Tag: PSL

PSL News in Urdu- پاکستان سپر لیگ یعنی پی ایس ایل سے متعلق تازہ ترین خبریں

کراچی کنگز، پشاور زلمی  ملتان سلطانز

لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

PSL is a cricket league played in Pakistan with Islamabad, Karachi, Multan, Peshawar, Multan

کراچی کنگز

  • پاکستان سپر لیگ کی شہرت امریکا تک پہنچ گئی، ویڈیو وائرل

    پاکستان سپر لیگ کی شہرت امریکا تک پہنچ گئی، ویڈیو وائرل

    نیویارک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی شہرت امریکا تک پہنچ گئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف امریکی مزاحیہ پروگرام ’فیملی گائے‘ میں کراچی کنگز کے چرچے ہونے لگے، پروگرام کے کردار کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے مداح کے طور پر دکھائی دئیے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پروگرام کے دونوں کردار کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی جرسی پہنے ہوئے ہیں اور روایتی انداز میں اپنی ٹیموں کو سپورٹ کررہے ہیں۔

    پی ایس ایل کی امریکا میں مقبولیت کو دیکھتے ہوئے پاکستانی مداح بھی خوشی سے سرشار ہوگئے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈینس نے لکھا کہ ’انہوں نے پی ایس ایل کا انتخاب کیا اور بھارتی لیگ آئی پی ایل کو منتخب نہیں کیا۔‘

    واضح رہے کہ پی ایس ایل میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا میچ دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ بے تاب رہتے ہیں اور میچ کے ٹکٹ چند گھنٹوں میں ہی فروخت ہوجاتے ہیں۔

    کراچی اور لاہور کے شہریوں کی جانب سے اپنی اپنی ٹیموں کو بھرپور سپورٹ کیا جاتا ہے۔

  • پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا انعقاد کب ہوگا؟ اشارہ مل گیا

    پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا انعقاد کب ہوگا؟ اشارہ مل گیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور فرنچائز مالکان نے پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچز رواں سال نومبر میں منعقد کرانے  پر سوچ بچار شروع کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز شہزاد ملک کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کی جنرل کونسل کے آٹھویں آن لائن اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں سیزن فائیو کے بقیہ میچز اور دیگر معاملات پر تفصیلی سوچ بچار کیا گیا۔

    اجلاس میں پی سی بی اور فرنچائز مالکان نے ایک بار پھر دہرایا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ 4 میچوں کا نومبر میں انعقاد پہلی ترجیح ہے۔

    اجلاس میں کرونا کے بعد کی صورت حال کو بھی مدنظر رکھا گیا کیونکہ کوویڈ 19 کی وجہ سے بقیہ میچز مزید تاخیر کا شکار بھی ہوسکتے ہیں۔

    پی سی بی اور تمام لیگ کی تمام چھ فرنچائزز کے نمائندگان نے پی ایس ایل کی طویل مدتی نشو و نما کو یقینی بنانے اور مالی استحکام پیدا کرنے کے  لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے پی ایس ایل کو 20 کروڑ روپے کا نقصان

    اجلاس میں لیگ کے جاری جائزے کی بنیاد پر مختلف دیگر فیصلے بھی کیے گئے۔  گورننگ کونسل نے پاکستان سپر لیگ کو ایک آزاد شعبہ بنانے پر پی سی بی کو سراہا۔

    پی سی بی اور فرنچائزز نے پی ایس ایل ڈیپارٹمنٹ اور ٹیموں کے درمیان باقاعدہ رابطے کے فریم ورک پر اتفاق کیا ہے، جس کا مقصد لیگ سے متعلق مختلف آپریشنل اور اسٹریٹجک امور پر مشاورت کے عمل کو تیز اور بہتر بنانا ہے ۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا تھا کہ ’آج گورننگ کونسل کا اہم اجلاس تھا جس میں سب کا مشترکہ ایجنڈا پی ایس ایل کا مستقبل اور اس کی فلاح تھا، پاکستان سپرلیگ کا مستقبل پاکستان کرکٹ بورڈ اور تمام فرنچائزز کے لیے اہم ہے لہذا سب مل کر اسے ایک بڑا اور مضبوط برانڈ بنا کر دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں شامل تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی

    احسان مانی نے شرکا کو بتایا کہ پی سی بی اور فرنچائزز نے تمام زیرالتواء معاملات کو مل کر حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ دنیا کی بہترین کرکٹ لیگز میں شامل پی ایس ایل کے تمام فریقین کو فائدہ ہو اور وہ ترقی کی منازل اسی طرح طے کرتے رہیں تاکہ کرکٹ کا مستقبل روشن رہے۔

  • ’پی ایس ایل نے ثابت کردیا پاکستان محفوظ ترین ملک ہے‘

    ’پی ایس ایل نے ثابت کردیا پاکستان محفوظ ترین ملک ہے‘

    کراچی: سابق انگلش کھلاڑی اور معروف کمنٹیٹر مائیکل ایتھرٹن نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کی شاندار میزبانی نے ثابت کردیا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ترین ملک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں مائیکل ایتھرٹن نے پی ایس ایل فائیو کو کامیاب ایونٹ قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس ایل فائیو نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہاں کے شائقین کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، پی ایس ایل کے دوران انٹرنیشنل کھلاڑیوں نےخود کو بالکل محفوظ سمجھا اور شائقین کے جوش وخروش سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

    پی ایس ایل سیزن 5 میں بہترین تجربات، ہاشم آملہ کو پاکستان کی یاد ستانے لگی

    سابق کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑی پاکستان سے اچھا پیغام لے کر گئے۔

    قبل ازیں پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 میں پشاور زلمی کے لیے بحیثیت بیٹنگ مینٹور اپنے فرائض انجام دینے والے جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ نے ملک میں گزارے اپنے بہترین لمحات اور تجربات سے مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔

    اپنے ویڈیو بیان میں ہاشم آملہ نے پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنی نیک تنماؤں کا بھی اظہار کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے  پی ایس ایل 5 کو  پاکستان کا بہترین ایونٹ قرار دیا.

     

  • پاکستانیوں کی مہمان نوازی پی ایس ایل کی میزبان کو بھا گئی

    پاکستانیوں کی مہمان نوازی پی ایس ایل کی میزبان کو بھا گئی

    پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 کی ہوسٹ ایرن ہالینڈ وطن واپس لوٹنے کے بعد پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی بے حد مشکور ہوئیں۔

    30 سالہ ماڈل، گلوکارہ اور 2013 میں مس ورلڈ رہنے والی ایرن ہالینڈ پی ایس ایل 5 میں ہوسٹنگ کرنے کے لیے پاکستان میں موجود تھیں۔

    تاہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پی ایس ایل 5 کے اختتامی میچز ملتوی کردیے گئے جس کے بعد غیر ملکی میزبان اور کھلاڑی اپنے وطنوں کو لوٹ گئے۔

    واپسی سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنی ایک ویڈیو میں ایرن ہالینڈ نے کہا کہ یہ میرا پاکستان کا دوسرا دورہ تھا اور میں اس کے ہر لمحے سے بے حد لطف اندوز ہوئی۔

    ایرن نے کہا کہ پاکستانیوں نے ہم سے بہت محبت کی اور ان کی مہمان نوازی شاندار تھی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں شکریہ بھی لکھا۔

    ایرن کے ساتھ موجود جنوبی افریقی ہوسٹ کیس نائیڈو نے بھی شکریے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چاروں شہروں کے میچز کے دوران بہت لطف اٹھایا۔

    انہوں نے کہا کہ میں پہلی بار پی ایس ایل میں شریک ہوئی اور یہ میرے لیے کام کرنے کا زبردست موقع تھا۔

    ان دونوں کے ساتھ موجود کمنٹیٹر مائیکل سلیٹر نے پی ایس ایل کے میچز ملتوی ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا تاہم انہوں نے لیگ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتطامات اور کاوشوں کو بے حد سراہا۔

  • محبت اور سپورٹ پر کراچی کنگز کے مداحوں کا شکر گزار ہوں: ڈین جونز

    محبت اور سپورٹ پر کراچی کنگز کے مداحوں کا شکر گزار ہوں: ڈین جونز

    کراچی: پاکستان سپر لیگ فائیو کی سب سے بڑی ٹیم کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے ٹیم کے مداحوں کا شکریہ ادا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا ہے کہ محبت اور سپورٹ پر کراچی کنگز کے مداحوں کا شکر گزار ہوں، کراچی کنگز کے فینز پی ایس ایل کے بہترین فینز ہیں۔

    ڈین جونز نے لکھا کہ میں اپنی ٹیم کراچی کنگز کا بھی شکر گزار ہوں، ہمارے پاس بہترین کھلاڑیوں کا اسکواڈ تھا۔

    کرونا وائرس، پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائیو کے میچز ملتوی کردیئے

    دریں اثنا، ہوٹل میں کراچی کنگز ٹیم کے مالک سلمان اقبال، صدر وسیم اکرم، کوچ ڈین جونز اور کپتان عماد وسیم نے الوداعی تقاریر کیں، اور تمام کھلاڑیوں کا شکریہ ادا جنھوں نے ٹورنامنٹ کے دوران شان دار ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔

    کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال الوداعی خطاب کر رہے ہیں

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ فائیو کے 2 سیمی فائنلز اور فائنل میچز ملتوی کر دیے ہیں، پی سی بی کا کہنا تھا کہ میچز کو ری شیڈول کیا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے ایونٹ کے پلے آف میچز کو سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کر دیا تھا۔

    غیرملکی کھلاڑی میں کرونا کی علامات کے بعد پی ایس ایل ملتوی کرنےکافیصلہ کیا،وسیم خان

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ ایک غیر ملکی کھلاڑی میں کرونا وائرس کا شبہ تھا، غیر ملکی کھلاڑی میں علامات کے بعد پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

  • پی ایس ایل سیمی فائنل اور فائنل کے لیے امپائرز کا اعلان

    پی ایس ایل سیمی فائنل اور فائنل کے لیے امپائرز کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے امپائرز کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے امپائرز کا اعلان کردیا گیا، آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل پاکستان کے علیم ڈار اور انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے مائیکل گف ناک آؤٹ اور فائنل میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

    پی سی بی کے مطابق سری لنکا کے روشن ماہنامہ فائنل کے میچ ریفری ہوں گے۔

    پہلے سیمی فائنل میں علیم ڈار کے ساتھ بطور فیلڈ امپائر احسن رضا شامل ہوں گے، شوزب رضا اور طارق رشید تیسرے اور چوتھے امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنل میچز کل لاہور میں ہوں گے

    دوسرے سیمی فائنل میں مائیکل گف کے ساتھ راشد ریاض امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، آصف یعقوب اور فیصل آفریدی تیسرے اور چوتھے امپائر ہوں گے۔

    پی سی بی کے مطابق 18 مارچ کو کھیلے جانے والے فائنل میچ میں علیم ڈار اور مائیکل گف آن فیلڈ امپائر ہوں گے، احسن رضا اور راشد ریاض تیسرے اور چوتھے امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنل میچز کل لاہور میں کھیلے جائیں گے، پہلے سیمی فائنل میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کا مقابلہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دوپہر دو بجے ہوگا۔ دوسرا سیمی فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان شام سات بجے شروع ہوگا۔

  • سیمی فائنل سے قبل لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا، کرس لین وطن روانہ

    سیمی فائنل سے قبل لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا، کرس لین وطن روانہ

    لاہور: پی ایس ایل فائیو سیمی فائنل سے قبل لاہور قلندرز کی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، جارح مزاج اوپنر کرس لین وطن روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو سیمی فائنل میں لاہور قلندرز کے جارح مزاج اوپنر کرس لین ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، کرونا وائرس کے پیش نظر کرس لین نے وطن واپس جانے کا فیصلہ کیا۔

    کرس لین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کھیل کر بہت مزہ آیا، زندگی میں کرکٹ کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے اور یہی ان کے فیصلے کی بنیاد ہے، امید ہے ٹیم ناک آؤٹ مرحلے میں اچھا پرفارم کرے گی۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنل میچز کل لاہور میں ہوں گے

    واضح رہے کہ اس سے قبل جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ویزے اور سری لنکا کے سیکوگے پرسنا نے بھی لاہور قلندرز کے ساتھ پی ایس ایل میں اپنا سفر ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کا اعلان کیا تھا۔

    یاد رہے کہ غیرملکی کرکٹرز نے پی ایس ایل چھوڑنے کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش کے بعد کیا تھا۔

    پی سی بی نے دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلنے کے بعد کھلاڑیوں کو آپشن دیا تھا کہ اگر وہ چاہیں تو گھروں کو واپس روانہ ہوسکتے ہیں۔

    پی سی بی کے پیشکش کے بعد پہلے مرحلے میں 11 کھلاڑیوں نے لیگ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے 3 پلیئرز بھی گھر چلے گئے تھے۔

  • کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل سے باہر

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل سے باہر

    کراچی: دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پی ایس ایل فائیو میں سفر اختتام پذیر ہوگیا، گلیڈی ایٹرز سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اپنا آخری میچ کھیل رہی ہے، کوئٹہ کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے 150 رنز سے فتح درکار تھی یا پھر ہدف 3 اوورز میں حاصل کرنا تھا۔

    کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 151 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز نے 3 اوورز میں ایک وکٹ پر 23 رنز بنائے۔

    مطلوبہ نتائج حاصل نہ کرنے کی صورت میں کوئٹہ کی ٹیم کا سفر اختتام کو پہنچا اور وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

    گلیڈی ایٹرز کے باہر ہونے کے بعد سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں فائنل فور میں پہنچ چکی ہیں۔

    ملتان سلطانز کا پشاور زلمی کےدرمیان پہلاسیمی فائنل ہوگا جب کہ دوسرا سیمی فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان 17 مارچ کو ہوگا۔ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

  • لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کی تاریخ بدل دی

    لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کی تاریخ بدل دی

    لاہور: لاہور قلندرز نے پہلی بار پی ایس ایل کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کر کے نئی تاریخ رقم کر دی، کرس لین کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت قلندرز نے ملتان سلطانز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فتح حاصل کر لی۔

    لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہوم ٹیم نے سلطانز کا 187 رنز کا بڑا ہدف صرف 1 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، کرس لین نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 55 گیندوں‌ پر 113 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی.

    ان کی باری میں 8 شاندار چھکے اور 12 دلکش چوکے شامل تھے، جب کہ کپتان سہیل اختر 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، آؤٹ ہونے والے واحد بیٹسمین فخر زمان تھے جنہوں‌ نے 35 گیندوں پر 57 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، انہوں‌نے 2 چھکے اور 7 چوکے لگائے.

    آج کی فتح کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے ٹیمیں لائن اپ ہوگئیں، فائنل فور میں پہنچنے والی ٹیموں میں کراچی کنگز، ملتان سلطانز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی شامل ہیں۔

    اس سے قبل ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے خوشدل شاہ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرفہرست رہے اور انہوں نے 29 گیندوں پر 5 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 70 رنز کی اننگ کھیلی ۔

    ان کے علاوہ شان مسعود نے 42 اور روی بوپارہ نے 33 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دو ، وائس نے دو اور محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو پولین کی راہ دکھائی۔

  • سیمی فائنل میں ہماری پرفارمنس مختلف ہوگی، عماد وسیم

    سیمی فائنل میں ہماری پرفارمنس مختلف ہوگی، عماد وسیم

    کراچی: پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ وکٹ سوچ سے زیادہ اسپن بولر کو سپورٹ کررہی تھی، سیمی فائنل میں ہماری پرفارمنس مختلف ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غلطیوں سے سیکھنا ضروری ہے، لاہور کے اوورسیز کھلاڑی بہت زبردست ہیں، ناک آؤٹ میں اب ایک ہی موقع ملے گا، اصل مزہ شائقین کرکٹ کے سامنے کھیلنے میں آتا ہے۔

    عماد وسیم نے کہا کہ شرجیل نے عرصے بعد کم بیک کیا، اب وہ تیار ہیں، شرجیل کو اسی لیے ڈراپ نہیں کرتا کیونکہ وہ اچھا کھلاڑی ہے، پریکٹس میچز میں شرجیل کی سوچ اور گیم سمجھ آگئی تھی، امید ہے شرجیل سیمی فائنل اور آگے بھی اچھی اننگز کھیلے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کی وکٹیں شروع میں بڑے اسکور والی ثابت ہوئیں، اب جو وکٹیں مل رہی ہیں اس میں اسکور کم مقابلہ دلچسپ ہوگیا ہے، لگتا یہی ہے لاہور میں وکٹیں فلیٹ تیار کی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں: کراچی کنگز کی سیمی فائنل میں رسائی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست

    کراچی کنگز کے کپتان کا کہنا تھا کہ رضوان بہتری کھلاڑی ہے لیکن ابھی اس کا چانس بن نہیں پارہا ہے، اوورسیز کھلاڑی کا کمبی نیشن بھی دیکھنا پڑتا ہے، ہوسکتا ہے محمد رضوان کو اگلے میچ میں موقع مل جائے۔

    عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ڈین جونز بہت اچھے کوچ ثابت ہوئے ہیں، ڈین جونز کے ساتھ کام کرنے کا بہت مزہ آتا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، شرجیل خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔