لاہور : پنجاب کے وزیر زعیم قادری نے کہا ہے کہ آج کے دن کوئی سیاست نہیں ہوگی ، یہ قومی معاملہ ہے سب کو مل کرکام کرنا ہوگا۔
یہ بات انہوں نے قذافی اسٹیڈیم کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے بتایا کہ لاہور میچ کے لئے بہترین انتظامات کئے گئےہیں، شائقین کرکٹ کو فری شٹل سروس فراہم کی جارہی ہے، تمام شائقین کو خصوصی بسوں کے ذریعے پارکنگ ایریا سے اسٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا، عوام کو اچھی اور سستی تفریح فراہم کی جائے گی۔
عمران خان کی اسٹیڈیم آمد کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں زعیم قادری نے کہا کہ آج کوئی سیاست نہیں ہوگی، ایک بڑا ایونٹ ہونے جارہا ہے، جو میچ دیکھنے آئے گا وہ ہماری سر آنکھوں پر اور جو نہ آسکا اس کی کوئی مجبوری ہوگی، ہمیں کوئی شکوہ شکایت نہیں۔
گزشتہ روز لاہور ریلوے اسٹیشن پر شیخ رشید کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں شیخ رشید سے معذرت خواہ ہوں، جو کچھ ہوا ہرگز نہیں ہونا چاہیئے تھا، میں اس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ بھی اس موقع پر نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔
کراچی : دنیا بھر کے پرنٹ میڈیا میں بھی پی ایس ایل کی دھوم مچی ہوئی ہے، مختلف ممالک کے نامور اخبارات نے پاکستانی عوام کے جذبات کو اپنی خبروں اور کالموں میں تعریفی الفاظ میں اجاگر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائنل کے جنون نے نہ صرف پاکستان بلکہ ملک سے باہر بھی دھوم دھڑکا مچایا ہوا ہے ، دنیا بھر کے اخبارات اور جرائد نے پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے خصوصی مضامین اور کالم شائع کیے ہیں۔
پی ایس ایل فائنل کی پاکستان میں انٹری کو اب عالمی سطح پر بھی خوب پزیرائی حاصل ہو رہی ہے، بی بی سی کے مطابق پاکستان گزشتہ آٹھ برسوں سے وطن سے دورکرکٹ کھیل رہا ہے اور مقامی افراد کوالٹی میچ دیکھنے کے لیے ترسے ہوئے ہیں اور اسی کے باعث فائنل میچ کے ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو گئے۔
مشرق وسطیٰ کے صف اول کے اخبار عرب نیوز نے پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے خصوصی مضمون شائع کیاہے، اخبار کے مطابق شائقین کو اسٹیڈیم تک پہنچنے کے لیے تین جگہوں پر تلاشی دینی ہو گی لیکن ان تمام سیکیورٹی مراحل کے باوجود فائنل سے والہانہ لگاؤ کم ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔
بھارتی اخبار دی انڈین ایکسپریس نے اس صورتحال کو جنون سے تشبیہہ دی، ان کے علاوہ، خلیج ٹائمز، ٹرینیڈاڈ ایکسپریس، ٹائمز آف انڈیا سمیت بے شمار اخبارات نے اس فائنل کو بھرپور کوریج دی ہے۔
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف نے پی ایس ایل کے فائنل کو سیاسی طور پر لاہور میں کرایا ہے، صرف فائنل ہی نہیں پوری پی ایس ایل پاکستان میں ہونی چاہئیےتھی، اسٹیڈیم میں نوازشریف کے حق میں نعرے لگوائے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے سارے ٹکٹس ن لیگ نے اپنے کارکنوں کو فروخت کئے ہیں تاکہ اسٹیڈیم میں اپنے حق میں نعرے لگوا سکیں۔
اسٹیڈیم میں کارکنان کو بٹھا کرنعرے لگوانا نواز شریف کی سیاست کا حصہ ہے، عمران خان نے کہا کہ اچھی کرکٹ کھیلنے والےکو سپورٹ کرتا ہوں، 35سال سے کہہ رہا ہوں کہ علاقائی کرکٹ کھیلیں، علاقائی کرکٹ میں لوگوں کی دلچسپی ہوتی ہے، ملک میں امن ہی کرکٹ کو واپس لائے گا، حالیہ واقعات نہ ہوتے تو عالمی سطح پر پاکستان کا اچھا تاثر جاتا۔
ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاناما لیکس کیس پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرےگا، موٹو گینگ عدالت میں کچھ اور باہر کچھ بیانات دیتے تھے، 1998 میں مے فیئراپارٹمنٹ کے باہر مظاہرہ کیاتھا، 1998 میں یہ لوگ مے فیئراپارٹمنٹ کو نہیں مانتےتھے، پاناما لیکس آئیں تو شریف فیملی نے ان فلیٹس کو بھی تسلیم کرلیا۔
کرپشن ختم کرنے کیلئے کوئی سنجیدہ نہیں، صرف بیانات دیئے جاتے ہیں، پاکستان کامسئلہ ہی کرپشن ہےاس لیے یہ ملک آگے نہیں بڑھ رہا، حکمرانوں نے جواب دینے کے بجائے میرے خلاف کیسز کیے، منہ بند کرنے کیلئے میرے خلاف بے بنیاد کیسز بنائے گئے۔
آئین میں رہتے ہوئے جو کر سکتا تھا وہ کیا اورکربھی رہا ہوں، جب کرکٹ کھیلتا تھا تو آخری گیند تک مقابلہ کرتا اورنتیجہ تسلیم کرتا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ دیکھیں آج تک کسی طاقتورکیخلاف فیصلہ نہیں ہوا، میرامقصد صرف اتنا ہے کہ طاقتور بھی کرپشن کرتے ہوئے ڈرے۔
کراچی : پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کے اہم کھلاڑی شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ فائنل نہ کھیلنے کا دکھ ہے، انجری نہ ہوتی تو یقیناً فائنل کھیلتا، پی ایس ایل میں بہترین میچز ہوئے کارکردگی سے خوش اور مطمئن ہوں، فائنل دیکھنے لاہور ضرور جاؤں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’اعتراض ہے‘‘ میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا، پروگرام میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے کپتان سرفرازاحمد اور جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل میرے پاس ایک اچھا موقع تھا جس کا فائدہ اٹھایا، پی ایس ایل کے ذریعے نئے ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، اس میں بہت سےنئےکھلاڑیوں کوموقع دیا گیا، محمد اصغرجیسے بولراور بہت سے نئےکھلاڑی متعارف ہوئے ہیں۔
فئیر ویل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فیئر ویل میں نے خود کھوئی ہے، ہرکھلاڑی کو فیئر ویل ملنی چاہئیے، مداحوں کا مشکورہوں اور ان ہی کیلئے کھیلتا آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہی دبئی سے کراچی پہنچا ہوں، ڈیرن سیمی بھی لاہور پہنچیں گے، غیرملکی کھلاڑیوں کیلئے کل ضرور فائنل دیکھنےجاؤں گا، نہ کھیلنے کا دکھ ہے انجری نہ ہوتی توفائنل ضرور کھیلتا۔
ملک میں انٹر نیشل کرکٹ کی واپسی پر خوشی ہے، سرفراز احمد
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ خوشی ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے، غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں جو خوش آئند ہے، کوئی بھی ٹیم جیتے فرق نہیں پڑتا جو اچھا کھیلے گا فائنل وہی جیتے گا، جیت صرف پاکستان کی ہونی چاہئیے۔
پی سی بی حکام کو پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے پر مبارکباد دیتا ہوں، فائنل جیتنے کیلئے تمام کھلاڑی بہت پرجوش ہیں تاہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی کمی محسوس کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کیون پیٹرسن کی جگہ نئےغیرملکی کھلاڑی ٹیم میں شامل ہونگے، احمد شہزاد سمیت بہت سے پلیئرفارم میں ہیں اور اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں، پوری لیگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے آئندہ بھی کرینگے، پی ایس ایل میں بہت کچھ سیکھنےکوملا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو دعوت دینے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں کون ہوتا ہوں دعوت دینے والا، لیکن میری خواہش ہے کہ عمران خان بھی کل میچ دیکھنے آئیں، وہ بہت بڑے کھلاڑی ہیں، اگرمصروفیات نہ ہوئیں تو کل عمران خان بھی قذافی اسٹیڈیم میں ہونگے، کھیل سے محبت کرنے والے ہر شخص جس کو موقع ملے گا تو وہ فائنل دیکھنے ضرور آئے گا۔
امن کا پیغام پہنچانے کیلئے میچ دیکھنے جاؤں گا، سراج الحق
جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پہلی مرتبہ ٹکٹ لے کر محبت اور امن کا پیغام عالمی سطح پر پہنچانے کیلئے پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے جارہا ہوں، اس سے پہلے میچ کبھی کبھی ٹی وی پر میچ دیکھتا رہاہوں۔
انہوں نے کہا کہ 500 روپے سے کم کوئی ٹکٹ نہیں تھا اسی لیے وہی ٹکٹ خریدا، عام شہری ہوں عام پاکستانیوں کے ساتھ ہی میچ دیکھوں گا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتا ہوں، پاکستان میں بھی کرکٹ کے شائقین موجود ہیں توجہ دینی چاہیے، پی ایس ایل فائنل میں پہنچنےوالی دونوں ٹیمیں ہماری ہی ٹیمیں ہیں، پی ایس ایل پاکستان میں ہوتو ملک کا فائدہ ہے،عام شہریوں کا فائدہ ہے۔
اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے خبردار کیا ہے کہ پی ایس ایل کے فائنل میں ان کے ساتھ کوئی مستی ہوئی تو نواز شریف اور شہباز شریف ساری عمر بھگتیں گے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے لیے بے تاب ہے، وہ آج شام 4بجے ریلوے اسٹیشن سے لاہور روانہ ہونگے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کا بے صبری سے انتظار ہے، پی ایس ایل کے فائنل میں جو بھی ٹیم فاتح ہو جیت پاکستان کی ہی ہوگی، حکومت کو ان کا میچ دیکھنا بھی برداشت نہیں ہورہا۔
شیخ رشید نے خبردار کیا کہ نوازشریف اور شہباز شریف نے میرے ساتھ کچھ کیا تو بھگتیں گے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ہم نے آصف زرداری کو کہا کہ لوگ آپ کو نواز شریف کی انشورنس پالیسی سمجھتے ہیں، آپ واضح کریں کہ چوروں کے ساتھ ہیں یا چوکیدار کے ساتھ ہیں،پیپلز پارٹی پاناما ڈان لیکس اور نوازشریف سے تعلقات پر اپنا فیصلہ کرے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے لئے دو سال کی مدت پر سب متفق ہیں پیپلز پارٹی اپنے تحفظات لیکر پارلیمانی کمیٹی میں آئے پی ایس ایل پر آصف زرداری نے مجھے کہا کہ آپ نے بڑی غلطی کی ہے ۔
اوچ شریف: پی ایس ایل کے فائنل کا جنون سر چڑھ کر بولنے لگا ہے، اوچ شریف کے رہائشی نوجوان نے فائنل دیکھنے کے لئے شادی منسوخ کر دی اور 12 ہزار روپے والی ٹکٹ لے کر رشتہ داروں اور دوست احباب سے بارات میں نہ آنے کی معذرت کرلی۔
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے رہائشی کاشف حسین کی کل پانچ مارچ کو شادی تھی لیکن کاشف نے شادی منسوخ کر دی ہے، اس کا کہنا ہے کہ کل وہ بینڈ باجوں کے ساتھ بارات لے کر نہیں بلکہ پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے لئے لاہور جائیں گے۔
کاشف کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ شادی کے دعوت نامے جاری ہو چکے ہیں اور مہمانوں کی آمد بھی شروع ہو گئی ہے کاشف کی منت سماجت کی شادی کرےاور میچ ٹی وی پر دیکھے مگر کاشف پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے پر بضد ہے۔
کاشف حسین کا کہنا ہے کہ شادی تو بعد میں بھی ہو جائے گی لیکن پی ایس ایل کا یہ فائنل دوبارہ نہیں ہوگا اگر میں نے یہ فائنل نہ دیکھا تو مجھے ساری زندگی افسوس رہے گا میں کل میچ دیکھوں گا۔
دلہاکاشف نے مزید کہاکہ پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے بعد شادی کروں گا۔
لاہور : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پی ایس ایل فائنل پر قذافی اسٹیڈیم کے عمران خان انکلوژر میں شائقین کیلئے مفت ٹکٹ کی خواہش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پی ایس ایل فائنل کی تیاریاں عروج پر ہے ، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی اپنی خواہش کا اظہار کردیا، انکا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے فائنل میچ کیلئے قذافی اسٹیڈیم میں عمران خان انکلوژر کا ٹکٹ مفت کردیاجائے۔
تحریک انصاف کے فواد چوہدری نے عمران خان کی خواہش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں انکے نام پر انکلوژر کا ٹکٹ مفت کر دیا جائے، کافی عرصے بعد پاکستان میں کرکٹ لوٹی ہے اور 12,12 ہزار روپے کا ٹکٹ زیادتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کو ایلیٹ کا ایونٹ بنادیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کو فیصلہ پاگل پن قرار دے چکے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ اگر خدا نخواستہ کوئی چھوٹا سا واقعہ بھی رونما ہو گیا تو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ مزید 20 برس کے لیے رک جائے گی اور اس کا خمیازہ پورا تقریبآ نا ممکن ہوگا۔
دبئی : بوم بوم آفریدی کے زخمی ہونے کے باعث پی ایس ایل کے فائنل میں شرکت مشکوک ہوگئی، شاہد آفریدی کے ہاتھ میں بارہ ٹانکے آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے اہم میچ میں پشاورزلمی کے کھلاڑی شاہد آفریدی کیرون پولارڈ کا کیچ لینے کی کوشش میں سے شدید زخمی ہوگئے۔
Chat Conversation End
کھیل کے دوران کیرون پولارڈ کا زور دار شاٹ آفریدی کے دائیں ہاتھ پر لگا جس کے بعد آفریدی گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔
ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی کے ہاتھ میں بارہ ٹانکے لگے ہیں، اور ان ہاتھ پر پٹی بندھی ہوئی ہے، جس کے باعث قوی اندیشہ ہے کہ وہ لاہور میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے فائنل میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔کیونکہ اس حالت میں وہ نہ تو بیٹنگ کرسکتے ہیں اور نہ بالنگ کرا سکیں گے۔
لاہور: پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں محفوظ انعقاد کے لیے 3 مارچ سے 6 مارچ تک اسٹیڈیم کے اطراف موجود کمرشل ایریا کو گیس کی فراہمی بند کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق 5 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل میچ کے لیے سخت حفاظتی اقدامات دیکھنے میں آرہے ہیں اور کسی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہنے کے لیے اسٹیڈیم کے اطراف موجود کمرشل ایریا کو گیس کی فراہمی معطل رکھی جائے گی۔
سوئی ناردرن گیس کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کے اطراف دکانوں، شاپنگ مالز اور دیگر صنعتی اداروں کو گیس کی فراہمی 3 مارچ سے 6 مارچ تک مکمل بند رہے گی۔
واضح رہے کہ پنجاب پولیس نے پہلے ہی اسٹیڈیم کے اطراف کاروباری علاقے کو بند کرنے کا عندیہ دے دیا تھا جب کہ اسٹیڈیم کے اطراف شاہراہوں کے استعمال سے پہلے سخت سیکیورٹی حصار سے گزرنا ہوگا جس کے لیے چیکنگ پوسٹ قائم کردی گئی ہیں۔
پی ایس ایل فائنل میچ کا لاہور میں انعقاد سے جہاں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے وہیں اس ایونٹ کے محفوظ انعقاد کے لیے اٹھائے گئے سخت سیکیورٹی اقدامات سے عوام کو مشکلات کا سامنا بھی ہے۔
دبئی : چئیرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی لاہور آئیں گے، فائنل کے لئے ہر ٹیم میں چار غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے، غیر ملکی کھلاڑی پلاٹینئیم، ڈائمنڈ اور گولڈ کٹیگری سے ہوں گے۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہی، پی ایس ایل کے چئیر مین نجم سیٹھی نے کہا کہ غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے لاہورآئیں گے، فائنل کے لئے ہر ٹیم میں 4 غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے۔
I can confirm that each Finalist team will field Four foreign players from pool of platinum, diamond and gold players who have agreed.
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑی پلاٹینئیم، ڈائمنڈ اور گولڈ کٹیگری سے ہوں گے، چئرمین پی ایس ایل کا کہنا تھا کہ کچھ غیر ملکی کھلاڑی چلے گئے تو اور آجائیں گے۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ لوگ پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں دیکھنا چاہتے ہیں، پی ایس ایل فائنل کےتمام ٹکٹس بک جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ جو غیرملکی کھلاڑی نہیں آرہے تو کوئی بات نہیں اور آجائیں گے، ایک سوال کے جواب میں شہریارخان کا کہنا تھا کہ میں کراچی کا رہنے والا ہوں حمایت بھی اسی کی کروں گا۔