Tag: ps 127 karachi by election

  • کراچی:پی ایس127 کاضمنی انتخاب، ایم کیو ایم پاکستان کا پیپلزپارٹی پر دھاندلی کا الزام

    کراچی:پی ایس127 کاضمنی انتخاب، ایم کیو ایم پاکستان کا پیپلزپارٹی پر دھاندلی کا الزام

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہارالحسن اورسنیٹرنسرین جلیل نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ ایک سو ستائیس ملیر کے الیکشن میں دھاندلی کےالزامات عائد کر دیئے جبکہ پیپلز پارٹی کے نجمی عالم نے دھاندلی کی تردید کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ملیر میں ضمنی انتخابات کے موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام عائد کردیا۔

    سینیٹر نسرین جلیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے اسکا مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے، لوگ گھبرائے نہیں، دودھ کا دودوھ پانی کا پانی ہوجائے گا ، حقیقی کے کارکنان علاقے میں شر پھیلارہے ہیں ایک دہشت کی فضا قائم کی گئی ہے، کارکنان کو مارا پیٹا گیا اور یہاں موجود کیمپس اکھاڑدیے گئے، عوام سےدرخواست کرتی ہوں کہ وہ ووٹ دینے ضرور آئیں۔

    انکا کہنا تھا کہ لوگوں کو کیمپ میں ہونا چاہیے لیکن وہ فٹ پاتھ پر ہیں، ہمارے لوگ فٹ پاتھ پر بیٹھ کر پرچیاں بنانے پر مجبور ہیں، رینجرز کی موجودگی میں ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔


    مزید پڑھیں : پی ایس 127کراچی پرضمنی الیکشن، متحدہ اور حقیقی میں تصادم، صورتحال کشیدہ


    دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے خواجہ اظہار کے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ متحدہ کو اپنے اعمال کی وجہ سے شکست نظر آرہی ہے، ایم کیوایم کو جس الیکشن کی عادت ہے آج وہ نہیں ہورہا۔

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی پاکستان نے بھی پی ایس ایک سو ستائیس کے ضمنی الیکشن میں حقیقی کی غنڈہ گردی، فائرنگ، پولنگ کیمپس اکھاڑنے، کارکنان اور ووٹروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔

  • پی ایس 127کراچی پرضمنی الیکشن، متحدہ اور حقیقی میں تصادم، صورتحال کشیدہ

    پی ایس 127کراچی پرضمنی الیکشن، متحدہ اور حقیقی میں تصادم، صورتحال کشیدہ

    کراچی : پی ایس 127کراچی پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری ہے ، پی ایس 127کراچی پر ایم کیو ایم کے وسیم احمد اور پیپلزپارٹی کے غلام مرتضیٰ بلوچ مدمقابل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 127 ملیر میں ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ جاری ہے، پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا، جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔

    پی ایس 127کراچی ضمنی الیکشن، پولنگ کے دوران ہونے والے واقعات

    ضمنی انتخاب کے دوران ملیر اردو نگر پولنگ اسٹیشن نمبر پچاس کے باہر ایم کیو ایم اور حقیقی کے درمیان تصادم ہوا، لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے وار سے دو افراد زخمی ہوگئے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیا۔

    اردو نگر پولنگ اسٹیشن پچاس کے باہر پولیس کی کارروائی کرتے ہوئے 9 افراد کو گرفتار کرلیا، گرفتار افراد تفتیش کےلئےنامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد ریلی کی صورت میں پولنگ اسٹیشن کے باہر نعرے بازی کررہے تھے، ریلی کے شرکا کوگرفتار کرنے پرایس پی اور ڈی ایس پی میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    ضمنی انتخاب کے دوران کھوکھرا پار میں سیاسی جماعت کے کیمپ کے قریب فائرنگ سے دو کارکن زخمی ہوگئے، شہریوں نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو پکڑ کر لاتوں اور گھونسوں سے تواضع کی، اس موقع پر پولیس اہلکار پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کردیا جبکہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے کھول بھی ملے ہیں۔

    ملیر جعفر طیار یوسی گیارہ میں نامعلوم افراد نے سیاسی جماعت کے کیمپ کو اکھاڑ دیا اور پوسٹر بھی پھاڑ دیے۔

    ملیر گورنمنٹ مونو ٹیکنیکل کالج کے باہرنامعلوم افراد نے پولنگ کاسامان چھیننے کی کوشش کی، رینجرز کے پہنچتے ہی ملزمان فرار ہوگئے۔

    دوسری جانب ایم کیوایم رابطہ کمیٹی پاکستان نے الزام لگایا ہے کہ ایم کیوایم کا کیمپ مخالفین نے اکھاڑا ہے اور ایم کیوایم کے کارکنوں کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔


    مزید پڑھیں : ضمنی انتخابات پی ایس 127، عوامی پذیرائی کا فیصلہ آج ہوگا


    پی ایس127 میں 2 لاکھ 7 ہزار 467 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، انتخابات کے لئے ایک سو چونتیس پولنگ اسٹیشن اورچار سو ستاسی پولنگ بوتھ بنائے گئے، جن میں سے دو سو ترپن مردوں اور دو سو چونتیس خواتین کے پولنگ بوتھ ہیں۔

    حلقے میں ملیر کھوکھرا پار، جعفرطیار، بروہی گوٹھ اورسچل گوٹھ سمیت شہری اور دیہی علاقے شامل ہیں، 49 پولنگ اسٹیشنز کو حساس جب کہ 67 کو انتہائی حساس قراردیا گیا ہے، پولنگ کے دوران رینجرز افسران کو مجسٹریٹ کا درجہ حاصل ہوگا۔

    سندھ حکومت نے ضمنی الیکشن کیلئے ملیر اور کورنگی میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

    پی ایس 127 کے انتخابی دنگل کے لئے 20 امیدوار مد مقابل میں ہیں لیکن ایم کیوایم کے وسیم احمد اور پیپلزپارٹی کے غلام مرتضیٰ بلوچ میں سخت مقابلہ متوقع ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے ندیم میمن اور مہاجرقومی موومنٹ کے ثنا اللہ قریشی بھی میدان میں ہیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان اپنے بانی سے لاتعلقی کے بعد پہلا الیکشن لڑ رہی ہے۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایک سو ستائیس کی نشست ایم کیو ایم کے باغی رہنما اشفاق منگی کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی، انھوں نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔