Tag: PSL

PSL News in Urdu- پاکستان سپر لیگ یعنی پی ایس ایل سے متعلق تازہ ترین خبریں

کراچی کنگز، پشاور زلمی  ملتان سلطانز

لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

PSL is a cricket league played in Pakistan with Islamabad, Karachi, Multan, Peshawar, Multan

کراچی کنگز

  • لاہور قلندرز کی شکست، مداح بچہ بُری طرح رو پڑا، ویڈیو وائرل

    لاہور قلندرز کی شکست، مداح بچہ بُری طرح رو پڑا، ویڈیو وائرل

    لاہور: پی ایس ایل میں گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں لاہور قلندرز کی شکست پر مداح بچہ بری طرح رو پڑا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں گزشتہ روز سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو اسلام آباد کے ہاتھوں ایک وکٹ سے شکست ہوئی جس پر مداح بچے سے رہا نہ گیا اور وہ بری طرح رو دیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ روتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ ‘کیا فائدہ لاہور قلندرز کا، کھیلتے ہی کیوں ہیں جب ہارنا تھا۔‘

    بچے کا کہنا تھا کہ ’عثمان شنواری کا اوور دے دیا یہی اوور شاہین آفریدی کو دیتے تو وہ بولڈ ہی ماردیتا، اور لاہور قلندرز میچ جیت جاتے۔

    ویڈیو میں ایک شخص کا کہنا تھا کہ تم چھوڑو لاہور قلندرز کو ملتان میں آجاؤ، جس پر بچے کا کہنا تھا کہ کیوں آؤں لاہور قلندرز میں جب ہماری ٹیم ہی لاہور ہے۔

    بچے کا کہنا تھا کہ میں اب لاہور قلندرز کی طرف نہیں ہوں صرف پاکستان کی طرف ہوں، پاکستان زندہ باد۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز میچ آخری بال ختم ہوا اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہاری ہوئی بازی جیت کر لاہور قلندرز سے فتح چھین لی تھی۔

  • ہار پر دکھ ہوتا ہے لیکن ٹیم کا مورال بلند ہے، عماد وسیم

    ہار پر دکھ ہوتا ہے لیکن ٹیم کا مورال بلند ہے، عماد وسیم

    کراچی: پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ ہا رپر دکھ ہوتا ہے، پی ایس ایل کی ابھی ابتدا ہے، ٹیم کا مورال بلند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن فائیو میں کراچی کنگز کی قیادت کرنے والے عماد وسیم نے ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی پرفارمنس اچھی ہے، لڑکے محنت کررہے ہیں، کل میری نظر میں اسکور 10، 15 رنز کم تھا۔

    عماد وسیم کا کہنا ہے کہ کراچی میں کھیلنے کا مزا الگ ہی ہے، کراچی میں کراؤڈ بہت زبردست ہوتا ہے، پی ایس ایل میں ابھی بہت میچز باقی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں آگے چل کر زبردست مقابلے ہونے ہیں، 4، 5 میچز کے بعد ٹیم پرفارمنس کا پتا چلے گا۔

    مزید پڑھیں: رمیز راجا کا باؤنسر، عماد وسیم نوجوان بولر کیلیے ڈھال بن گئے

    کراچی کنگز کے کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے، بہترین پرفارمنس دیں گے، پہلے میچ میں کمبی نیشن بہترین تھا اس لیے کامیاب ہوئے، پہلے میچ میں اسپنرز کو ٹارگٹ کیا۔

    عماد وسیم کا کہنا تھا کہ کراچی میں کھیلنے کا مزا ہی الگ ہے، نیشنل اسٹیڈیم میں کراؤڈ بہت زبردست ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی کنگز نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

  • پی ایس ایل فائیو، پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ سرفہرست

    پی ایس ایل فائیو، پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ سرفہرست

    کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو میں اب تک 7 میچز کھیلے جاچکے ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 4پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن فائیو میں آج اور کل آرام کا دن ہے، بدھ کے روز سے دوبارہ چھکے اور چوکوں کی برسات ہوگی، پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائی جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔

    دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی چار پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن ہے، سابق چیمپئن پشاور زلمی دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائیو، لاہور قلندرز پر سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد

    کراچی کنگز کے بھی دو پوائنٹس ہیں اور پانچویں نمبر پر براجمان ہے، لاہور قلندرز کی ٹیم دو میچز ہارنے کے بعد بدستور آخری نمبر پر موجود ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 1 وکٹ سے شکست دی تھی۔

    یاد رہے کہ دن میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

  • گیارہویں نمبر پر کھیلنے والے بالر کا انوکھا ریکارڈ

    گیارہویں نمبر پر کھیلنے والے بالر کا انوکھا ریکارڈ

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 میں گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان سنسنی خیز مقابلے میں یونائیٹڈ کے بالر محمد موسیٰ نے بلے بازی میں انوکھا ریکارڈ قائم کردیا۔

    گزشتہ روز لاہور قلندرز کے 183 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار بیٹنگ کی۔ آخری 3 اوورز میں جب 1 وکٹ اور 20 رنز رہ گئے تب محمد موسیٰ نے 2 چوکے اور 1 چھکا مار کر اور مجموعی طور پر 17 رنز بنا کر ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    محمد موسیٰ ٹی 20 میں دنیا کے پہلے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے 11 ویں نمبر کے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

    ان کی اور احمد عبداللہ کی 20 رنز کی پارٹنر شپ بھی دسویں وکٹ کی وہ پہلی پارٹنر شپ بن گئی جس نے نہ صرف سب سے زیاہ رنز بنائے بلکہ کامیابی سے ہدف کا تعاقب کیا۔

    گزشتہ روز کے میچ میں لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ کے تمام سیزنز میں اپنا بلند ترین اسکور یعنی 183 رنز بنائے۔

    قلندرز کے محمد حفیظ نے 7 چوکوں اور 7 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شاہین آفریدی نے بھی 4 وکٹیں اڑائیں۔

    جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کولن انگرام 30 اور ڈیوڈ ملان 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ یونائیٹڈ کی ٹیم نے ہدف آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

  • کیا علی ظفر کا گانا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ مداح کے سوال پر عاصم اظہر کا کرارا جواب

    کیا علی ظفر کا گانا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ مداح کے سوال پر عاصم اظہر کا کرارا جواب

    کراچی: پاکستان سپر لیگ 5 کے گانے کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مختلف آرا کا اظہار جاری ہے، ایک مداح نے علی ظفر کے دوبارہ گانا گانے کو بے عزتی قرار دیا تو عاصم اظہر نے اسے کرارا جواب دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار علی ظفر مداحوں کی خواہش پر پاکستان سپر لیگ 5 کا نیا گانا تیار کرنے جارہے ہیں اور خود علی ظفر اور مداح اس حوالے سے خاصے پرجوش ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس بارے میں مختلف آرا کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    ایسے ہی ایک ٹویٹ میں ایک مداح نے عاصم اظہر سے، جنہوں نے پی ایس ایل کا موجودہ گانا گایا ہے، سوال کیا کہ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ علی ظفر کا گانا آنا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ کیونکہ پی ایس ایل کا ترانہ جیسا بھی ہے تیار ہوچکا ہے اور اب علی ظفر اپنا نیا گانا بنانے جارہے ہیں۔

    مداح کے اس سوال پر عاصم اظہر نے انہیں کرارا جواب دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ اس میں بے عزتی کی کیا بات ہے، علی ظفر میرے سینیئر ہیں اور میں ان کے کام کی وجہ سے ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔ میں بہت خوشی سے ہر اس چیز کی حمایت کروں گا جو پاکستان کی بہتری کے لیے ہوگی۔

    عاصم نے مزید کہا کہ ہم آپس میں ہی بٹے ہوئے ہیں، ہمیں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ عاصم کے اس جواب پر علی ظفر نے بھی پسندیدگی اور محبت کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ یہ سارا قصہ اس وقت شروع ہوا جب وسیم بادامی نے اپنے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں علی ظفر سے پوچھا کہ عوام ان کا بنایا گانا سننا چاہتی ہے تو کیا وہ لوگوں کی خواہش پر نیا گانا تیار کریں گے؟

    علی ظفر نے کہا کہ لیگ کا آفیشل گانا تیار ہوچکا ہے جس پر وسیم بادامی نے کہا کہ وہ ایسے ہی سوشل میڈیا پر چلانے کے لیے نیا گانا بنالیں، جو پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ ہے اس کی اہمیت اپنی جگہ برقرار رہے گی مگر چونکہ عوام کی خواہش ہے تو علی ظفر بھی نیا گانا تیار کریں۔

    علی ظفر نے ترانہ بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ شاعری، کمپوزنگ اور دیگر چیزوں میں تھوڑا وقت لگ سکتا ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے اسٹوڈیو کی ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں وہ گانے کی تیاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

  • آخری اوورز تک میچ لے جانا ہماری ٹیم کے فوکس کی مثال ہے: سہیل اختر

    آخری اوورز تک میچ لے جانا ہماری ٹیم کے فوکس کی مثال ہے: سہیل اختر

    لاہور: لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا ہے کہ آخری اوورز تک میچ لے جانا ہماری ٹیم کے فوکس کی مثال ہے۔

    گزشتہ روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اپنا دوسرا میچ بھی ہارنے کے بعد لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے میچ پر فوکس کیا ہوا تھا اس لیے آخری اوورز تک میچ کو لے کر گئے۔

    سہیل اختر نے احمد صفی اور موسیٰ خان کی کارکردگی کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ میں میچ ختم ہونے تک کچھ نہیں کہا جا سکتا، مجموعی طور پر ہمارے بولرز نے بہت اچھی بولنگ کی۔ انھوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اچھے بلے باز بھی ہیں، محمد حفیظ، بابر اعظم کے بعد پاکستان کے بہترین بلے باز ہیں، وہ میچ میں بہت اچھا کھیلے۔

    لاہور قلندرز کی دوسری شکست، یونائیٹڈ‌ سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیاب

    دوسری طرف میچ جیتنے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے احمد عبداللہ صفی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مجھے اپنے اور موسیٰ پر اعتماد تھا کہ ہم کر لیں گے، میں اور موسیٰ یہ کہہ رہے تھے کہ آخری گیند تک جانا ہے۔ انھوں نے شائقین سے کہا کہ راولپنڈی کے شائقین ہمیں اسٹیڈیم آ کر سپورٹ کریں، پہلے میچ میں کارکردگی دکھانے پر خوشی ہے۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل 5 کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دے دی ہے، قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا، یونائیٹڈ کی ٹیم نے ہدف آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ لاہور قلندرز کے محمد حفیظ کی 98 رنز کی اننگز اور شاہین شاہ آفریدی کی 4 وکٹیں بھی شکست سے نہ بچا سکیں۔

  • پی ایس ایل کی دو ٹیموں پر جرمانہ

    پی ایس ایل کی دو ٹیموں پر جرمانہ

    کراچی: ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے دوران اتوار کے روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سلو اوور ریٹ کے باعث دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز پر جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

    میچ کے دوران دونوں ٹیموں نے مقررہ وقت سے ایک ایک اوور کم کیا لہٰذا ایچ بی ایل پی ایس ایل کوڈ آف کنڈکٹ برائے کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف کی شق 2.22 کے تحت دونوں ٹیموں میں شامل تمام کھلاڑیوں پر میچ فیس کا دس دس فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

    قوانین کے مطابق اگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں ٹورنامنٹ میں آئندہ سلو اوور ریٹ کی مرتکب پائی جاتی ہیں تو اس وقت ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 20، 20 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    آن فیلڈ امپائرز فیصل آفریدی اور رچرڈ ایلنگ ورتھ، تھرڈ امپائر آصف یعقوب اور فورتھ امپائر سید امتیاز اقبال نے دونوں ٹیموں کو چارج کیا، جس کے بعد میچ ریفری روشن ماہانامہ نے دونوں ٹیموں پر جرمانہ عائد کیا۔

  • لاہور قلندرز کی دوسری شکست، یونائیٹڈ‌ سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیاب

    لاہور قلندرز کی دوسری شکست، یونائیٹڈ‌ سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیاب

    اسلام آباد: پی ایس ایل فائیو کے ساتویں میچ میں  اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرزنے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا، یونائیٹڈ کی ٹیم نے ہدف آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،، کولن انگرام 30 اور ڈیوڈ ملان 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    لاہور قلندرز کے محمد حفیظ کی 98 رنز کی اننگز اور شاہین شاہ آفریدی کی 4 وکٹیں بھی شکست سے نہ بچاسکیں۔

    اس سے قبل محمد حفیظ کی شاندار اننگز کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے اور یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا۔

    محمد حفیظ نے 2 رنز کی کمی سے سنچری اسکور نہ کرسکے، حفیظ نے 7 چوکوں اور 7 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ 22 رنز پر گری جب کرس لین 11 رنز بنا کر محمد موسیٰ کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، فخر زمان 33 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

    لاہور کے کپتان سہیل خان صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے، ولاس نے تین رنز بنائے، سمیت پٹیل 10 رنز بنا کر فہیم اشرف کا نشانہ بنے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد موسیٰ اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کی تاریخ میں اپنا اب تک کا یہ سب سے بڑا اسکور بنایا ہے۔

    اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ پچ پر نمی ہے کوشش کریں گے اس کا فائدہ اٹھائیں، کوشش ہے 100 فیصد دیں اور میچ میں کامیابی حاصل کریں۔

    اسلام آباد کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے فاسٹ بولر عاکف جاوید کی جگہ احمد سفی عبداللہ کو شامل کیا گیا ہے۔

    لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ ٹاس جیت کر ہم نے بھی بولنگ کرنی تھی، 170 سے زائد رنز کریں گے تو میچ جیت جائیں گے۔

    لاہور قلندرز اسکواڈ

    یاد رہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں کوئتہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، اعظم خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

  • تکنیکی خرابی پر میچ ریفری کی وضاحت

    تکنیکی خرابی پر میچ ریفری کی وضاحت

    کراچی: میچ ریفری روشن ماہانامہ نے وضاحت کی ہے کہ الٹرا ایج ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کراچی کنگز کے بابراعظم کے خلاف لیا گیا ریویو برقرار رہا تھا۔

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے چھٹے میچ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ابتدائی طور پر کراچی کنگز کے اوپنر بابراعظم کوناٹ آؤٹ قرار دینے سے متعلق امپائر کے فیصلے کےخلاف ریویو لیا تھا۔

    میچ ریفری روشن ماہانامہ کا کہنا ہے کہ ٹی وی امپائر کو آن فیلڈ امپائر کا فیصلہ بدلنے کے لیے ٹھوس شواہد کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی بھی امپائر کی جانب سے واضح غلطی کے تدارک کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

    انہوں نے کہا اس موقع پر الٹر ایج ٹیکنالوجی دستیاب نہیں تھی، لہٰذا پلیئنگ کنڈیشنزنمبر3.3.7 کے تحت تھرڈ امپائر نے آن فیلڈ امپائر کو تکنیکی خرابی کےبارے میں آگاہ کیا اور تمام دستیاب وسائل کے بعد ہر ممکن درست معلومات بھی فراہم کی، جس کی بنیادپر آن فیلڈامپائر نے اپنے ابتدائی فیصلے کو برقرار رکھا۔

    روشن ماہانامہ نے کہاکہ پلیئنگ کنڈیشنز نمبر 3.6.8 کے تحت انہوں نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے تکنیکی خرابی کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ریویو برقرار رکھا۔

  • زلمی کے کھلاڑیوں سے تلخی کا معاملہ، سرفراز احمد کا کرارا جواب

    زلمی کے کھلاڑیوں سے تلخی کا معاملہ، سرفراز احمد کا کرارا جواب

    کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے وہاب ریاض کے ساتھ ہونے والی تلخی پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل میں اتنا تو ہوتا ہے، فیلڈ میں دوستی یاری تو نہیں ہوتی۔

    کراچی کنگز کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے جب صحافی نے پوچھا کہ گزشتہ روز پشاور زلمی کے وہاب ریاض کے ساتھ کیا معاملہ ہوا تھا تو سرفراز احمد نے صحافی کا نام لے کر کہا کہ آپ بریکنگ نیوز دینے کی کوئی کسر نہیں چھوڑتے، آپ کو مصالحے والی خبر چاہیے ہوتی ہے۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ میچ میں تھوڑی بہت تلخی ہوجاتی ہے مگر کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا تھا، فیلڈ میں کوئی دوستی نہیں ہوتی وہ اپنی ٹیم کے لیے کھیل رہے تھے اور میں اپنی، اتنی گرما گرمی تو چلتی رہتی ہے اور یہی کرکٹ کی خوبصورتی ہے۔

    کوئٹہ کے کپتان نے کہا کہ اعظم خان پر بھروسہ تھا کہ وہ اچھا کھیلا ہے، وہ کافی فٹ ہورہا ہے اور بھاگ رہا ہے، اعظم خان نےعامر کیخلاف پاور ہٹنگ کی اور جارڈن کوبھی اچھا کھیلا، جیتنے کے بعد واقعی ٹیم کا مورال بڑھ گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فی الحال کسی مقابلے میں شامل نہیں ہونا چاہتا میری تمام توجہ پاکستان سپر لیگ پر مرکوز ہے، کوشش کررہا ہوں ڈومیسٹک کے بعد پی ایس ایل بھی اچھا کھیلوں۔