Tag: PSL

PSL News in Urdu- پاکستان سپر لیگ یعنی پی ایس ایل سے متعلق تازہ ترین خبریں

کراچی کنگز، پشاور زلمی  ملتان سلطانز

لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

PSL is a cricket league played in Pakistan with Islamabad, Karachi, Multan, Peshawar, Multan

کراچی کنگز

  • اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو1رن سے ہرا دیا

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو1رن سے ہرا دیا

    دبئی : اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ائیٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو جیت کے لیے 166 رنز درکار تھے۔ احمد شہزاد اور کیون پیٹرسن کی نصف سنچری بھی کام نہ آسکی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منہ سے فتح چھین لی، دلچسپ مقابلے کے بعد کوئٹہ کو ایک رن سے ہرادیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز اچھا نہ ہوا، پہلے ہی اوور میں ڈیوئن اسمتھ کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

    پہلا میچ کھیلنے والے حسین طلعت نے دھواں دھار ففٹی بنائی۔ مصباح الیون مقررہ اوورز میں ایک سو پنسٹھ رنزبناسکی۔ ذوالفقاربابر اورانورعلی نے دودو وکٹیں حاصل کیں۔

    ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کو بھی ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا، ابتدائی نقصان کے بعد کوئٹہ سنبھل گیا۔ احمد شہزاد اور کیون پیٹرسن کے درمیان ایک سو تینتس رنز کی شراکت نے میچ یکطرفہ بنادیا۔

    شاداب خان نے کیون پیٹرسن کو 69 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ لیکن میچ میں انہونی اس وقت ہوئی، جب کوئٹہ کو بارہ گیندوں پر صرف سات رنز درکار تھے، لیکن کوئٹہ ایک رن سے ہارگیا۔

    محمد سمیع کو ان کی کارکردگی پر مین آف دی میچ کا اعزاز ملا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے ذوالفقار بابر نے 17 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں لیکن دوسری جانب انور علی بہت مہنگے ثابت ہوئے اور اپنے چار اوورز میں 51 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔

  • لاہور ڈیفنس میں دھماکہ‘ آٹھ جاں بحق 21 زخمی

    لاہور ڈیفنس میں دھماکہ‘ آٹھ جاں بحق 21 زخمی

    لاہور: ڈیفنس کے علاقے میں ریستوران میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ‘ جبکہ 21 زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب گلبرگ دھماکے کی اطلاعات کو رسیکیو 1122 نے افواہ قراردے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز جمعرات لاہور کےعلاقے ڈیفنس زیڈ بلاک میں واقع ریستوران میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں آٹھ افراد کے جاں بحق ہوئے ہیں جن کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ ریستوران کے ملازمین ہیں جبکہ بیشتر کی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

    قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں اور میتیوں اور زخمیوں کو قریب ہی واقع نیشنل اسپتال اور جنرل اسپتال منتقل کیا گیا  ہے۔

    وزیراعظم کی مذمت


    وزیراعظم نوازشریف نے لاہور دھماکےمیں جانی نقصان پراظہارافسوس کرتے ہوئے حکومتِ پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کوبہترین طبی سہولتیں دی جائیں۔

    وزیراعظم نے لاہور دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افرادکےایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی‘ اورسوگوارخاندانوں کے لیے اللہ تعالیٰ سے صبرجمیل طلب کیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کی مذمت


    وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    گلبرگ میں دھماکہ افواہ ہے‘ ریسکیو انچارج


    لاہورکے علاقے گلبرگ میں دھماکے کی اطلاعات افواہ نکلیں ‘ ریسکیوانچارج پنجاب نے تصدیق کردی ہے‘ دوسری جانب وزیرِ قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تفتیش کی جائے گی کہ پولیس کے ذریعے میڈیا تک غلط اطلاع کیسے پہنچی۔

    لاہور ڈیفنس کے بعد گلبرگ کے علاقے میں بھی ایک اورزورداردھماکے کی آواز سنی گئی ہے‘ دھماکہ مین بولیوارڈ کے نزدیک یہ دھماکہ ہوا ہے‘ ذرائع کے مطابق متعدد افرادزخمی ہیں جنہیں گنگا رام اور سروسز اسپتال منتقل کیا جارہاہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ غیر ملکی ریستوران کے پاس ہوا ہے اسی علاقے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی کی رہائش گاہ کے نزدیک دھماکہ ہوا ہے۔

    ریسکیواورقانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوچکے ہیں۔ شہر بھر میں سیکیورٹی کو انتہائی سخت کردیا گیا ہے جبکہ تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    ابتدائی تحقیق کے مطابق دھماکہ بم کا تھا‘ ڈی آئی جی آپریشن


    ڈی آئی جی آپریشن حید اشرف نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہ ہے کہ ابتدائی تحقیق سے لگتا ہے کہ بم نصب کیا گیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں دہشت گردی کی نئی لہر جاری ہے ‘ 11 دنوں میں یہ دوسرا دھماکہ ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو کیفر َ کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

    شاید کسی تعمیراتی میٹریل سے دھماکہ ہوا‘ صوبائی وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ


    صوبائی وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریستوران میں تعمیراتی کام جاری تھا۔ شاید کوئی ایسا میٹریل وہاں موجود تھا جس سے دھماکہ ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ادارے موجود ہیں اور اپنا کام کررہے ہیں۔ انوسٹی گیشن جاری ہے ‘ فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ دھماکے کی نوعیت کیا تھی۔

    رانا ثںا اللہ نے تصدیق کی کہ دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 15 شدید زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

    زخمیوں کی جان بچانا پہلی ترجیح ہے‘ صوبائی وزیرِصحت


    پنجاب کے صوبائی وزیرصحت سلمان رفیق نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکہ جنریٹر کے پھٹنے سے ہوا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھاکہ زیادہ تر زخمیوں کو لاہور کے جنرل اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پہلی ترجیح زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرکے ان کی جان بچانا ہے۔

    دھماکے کے نتیجے میں نہ صرف ریستوران بلکہ پوری عمارت کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ارد گرد موجود عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پولیس حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔ تاحال دھماکے کی نوعیت واضح نہیں کی گئی ہے۔

    صوبائی وزیرصحت سلمان رفیق نے جائے وقوعہ اور جنرل اسپتال کا دورہ بھی کیا ہے۔

    پاک فوج پہنچ گئی


    پاک فوج کے جوان جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اورعلاقے کو کنٹرول میں لے لیا ہے۔ فوج کے جوانوں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد کی تلاش بھی شروع کردی ہے۔

    دھماکہ ڈیفنس کے زیڈ بلاک میں ہوا ہے اور فوج کے جوانوں نے دور دورتک علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

    آپریشن ردُالفَساد


    یاد رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں پاک فوج نے آپریشن ’ردُالفساد‘ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اوراس کے نتیجے میں ملک بھر سے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔

    دہشت گردی کی تازہ لہر


    پاکستان ایک با رپھر دہشت گردی کی ایک نئی لہر کا سامنا کررہا ہے جس کے نتیجے میں ایک مہینے میں دوسری بار لاہور کو نشانہ بنایا گیا ہے اس سے قبل 13 فروری کو لاہور کے علاقے مال روڈ پر ہونے والے ایک احتجاج کے دوران ایک خود کش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 14 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

    اس دھماکے کے دو روز بعد 16 فروری کو سندھ کے شہر سیہون میں واقع حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر عین دھمال کے دوران خود کش حملہ کیا گیا جس میں 94 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    انہی دنوں میں ملک کے دیگر صوبوں میں دھماکوں کا سلسلہ جاری رہا اور کوئٹہ‘ پشاور چارسدہ سمیت کئی شہروں میں دھماکے ہوئے جن میں متعدد افراد شہید ہوئے ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ ان دنوں دبئی میں جاری ہے جس کا فائنل پانچ مارچ کو لاہور میں ہونا ہے‘ دو دن قبل پی سی بی نے ٹیم مالکان کے ساتھ مل کر حتمی فیصلہ کیا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہوگا۔

  • کراچی کنگزکی ٹیم آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرزسے ٹکرائے گی

    کراچی کنگزکی ٹیم آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرزسے ٹکرائے گی

    دبئی : پاکستان سپر لیگ کے تیسرے مرحلے کے میچ میں کراچی کنگز کی ٹیم آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ٹکرائے گی, یہ اہم میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا.

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں دوسری بار دبئی میں آج مدمقابل ہوں گی۔ کراچی کنگز کے پاس ہار کا بدلہ لینے کا بہترین موقع ہے۔

    کراچی کنگز کی گاڑی جیت کے ٹریک پرآگئی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فتح اسے پلے آف مرحلے میں پہنچا سکتی ہے جبکہ کراچی کنگز کے شیروں نے بھرپور کم بیک کرتے ہوئے مسلسل دو میچز جیت کرکوئٹہ کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

     سرفرازالیون سات پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں سرفہرست ہے۔ کراچی کنگز کے پانچ میچ کھیل کر سب سے کم چار پوائنٹس ہیں۔

    کوئٹہ کی ٹیم بیٹنگ پر انحصار کرے گی۔ کراچی کنگز کے باؤلرز کو ڈینجر مین کیون پیٹرسن، سرفراز احمد اور رلی روسو کا روکنا ہوگا۔

    بیٹنگ میں سب کو کرس گیل کے چلنے کا انتظار ہے۔ دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اپنا چھٹا میچ کھیلیں گی۔ کوئٹہ جیت گیا تو اگلے راؤنڈ میں پہنچ جائے گا۔ کراچی کامیابی حاصل کرکے اپنی پوزیشن بہتر بنائے گا۔

  • پاکستان سپر لیگ ، وہاب ریاض اور ان کی اہلیہ کے درمیان جنگ چھڑ گئی

    پاکستان سپر لیگ ، وہاب ریاض اور ان کی اہلیہ کے درمیان جنگ چھڑ گئی

    دبئی : پاکستان سپر لیگ میں جہاں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، شائقین کا جوش تو عروج پر ہے ہی وہیں کرکٹرز کی فیملی بھی اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کو سپورٹ کر رہی ہیں۔

    پاکستان سپر لیگ کے دم دار مقابلے گراونڈ میں جاری ہیں تو سوشل میڈیا پر کرکٹرز کی فیملیز میں نوک جھوک ہورہی ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر وہاب ریاض اور ان کی اہلیہ کے درمیان لفظی جنگ چھڑگئی۔

    wahab

    پشاور ظلمی کے وہاب ریاض جہاں اپنی ٹیم کا مورال بڑھا رہے ہیں وہیں ان کی اہلیہ کا دل لاہور قلندر زکے لئے دھڑک رہا ہے۔

    گزشتہ رات لاہور قلندرز کی فتح پر زینب وہاب نے ٹوئٹ کیا، لاہور کو جیت مبارک ہو، اب کوئی بھی فائنل میں جاسکتا ہے۔

    جس پر پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے فوری ٹوئٹ کیا بیگم سب ٹیموں کو چھوڑیں، صرف پشاور زلمی کی فکر کریں، آپ کو کسی بھی حال میں پشاور کو ہی سپورٹ کرنا ہوگا ورنہ لاہور صرف تین گھنٹے دور ہے۔

    اس پر زینب وہاب نے ٹوئٹ کیا وہ پشاور کو ہی سپورٹ کر رہی ہیں۔ آپ آخری دو میچز میں فتح یقینی بنائیں ورنہ آپ کو مجھ سے پہلے ہی لاہور جانا پڑے گا۔

  • پی ایس ایل : لاہورقلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی

    پی ایس ایل : لاہورقلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی

    شارجہ : پی ایس ایل کے میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے دی، عمر اکمل 66رنز کے ساتھ نمایاں رہ کر مین آف دی میچ قرار پائے ۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا نے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 14 ویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک وکٹ سے ہرا دیا۔گرانٹ ایلیٹ نے چھکا لگا کر لاہور قلندرز کو شاندار کامیابی دلوائی۔

    ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کاآغازمایوس کن تھا، کوئی بھی بلےباز بڑی اننگز نہ کھیل پایا۔ گرانٹ نے سترہ گیندوں پر چھبیس رنزبنائے۔

    لاہور قلندر نے اسلام آباد کے  146 رنز کا ہدف 9 وکٹوں پر حاصل کیا، لاہور قلندرز کے عمراکمل چھیاسٹھ رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عمر اکمل نے زبردست بیٹنگ کی لیکن شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

    اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔ نوجوان کھلاڑی شاداب خان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیالیس رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

    لاہورقلندرز کی جانب سے عامر یامین 3 وکٹیں لے کر کامیاب باؤلر رہے۔ دیگر گیند بازوں میں یاسر شاہ نے 2 جبکہ سہیل تنویر اور سنیل نارائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ لاہور قلندر کے عمر اکمل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

  • کرکٹرشرجیل خان اورخالد لطیف کو چارج شیٹ دے دی گئی

    کرکٹرشرجیل خان اورخالد لطیف کو چارج شیٹ دے دی گئی

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے شرجیل خان اور خالد لطیف کوچارج شیٹ تھما دی، دونوں کھلاڑی 14روز میں جواب دینے کے پابند ہوں گے، کھلاڑیوں نے صحت جرم سے انکار کیا تو کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی شرجیل خان اورخالد لطیف سے تحقیقات جاری ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں پر پی ایس ایل ٹو میں اسپاٹ فکسنگ کا الزام ہے۔

    آج دونوں کھلاڑی یونٹ کے سامنے پیش ہوئے، ابتدائی تحقیقات کے بعد پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل (ر) اعظم نے دونوں کھلاڑیوں کوچارج شیٹ دے دی۔ دونوں کھلاڑیوں پر پیسے لے کر میچ خراب کرنے کا الزام ہے۔ذرائع کےمطابق دونوں کھلاڑیوں نے جرم کا اعتراف کرنے سے انکار کردیا۔

    شرجیل اور خالد لطیف کو دی جانے والی چارج شیٹ کی تفصیلات اے آروائی نیوز نے حاصل کرلی۔ چارج شیٹ میں دونوں پر اسپاٹ فکسنگ کا الزام لگایا گیا ہے۔

    چارج شیٹ میں شرجیل خان اور خالد لطیف پر لگایا جانے والا پہلا الزام ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے ملک کی شہرت اور کرکٹ کو خراب کیا۔ دوسرا الزام ہے کہ انہوں نے فکسنگ کی پیشکش سنی اوراسے قبول کی۔

    تیسرا الزام یہ ہے کہ پی سی بی کو فکسنگ کی رپورٹ نہیں کی گئی، اس کے علاوہ تحقیقات کے دوران جرم کا اقرار نہ کرنا اورخالد لطیف پر سہولت کاری کے الزامات بھی چارج شیٹ میں شامل ہیں۔ دریں اثناء ساتھی کھلاڑیوں کو فکسنگ کیلئے اکسانے کا الزام بھی خالد لطیف پر لگایا گیا ہے۔

    قوانین کے مطابق دونوں کھلاڑی اپنے اوپر عائد کردہ الزامات کا چودہ روز میں جواب داخل کرائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اگرشرجیل خان اورخالد لطیف نے اسپاٹ فکسنگ کے حوالے لگائے گئے الزامات سے انکار کیا تو سابق جج کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو سماعت کے بعد فیصلہ سنائے گی۔

    دوسری جانب اگرکھلاڑیوں نے جرم تسلیم کرلیا تو پی سی بی اینٹی کرپشن کے ٹریبونل دونوں کھلاڑیوں کی قانون کے مطابق سزاؤں کا تعین کرے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز دونوں کھلاڑیوں کو نوٹس جاری کیے گئے تھے اور اینٹی کرپشن یونٹ نے دونوں کرکٹرز سے موبائل فونز لے کر اپنے قبضے میں لے لئے تھے۔

  • پی سی بی نے اوپنرناصرجمشید کو بھی معطل کردیا

    پی سی بی نے اوپنرناصرجمشید کو بھی معطل کردیا

    لاہور : پی سی بی نے قومی ٹیم کے اوپنر ناصر جمشید کو بھی معطل کردیا، ناصر جمشید کیخلاف اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے اوپنر ناصر جمشید کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر کھیل کے تینوں فارمیٹ سے معطل کر دیا ہے، ناصر جمشید تاحکم ثانی کسی بھی ڈومیسٹک یا انٹرنیشنل سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے.

    دوسری جانب پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کے سربراہ نجم سیٹھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناصر جمشید کیخلاف یہ کارروائی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر کی گئی ہے اور ان کو تمام طرز کی کرکٹ سے معطل کیا گیا ہے.

    اس سے قبل پی ایس ایل کی اسلام آباد ٹیم میں شامل دو کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو بھی کرپشن کے الزامات کے تحت پی ایس سے برطرف کر کے وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔

    یہ اطلاعات گردش میں تھیں کہ ناصر جمشید نے الزامات کی زد میں آنے والے دونوں کھلاڑیوں کے بکیز کے ساتھ رابطوں میں کردار ادا کیا تھا.

    مذکورہ اوپنر نے 4 مارچ 2015 کو کھیلے جانے والے ون ڈے میچ میں آخری بار ملک کی نمائندگی کی تھی۔

  • پی ایس ایل میں‌ اسپاٹ فکسنگ کی گونج، شائقین برہم

    پی ایس ایل میں‌ اسپاٹ فکسنگ کی گونج، شائقین برہم

    کراچی: پاکستان سپر لیگ کے ایڈیشن ٹو میں اسپاٹ فکسنگ کا معاملہ سامنے آنے سے عوام مایوسی کا شکار ہونے لگے، سوشل میڈیا پربھی اسپاٹ فکسنگ کا چرچا ہونے لگا۔

    اطلاعات کے مطابق پی ایس ایل کی چمک دھمک کرپشن کی گونج سے ماند پڑنے لگی، شائقین افسردہ ہوگئے اور فاتح ٹیموں کی فتح بھی مشکوک دکھائی دینے لگی۔


    ایونٹ شروع ہونے سے قبل میڈیا ہو یا سوشل ویب سائٹس ، ہر طرف پی ایس ایل کا چرچا تھا تاہم اب اس چرچے کا رخ بدل کر اسپاٹ فکسنگ کی گونج میں تبدیل ہوگیا ہے۔

    کرکٹ کے دیوانے کہتے ہیں کہ ہمیں مایوس کردیا گیا، ہماری خوشی چھین لی گئی، اگر کرکٹرز ملوث ہیں تو انہیں ایسی سزا دی جائے تاکہ دیگر کرکٹرز عبرت حاصل کریں اور آئندہ کوئی بھی کرکٹر شائقین کے دلوں سے کھیلنے کی کوشش نہ کرے۔

    ایک شائق کا کہنا تھا کہ جب کہ ہم پس پردہ بیٹھے بکیز اور سٹے بازوں کا قلع قمع نہیں کریں گے اس وقت تک یہ سب کچھ چلتا رہے گا، یہ سٹے باز ہمیشہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بنتے رہےہیں۔

    ایک اور شائق کا کہنا تھا کہ کرکٹرز ہمارے پاکستان کے سفیر ہوتے ہیں، اگر یہی لوگ ایسا کریں گے اور ہمارے جذبات مجروح کریں گے تو
    تو ملک کا امیج منفی ہوجائے گا، ان کو سخت سزا دی جائے۔

    دیگر شائقین نے بھی اے آر وائی سے بات کرتے ہوئے ملوث کرکٹرز کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا، کچھ نہ کہا کہ کاش یہ خبریں جھوٹی ہوں۔

    ٹوئٹر پر بھی کرکٹ لورز نے بے شمار کمنٹ کیے جن کی اکثریت نے ملوث کرکٹرز کو تحقیقات کے بعد سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

  • میرے خلاف چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں، عماد وسیم

    میرے خلاف چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں، عماد وسیم

    دبئی : کراچی کنگز کے خلاف بے بنیاد خبریں چلانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور کچھ چینلز نے کراچی کنگز کے کھلاڑی عماد وسیم کے خلاف جھوٹی خبریں چلادیں، آل راؤنڈر عماد وسیم کا کہنا ہے کہ میرے خلاف چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔


    پی ایس ایل کے خلاف سازش یا کراچی کنگز سے دشمنی میں کچھ چینلز نے کراچی کنگز کے کھلاڑی عماد وسیم کے خلاف جھوٹی خبریں چلادیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کراچی کنگز کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میرے خلاف چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں، میں نے ہمیشہ ایمانداری سے کرکٹ کھیلی ہے، میں پاکستان سے پیار کرتا ہوں، کراچی کنگز کے لئے بھی ہمیشہ ایمانداری سے کھیلا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈر عماد وسیم کو تحقیقات کے لئے نہیں بلایا گیا، عماد وسیم کے خلاف منفی پروپیگینڈا کیا گیا، عماد وسیم سے پوچھ گچھ سے متعلق آنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

    کراچی کے شہریوں نے سوال کیا کہ کراچی کنگز کے خلاف بے بنیادخبریں کیوں چلائی جارہی ہیں؟ بغیرتصدیق کے الزام لگانا کیا درست ہے؟شہریوں کا کہنا ہے کہ بغیر تحقیق اور تصدیق کے خبریں چلا کر کراچی کنگز کونقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کرکٹ صرف جنون ہی نہیں یہ ہمیں متحد بھی کرتی ہے، کرکٹ یا پاکستان کے بارے میں منفی تاثر نہیں جانا چاہئیے، توقع ہے پی ایس ایل2017کا سیزن اچھا رہے گا۔

    دوسری جانب مالک کراچی کنگز سلمان اقبال کی پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ سے ملاقات ہوئی، مالک کراچی کنگز نے کہا کہ اینٹی کرپشن یونٹ کے اہم افسران سے ملاقات ہوئی ہے، اینٹی کرپشن یونٹ نے شاہ زیب حسن کوکلین چٹ دیدی ہے۔


    مزید پڑھیں : پی ایس ایل: اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف، شرجیل خان اور خالد لطیف ایونٹ سے باہر


    گذشتہ روز پاکستان سپر لیگ میں دو کھلاڑیوں  کے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا نکشاف ہوا، جس کے بعد پی سی بی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرتے ہوئے ایونٹ سے باہر کردیا، کھلاڑیوں نے اعتراف جرم کرلیا اور دبئی سے کراچی واپس پہنچ گئے ہیں۔

  • پی ایس ایل: اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف، شرجیل خان اور خالد لطیف ایونٹ سے باہر

    پی ایس ایل: اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف، شرجیل خان اور خالد لطیف ایونٹ سے باہر

    دبئی : پاکستان سپر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف ہوا ہے، پی سی بی نے اسلام آباد یوئانیٹڈ کے دو کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرتے ہوئے ایونٹ سے باہر کردیا، کھلاڑیوں نے اعتراف جرم کرلیا اور دبئی سے کراچی واپس پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ میں اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف ہوا ہے جس سے لیگ کو زبردست دھچکا لگا ہے تاہم پی سی بی کے باخبر رہنے کی وجہ سے پی ایس ایل میں کرپشن نہ ہوسکی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شرجیل خان اورخالد لطیف کو اسپاٹ فکسنگ میں ملوث قرار دیتے ہوئے انہیں معطل کرکے وطن واپس روانہ کردیا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دونوں کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے، شرجیل خان اور خالد لطیف پرواز ای کے602 سے کراچی پہنچے۔

    اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا الزام میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ شاہد ہاشمی نے بتایا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بعد پی سی بی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو معطل کرکے وطن واپس بھیج دیا اور مزید تحقیقات شروع کردیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی آفیشلرز اور اینٹی کرپشن یونٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف تحقیقات کیں بلکہ دونوں کھلاڑیوں سمیت اس پوری سینڈیکیٹ کو پکڑا جس کا کھلاڑیوں سے رابطہ تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کرکٹ ایسے واقعات سے پہلے ہی متاثر ہے اور اب یہ جو خبر سامنے آئی ہے یہ بہت بڑی خبر ہے جس سے پی ایس ایل متاثر ہوگی تاہم ساتھ ہی ساتھ پی سی بی کا اقدام بھی قابل تعریف ہے کہ انہوں نے فوری کارروائی ہوئی۔

    شاہد ہاشمی نے مزید بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کو سزا ملے گی، ان کا کیریئر متاثر ہوسکتا ہے، تحقیقات میں اگر الزامات ثابت ہوگئے تو انہیں بڑی پابندی کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب لاہور سے نمائندہ اے آروائی نیوز شہزاد ملک نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان اورنجم سیٹھی کے رد عمل سامنے آرہے ہیں جہنوں نے شفافیت پر زور دیا ہے، دونوں کھلاڑیوں کے خلاف آئی سی سی اور اے سی یو کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔

    پی سی بی کمنٹ نہیں کرسکتا۔ رپورٹر نے مزید بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کے سٹے بازوں سے روابط سامنے آئے ہیں۔ اینٹی کرپشن یونٹ نے پی سی بی حکام کو یہ بات رپورٹ کرائی جس کے بعد انہیں معطل کیا گیا۔

    اب دونوں کھلاڑیوں کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف وزری پر پاکستان کرکٹ ٹیم سے بھی معطل کیا جائےگا، جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں دونوں کھلاڑی کسی بھی فارمیٹ کے انٹرنیشنل کھیل کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

    شہزاد ملک نے بتایا کہ پی سی بی نے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک اس معاملے پر مزید کوئی بات نہیں کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ شرجیل خان اور خالد لطیف پی ایس ایل ایڈیشن ٹو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کررہے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے تک دونوں کھلاڑی پی ایس ایل ٹو میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

    مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے میچ کے بعد ایک مشکوک شخص سےملاقات کی،  شرجیل خان اور خالد لطیف کی مشکوک شخص سے ملاقات کے ویڈیو کلپس بطورثبوت موجود ہیں، دونوں کھلاڑیوں کی ملاقاتیں پبلک مقامات پر ہوئیں۔

    نجم سیٹھی کے کرپشن کے خلاف نوکمپرومائز نے بھارتی لابی کو چپ کرادیا،  تحقیقات میں شرجیل خان اورخالد لطیف نے ملاقات کا اعتراف کرلیا ہے۔

    دونوں کھلاڑیوں کو عبوری طور پر معطل کر کے وطن واپس بھیجا گیا، ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہوئے تو ان کا انٹرنیشنل کیریئر بھی داؤ پر لگ جائے گا۔

    اطلاع ہمارے اینٹی کرپشن یونٹ نے دی، نجم سیٹھی

    اس حوالے سے چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی کرپشن کےخلاف ہماری زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، ہمارے یونٹ نے اطلاع دی تھی جس پر کارروائی کی گئی، اب بھی کوئی شک یا کوئی ثبوت ملا تو ایسا ایکشن پھر لیا جائے گا۔

    خالد لطیف کی وجہ سے راشد لطیف کی ساکھ خراب ہوگی، باسط علی

    سابق کرکٹر باسط علی نے اے آر وائی سے گفتگو میں کہا کہ پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کو معطل کرکےاچھا اقدام کیا ہے۔ اگر آپ کرکٹ کے نقطہ نظر سے دیکھیں تو یہ خوش آئند بات ہے کہ پی سی بی نے انڈین کرکٹ بورڈ کی طرح نہیں کیا بلکہ اپنے پلیئرزکے خلاف کارروائی کی ہے جو آئندہ آنے والے کرکٹرز کے لیے مثال اور مقام عبرت ہوگی۔

    اینکر کے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی میڈیا اس بات کو منفی طور پر اچھالے گا لیکن پی سی بی کے لیے یہ اچھا ہوا کہ جرم پکڑا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ خالد لطیف کا نام سن کر حیرانی ہوئی، خالد لطیف راشد لطیف کے بہت قریب ہیں اس سے راشد لطیف کی ساکھ خراب ہوگی۔

    باسط علی نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کے معاملات سامنے آنے کے بعد لاہورکے ہارنے پربھی انگلیاں اٹھ سکتی ہیں، گزشتہ روز کھیلے جانے والے میچ کا نتیجہ بھی مشکوک ہوگیا ہے کیوں کہ عوام کہتی ہے میچ فکس کرکے ہارے ہوں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی تو نہیں لگ سکتی تاہم کئی سال کی پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔

    شرجیل کے گھر کے باہر لوگوں کا رش لگ گیا

    خبر سنتے ہی حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد میں شرجیل خان کے گھر کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جن کا کہنا تھا کہ شرجیل اسپاٹ فکسنگ میں ملوث نہیں ہوسکتا۔

    نمائندہ اے آر وائی کے مطابق آفتاب زئی کے مطابق شرجیل خان کے مداحوں نے کہا کہ تحقیقات ہونے تک اور جرم ثابت ہونے تک انہیں پی ایس ایل میں کھیلنا چاہیے، ان کے ساتھ فراڈ ہوا وہ ایسے کھلاڑی نہیں، ان کے خلاف پروپیگنڈا ہورہا ہے، وہ ایک اچھے بیٹسمین ہیں، یہ شرجیل کے خلاف سازش ہے۔

    دریں اثنا دونوں معطل کھلاڑی دبئی سے کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئےجو اسپاٹ فکسنگ کی تحقیقات مکمل ہونے تک کسی بھی میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے شاہد ہاشمی نے بتایا کہ شرجیل دوران پرواز روتے رہے۔