Tag: Providing employment

  • سعودی عرب : روزگار کی فراہمی کیلئے بڑی اسکیم کا آغاز

    سعودی عرب : روزگار کی فراہمی کیلئے بڑی اسکیم کا آغاز

    ریاض : سعودی عرب میں الاحسا کمشنری کے المبرز شہر میں سماجی فروغ کمیٹی نے روزگار اسکیم کا آغاز کیا ہے۔

    اسکیم کے تحت المبرز شہر کے دو محلوں الیحییٰ اور المسعودی میں لوگوں کو آپٹیکل شاپس میں روزگار حاصل ہوگا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق24 سے 40 سال تک کے سعودی شہریوں کو ملازمتیں ملیں گی۔ کنگ خالد فاؤنڈیشن اس پروجیکٹ کی سرپرستی کر رہی ہے۔ اس پر ایک لاکھ77 ہزار ریال کی لاگت آئے گی۔

    پروجیکٹ انچارج احمد العامر نے کہا کہ المبرز شہر میں بہت سے نوجوان بے روزگار ہیں، پروجیکٹ کا مقصد روزگار کے متلاشی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کے ذمہ داران نے مقامی کمپنیوں اور آپٹیکل شاپس کے مالکان سے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے رابطے کیے ہیں۔ ڈگری ہولڈرز کو ہنگامی بنیادوں پر روزگار دلایا جائے گا، انہیں لیبر مارکیٹ سے متعلق آگاہی دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ المبرز شہر میں روزگار کے حوالے سے متعدد اسکیموں پر کام ہو رہا ہے۔ تیار کردہ کھانوں کی مارکیٹنگ کی کوشش بھی ہو رہی ہے۔ اسی طرح لڑکیوں کو پھولوں کی مارکیٹنگ اور بچوں کے بال کاٹنے کا ہنر سکھانے کا اہتمام ہو رہا ہے۔

  • سعودی عرب میں روزگار کی فراہمی سے متعلق اہم خبر

    سعودی عرب میں روزگار کی فراہمی سے متعلق اہم خبر

    ریاض : سعودی عرب نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سے متعلق اہم اقدامات کرنے غور کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں اراکین مجلس شوریٰ نے نجی اداروں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی تجویز دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مجلس شوریٰ کے ارکان نے مملکت کے نجی اداروں میں سعودائزیشن کی شرح بڑھانے اور کلیدی عہدے سعودیوں کے لیے مختص کرنے کی تجویز پر بحث کی ہے۔

    اس حوالے سے سعودی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ شوریٰ کا اجلاس بدھ کو ڈاکٹر عبداللہ البلوی کی صدارت میں ہوا، شوریٰ میں نوجوانوں، سماج اور خاندانی امور کی کمیٹی نے آن لائن اجلاس میں قانون محنت کی دفعہ 26 کی شق دو میں ترمیم کے مسودے پر بحث کی۔

    نائب وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود ڈاکٹر عبداللہ ابوثنین نے تجویز پیش کی کہ سعودائزیشن کی شرح بڑھا دی جائے، نجی اداروں میں سعودیوں کا تناسب بڑھایا جائے اور مقامی شہریوں کے لیے نجی اداروں میں روزگار کا مناسب ماحول پیدا کیا جائے۔

    شوریٰ کی کمیٹی کے ارکان نے نائب وزیر سے اس تجویز کی تفصیلات دریافت کیں اور ان پر تفصیلی بحث کی، پروگرام کے مطابق مجلس شوریٰ کی کمیٹی اپنی سفارش اور تجویز کا ہر پہلو سے جائزہ لینے کے بعد فیصلہ دے گی۔

  • سعودی حکومت کا ملازمتوں کے حوالے سے بڑا اقدام

    سعودی حکومت کا ملازمتوں کے حوالے سے بڑا اقدام

    ریاض : سعودی عرب میں مقامی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے حکومت نے اہم اقدامات کیے ہیں، پرائیویٹ اداروں میں آئی ٹی کے شعبے میں ملازمتیں سعودی نوجوانوں کو دی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی نے نجی اداروں میں کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی آسامیاں سعودیوں کے لیے مختص کردیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی وزیر افرادی قوت نے کہا ہے کہ اس فیصلے سے سعودی نوجوانوں کو روزگار کے مزید مواقع حاصل ہوں گے، یہ فیصلہ ایسے تمام نجی اداروں پر نافذ ہوگا جس کے ملازمین کی تعداد پانچ یا اس سے زیادہ ہوگی۔

    کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ، نئی ایپلی کیشن پروگرامنگ، کمیونیکیشن کی تکنیکی آسامیوں، تکنیکی مدد اور اینالیسس پر یہ فیصلہ لاگو ہوگا۔

    وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے نجی اداروں کے مالکان اور اسامیوں پر ملازمت کے متلاشی مقامی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ وزارت کی ویب سائٹ سے تفصیلات حاصل کرکے فیصلے پر عمل درآمد کریں۔

    یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت نے حال ہی میں متعدد اسامیوں کی سعودائزیشن کے کئی فیصلے کیے ہیں یہ ان میں سے ایک ہے۔ وزارت افرادی قوت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن کی 9 ہزاراسامیاں سعودی شہریوں کو مہیا کرنے کا پروگرام بنائے ہوئے ہے۔

    اس کے علاوہ وزارت افرادی قوت نے ایک فیصلہ یہ بھی کیا ہے کہ تکنیکی پیشوں کے ملازمین کو کم از کم پانچ اور اسپیشلسٹ پیشوں کے ملازمین کو کم از کم سات ہزار ریال تنخواہ دی جائے۔