Tag: PSL

PSL News in Urdu- پاکستان سپر لیگ یعنی پی ایس ایل سے متعلق تازہ ترین خبریں

کراچی کنگز، پشاور زلمی  ملتان سلطانز

لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

PSL is a cricket league played in Pakistan with Islamabad, Karachi, Multan, Peshawar, Multan

کراچی کنگز

  • رمیز راجا کا باؤنسر، عماد وسیم نوجوان بولر کیلیے ڈھال بن گئے

    رمیز راجا کا باؤنسر، عماد وسیم نوجوان بولر کیلیے ڈھال بن گئے

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے بہترین کپتانی اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوان بولر ارشد اقبال کے دفاع میں آگئے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے میچ کے اختتام پر رمیز راجا نے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم سے سوال کیا کہ کیا ارشاد اقبال کی بولنگ ٹیم کے لیے کمزوری بنی؟ کمنٹیٹر کے باؤنسر پر عماد وسیم نے سمجھ داری سے جواب دیتے ہوئے اس تاثر کو رد کیا کہ شکست کی وجہ ایمرجنگ بولر بنے۔

    عماد وسیم نے بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ارشد اقبال کا دوسرا میچ تھا اس لیے یہ نہیں کہہ سکتے کہ ان کی وجہ سے ہارے، اتنا ضرور کہوں گا کہ نوجوان بولرز کو یہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ بیٹسمین کی کیا کمزوری ہے۔

    کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ گزشتہ میچ اور آج کے میچ کی پچ میں کافی فرق تھا جس کی وجہ سے 10 سے 15 رنز کم بنے، وکٹ بیٹنگ کے لیے آسان نہیں تھی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح کراؤڈ نے کراچی کنگز کو سپورٹ کیا ہے اسی طرح دیگر ٹیموں کو بھی سپورٹ کریں۔

    واضح رہے کہ ایمرجنگ بولر ارشد اقبال کراچی کنگز کی جانب سے سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز کے کوٹے میں 43 رنز دیے۔

  • ’بھائی آرہا ہے، تیار ہو؟‘

    ’بھائی آرہا ہے، تیار ہو؟‘

    کراچی: معروف پاکستانی گلوکار و اداکار اور میوزک کمپوزر علی ظفر نے پی ایس ایل 5 کے ترانے کی تیاری شروع کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہر لمحہ پرجوش‘ میں علی ظفر نے گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ وہ آج دوپہر 2 بجے نئے ترانے کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے۔

    علی ظفر نے دوپہر تین بجے کے قریب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مداحوں کو خوش خبری سناتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اسٹوڈیو میں موجود تھے۔

    علی ظفر کی شیئر کردہ ویڈیو میں بیک گراؤنڈ میں میوزک اور ڈھول بج رہا ہے جبکہ گلوکار یہ بولتے نظر آرہے ہیں ’بھائی آرہا ہے، تیار ہو؟‘۔

    پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ گانے والے گلوکار عاصم اظہر نے علی ظفر کی تعریف کی اور کہا کہ ’ملک کے لیے اُن کا یہ اقدام قابلِ تعریف ہے، یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ بھی پاکستان کے لیے اپنی خدمات پیش کررہے ہیں‘۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے علی ظفر کو چیلنج دیا اور پوچھا کہ ’ہوجائے پھر؟‘۔ علی ظفر نے شعیب اختر سے پوچھا کہ کیا آپ ڈانس کرلیتے ہیں؟۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 5 ترانہ، علی ظفر کیا کرنے جارہے ہیں؟

    یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں گزشتہ روز ٹیلی فون پر وسیم بادامی کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل کا ترانہ گانے سے متعلق کل 2 بجے تک اعلان کروں گا‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’جب آپ کے ٹویٹر پول میں 80 فیصد لوگ یہی چاہتے ہیں اور سب کی خواہش یہی ہے تو میں کل تیاری کے ساتھ آؤں گا‘۔

    علی ظفر نے ترانے بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’شاعری، کمپوزنگ اور دیگر چیزوں میں تھوڑا وقت لگ سکتا ہے‘۔ انہوں نے آئندہ ہفتےہر لمحہ پرجوش میں شرکت کرنے کا بھی اعلان کیا۔

    وسیم بادامی نے پروگرام میں مزید وضاحت کی کہ جو پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ ہے اُس کی اہمیت اپنی جگہ برقرار رہے گی مگر چونکہ عوام کی خواہش ہے تو علی ظفر بھی نیا گانا تیار کریں گے۔

    پروگرام میں علی ظفر نے پی ایس میں گایا ہوا ترانہ ’سیٹی بجے گی، سیج سجے گا‘ گایا تو حاضرین جھوم اٹھے اور انہوں نے تالیاں بجا کر گلوکار کا ساتھ دیا۔

  • ڈینی موریسن بھی پاکستان کے اعزازی شہری بننے کے خواہاں

    ڈینی موریسن بھی پاکستان کے اعزازی شہری بننے کے خواہاں

    کراچی: ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دیے جانے کے اعلان کے بعد معروف کمنٹیٹر ڈینی موریسن نے بھی اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ انہیں بھی پاکستان کی اعزازی شہریت دی جائے۔

    نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ کے میچز میں اپنی کمنٹری سے سب کا دل جیتنے والے کمنٹیٹر ڈینی موریسن نے پاکستان کا اعزازی شہری بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کے لیے ان کی بھی خدمات ہیں جس کا اعتراف کیا جانا چاہیئے۔

    ڈینی کا کہنا تھا کہ وہ کئی سالوں سے کرکٹ کمنٹیٹر کی حیثیت سے پاکستان آرہے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ پاکستانیوں کے کرکٹ دیکھنے اور کھیلنے کے جنون کی حمایت کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی کو اعزازی شہریت اور سول ایوارڈ دینا بہترین فیصلہ ہے ساتھ ہی ان کی خدمات کا بھی اعتراف کیا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کو 23 مارچ کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

    ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت بھی دی جائے گی۔

  • کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فواد احمد نے کامران اکمل کی سنچری پر سوال اٹھا دیا

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فواد احمد نے کامران اکمل کی سنچری پر سوال اٹھا دیا

    کراچی: پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ میں زلمی کے کامران اکمل نے شاندار سنچری بنائی تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر فواد احمد نے ان کی سنچری پر سوال کھڑے کردیے۔

    اپنی شاندار سنچری کے بعد کامران اکمل پاکستان سپر لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں جو 49 میچز میں 1 ہزار 430 رنز اسکور کر چکے ہیں۔

    اپنی حالیہ سنچری انہوں نے 13 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے مکمل کی جس کی بدولت زلمی نے 149 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔

    میچ کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر فواد احمد نے کامران کی تعریف تو کی تاہم ان کی سنچری پر سوال بھی اٹھا دیا۔

    فواد کا کہنا تھا کہ کامران کو 13 اوورز میں سنچری بنانی چاہیئے تھی، لیکن میچ کے اختتام پر وہ لالچ میں مبتلا ہوگئے اور سنچری مکمل کرنے کے لیے سنگلز لینے لگے۔

    ان کے مطابق کامران کے اس طرح سنچری بنانے سے زلمی کا مجموعی رن ریٹ متاثر ہوسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ کامران اکمل نے ابتدائی 50 رنز 20 گیندوں پر بنا لیے تھے تاہم سنچری مکمل کرنے کے لیے انہوں نے مزید 34 گیندیں کھیلیں اور یوں 54 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔

    بعد ازاں کامران اکمل نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاور پلے کو استعمال میں لانا چاہتے تھے کیونکہ کوئٹہ کے پاس مضبوط بالنگ اٹیک تھا۔

    کامران کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے حسنین نے اچھی گیندیں کروائیں جبکہ فواد بھی کسی بھی لمحے 2 سے 3 وکٹیں اڑانے کی پوزیشن میں تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پاور پلے میں 70 سے زائد رنز تھے اور میں آرام سے کھیلنا چاہتا تھا۔ ’ہمارے بیٹنگ کوچ ہاشم آملہ نے بھی کہا تھا کہ ٹاپ آرڈر کے 3 بیٹسمین کم از کم پندرہویں اوور تک کریز پر موجود رہیں، اور کوشش کر کے آخر تک جائیں، اس سے کھلاڑی اور ٹیم دونوں کا فائدہ ہوگا‘۔

    کامران اکمل کی اس شاندار سنچری پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

  • اسلام آباد یونائیٹڈ نے سلطانز کو ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کر لی

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے سلطانز کو ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کر لی

    لاہور: پی ایس ایل کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

    لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے 165 رنز کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور مطلوبہ ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

    ہدف کے تعاقب میں کولن منرو اور رونکی نے زبردست لاٹھی چارج کیا 92 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کرکے ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا، منرو نے 32 گیندوں پر 50 رنز بنائے جس میں 4 دلکش چھکے اور 3 شاندار چوکے شامل تھے۔

    اوپنر لوک رونکی نے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تاہم وہ فتح کے قریب پہنچ کر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 2 چھکے اور 9 چوکے بھی لگائے جب کہ ملان 35 اور انگرم 1 اسکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

    سلطانز کے بولر کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، شاہد آفریدی اور محمد الیاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیتا اور نمی کا فائدہ اٹھانے کے لیے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دی.اوپنر شان مسعود اور ونسے نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 41 رنز جوڑے، پہلی وکٹ گرنے کے بعد بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں‌ گرتی رہیں.

    مڈل آرڈر بیٹسمین ذیشان اشرف نے ڈٹ کا مقابلہ کیا اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کر کے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، ذیشان اشرف کے 50 رنز کی بدولت سلطانز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 164 کرنے میں کامیاب رہی.

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد بٹ نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں‌ کو آؤٹ کیا جب کہ فہیم اشرف نے 2، عاکف جاوید اور محمد موسیٰ‌ نے ایک ایک وکٹ‌ حاصل کی.

    ٹاس کے موقع پر شاداب خان کا کہنا تھا کہ پچ میں نمی ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے،ہمیں تینوں شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے، کوشش کریں گےاچھی کارکردگی دکھائیں۔

    ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ میں بھی پہلےبولنگ کرناچاہتا تھا، کل ہم نےبہت اچھی فیلڈنگ اوربولنگ کی۔

  • ڈین جونز نے مداحوں کے دل جیت لیے، ویڈیو وائرل

    ڈین جونز نے مداحوں کے دل جیت لیے، ویڈیو وائرل

    کراچی: پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے میچ کے بعد مداحوں کے دل بھی جیت لیے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں کامیابی کے بعد ہیڈ کوچ ڈین جونزنے ڈگ آؤٹ میں موجود کچرا ڈسٹ بین میں اٹھا کر ڈالا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ڈین جونز کے اس اقدام کو مداحوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے، ٹویٹر پر ایک صارف ذوالقرنین حیدر کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے یہ سبق حاصل کرنے کی بات ہے۔

    ایک اور صارف محمد عباس کا کہنا تھا کہ یہ اسپرٹ ہے اور یہ بالکل ہم سب کے لیے ایک پیغام ہے۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل فائیو میں ڈین جونز کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ہیں، اس سے قبل کراچی پہنچنے پر انہوں نے ویڈیو شیئر کی تھی جس میں جونز کا کہنا تھا کہ آپ کے شہر آنے پر بہت خوش ہوں۔

  • غیر ملکی کرکٹرز نے تھلیسمیا کے شکار بچوں کے دل جیت لیے

    غیر ملکی کرکٹرز نے تھلیسمیا کے شکار بچوں کے دل جیت لیے

    کراچی: پی ایس ایل میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے سابق بین الاقوامی کرکٹرز نے خون کی بیماریوں میں مبتلا بچوں کے لیے خون کے عطیات کی اپیل کی ہے۔

    دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں سابق آسٹریلوی فاسٹ بالر سائمن ٹوفل، سابق ویسٹ انڈین ٹیسٹ کرکٹر کرٹلے امبروز،کمنٹریٹر بیری ولکسن نے کراچی میں خون کی بیماریوں کا شکار بچوں کے علاج کے رفاہی ادارے عمیر ثناء فائونڈیشن کا دورہ کیا اور تھیلے سیمیا کے مریض بچوں کے ہمراہ کیک کاٹا۔

    کرکٹرز نے ڈے کیئر سینٹر میں زیر علاج بچوں سے ملاقات کی اور ان میں تحائف بھی تقسیم کیے۔ سائمن ٹوفل نے تھیلے سیمیا کے بچوں کے لئے خون کا عطیہ بھی کیا۔

    سابق کرکٹرز کا کہنا تھا کہ تھیلےسمیا ایک موروثی مرض ہے ، جس کی روک تھام کے لئے نوجوان نسل کو آگے آکر نہ صرف یہ کہ کردار ادا کرنا پڑے گا بلکہ ان بچوں کی زندگیوں کو برقرار رکھنے کے لیے خون کا عطیہ بھی کرنا پڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی آکر اور تھیلے سیمیا کے بچوں سے ملاقات کر کے بہت خوشی ہوئی،پاکستانیوں کو ایسے بچوں کے بارے میں سوچنا چاہیےاوراس مرض کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنی چاہیے۔

    اس موقع پر ڈاکٹر کاشف انصاری اور ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کو ملک سے تھیلے سیمیا کے خاتمے کے لیے رفاہی ادارے کی سرگرمیوں اور خدمات کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہا کہ عمیر ثناء فائونڈیشن گزشتہ پندرہ سال سے نہ صرف تھیلے سیمیا کے بچوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کر رہی ہے بلکہ ملک سے اس مرض کے خاتمے کے لیے بھی جدوجہد کر رہی ہے۔

  • ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    لاہور: پی ایس ایل فائیو کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں  سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا جانے والا 139 رنز کا ہدف 16.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان شان مسعود نے 38 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

    ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 24 رنز پر گری جب جیمز ونز شاہین آفریدی کے گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، معین علی کو 11 رنز پر محمد حفیظ نے رن آؤٹ کیا۔

    ملتان سلطانز کے ذیشان اشرف نے 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، خوشدل شاہ 6اور شاہد آفریدی 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویسی اور حارث رؤف  نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    پہلی اننگز میں  لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف دیا، کرس لین کے علاوہ کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکا۔

    لاہور قلندرز کی ٹیم 59 رنز کا عمدہ آغاز ملنے کے باوجود بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی، کرس لین 39 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو دیگر کھلاڑی بھی بڑا اسکور نہ کرسکے، فخر زمان 19، بین ڈنک 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    محمد حفیظ نے 14 رنز کی اننگز کھیلی، ولاس 19 رنز کا عمران طاہر کا نشانہ بنے، ڈیوڈ ویسی کو محمد الیاس نے 3 رنز پر پویلین روانہ کیا، شاہین آفریدی 2 رنز پر سہیل تنویر کو وکٹ دے بیٹھے۔

    کپتان سہیل اختر نے 34 رنز بنائے، فاسٹ بولر حارث رؤف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر اور معین علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، محمد الیاس اور سہیل تنویر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل  پی ایس ایل فائیو کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کو کم سے کم اسکور میں آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے، ہمارا بولنگ اٹیک کافی مضبوط ہے۔

    لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ ملتان سلطانز کو بڑا ہدف دے کر کم اسکور پر آؤٹ کرکے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کریں۔

    ملتان سلطانز اسکواڈ

    لاہور قلندرز اسکواڈ

    سہیل اختر ٹیم کی قیادت کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں کرس لین، فخر زمان، ڈین ولاس، بین ڈنک، محمد حفیظ، ڈیوڈ ویسے، عثمان شنواری، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور دلبر حسین شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دی تھی۔

  • عمید آصف نے بازی پلٹ دی

    عمید آصف نے بازی پلٹ دی

    کراچی: کراچی کنگز کے فاسٹ بولر عمید آصف نے زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا اپنی ہی گیند پر شاندار کیچ پکڑ کر بازی پلٹ دی۔

    آخری اوور میں جب زلمی کو جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے تو کپتان سیمی کے لاٹھی چارج سے لگ رہا تھا کہ وہ مطلوبہ ہدف پورا کر لیں گے۔

    لیکن کنگز کے عمید آصف نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے نہ صرف آخری اوور میں خطرناک سیمی کی وکٹ حاصل کی بلکہ ہدف کا دفاع کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلوادی۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی کنگز کا فاتحانہ آغاز، پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست

    عمید آصٖف کا اپنی ہی گیند پر ڈیرن سیمی کا لیا ہوا مشکل کیچ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، انہوں نے سیمی کو چلتا کرنے کے بعد آخری گیند پر وہاب ریاض کو بھی آؤٹ کر دیا۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں کپتان عماد وسیم اور بابر اعظم کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دی، 202 رنز ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بناسکی۔

  • بابر اعظم نے پی ایس ایل کا بہترین اسکور بنا لیا

    بابر اعظم نے پی ایس ایل کا بہترین اسکور بنا لیا

    کراچی: کراچی کنگز کے بابر اعظم نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے پشاور زلمی کے خلاف 78 رنز کی باری کھیل کر پی ایس ایل میں اپنا سب سے بڑا نفرادی اسکور بنا ڈالا۔

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اوپنر بابر اعظم نے شاندان بیٹنگ کرتے ہوئے 56 گیندوں پر 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑا اسکور کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

    انہوں نے قریباً 140 کے اسٹرائیک ریٹس سے 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے جو کہ پی ایس ایل میں ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

    پی ایس ایل میں مجموعی طور پر ان کی نصف سنچریوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے اور مجموعی رنز کی تعداد 1121 ہوگئی ہے۔

    https://twitter.com/imtheguy007/status/1230810636675932164?s=20

    آج کی بہترین اننگز کے ساتھ ہی بابر اعظم سوشل میڈیا پر بھی چھا گئے اور ٹوئٹر پر بابر اعظم کا ٹرینڈ بن گیا جس میں صارفین کارکردگی پر انہیں سہرا رہے ہیں۔