Tag: PSL

PSL News in Urdu- پاکستان سپر لیگ یعنی پی ایس ایل سے متعلق تازہ ترین خبریں

کراچی کنگز، پشاور زلمی  ملتان سلطانز

لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

PSL is a cricket league played in Pakistan with Islamabad, Karachi, Multan, Peshawar, Multan

کراچی کنگز

  • سرفراز احمد کی اعظم خان سے متعلق پیش گوئی درست ثابت ہوئی

    سرفراز احمد کی اعظم خان سے متعلق پیش گوئی درست ثابت ہوئی

    کراچی: پاکستان سپر لیگ فائیو کے افتتاحی میچ میں نصف سنچری بنا کر ٹیم کو فتح دلانے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان بیٹسمین اعظم خان سے متعلق کپتان سرفراز احمد کی تین سال قبل کی گئی پیش گوئی درست ثابت ہوئی۔

    سنہ 2017 میں جب اعظم خان کو منتخب کیا گیا تو سرفراز احمد نے پسندیدگی کے عنصر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوان کا انتخاب اس لیے نہیں کیا تھا کہ وہ سابق کپتان معین خان کے صاحبزادے ہیں۔

    سرفراز احمد نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اعظم خان نے ڈومیسٹک کرکٹ اور رمضان میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی تھی، یہ خالص ٹی ٹوئنٹی کے پلیئر ہیں اور اگر انہیں پی ایس ایل کھیلنے کا موقع ملا تو میرا خیال ہے کوئی بھی ان کی سلیکشن پر سوال نہیں اٹھائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے 169 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نوجوان بیٹسمین اعظم خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت حاصل کر لیا تھا۔

    اعظم خان نے 33 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

  • پی ایس ایل 5: کراچی کنگز آج اپنا پہلا میچ کھیلے گی

    پی ایس ایل 5: کراچی کنگز آج اپنا پہلا میچ کھیلے گی

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں پی ایس ایل کی سب سے بڑی ٹیم کراچی کنگز کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیمز میں پی ایس ایل فائیو کے دو میچز کھیلے جا رہے ہیں، پہلا میچ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا، جب کہ دوسرا میچ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

    عماد وسیم کی قیادت میں کراچی کے شیر پشاور کو دھول چٹانے کو تیار ہیں، کراچی کے شرجیل خان اور ایلکس ہیلز نے بھی مخالف بولرز کے چھکے چھڑانے کے لیے تیاری کر لی، ٹی 20 کے نمبر ون بلے باز بابر اعظم کراچی کنگز کو جتانے کے لیے پرعزم ہو کر میدان میں اتریں گے۔ دوسری طرف پشاور زلمی کی کمان ڈیرن سیمی سنبھالیں گے، ٹام بینٹن اور کامرن اکمل کراچی پر بھاری پڑ سکتے ہیں۔

    کراچی کے بعد پی ایس ایل فائیو کا میلہ لاہور کے قذافی اسٹیدیم میں سجے گا، دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کا ملتان سلطانز سے مقابلہ ہے، لاہور قلندرز ہوم گراؤنڈ پر اچھا آغاز کرنے کو بے تاب دکھائی دیتے ہیں، جب کہ جنوب کی پہچان ملتان سلطانز بھی جیت کے لیے پرعزم ہے۔

    پی ایس ایل فائیو، اعظم خان نے گلیڈی ایٹرز کو فتح دلادی، یونائیٹڈ کو شکست

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل 5 کے پہلے روز پہلے میچ میں کوئٹہ گلیدڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی تھی، گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اعظم خان کی نصف سنچری نے کلیدی کردار ادا کیا، کوئٹہ نے اسلام آباد کی جانب سے دیا جانے والا 169 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا تھا۔

    کراچی کنگز اسکواڈ

    عماد وسیم (کپتان، آل راؤنڈر)، عامر یامین (آل راؤنڈر)، الیکس ہیلز (بلے باز) علی خان (بولر)، ارشد خان (بولر)، اویس ضیا (بلے باز)، بابر اعظم (بلے باز)، کیمرون ڈیلپورٹ (بلے باز)، کرس جارڈن (آل راؤنڈر)، ڈین لارنس (آل راؤنڈر)، افتخار احمد (بلے باز)، لیام پلنکٹ (بولر)، محمد عامر (بولر)، محمد رضوان (وکٹ کیپر بلے باز)، شرجیل خان (بلے باز)، عمید آصف (بولر)، عمر خان (بولر)، اسامہ میر (بولر)، مچل مک کلیناگھن (بولر)، چڈوِک والٹن (بلے باز)۔

    پشاور زلمی اسکواڈ

    ڈیرن سیمی (کپتان، آل راؤنڈر)، عامر علی (بولر)، عامر خان (بولر)، عادل امین (بلے باز)، ڈوین پریٹوریئس (آل راؤنڈر)، حیدر علی (بولر)، حسن علی (بولر)، امام الحق (بلے باز)، کامران اکمل (وکٹ کیپر بلے باز)، کیرن پولارڈ (آل راؤنڈر)، لیام ڈاسن (آل راؤنڈر)، لیام لیونگ سٹون (بلے باز)، محمد محسن (آل راؤنڈر)، راحت علی (بولر)، شعیب ملک (آل راؤنڈر)، ٹام بینٹن (بلے باز)، عمر امین (بلے باز)، وہاب ریاض (بولر)، لیوس گریگری (بولر)، کارلوس براتھ ویٹ (آل راؤنڈر)۔

  • پی ایس ایل فائیو، اعظم خان نے گلیڈی ایٹرز کو فتح دلادی، یونائیٹڈ کو شکست

    پی ایس ایل فائیو، اعظم خان نے گلیڈی ایٹرز کو فتح دلادی، یونائیٹڈ کو شکست

    کراچی: پی ایس ایل فائیو کے پہلے میچ میں اعظم خان کی نصف سنچری نے گلیڈی ایٹرز کو فتح دلادی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد کی جانب سے دیا جانے والا 169 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔


    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر جیسن رائے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، شین واٹسن 15 رنز بنا رن آؤٹ ہوئے، احمد شہزاد کو 7 رنز پر محمد موسیٰ نے پویلین کی راہ دکھائی۔

    کپتان سرفراز احمد نے 21 رنز بنائے، اعظم خان نے 33 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔


    محمد نواز 23 رنز بنا کر فاسٹ بولر محمد عاکف کا نشانہ بنے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد موسیٰ نے 2 کھلاڑیوں کی پویلین کی راہ دکھائی، عاکف جاوید، عماد بٹ اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 168 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی اور کوئٹہ کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈیوڈ ملان نے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں بین کٹنگ نے پویلین کی راہ دکھائی، کولن منرو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    لک رونچی 23 رنز بنا کر نمایاں رہے، حسین طلعت 19 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر احمد شہزاد کو کیچ دے بیٹھے، کولن انگرام 6 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔آصف علی کو 19 رنز پر محمد حسنین نے عبدالناصر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، کپتان شاداب خان 8 رنز بنا کر چلتے بنے، فہیم اشرف 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 4 کھلاڑیوں‌ کو پویلین کی راہ دکھائی، بین کٹنگ نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز اور سہیل خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ اسلام آبادیونائیٹڈ کے کھلاڑیوں کو کم سے کم اسکور میں آؤٹ کریں، جیسن رائے کے آنے سے ہماری ٹیم مضبوط ہوئی ہے۔

     اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ 180 رنز بنانے کی کوشش کریں گے، کوشش ہوگی آسان کرکٹ کھیلیں، ان کا کہنا تھا کہ کولن منرو، رونکی، ڈیوڈ ملان اور انگرام کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ اسکواڈ

     

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اسکواڈ

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کررہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں جیسن رائے، احمد شہزاد، شین واٹسن، عبدالناصر، اعظم خان، محمد نواز، بین کٹنگ، فواد احمد، محمد حسنین اور سہیل خان شامل ہیں۔

  • پی ایس ایل فائیو: کمانڈوز پر مشتمل اسپیشل سیکورٹی یونٹ کی ٹیم تیار

    پی ایس ایل فائیو: کمانڈوز پر مشتمل اسپیشل سیکورٹی یونٹ کی ٹیم تیار

    کراچی: پاکستان سپر لیگ کے میچوں کے لیے اسپیشل سیکورٹی یونٹ کی سواٹ (اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس) ٹیم تیار کی گئی ہے۔

    ڈی آئی جی آپریشن مقصود احمد میمن نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل میچز کے لیے 600 کمانڈوز کی ٹیم تیار کی گئی ہے، جب کہ ایس ایس یو سواٹ کے 150 کمانڈوز خصوصی ڈیوٹی انجام دیں گے۔

    مقصود میمن نے بتایا کہ خصوصی ڈیوٹی کے لیے تین شفٹیں بنائی گئی ہیں، ہر شفٹ میں 50 کمانڈوز ڈیوٹی پر موجود ہوں گے، ٹیموں کی سیکورٹی کے حوالے سے ڈپلائمنٹ پلان بھی تیار ہے، چیف سیکریٹری کے ساتھ میٹنگ میں ان تمام تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، کراچی پولیس اور ریزرو سمیت 10 ہزار افسران و اہل کار ڈیوٹی دیں گے، ایس ایس یو کرکٹ ٹیموں کی آمد سے واپسی تک حفاظتی اقدامات پر مامور ہوگی، پہلے بھی ٹیم کی ذمہ داری ایس ایس یو کی ہوتی تھی، ایئر پورٹ، ہوٹل، اور اسٹیڈیم لانے اور واپس لے جانے کی ذمہ داری بھی ہماری ہے۔

    ڈی آئی جی آپریشن کے مطابق ایس ایس یو کمانڈوز رینجرز کے کمانڈوز کے ساتھ کرکٹ ٹیموں کو تحفظ فراہم کریں گے، جب کہ مجموعی سیکورٹی پولیس، رینجرز اور دیگر اہم ادارے انجام دیں گے، مرحلہ وار چار فورسز سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گی، پاک فوج، رینجرز، ایس ایس یو کمانڈوز مختلف مقامات پر تعینات ہوں گے۔

    مقصود میمن کا کہنا تھا کہ خصوصی سواٹ کمانڈوز 2 منٹ کے اندر ہیڈکوراٹر سے اسٹیڈیم پہنچ سکتے ہیں، کراچی نیشنل اسٹیڈیم کے اندر، باہر اور تمام دیگر مقامات پر سیکورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے، ایسا پلان بنایا گیا ہے کہ جب ٹیم کی آمد یا روانگی ہو تو عوام کو پریشانی کم ہو۔

  • پاکستان سپر لیگ 5 کی ٹرافی کی رونمائی

    پاکستان سپر لیگ 5 کی ٹرافی کی رونمائی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ 5 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں تمام فرنچائز کے مالکان اور ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے پی ایس ایل 5 کی چمچماتی ٹرافی کی رونمائی کردی۔ اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان پی ایس ایل 5 کی ٹرافی لے کر اسٹیڈیم پہنچے۔

    اس موقع پر تمام فرنچائز کے مالکان اور ٹیموں کے کپتان نیشنل اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

    خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کا آغاز کل سے کراچی میں ہو رہا ہے۔ افتتاحی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا۔

    پی ایس ایل 5 میں 4 مقامات پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں ہوں گے۔

    دونوں ایلی منیٹر میچز بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ پی ایس ایل 5 کا فائنل بھی 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

    کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 21 فروری کو پشاور زلمی کے ساتھ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ کراچی کنگز کے 2 میچز لاہور، 2 راولپنڈی اور ایک ملتان میں ہوگا، اپنے ہوم گراؤنڈ پر کراچی کنگز 4 میچز کھیلے گی۔

    لیگ کی فاتح ٹیم ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ امریکی ڈالرز کی حقدار ٹھہرے گی۔ ایونٹ کی رنر اپ ٹیم کو 2 لاکھ امریکی ڈالرز دیے جائیں گے۔

    ایونٹ میں ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ ایوارڈ کے طور پر 4500 امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی، ایونٹ کے لیے مجموعی انعامی رقم 10 لاکھ امریکی ڈالرز رکھی گئی ہے۔

  • پی ایس ایل فائیو کے ٹکٹس کوریئر سروس کی برانچز پر بھی ملنا شروع

    پی ایس ایل فائیو کے ٹکٹس کوریئر سروس کی برانچز پر بھی ملنا شروع

    لاہور : پاکستان میں شائقین کرکٹ کیلئے اچھی خبر آگئی، پی ایس ایل فائیو کے ٹکٹس اب کوریئر سروس کی برانچز پر بھی دستیاب ہیں، ٹکٹوں کے حصول کیلئے کرکٹ فینز کوریئر سروس کی برانچز پہنچاشروع ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 5 کے لیے آن لائن ٹکٹ کی فروخت 20 جنوری کی رات 8 بجے سے ملنا شروع ہوچکے ہیں جو آج 28 جنوری سے کوریئر سینٹرز کی منتخب برانچز پر بھی دستیاب ہوں گے۔

    کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پی ایس ایل فائیو کا جنون سرچڑھ کے بولنے لگا، پی ایس ایل فائیو کے ٹکٹوں کی فروخت کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا، ملک بھر میں کوریئر سروس کی برانچز پر کرکٹ کے دیوانے ٹکٹ خرید نے پہنچ گئے۔

    اس سلسلے میں افتتاحی تقریب اور پہلے میچ کے ٹکٹ کی سب سے زیادہ مانگ ہے۔ شائقین صبح سویرے ہی لائن میں لگ گئے۔ لاہور میں بارش بھی کرکٹ کے فینز کو ٹکٹوں کے حصول سے نہ روک سکی۔

    پی ایس ایل فائیو کا خصوصی ترانہ "تیار ہیں” بھی ریلیز ہونے کو تیار ہے، یہ ترانہ معروف گلوکار علی عظمت ،عارف لوہار، ہارون اور عاصم اظہر نے گایا ہے۔ پی ایس ایل فائیو کا خصوصی ترانہ آج رات آٹھ بج کر پچپن منٹ پر ریلیز ہوگا۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 2020 کا شیڈول جاری کردیا گیا تھا، کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 21 فروری کو پشاور زلمی کے ساتھ کھیلے گی۔

    پی ایس ایل 2020 کا آغاز 20 فروری سے ہوگا، 4 مقامات پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : پی ایس ایل 5 کے لیے آن لائن ٹکٹ کی فروخت کا آغاز

    دونوں ایلی منیٹر میچز بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ پی ایس ایل 5 کا فائنل بھی 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ ٹکٹوں کی فروخت 20 جنوری سے شروع ہوگی۔

  • سرفراز احمد نے شاداب خان کو چیلنج دے دیا

    سرفراز احمد نے شاداب خان کو چیلنج دے دیا

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے آل راؤنڈر شاداب خان کو پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 میں تیار رہنے کا چیلنج دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے لیے تمام ٹیموں نے اپنے کھلاڑیوں کا چناؤ کر لیا اور انتظامیہ کی جانب سے شیڈول کا باقاعدہ اعلان بھی کیا جاچکا ہے۔

    قومی ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بابراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بوبی بھائی آپ جو مرضی کہہ لیں، آپ کو میں نے چھکا تو نہیں مارنے دینا، باقی اسلام آباد یونائیٹڈ کے لڑکے تیار ہیں، آپ بتا دیں کہ کب اور کدھر کھیلنا ہے۔

    کراچی کنگز کے شیر بابراعظم نے بھی مزاحیہ انداز میں حسن علی کا تیار رکھنے کی تلقین کردی۔

    پی ایس ایل 5: کراچی کنگز کی مہم جوئی، ٹاکرے کے لیے تیار

    ایسے میں پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جانب سے ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سرفراز احمد شاداب خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں ’شیڈی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی تیار ہے، وٹو بھائی اور عمر اکمل نئے بلے لے کر آ رہے ہیں، ذرا دھیان سے، فل تیاری ہے بھائی۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل کی سب سے مضبوط ٹیم کراچی کنگز بھی میدان میں رنگ جمانے کے لیے تیار ہے۔

  • پی ایس ایل 5: کراچی کنگز کی مہم جوئی، ٹاکرے کے لیے تیار

    پی ایس ایل 5: کراچی کنگز کی مہم جوئی، ٹاکرے کے لیے تیار

    کراچی: پاکستان سپرلیگ کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز سیزن 5 میں اپنی مہم جوئی کا آغاز 21 فروری کو پشاور زلمی کے خلاف میچ سے کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز پاکستان کے میدانوں میں دھوم مچانے کے لیے تیار ہوگئی، 21 فروری کو کراچی کنگز ہوم گراؤنڈ پر پشاور زلمی کے خلاف مہم جوئی کا آغاز کریں گے۔

    23 فروری کو کراچی کا مقابلہ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔

    جبکہ 28 فروری کو کراچی کنگز ملتان سلطانز سے ٹکرائے گی۔ یکم مارچ کو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹیڈ مد مقابل ہوں گے۔ 2 مارچ کو کنگز زلمی سے پھر ٹکرائیں گے۔ 6 مارچ کو سلطانز سامنے آئیں گے۔

    ’کراچی کنگز کو فائنل سے روک سکتے ہو تو روک کے دکھاؤ‘

    8 اور 12 مارچ کو پی ایس ایل کے روایتی حریف لاہور سے دو دو ہاتھ کریں گے۔

    خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل 5 کا شیڈول جاری کیا گیا جس پر کراچی کے شائقین نے ہوم گراؤنڈ پر اپنی ٹیم کو کم میچز ملنے پر سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے شدید احتجاج کیا اور اپنی آواز پی سی بی حکام تک پہنچانے کی کوشش بھی کی۔

    پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول میں لاہور قلندرز کو ہوم گراؤنڈ پر سب سے زیادہ 8 میچز دیے گئے جبکہ کراچی کنگز لیگ کے دس میں سے صرف 5 میچز ہی ہوم گراؤنڈ پر کھیل سکے گی۔

  • پاکستان سپر لیگ 2020 کا شیڈول جاری، کراچی کنگز کا پہلا میچ 21 فروری کو ہوگا

    پاکستان سپر لیگ 2020 کا شیڈول جاری، کراچی کنگز کا پہلا میچ 21 فروری کو ہوگا

    لاہور: پاکستان سپر لیگ 2020 کا شیڈول جاری کردیا گیا، کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 21 فروری کو پشاور زلمی کے ساتھ کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کا شیڈول جاری کردیا گیا، تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

    پی ایس ایل 2020 کا آغاز 20 فروری سے ہوگا، 4 مقامات پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں ہوں گے۔

    دونوں ایلی منیٹر میچز بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ پی ایس ایل 5 کا فائنل بھی 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ ٹکٹوں کی فروخت 20 جنوری سے شروع ہوگی۔

    ایونٹ کا افتتاحی میچ کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 21 فروری کو پشاور زلمی کے ساتھ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ کراچی کنگز کے 2 میچز لاہور، 2 راولپنڈی اور ایک ملتان میں ہوگا، اپنے ہوم گراؤنڈ پر کراچی کنگز 4 میچز کھیلے گی۔

    کراچی کنگز اپنا دوسرا میچ 23 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے کراچی میں کھیلے گی، تیسرا میچ 28 فروری کو ملتان سلطانز سے ملتان میں ہوگا، جبکہ چوتھا میچ یکم مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ راولپنڈی میں ہوگا۔

    کراچی کنگز کا پانچواں میچ پشاور زلمی سے 2 مارچ کو راولپنڈی میں جبکہ اگلا میچ 6 مارچ کو ملتان سلطانز سے لاہور میں ہوگا۔

    اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہونا پی سی بی کی کامیابی ہے، پانچویں ایڈیشن میں 36 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ لیگ پاکستان کی ہے اور اس کے تمام میچز ہوم گراؤنڈز پر ہی کھیلے جانے چاہیئے۔ گزشتہ ایڈیشن کے اختتام پر پاکستانی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل 2020 کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے اور آج وہ وعدہ وفا ہو رہا ہے۔

  • شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل کا بے صبری سے انتظار، کاؤنٹ ڈاؤن کلاک نصب

    شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل کا بے صبری سے انتظار، کاؤنٹ ڈاؤن کلاک نصب

    لاہور: شائقین کرکٹ پاکستان سپر لیگ کے سیزن فائیو کے آغاز کا بے چینی سے منتظر ہیں، جبکہ اسٹیڈیم میں کاؤنٹ ڈاؤن کلاک بھی نصب کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال جو پاکستان کرکٹ کے لیے خوشگوار رہا اور عالمی کرکٹ بحال ہوئی وہیں 2020 میں بھی شائقین کرکٹ کھیل کا میدان آباد اور رنگوں سے بھرا دیکھیں گے۔

    پاکستان سپر لیگ کاؤنٹ ڈاؤن کلاک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے مرکزی دروازے پر نصب کردیا گیا ہے۔

    پی ایس ایل سیزن فائیو کے آغاز میں 50دن باقی رہ گئے ہیں، پی ایس ایل سیزن فائیو 20فروری سے 22مارچ تک جاری رہے گا، لاہور میں فائنل سمیت پاکستان میں 14میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ اگلے سال پی ایس ایل کو مزید وسیع کیا جائے گا۔

    پی ایس ایل 5: شائقین کے لیے زبردست خوش خبری

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا گزشتہ روز انٹرویو میں کہنا تھا کہ رواں سال ملک میں پی ایس ایل کے تمام میچز ہورہے ہیں، جبکہ 2021  میں چھ شہروں میں اس میگا ایونٹ کے میچز ہوں گے۔

    خیال رہے کہ قومی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کا شیڈول تیار کرلیا جس کا باقاعدہ اعلان آج کیا جائے گا۔پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ کراچی جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا، رواں سال ہونے والے ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان کے چار بڑے شہروں میں کھیلے جائیں گے۔