Tag: PSL 7

  • پی ایس ایل سیون کی پہلی فائنلسٹ ٹیم کون؟ فیصلہ آج ہوگا

    پی ایس ایل سیون کی پہلی فائنلسٹ ٹیم کون؟ فیصلہ آج ہوگا

    لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، آج پلے آف کا پہلا میچ کھیلا جائے گا، جیتنے والی ٹیم فائنل میں جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیون کے پلے آف مرحلے کا پہلا میچ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں پہلے کوالیفائر میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا، میچ ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

    ایونٹ میں آج کے میچ میں جو جیتے گا وہ ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلے گا جبکہ ہارنے والی ٹیم کے پاس ایک چانس اور ہوگا، آج شکست کھانے والی ٹیم پلے آف مرحلے کے دوسرے میچ کی ونر ٹیم کے ساتھ میچ کھیلے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: غیرملکی کھلاڑیوں کے جانے سے ٹیموں کی مشکلات بڑھ گئیں

    پلے آف مرحلے کا دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان 24 فروری کو کھیلا جائے گی، دوسرا میچ ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گی۔

    ٹورنامنٹ کا فائنل 27فروری کو کھیلا جائے گا۔

  • کراچی کنگز جیت کا کھاتا نہ کھول سکی

    کراچی کنگز جیت کا کھاتا نہ کھول سکی

    پاکستان سپر لیگ 7 میں کراچی کنگز جیت کا کھاتا نہ کھول سکی اور اسے مسلسل چھٹے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ کے 19 ویں میچ میں پشاور کے خلاف کراچی کی خاطرخواہ مزاحمت کا سامنا نہ کر سکی اور 194 رنز کے تعاقب میں مقررہ بیس اوورز میں 138 رنز تک ہی محدود رہی۔ زلمی نے 55 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری کامیابی حاصل کی.

    مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب شرجیل خان 14 رنز بناکر سلمان ارشاد کی گیند پر بین کٹنگ کو کیچ دے بیٹھے۔ دوسری وکٹ کے لیے بابراعظم اور جوکلارک نے اگلے دس اوورز میں 60 رنز کی شراکت قائم کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

    کپتان بابراعظم بھی 59 رنز اسکور کرکے سلمان ارشاد کا شکار بنے۔ ان کی اننگزمیں 6 چوکے شامل تھے۔ جو کلارک نے 26 رنز بنائے۔

    اس شراکت داری کے ٹوٹنے کے بعد کراچی کنگز کا کوئی بھی بیٹر زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز ہی بناسکی۔

    سلمان ارشاد اور وہاب ریاض نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    اس سے قبل کنگز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پشاور کو بیٹنگ کی دعوت دی تو ر زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے، حضرت اللہ زازئی اور محمد حارث نے کراچی کنگز کے خلاف 97 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، زازئی 52 جبکہ محمد حارث نے 49 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

    زلمی کی جانب سے شعیب ملک نے 31 اور بین کٹنگ نے 26 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کے مجموعے کو قابل قدر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    کراچی کنگز کی جانب سے کرس جارڈن کامیاب بولر رہے جنہوں نے 41 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، محمد نبی، قاسم اکرم اور عمید آصف کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

    میچ کے آغاز پر پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی بولنگ کا ہی سوچ رہا تھا ، 170 سے 180 رنز کا ٹارگٹ دینے کی کوشش کریں گے ، یہ اچھا ٹارگٹ ہو گا، نیا وکٹ ہے ،کنڈیشن بھی اچھی ہیں۔

    کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم نے ٹاس کے بعد گفتگو میں بتایا تھا کہ ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں ہیں، جوکلارک اور قاسم اکرم کی کراچی کنگز میں واپسی ہوئی ہے جبکہ فاسٹ بولرعثمان شنواری انجری کی وجہ سے باہر ہوگئے ان کی جگہ عامر یامین کوفائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

    پشاور زلمی کے خلاف کراچی کنگز کا یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کنگز کےپاس غلطی کی گنجائش نہیں، جیت ہی وہ واحد صورت ہے جو اسے ایونٹ میں رہنے کی آخری امید فراہم کرے گی۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان ہیڈ ٹو ہیڈ میچوں میں پشاور کو برتری حاصل ہے، جہاں 11 میچوں میں زلمی نے میدان مارا جبکہ کراچی نے 6 میچز میں کامیابی حاصل کی۔

  • اسٹار آل راؤنڈر شاہدآفریدی نے پی ایس ایل کوخیرباد کہہ دیا

    اسٹار آل راؤنڈر شاہدآفریدی نے پی ایس ایل کوخیرباد کہہ دیا

    لاہور: اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے پی ایس ایل کے حوالے سے اہم اعلان کرڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ کمر کی تکلیف کے باعث پی ایس ایل سیون سے دستبردار ہورہا ہوں۔

    https://twitter.com/SAfridiOfficial/status/1492780664940281857?s=20&t=BLS5TiHskAVOxsFwj4NMug

  • ‘جلد ہی ہماری ملاقات ہوگی’، شاہد آفریدی کا جذباتی پیغام

    ‘جلد ہی ہماری ملاقات ہوگی’، شاہد آفریدی کا جذباتی پیغام

    لاہور: کرونا ایس او پیز باپ بیٹی کی لازوال محبت کے درمیان حائل ہوگئیں، اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے افسردگی کے عالم میں بیان جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی اور ان کی بیٹی لاہور میں ایک ہی ہوٹل میں موجود ہونے کے باوجود ملاقات نہیں کرسکتے کیونکہ کرونا ایس او پیز کے تحت کھلاڑی کو بائیو سیکیور ببل سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

    کورونا پابندیاں باپ بیٹی کی ملاقات میں حائل تو ہوئیں مگر لازوال رشتے کی محبت کمرے کے آنکھ نے قید کرلی، جسے خود شاہد آفریدی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے وائرل کردیا ہے۔

    شاہد آفریدی نے لکھا کہ میں اپنی چھوٹی بیٹی کو بہت یاد کر رہا ہوں، ہم ایک ہی ہوٹل میں ہیں لیکن بائیو ببل پروٹوکولز کی وجہ سے مل نہیں سکتا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہد آفریدی کی چھوٹی بیٹی نے کھڑکی سے اپنے والد کو تجسس بھری نگاہوں سے دیکھا اور ‘بابابابا’ کی آوازیں لگائیں، جبکہ شاہد آفریدی نے بیٹی کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا اور پیغام میں لکھا کہ میری چھوٹی شہزادی جلد ہی ہماری ملاقات ہوگی۔

    https://twitter.com/SAfridiOfficial/status/1492414778240872449?s=20&t=wkCdGWR7mYo8UXBUtdEUYw

    واضح رہے کہ شاہد آفریدی پی ایس ایل کے آغاز پر ہی کرونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث وہ ابتدائی دو میچوں میں شریک نہ ہوسکے تھے۔

    آج آفریدی کی ٹیم اہم ترین میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے مد مقابل ہوگی۔

  • اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج مدمقابل

    اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج مدمقابل

    لاہور: پی ایس ایل سیزن سیون کے سنسنی خیز مقابلے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری ہے، آج مزید ایک میچ کا فیصلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل ) میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا، اسلام آباد یونائیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آج مد مقابل ہوں گی، شام 7 بجکر 30 منٹ پر دونوں ٹیموں کے درمیان زور کا جوڑ پڑے گا۔

    اہم مقابلے سے قبل دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی اور پلان فائنل کرلیے، پال اسٹرلنگ کی جگہ انگلش آل راؤنڈر لیام ڈؤسن نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جوائن کر لیاہے، انہیں گلیڈی ایٹرز کے خلاف نمائندگی ملنے کا امکان ہے۔

    لاہور قلندرز کے خلاف ہائی اسکورنگ میچ جیتنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مورال بھی بلند ہے تاہم انہیں بڑا دھچکا ملا ہے کیونکہ اسٹار آل راؤنڈر محمد نواز پاؤں میں فریکچر کے باعث پی ایس ایل سے آؤٹ ہوچکے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 7: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اہم کھلاڑی سے محروم

    دونوں ٹیموں کے درمیان آخری پانچ میچز کا موازنہ کیا جائے تو اسلام آباد کا پلڑا بھاری ہے، جس نے گلیڈی ایٹرز کو تین مرتبہ شکست کا مزا چکھایا جبکہ دو میں ناکامی ملی۔

    ادھر پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز پوائنٹس ٹیبل پر بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، لاہور قلندرز دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

  • پی ایس ایل میچز : اسٹیڈیم میں 50 فیصد افراد کے داخلے کا نوٹی فکیشن جاری

    پی ایس ایل میچز : اسٹیڈیم میں 50 فیصد افراد کے داخلے کا نوٹی فکیشن جاری

    لاہور : پنجاب میں پی ایس ایل میچز میں 50 فیصد افراد کے داخلے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ، تاہم 12 سال سے زائد والوں کو ویکسین کی دونوں ڈوز لگوانا ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے پی ایس ایل میچز میں 50 فیصدافراد کے داخلے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ 10 سے 15 فروری تک 50 فیصد افراد کے داخلے کی اجازت ہو گی۔

    نوٹی فکیشن میں بتایا گیا 100فیصد افراد کو16 سے 27 فروری تک داخلے کی اجازت ہوگی تاہم 12 سال سے زائد والوں کو ویکسین کی دونوں ڈوز لگوانا ضروری ہے۔

    ،مراسلے میں کہا گیا کہ ایس اوپیزکےساتھ12 سال سے کم عمروالےبغیرویکسین میچ دیکھنے آسکتے ہیں، انتظامیہ پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی پابند ہے۔

    خیال رہے پاکستان سپر لیگ کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا، گذشتہ روز این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ میگا ایونٹ کے لاہور میں ہونے والے میچز میں 50فیصد شائقین کو اسٹیڈیم داخلےکی اجازت ہوگی۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ 15فروری تک ویکسینیٹڈ 50فیصد شائقین پی ایس ایل میچز اسٹیڈیم میں دیکھ سکیں گے جبکہ 16فروری سے 100فیصد شائقین کو میدان میں آنے کی اجازت ہوگی۔

  • پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل سیزن 7 کو کامیاب بنانے پر اہل کراچی کا شکرگزار

    پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل سیزن 7 کو کامیاب بنانے پر اہل کراچی کا شکرگزار

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سیزن سیون کو کامیاب بنانے پر اہل کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پی سی بی مداحوں کی قدر اور ان کا احترام کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور پی ایس ایل کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سلمان نصیر نے کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل سیون کے پہلے مرحلے کے دوران بھرپور تعاون کرنے پر تمام سول اور سیکیورٹی ایجنسیز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا اداروں نے میچز کے کامیاب انعقاد کےلیے محفوظ ماحول دیا۔

    سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ تمام تماشائیوں کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، جنہوں نے محدود تعداد میں داخلے کی اجازت کے باوجود نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں زبردست کرکٹ ماحول بنائے رکھا۔

    ڈائریکٹر پی ایس ایل نے کہا امید ہے بارہ سے سولہ مارچ تک کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹیسٹ میچ کے لیے ہر عمر کے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی، پی سی بی مداحوں کی قدر اور ان کا احترام کرتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ذمہ داریاں ادا کرنے والے پی سی بی کے تمام عملے کا شکر گزار ہوں۔

    خیال رہے پی ایس ایل سیون کا پہلا مرحلہ ختم ہوگیا ہے ، دوسرے مرحلے کا آغاز دس فروری سے لاہور میں ہوگا، اسلام آباد،ملتان اورپشاور نے لاہور میں ڈیرے ڈال دیئے جبکہ کراچی، لاہور اور کوئٹہ کی ٹیمیں آج روانہ ہوں گی۔

  • پی ایس ایل میں مہمان جوڑے کے سالگرہ منانے کی ویڈیو وائرل

    پی ایس ایل میں مہمان جوڑے کے سالگرہ منانے کی ویڈیو وائرل

    کراچی: پاکستان سپر لیگ 7 کے پانچویں میچ کے دوران آسٹریلوی کرکٹر بین کٹنگ اور ان کی اہلیہ ایرن ہالینڈ نے شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔

    ہوا کچھ یوں کہ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین میچ کے دوران آسٹریلوی کرکٹر بین کٹنگ اور ایرن ہالینڈ باؤنڈری پر گفتگو کر رہے تھے  کہ اس دوران ایرن  نے اپنے شوہر کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔

    ایرن  نے پاکستانی لباس پہن رکھا تھا، انہوں نے مائیک میں بین کٹنگ کے لیے "ہپی برتھ ڈے ٹو یو” گایا جس کی ویڈیو کچھ ہی لمحوں میں وائرل ہوگئی۔

    ایرن ہالینڈ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی بین کٹنگ کو میچ کے دوران سالگرہ کی مبارکباد دے کر اس لمحے کو یادگار بنا دیا۔

    ویڈیو کو ہزاروں صارفین کی جانب سے نہ صرف پسند کیا گیا بلکہ  لوگوں نے  مہمان جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ صارفین نے  بین کٹنگ کو مبارکباد پیش کی ۔

    بین کٹنگ 1987 میں آسٹریلیا کے شہر سنی بینک میں پیدا ہوئے اور آج ان کی 35ویں سالگرہ ہے۔

  • پی ایس ایل 7: اسلام آباد کا ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ

    پی ایس ایل 7: اسلام آباد کا ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل سیزن 7 کے پانچویں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلی فیلڈنگ کا فیصلہ کرلیا۔

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن کے پانچویں میچ میں کچھ دیر بعد پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نیشنل اسٹیڈیم میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

    سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ آج ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہی ہے، جس نے ٹاس جیت پر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

    کپتان وہاب ریاض کورنا سے صحتیاب ہوکر پشاور زلمی کے سفر میں دوبارہ شامل ہوگئے ہیں جن کی قیادت میں ٹام کوہلر کیڈمور(وکٹ کیپر)، یاسر خان، حیدر علی، حسنین طلعت، شعیب ملک، شیرفین روتھرفورڈ، بین کٹنگ، شہیل خان، عثمان خان اور پیٹ براؤن میدان میں اُتریں گے۔

    دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کے فرائض نوجوان اسپنر شاداب خان انجام دے رہے ہیں جب کہ ٹیم میں ایلکس ہیلز، پاؤل اسٹرلنگ، رحمان اللہ گُرباز(وکٹ کیپر)، مبشر خان، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی اور مرچنٹ ڈی لانگے شامل ہیں۔

    اس سے قبل پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اپنے پہلے ہی میچ میں سنسنی خیز کامیابی حاصل کی تھی۔

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آج دوسرا میچ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا اور یہ میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

  • رضوان اور شان کا لاٹھی چارج، لاہور قلندرز کو شکست

    رضوان اور شان کا لاٹھی چارج، لاہور قلندرز کو شکست

    پی ایس ایل 7 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا جانے والا 207 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے 150 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، شان مسعود نے 83 اور محمد رضوان نے 69 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

    خوشدل شاہ نے 4 گیندوں پر 18 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، صہیب مقصود 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ری روسو 5 رنز بنا کر حارث رؤف کو وکٹ دے بیٹھے۔

    لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف نے اپنے آخری اوور میں 16 رنز دیے جو قلندرز کی شکست کا سبب بنے۔

    حارث رؤف نے 3.4 اوورز میں 46 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل لاہور قلندرز نے جیت کےلیے ملتان سلطانز کو 207 رنز بڑا ہدف دیا تھا۔

    فخر زمان نے 35 گیندوں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے قلندرز کے اسکور میں 76 رنز شامل کیے، اور احسان اللہ کی گیند پر عمران خان کو کیچ دے بیٹھے جب کہ عبداللہ شفیق نے مجموعی اسکور میں 24 رنز کا اضافہ کیا۔

    تیسرے نمبر پر کامران غلام پچ آئے اور 31 گیندوں پر 43 رنز بناکر ڈیوڈ ولی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

    محمد حفیظ ٹیم کے مجموعی اسکور میں 16 اور بین ڈنک صرف 9 رنز کا اضافہ کرسکے جب کہ ڈیوڈ وایزی 13 اور راشد خان 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

    پہلی اننگز میں شاہنواز دھانی، خوشدل شاہ، عمران طاہر اور ڈیوڈ ولی نے لاہور قلندرز کے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 7) سیز سیون کا پہلا ڈبل ہیڈر آج ہونے جارہا ہے جس میں دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اِن ایکشن ہوں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والا میچ ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔

    May be an image of text