ڈالر رہ گیا ہے، پاکستان کو بیرونی اور مقامی ادائیگیوں کیلئے فوری طور پر بارہ ارب ڈالر درکار ہیں ۔اس کے علاوہ زرمبادلہ ذخائر میں بہتری کیلئے فارن کرنسی کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے  وزیر اعظم عمران خان اپنے دوسرے سرکاری دورے پر 3 نومبر کو چین کے لیے روانہ ہوں گے، وزیر اعظم 3 روز تک چین میں قیام کریں گے۔ قیام کے دوران چینی صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔

    چین کے دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ وزیر اعظم کی ملاقاتیں بھی شیڈول میں شامل ہیں۔ وزیر اعظم 5 نومبر کو شنگھائی میں عالمی درآمدی نمائش میں مہمان ہوں گے۔

    وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران اقتصادی و دفاعی تعاون اور سی پیک منصوبوں پر اہم پیش رفت کا امکان ہے۔

    چینی سفیر نے بھی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا   چینی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کی منتظر ہے، چین نے فیصلہ کیا ہے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھائیں گے۔ سرمایہ کاری کے ساتھ پاکستانی مصنوعات کی خریداری بڑھائیں گے۔

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان کے دورے میں سعودی عرب نے پاکستان کو مشکل وقت سے نمٹنے کیلئے بڑا پیکج دے کر پی ٹی آئی حکومت اعتماد کا اظہار کیا اور پاکستان کیلئے بارہ ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب: پاکستان نے 12 ارب ڈالرز کا امدادی پیکج حاصل کرلیا

    جس کے مطابق پاکستان کو تین ارب ڈالر ایڈونس دئیے جائیں گے ، تین ارب ڈالر کا ادھار تیل تین سال تک دیا جائے گا، بیلنس آف پیمنٹ کے لیے ایک سال تک تین ارب ڈالرپاکستان کے اکاؤنٹ میں بھی رکھے جائیں گے۔

    معاہدے پر وزیرخزانہ اسدعمر اور سعودی وزیرخزانہ عبدالجدان نے دستخط کیے۔

    وزیر اعظم کے کامیاب دورے میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ معدنی ذخائر کے شعبے کی ترقی کے لیے سعودی عرب کا وفد جلد پاکستان آئے گا جبکہ ولی عہد محمدبن سلمان سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستانیوں کیلئے ویزا فیس کم کرنے کیلئے انھیں قائل کرلیا ہے۔

  • جرمن حکومت کا مہاجرین کو گھر کی تعمیر کے سلسلے میں‌ رقم دینے کا فیصلہ

    جرمن حکومت کا مہاجرین کو گھر کی تعمیر کے سلسلے میں‌ رقم دینے کا فیصلہ

    برلن : جرمن چانسلر انجیلا میرکل کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں حکومت اور اتحادی جماعتوں نے تارکین وطن کو جرمنی میں گھر خریدنے اور تعمیر کرنے کے سلسلے میں رقم دینے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی میں تارکین وطن اور یورپی اصلاحات سمیت کئی موضوعات پر جرمن چانسلر انجیلا میرکل کے دفتر میں گذشتہ روز ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومت کی جانب سے تارکین وطن کو جرمنی میں گھر خریدنے یا بنانے کے لیے رقم دینے پر اتفاق ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چانسلر اینجلا میرکل کے دفتر میں منعقد ہونے والے اجلاس میں جرمنی کی اتحادی حکومت میں شامی کرسچن سوشل یونین(سی ایس یو) کرسچن ڈیموکریٹک یونین(سی ڈی یو) اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی(ایس پی ڈی) کے سربراہوں نے شرکت کی۔

    حکومت میں شامل جماعتوں کی یونین کے لیڈر فولکر کاؤڈر کا اجلاس میں ہونے والے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’جرمنی میں موجود مہاجرین کو گھر کی تعمیر یا خریداری کے لیے دی جانے والی رقم رواں برس سے سنہ 2020 دسمبر تک دی جائے گی‘۔

    فولکر کاؤڈر کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کو مکانات کی تعمیر کے سلسلے میں دیئے جانے والے پیسوں کے منصوبوں کو ’چائلڈ بینیفٹ منی فار کنسٹرکشن‘ کا نام سے منسوب کیا گیا ہے کیوں کہ حکومت خاندان میں شامل بچوں کی تعداد کے اعتبار سے ہی تارکین وطن کو رقم کی ادائیگی کرے گی۔

    فولکر کاؤڈر کا مزید کہنا تھا کہ مہاجرین کو گھر کی تعمیر اور خریداری کے سلسلے میں دی جانے والی رقوم کے منصوبے میں مزید تیزی لانی ہوگی، ساتھ ہی ساتھ جرمن حکومت ملک میں موجود تارکین وطن کے بچوں کو 10 برس کے دوران 12 ہزار یورو کی رقم بھی ادا کرے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اجلاس میں تارکین وطن سے متعلق معاملات پر تینوں سیاسی جماعتوں کے سربراہان متفق نہ ہوسکے۔

    جرمن حکومت کی اتحادی جماعت کے سربراہ اور جرمنی کے وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر کا مطالبہ ہے کہ ’وہ تارکین وطن جنہوں نے یورپ کے کسی دوسرے ملک میں پناہ کی درخواست دی ہوئی ہے، انہیں جرمنی میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے‘۔

    دوسری جانب جرمن چانسلر انجیلا میرکل چاہتی ہیں کہ تارکین وطن کے معاملے پر یورپی سطح پر کوئی فیصلہ کیا جائے، جس کے بعد دونوں رہنماروں کے درمیان اختلافات میں مزید اضافہ ہوگیا۔

    خیال رہے کہ جرمنی کے وزیر داخلہ ہورست زیہوفر نے انجیلا میرکل کو دھمکی دی تھی وہ انہیں وفاقی کابینہ سے برطرف کرنے سے گریز کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اجلاس میں موجود سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی آندریا ناہلس کا کہنا تھا کہ یونین جماعتیں حکومتی کام میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہیں جس کے باعث سیاسی عمل سستی کا شکار ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کےعائشہ گلالئی کوقانونی امداداوررہنمائی فراہم کاانکشاف

    قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کےعائشہ گلالئی کوقانونی امداداوررہنمائی فراہم کاانکشاف

    اسلام آباد : تحریک انصاف کی باغی رہنما عائشہ گلالئی کو نا الی کیس میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کاقانونی امداداوررہنمائی فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے عائشہ گلالئی کو قانونی امداد اور رہنمائی فراہم کرنے کا انکشاف سامنے آیا، جس مین کہا گیا کہ ایاز صادق کے سیکریٹری نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے شعبہ قانون سازی کو ہدایات دیں اور عائشہ گلا لئی کو قانونی معاونت فراہم کرنےکے لیےجوائنٹ سیکریٹری کی ذمے داری لگائی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نا اہلی کیس کی سماعت پر عائشہ گلالئی کو معاونت اور قانونی امداد فراہم کی گئی جبکہ الیکشن کمیشن میں عائشہ گلالئی کے جمع کرائے گئے جواب کے لیے بھی رہنمائی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کی۔

    ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے جمع کرایا گیا نا اہلی کاریفرنس بھی نظر اندازکیا گیا جبکہ پی ٹی آئی کےپانچ منحرف اراکین قومی اسمبلی سے بھی ا سپیکر آفس نے رعایت کی۔


    مزید پڑھیں : عائشہ گلالئی کی نااہلی کے لیے عمران خان کی درخواست مسترد


    پی ٹی آئی چیف وہپ کی درخواستوں کے باوجود کمیٹیوں سےنکالا نہ ہی کارروائی کی گئی۔

    یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عائشہ گلالئی کو نا اہل کرنے سے متعلق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی درخواست مسترد کردی تھی۔

    الیکشن کمیشن کے 5 میں سے3 ممبران نے درخواست خارج کرنے کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔


    مزید پڑھیں : تحریک انصاف میں خواتین کی عزت محفوظ نہیں، عائشہ گلالئی


    خیال رہے کہ رواں برس یکم اگست کو عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان پرسنگین الزمات عائد کیے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 28 اگست کو پاکستان تحریک انصاف نے عائشہ گلالئی کی پارٹی رکنیت منسوخ کردی تھی جبکہ انہیں ڈی سیٹ کرانے کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔