Tag: province

  • دادو میں پی ایس 86 پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

    دادو میں پی ایس 86 پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

    دادو: پی ایس86 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہوگیا، پیپلزپارٹی کے صالح شاہ جیلانی اور پاکستان تحریک انصاف کے امداد علی کے درمیان مقابلہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حلقے میں پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے، ضمنی انتخاب کے سلسلے حلقے میں عام تعطیل ہے، مقامی اپنا ووٹ کاسٹ کررہے ہیں۔

    سید غلام شاہ جیلانی کے انتقال کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی، پی پی اور پی ٹی آئی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے، البتہ تجزیہ کاروں نے صالح شاہ جیلانی کی جیت کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    حلقے میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 99 ہزار 858 ہے، ضمنی الیکشن کے لیے پی ایس 86 میں 158 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

    حلقے کے 10پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس جبکہ 61 حساس قرار دیے گئے ہیں، جبکہ سیکیوٹی کے سخت انتظامات میں سندھ رینجرز کی بھی مدد حاصل ہے۔

    خیال رہے کہ پی ایس 86 کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کا امیدوار سید صالح شاہ وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کا قریبی عزیز ہے، سندھ سرکار نے پی پی امیدوار کے الیکشن مہم میں بھی بھرپور ساتھ دیا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضمنی انتخاب کو پرامن اور غیرجانبدارانہ بنیادوں پر منعقد کرانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کرلیے گئے ہیں۔

    تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ سندھ پر الیکشن مہم کے دوران مداخلت کا الزام عائد کیا تھا، ان کے مطابق مراد علی شاہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے منافی کام کررہے ہیں۔

  • پنجاب: 24 گھنٹے میں ڈینگی کے 88 نئے کیسز رپورٹ

    پنجاب: 24 گھنٹے میں ڈینگی کے 88 نئے کیسز رپورٹ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی ڈینگی وائرس نے وبائی صورت اختیار کرلی، صوبے میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 88 نئے کیسز سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ 24گھنٹے میں پنجاب میں ڈینگی کے 88نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 113مریض ڈسچارج بھی کیے گئے۔

    محکمے کے مطابق پنجاب کے تمام اسپتالوں میں ڈینگی کے 226مریض زیر علاج ہیں جبکہ 5مریض انتہائی نگہداشت میں میں رکھا گیا ہے۔

    دوسری جانب ڈینگی سرویلنس سیل کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں 36گھنٹے کے درمیان 264 نئے ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے، جس کے بعد صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد8971 ہوگئی ہے۔

    ڈینگی سرویلنس سیل کے مطابق کراچی میں رواں سال 8431 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔

    خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ، 56کیسز رپورٹ

    واضح رہے کہ گذشتہ روز ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مثبت کیسز کی تعداد6464 ہوگئی ہے، اس حوالے سے ڈینگی رسپانس یونٹ ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک صوبے میں56نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

    پشاور شہر میں ڈینگی کے2517مثبت کیسز ہیں جبکہ 114مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق26نئے مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، علاج کے بعد 6350 مریضوں کو اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا۔

  • جدہ اور ریاض کے بعد دمام میں بھی عوام کیلئے سینما گھر کھل گئے

    جدہ اور ریاض کے بعد دمام میں بھی عوام کیلئے سینما گھر کھل گئے

    ریاض: سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے میڈیا نے مشرقی شہر دمام میں پہلے سینیما گھر کا افتتاح کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان بن عبدالعزیز کے ویژن 2030 کے تحت مشرقی گورنری کے شہر دمام میں بھی عوام کو معیاری تفریح فراہم کرنے کےلیے پہلے سینما گھر کا افتتاح کردیا گیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی آڈیو ویژول میڈیا جنرل اتھارٹی کے سربراہ نے دمام کے لولو مال پہلے سینما کاافتتاح کیا ، اس موقع پر شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں 2019 سے 2020 کے دوران پانچ سینیما گھر کھولے جائیں گے جبکہ چھٹا سینما 2021 میں کھولا جائے گا، جن میں سے پہلا ریڈ سی مال کمپلیکس میں کھولا گیا جبکہ الاندلس مالک، اسٹار ایونیو، ابحر مال اور المسرۃ مال میں چار سینیما گھر کھولے جائیں گے۔

    جدہ کے ریڈ سٹی مال میں بنائے جانے والے وی او ایکس سینیما میں 12 اسکرینیں نصب کی گئیں جبکہ الاندلس میں 27، اسٹار ایونیو میں 9 اسکرینیں لگائیں جائیں گی، رواں سال کے آخر تک تین سینیما گھروں کا افتتاح کیا جائے گا۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق آئندہ برس ابحرل مال میں 11 اسکرینوں اور المسرۃ مال میں 6 اسرکین والے سینیما گھر قائم کیے جائیں گے۔

    العربیہ کی رپورٹ کے مطابق سینیما کا افتتاح مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے ہوا، وی او ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اعلان کیا کہ اُن کا گروپ آئندہ پانچ برسوں میں 600 سینیما گھر قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کے لیے 5 ارب 33 کروڑ ڈالر کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی حکومت وژن 2030 کے تحت مسلسل روشن خیالی کی طرف گامزن ہے، اس ضمن میں خواتین کو نہ صرف خود مختار بنایا جارہا ہے بلکہ انہیں ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔

  • کراچی: تجاوزات کے خلاف آپریشن، وفاق، صوبائی حکومت اور میئرکراچی کی مشاورت

    کراچی: تجاوزات کے خلاف آپریشن، وفاق، صوبائی حکومت اور میئرکراچی کی مشاورت

    کراچی: شہرقائد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے حوالے سے چیف جسٹس کی ہدایت پر وفاق، صوبائی حکومت اور میئر کراچی وسیم اختر کی مشاورت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاق، صوبائی حکومت اور میئر کراچی وسیم اختر کی مشاورت کے بعد سپریم کورٹ میں پیش کرنے کے لیے ابتدائی مسودہ تیار کرلیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتِ سندھ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کی جزوی حمایت کردی، سندھ حکومت نے کہا کہ میدان، پارکس، نالوں پر تجاوزات کے خاتمہ کی حمایت کرتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ گھروں، مارکیٹوں کو ڈیل کرنے کے لیے حکمت عملی چاہیے، گھروں کو گرانے سے قبل متبادل جگہ پر کام کیا جانا چاہیے۔

    مشاورت کے بعد تیار کیا گیا مسودہ آج چیف جسٹس کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، ڈسٹرکٹ سینٹرل، ویسٹ اور کورنگی میں بھاری مشینری سے تجاوزات مسمار کی گئیں، پاک کالونی میں فٹ پاتھ بنی 35 دکانوں کو مسمار کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ پاک کالونی میں قبضہ مافیا نے جگہ گھیر کر مکینک، ٹائر اور بیٹری کی دکانیں قائم کررکھی تھیں، باؤنڈری وال ڈال کر قبضہ کی جانے والی جگہ کو بھی واگزار کرالیا گیا، پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔

  • کراچی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے ہم سندھ اسمبلی کی 3 نشستیں جیت جائیں گے: علی رضاعابدی

    کراچی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے ہم سندھ اسمبلی کی 3 نشستیں جیت جائیں گے: علی رضاعابدی

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما علی رضا عابدی نے کہا ہے کہ کراچی میں جن حلقوں کی نشاندہی کر رہے ہیں اگر وہاں ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوتی ہے تو ایم کیو ایم سندھ اسمبلی کی تین نشستیں حاصل کرلے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، علی رضا عابدی کا کہنا تھا دوبارہ گنتی سے سندھ اسمبلی کی جو سیٹیں ہم جیتیں گے وہ تینوں سیٹیں پی ٹی آئی نے جیتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی چوتھی بڑی پارٹی مسترد شدہ ووٹوں کی ہے، دوسری جانب خواجہ سہیل منصور کا حلقہ آراو نہیں کھول رہا، الیکشن والے دن پی ٹی آئی کیمپ میں رش کم ہمارے پاس زیادہ تھا۔

    رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ہم پی پی کے ساتھ چلیں نہ چلیں یہ ہمارا فیصلہ ہے، سیاست میں ایسے فیصلے کرنے پڑتے ہیں، مستقبل میں جو بھی فیصلہ ہو وہ پارٹی قیادت کرے گی۔


    ایم کیو ایم کا وزارت عظمیٰ کے لئے عمران خان کی حمایت کا اعلان


    دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے وفاق میں تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے اے آر وائی کے پروگرام پاور پلے میں‌ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    خیال رہے کہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پہلے مرحلے میں ایم کیو ایم کابینہ کا حصہ یا وزارتیں نہیں لے گی، جبکہ ایم کیوایم اے پی سی میں جانے کے بجائے آج پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کرے گی، ملاقات میں دونوں جماعتوں کے دو دو اراکین شامل ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب: حوثی باغیوں کا میزائل حملہ، ایک پاکستانی شہری زخمی

    سعودی عرب: حوثی باغیوں کا میزائل حملہ، ایک پاکستانی شہری زخمی

    ریاض: حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل داغ دیا جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق یمن میں برسرپیکار ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہر جازان پر بیلسٹک میزائل داغا جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری زخمی ہوگیا۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے ایران مسلسل حوثی باغیوں کو سپورٹ کررہا ہے جبکہ وہ انہیں مالی اور جنگی اعتبار سے اسلحہ بھی فراہم کررہا ہے، علاوہ ازیں ایران حوثی باغیوں کی پشت پناہی کر کے عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی کررہا ہے۔

    سعودی اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے میزائل حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثی باغی عرب کے بڑے حصہ کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے، تاہم حملے میں ایک پاکستانی شہری زخمی ہوا ہے۔


    یمن: سعودی اتحادی افواج کا آپریشن، ایئرپورٹ کے داخلی راستے پر کنٹرول سنبھال لیا


    بین الاقوامی تعلقات عامہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ حملہ سعودی اتحاد کی جانب سے یمن میں میگا آپریشن کا درعمل ہوسکتا ہے، اس سے قبل متعدد میزائل حملے کیے جاتے تھے جسے عرب اتحادی افواج کا دفاعی نظام اسے ناکام بنا دیتا تھا۔

    خیال رہے کہ عرب اتحاد کی جانب سے یمن کے مرکزی بندہ گاہ الحدیدہ پر بڑا آپریشن شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد حوثی باغیوں کو اس علاقے سے خالی کرانا ہے، لیکن باغیوں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔


    سعودی اتحادی افواج کی حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی


    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں سعودی اتحادی افواج نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یمنی ایئرپورٹ کے داخلی راستے پر کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ مزاحمت کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • طالبان کے دو دہشت گرد حملے، 19 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق، درجنوں زخمی

    طالبان کے دو دہشت گرد حملے، 19 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق، درجنوں زخمی

    کابل: افغانستان میں طالبان کے دو  دہشت گرد حملے میں 19  سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان کی جانب سے افغان صوبے ’سارِ پل‘ پر دہشت گرد حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں چودہ سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ افغان صوبے سارِ پل پر ہونے والے حملے اور ہلاکتوں کی تصدیق صوبائی حکومت کی جانب سے کی جاچکی ہے، عید کی مناسبت سے علاقے میں سیکیورٹی بھی سخت ہے۔

    دوسری جانب طالبان نے افغان صوبے غزنی میں ایک خودکش حملہ کیا جس کے باعث پانچ افغان فوجی جاں بحق ہوئے جبکہ زخمیوں کو صوبے کے مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔


    طالبان کا حملہ، 19 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق، متعدد زخمی


    ترجمان صوبائی حکومت ’عارف نوری‘ کا کہنا ہے کہ یہ خود کش حملہ علی الصبح اس وقت کیا گیا کہ جب افغان فوج کی گاڑی معول کی گشت پر تھی، تاہم اس حملے میں 26 افراد زخمی ہوئے۔

    واضح رہے کہ افغان حکومت نے بھی دو روز قبل عید الفطر کی آمد کے پیش نظر طالبان کے خلاف کارروائیاں روکنے کا اعلان کیا تاہم ساتھ میں یہ بھی واضح کیا کہ اگر کسی بھی مسلح گروہ کی جانب سے دہشت گردی کی گئی تو سیکیورٹی ادارے بھرپور جواب دیں گے۔


    کابل، سرکاری عمارت میں خودکش حملہ، 12 افراد ہلاک


    خیال رہے کہ افغان طالبان نے عید الفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے، افغانستان کی تاریخ میں 17 سال بعد مسلح شدت پسندوں کی جانب سے اس طرح کا اعلان کیا گیا۔

    طالبان ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنگ بندی کا اطلاق صرف مقامی یعنی افغان فوجیوں پر ہوگا جبکہ نیٹو اور امریکی افواج کو کسی بھی صورت کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • افغانستان: طالبان کے دہشت گرد حملے، 41 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق

    افغانستان: طالبان کے دہشت گرد حملے، 41 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق

    کابل: افغانستان میں طالبان کی جانب سے متعدد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 41 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور دس  زخمی ہوگئے جبکہ افغان فورسز کی جوابی کارروائیوں میں 20 شدت پسند بھی ہلاک ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان صوبے فراہ کے مختلف مقامات پر طالبان نے حملے کیے جس کے باعث اکتالیس قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار جاں بحق ہوئے، اس دوران پولیس اور طالبان کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جس سے طالبان کے جنگجوؤں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

    واقعے سے متعلق افغان حکام کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں نے فراہ صوبے کے چار مختلف مقامات پر حملے کیے، جن میں صوبائی دارالحکومت بھی شامل ہے، تاہم اس دوران جھڑپوں میں طالبان کو بھی منہ توڑ جواب دیا گیا۔


    افغانستان میں کار بم دھماکہ، 11 بچے جاں بحق، 16 افراد زخمی


    دوسری جانب صوبائی گورنر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان حملوں میں اکتالیس سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور دس زخمی ہوئے ہیں، جبکہ اب تمام مقامات پر جنگجوؤں کے حملوں کو مقابلے کے بعد مکمل طور پر ناکام بنایا جا چکا ہے، البتہ ان جھڑپوں کے نتیجے میں بیس طالبان جنگجو بھی مارے گئے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں افغان صوبے قندھار میں عسکریت پسندوں کی جانب سے کار بم دھماکہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں گیارہ معصوم بچے جاں بحق اور سولہ افراد شدید زخمی ہوگئے تھے جبکہ زخمیوں میں غیر ملکی فوجی اہلکار بھی شامل تھے۔


    کابل میں دودھماکے‘ 29 افراد ہلاک ‘ 45 زخمی


    یاد رہے کہ رواں سال یکم مئی کو افغانستان میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے تھے، دارالحکومت کابل کے علاقے ششدرک میں افغان انٹیلیجنس ایجنسی این ڈی ایس کے دفتر کے قریب پہلا جبکہ دوسرا دھماکہ وزارت شہری ترقی اور ہاؤسنگ کے دفتر کے باہر ہوا تھا، جس کے نتیجے میں صحافیوں سمیت 29 افراد جاں بحق اور 45 زخمی ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جنوبی پنجاب صوبہ محاذ تحریک انصاف میں ضم

    جنوبی پنجاب صوبہ محاذ تحریک انصاف میں ضم

    اسلام آباد: جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے سرکردہ ارکان نے پاکستان تحریکِ انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ، آج دوپہر جہانگیر ترین سے ملاقات کریں گے، کل عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اعلان کریں گے

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک ِ انصاف کےترجمان فواد چودھری نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے اراکین تحریکِ انصاف میں شمولیت کے لیے تیار ہیں ، 15 مرکزی ارکان سمیت کل 20 افراد شمولیت اختیار کریں گے۔

    فواد چودھری کا کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے درمیان مذاکرات اختتام پذیر ہوچکے ہیں، کل خسر و بختیار اپنے ساتھیوں کے ساتھ تحریک ِ انصاف کے سربراہ عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کریں گے۔

    یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ اس سے قبل جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے اراکین تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے آج دوپہر ملاقات کریں گے ، جس کے لیے اراکین ملتان سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوچکے ہیں۔

    خیال رہے کہ کچھ روز قبل سابق رہنما مسلم لیگ ن خسرو بختیار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی جماعت سے اتحاد کریں گے، جس کا پہلا ایجنڈا جنوبی پنجاب کا قیام ہو، ن لیگ نے اب جنوبی پنجاب کی آفر کی، تو کہوں گا کہ بہت دیر کردی مہرباں آتے آتے، پی ٹی آئی ٹھوس مؤقف سامنے لائے گی، تو ان سے بات ہو سکتی ہے۔.

    مسلم لیگ (ن) کے منحرف رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کا مسئلہ غربت، بے روزگاری اور بیڈ گورننس ہے، لاہور میٹرو 240 جبکہ جنوبی پنجاب کا بجٹ 206 ارب ہے، لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، حکومت نے اب تک کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • افغان فورسز اور امریکی اتحادی افواج کی کارروائیاں، 31 عسکریت پسند ہلاک

    افغان فورسز اور امریکی اتحادی افواج کی کارروائیاں، 31 عسکریت پسند ہلاک

    کابل: افغان فورسز اور امریکی اتحادی افواج کی جانب سے افغان صوبے غزنی میں کارروائیاں جاری ہیں جس کے نتیجے میں اب تک 31 عسکریت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق افغان صوبے غزنی میں افغان افواج کو امریکی فورسز کا تعاون حاصل ہے، جبکہ گذشتہ روز سے جاری کارروائیوں میں اب تک طالبان کے اکتیس شدت پسند ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ طالبان کے حملے میں افغان فورسز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    افغان حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عسکریت پسند صوبے کے اہم مقامات کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں جس کے لیے افغان فورسز اس صوبے کی ایک اہم شاہراہ اور مقامات پر طالبان کے حملے کو ناکام بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔

    افغانستان: طالبان کا حملہ، گورنر سمیت درجنوں جاں بحق، علاقے پر قبضہ

    دوسری جانب افغان طالبان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان فورسز نے ہم پر حملہ کیا جس کا بھرپور جواب دیا گیا اور ان حملوں کے نتیجے میں اب تک نو افغان سکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہو چکے ہیں، اور اطراف میں موجود پولیس چوکیوں کو بھی مکمل تباہ کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ طالبان کے زیر اثر افغانستان کے مختلف علاقوں میں ان دنوں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مقامی پولیس اور افغان فورسز کی پیشہ ورانہ خدمات پر سوالیہ نشان اٹھ رہا ہے۔

    افغانستان: طالبان کا حملہ، 11 پولیس اہلکار جاں بحق، 2 زخمی

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں طالبان کی جانب سے افغان صوبے غزنی پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ضلعی گورنر سمیت درجنوں افراد جاں بحق ہوئےتھے بعد ازاں طالبان نے علاقے پر قبضہ بھی کر لیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔