پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پاکستان میں ہر سال کھیلی جانے والی ایک پیشہ ورانہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ لیگ ہے۔ اس کا آغاز 2015 میں ہوا تھا اور اس کا انتظام پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کرتا ہے۔
پی ایس ایل فرنچائز پر مبنی لیگ ہے، جس کا مطلب ہے کہ ٹیمیں پاکستان کے مختلف شہروں کی نمائندگی کرتی ہیں لیکن ان کی ملکیت نجی اداروں کے پاس ہے۔ فی الحال چھ ٹیمیں ہیں:
اسلام آباد یونائیٹڈ
کراچی کنگز
لاہور قلندرز
ملتان سلطانز
پشاور زلمی
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
اس لیگ میں بین الاقوامی اور ملکی دونوں کھلاڑی شامل ہیں۔ یہ ڈبل راؤنڈ رابن فارمیٹ پر مشتمل ہے جس میں ہر ٹیم دوسری ٹیم کے ساتھ دو بار کھیلتی ہے۔ اس کے بعد سرفہرست چار ٹیمیں پلے آف کے لیے کوالیفائی کرتی ہیں، جس میں دو کوالیفائنگ فائنل اور ایک ایلیمینیٹر ہوتا ہے، جس کا اختتام فائنل میچ پر ہوتا ہے۔
پی ایس ایل دنیا کی مقبول ترین ٹی ٹوئنٹی لیگز میں سے ایک بن چکی ہے، جو ایک وسیع مداحوں کی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے اور اعلیٰ معیار کی کرکٹ پیش کرتی ہے۔
پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ کے نوجوان بیٹر خواجہ نافع نے ملتان سلطانز کےخلاف دھواں دھار اننگز کھیلی مگر ففٹی بناتے ہی آئوٹ ہوگئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 186 رنز ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کے اوپنرز سعود شکیل اور خواجہ نافع نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا، نوجوان خواجہ نافع نے اس میچ ملتان سلطانز کے بولرز کو نشانے پر رکھ لیا اور ان کی جم کر دھلائی کی۔
خواجہ نافع نے 26 بالز پر 51 رنز کی جارحانہ اننگز تراشی، ان کی دھواں دھار اننگز میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
تاہم وہ ففٹی مکمل ہونے کے بعد شاہد عزیز کی اگلی ہی بال کو سمجھنے سے قاصر رہے اور تھرڈ مین کی طرف بال کو کٹ کرنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے۔
خیال رہے کہ ملتان سلطانز کے خلاف ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ جاری ہے، اس نے 16 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنالیے ہیں۔
پی ایس ایل کرکٹ ٹیمز کی آمد و رفت کے باعث آج 18 مئی تک مختلف اوقات میں، فیض آباد ایکسپریس ہائی وے، کلب روڈ ، مری روڈ، فیصل ایونیو اور سری نگر ہائی وے پر غیر معمولی سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دن ساڈھے بارہ بجے سے 02:00 بجے دن اور شام 06:00 بجے سے 08:00 بجے رات روٹ کے باعث ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کی روانی میں کچھ دیر کے تعطل آئے گا۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس سی ٹی او کے مطابق ٹریفک سست روی کا شکار ہو گی، شہری ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے سے منسلک سروس روڈ کا استعمال کریں۔
بلیو ایریا، سیکٹر F-6 اور F-7 کی جانب سفر کے لیے H-8 انڈر پاس کا استعمال کیا جائے، ریڈ زون اور سرینہ ہوٹل آنے جانے والی ٹریفک مارگلہ روڈ، جناح ایونیو، ایوب چوک اور نادرا چوک کا استعمال کرے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کہا کہ بری امام جانے والے شہری نادرا چوک کا استعمال کرے، سیکٹر آئی اور ایچ کے لئے راولپنڈی پشاور روڈ،آئی جے پی روڈ سے سروس روڈ کا استعمال کرے۔
ٹیمز کی آمد و رفت کے دوران ہیوی ٹریفک کا داخلہ اسلام آباد میں ممنوع ہے۔ مری روڈ سے سرینہ اور فیض آباد براستہ راول ڈیم دوران آمد و رفت بند رہے گی۔
شہریوں کی رہنمائی کے لیئے اسلام آباد ٹریفک پولیس مختلف مقامات پر موجود رہے گی۔ کسی بھی سفری دشواری سے بچنے کےلئے شہری 20 منٹ کا دورانیہ رکھ کر گھر سے نکلیں۔
پشاور زلمی کے فاسٹ باؤلر احمد دانیال نے پی ایس ایل 10 کے میچ میں زلمی کی جانب سے ایک ناپسندیدہ ریکارڈ قائم کر دیا۔
پشاور زلمی کے فاسٹ باؤلر احمد دانیال نے گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے میچ میں کراچی کنگز کے خلاف ایک ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دائیں ہاتھ کے اس پیسر نے 4اوورز میں 66 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے جبکہ کراچی کنگز نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے 237 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ اپنی اننگز مکمل کی۔
یہ پی ایس ایل کی تاریخ میں پشاور زلمی کی طرف سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز دینے کا ریکارڈ ہے، جو احمد دانیال نے قائم کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ اذمۃ اللہ عمرزئی کے پاس تھا، جنہوں نے 2023 میں ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں 62 رنز دیے تھے۔
اس میچ میں کراچی کنگز کے ڈیوڈ وارنر اور جیمز ونس نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں، جبکہ خوشدل شاہ نے آخر میں تیز رفتار ناقابل شکست 43 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 237 تک پہنچایا۔
پی ایس ایل ٹیمز پوزیشنز
کراچی کنگز 8 میچز میں 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ پشاور زلمی 8 میچز میں 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
پشاور زلمی:
محمد حارث، صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، ٹام کوہلر-کیدمور، حسین طلعت، میکس برائنٹ، معاذ صداقت، لوک ووڈ، احمد دانیال، عارف یعقوب، علی رضا۔
کراچی کنگز:
ڈیوڈ وارنر (کپتان)، بین میکڈرمٹ، جیمز ونس، سعد بیگ، خوشدل شاہ، محمد عرفان خان، محمد نبی، عامر جمال، عباس آفریدی، حسن علی، میر حمزہ۔
کراچی کنگز نے انگلش بیٹر جیمز ونس نے پشاور زلمی کے خلاف 72 رنز کی اننگز کھیل کر ٹی 20 کرکٹ میں اہم اعزاز حاصل کرلیا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 23 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا، جیمز ونس نے 72 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹی 20 کرکٹ میں 12000 رنز بنانے والے 9ویں کھلاڑی بن گئے۔
میچ سے قبل جیمز ونس کو 12000 رنز بنانے کے لیے 59 رنز درکار تھے۔
فہرست میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، کیرون پولارڈ، ڈیوڈ وارنر، روہت شرما، ویرات کوہلی، شعیب ملک، جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز شامل ہیں۔
کرس گیل نے 455 اننگز میں 14562 رنز بنائے ہیں، الیکس ہیلز نے 13610 رنز بنانے کے لیے 490 اننگز کا سہارا لیا، شعیب ملک نے 515 اننگز میں 13571 اور جیمز ونس نے 416 اننگز میں 12013 رنز بنائے ہیں۔
جیمز ونس نے کپتان ڈیوڈ وارنر کے ساتھ 162 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور ڈیوڈ وارنر کو 86 رنز کی اننگز کھیلنے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پی ایس ایل 10 کے 27ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 23 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کی جانب سے دیے گئے 238 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بناسکی، بابر اعظم کی 94 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔
صائم ایوب 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، ٹام کوہلر کیڈمور 20 رنز بناسکے،محمد حارث 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے دو، حسن علی اور میر حمزہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے اور پشاور زلمی کو جیت کے لیے 238 رنز کا ہدف دیا تھا۔
جیمز ونس نے 42 گیندوں پر 72 رنز کی اننگز کھیلی، ڈیوڈ وارنر نے 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگ میں 11 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، خوشدل شاہ نے 15 گیندوں پر 43 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، محمد نبی 26 رنز بناسکے۔
بین میک ڈرموتھ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، عرفان نیازی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے لک ووڈ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور علی رضا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر ڈیوڈ وارنر الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ لوگ مجھے دیکھنے اسٹیڈیم آتے ہیں تو خوشی ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کروں گا، اس پچ پر 170 سے 180 رنز تک روکنا کامیابی ہوگی۔
ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ پچ دیکھنے میں بہت اچھی لگ رہی ہے، اچھا ٹوٹل بنا کر دفاع کرنے کی کوشش کریں گے، ٹم سائفرٹ کی جگہ بین مک ڈرمٹ کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کو بھارتی اشتعال انگیز حملوں کے باعث نو مئی کو ملتوی کر دیا گیا تھا جس کا آج 17 مئی سے دوبارہ آغاز ہورہا ہے۔
رواں ٹورنامنٹ میں کراچی کنگز آٹھ میچز کھیل چکی ہے جس میں سے اسے 5 میں کامیابی ملی اور 3 میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ کراچی کنگز 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔
پشاور زلمی کو 4 میچز میں فتح حاصل ہوئی اور 4 میں ناکامی کا سامنا رہا، پشاور زلمی 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں مرحلے کے بقیہ میچز کیلئے ٹیمیں غیر ملکی پلیئرز کی فہرست فائنل کرنے لگیں۔
تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 10کے بقیہ میچز کیلئے 6 غیر ملکی کھلاڑیوں نے اپنی دستیابی کی تصدیق کردی ہے جو آئندہ میچوں میں کراچی کنگز میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔
کپتان ڈیوڈ وارنر سمیت 6 غیر ملکی کھلاڑی کراچی کنگز کو جوائن کر رہے ہیں، وکٹ کیپر اور اوپننگ بیٹر ٹم سائفرٹ بھی ٹیم کو جوائن کریں گے۔
کراچی کنگز کیلئے اس سیزن میں سب سے زیادہ رن بنانے والے جیمز ونس بھی پاکستان واپس آ رہے ہیں اس کے علاوہ کراچی کنگز کے اسٹار آل راؤنڈر اور افغان لیجنڈ محمد نبی بھی باقی میچز کیلئے اپنی دستیابی کی تصدیق کردی ہے۔
اس کے علاوہ آسٹریلین وکٹ کیپربیٹر بین مکڈرمٹ بھی اپنی دستیابی سے آگاہ کرچکے ہیں، کراچی کنگز کے چھٹے دستیاب کھلاڑی اسکاٹش بیٹر جارج منسی ہیں جنہیں گزشتہ روز ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز کا اگلا مقابلہ 17 مئی کو پشاور زلمی کیساتھ راولپنڈی میں ہوگا، کراچی کنگز اس وقت پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کا 17 مئی سے آغاز ہو رہا ہے بنگلہ دیش کے سابق کپتان شکیب الحسن 8 سال بعد پاکستان سپر لیگ کھیلیں گے۔
مودی کے جنگی جنون کے باعث ملتوی ہونے والے پاکستان سپر لیگ دونوں ممالک میں جنگ بندی کے بعد دوبارہ شیڈول کر دی گئی ہے اور بقیہ میچز کا 17 مئی سے آغاز ہو رہا ہے۔
پی ایس ایل کے بقیہ میچز کھیلنے کے لیے جہاں مختلف فرنچائز کے غیر ملکی کھلاڑی دوبارہ پاکستان آ رہے ہیں۔ وہیں بنگلہ دیش کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن بھی 8 سال بعد ایک بار پھر پی ایس ایل کا حصہ بن رہے ہیں۔
لاہور قلندرز نے شکیب الحسن کو اپنے اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔ بنگلہ دیشی آل راؤنڈر کو ڈیرل مچل کی جگہ شامل کیا گیا ہے جو کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران ہاتھ کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے تھے۔
شکیب نے 2017 میں آخری بار پشاور زلمی کی طرف سے لیگ میں حصہ لیا تھا جبکہ 2016 میں کراچی کنگز کا حصہ تھے، یہ انکی ٹورنامنٹ میں 8 سال بعد واپسی ہے۔
بنگلہ دیش میں سیاسی تبدیلی کے بعد شکیب الحسن کے ستارے بھی گردش میں ہیں اور وہ طویل عرصہ سے کرکٹ کے میدانوں سے دور ہیں۔
اسٹار کرکٹر نے 6 ماہ قبل آخری میچ کھیلا تھا جبکہ آخری بین الاقوامی میچ بنگلہ دیش کیلیے 2023 میں ایشیا کپ میں کھیلا تھا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے فائنل اور پلے آف مرحلے سمیت 8 میچز ری شیڈول کرنے کے بعد بقیہ ٹورنامنٹ کا آغاز 17 مئی کو پنڈی اسٹیڈیم سے ہو رہا ہے۔
پی ایس ایل 10 کا فائنل 25 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
اب تک پوائنٹس ٹیبل کے مطابق کوئٹہ گلیڈیئٹرز نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جب کہ مسلسل چار فائنلز کھیلنے والی ملتان سلطانز ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔
پلے آٖف مرحلے کی مزید تین ٹیموں کے لیے کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان جنگ ہے۔
پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کے لیے اسکاٹش بیٹر جارج منسی کراچی کنگز کا حصہ بن گئے۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے بقیہ میچز کے لیے کراچی کنگز نے اپنی بیٹنگ لائن اپ کو مزید مضبوط بناتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کے معروف ٹی ٹوئنٹی بیٹر جارج منسی کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔
جارج منسی جنہیں دنیا بھر کی مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز میں دھواں دار بیٹنگ کے لیے جانا جاتا ہے ٹیم کو اسلام آباد میں جوائن کریں گے۔
پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز میں شرکت کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے دو غیرملکی کھلاڑیوں نے دستیابی ظاہر کردی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ فن ایلن اور ریلی روسو نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل کہا جارہا تھا کہ نیوزی لینڈ کے کھلاڑی بشمول فن ایلن، مارک چیپ مین، کائل جیمیسن اور ڈیرل مچل این او سی جاری نہ ہونے کی وجہ سے دستیاب نہیں ہوں گے۔
لاہور قلندرز نے تصدیق کی ہے کہ مچل ہاتھ میں چوٹ کی وجہ سے بقیہ میچوں سے باہر ہوجائیں گے۔
اس سے قبل لاہور قلندرز کے سکندر رضا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے جنوبی افریقی کھلاڑی وین ڈر ڈوسن نے بھی پاکستان آنے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 1.530 کے رن ریٹ اور 9 میچوں میں 13 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور پلے آف کے لیے کوالیفائی بھی کرچکی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لیگ مرحلے کا آخری میچ 18 مئی کو راولپنڈی میں ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی جو ایونٹ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے۔
اتوار کے روز راولپنڈی میں دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ ہوگا۔
پنڈی میں آخری میچ 19 مئی کو دفاعی چیمپئن اسلام آباد اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
لاہور کا قذافی اسٹیڈیم بالترتیب 21، 22 اور 23 مئی کو کوالیفائر، ایلیمنیٹر 1 اور کوالیفائر 2 کی میزبانی کی جائے گی۔
ٹورنامنٹ کا فائنل بھی لاہور میں 25 مئی کو کھیلا جائے گا۔