Tag: #PSL2018

  • پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

    پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

    لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 2020) کی انعامی رقم اس سال 10 لاکھ امریکی ڈالرز رکھی گئی ہے، ایونٹ نے ایک بار پھر شائقین کرکٹ کے دلوں میں جوش و جذبہ بھر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل 5 کے لیے انعامی رقم کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، اس ایونٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، فائنل کی فاتح ٹیم ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ امریکی ڈالرز کی حق دار ٹھہرے گی۔

    ایونٹ کی رنراپ ٹیم کو 2 لاکھ امریکی ڈالر دیے جائیں گے، ایونٹ میں ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ ایوارڈ کے طور پر 4500 امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی، ایونٹ کے لیے مجموعی انعامی رقم دس لاکھ امریکی ڈالرز رکھی گئی ہے۔

    پاکستان سپر لیگ کی چمچماتی ٹرافی سے متعلق جاننے کے لیے کلک کریں

    80 ہزار ڈالر ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بلے باز، باؤلر اور اسپرٹ آف کرکٹ کے لیے مختص کیے گئے ہیں، بہترین رن آؤٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بھی انعام کے حق دار ہوں گے۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل فائیو کا باقاعدہ آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہو رہا ہے، پی ایس ایل 2020 کے دوران کُل 34 میچز کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ 22 مارچ تک جاری رہے گا، افتتاحی میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی ٹرافی برطانیہ کی ایک کمپنی اوٹ وِل سلور اسمٹس نے تیار کی ہے، جس کے اوپر نصب ایک چاند اور سہ جہتی ستارہ پاکستان کی نمایندگی کر رہے ہیں، 65 سینٹی میٹر لمبی اس ٹرافی کا کل وزن 8 کلوگرام ہے، چمچماتی ٹرافی کے اردگرد مخصوص رنگ بھی نمایاں ہیں۔

  • کراچی کنگز : سوات سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز، نوجوانوں کا زبردست جوش وخروش

    کراچی کنگز : سوات سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز، نوجوانوں کا زبردست جوش وخروش

    کراچی : پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کیلئے ثابت قدم ہے، کھلاڑی کی کھوج کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا سوات سے آغاز کردیا گیا، کھلاڑیوں کی بڑی تعداد ٹرائلز دینے پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز نے جو وعدہ کیا وہ پورا کردیا، کراچی کنگز کھلاڑی کی کھوج ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام آج سے سوات میں شروع ہوگیا، نوجوان کرکٹرز کی بڑی تعداد منگورہ گراؤنڈ میں ٹرائلز دینے پہنچ گئی۔

    اس موقع پر نوجوان کرکٹرز نے موقع دینے پر کراچی کنگز کا شکریہ ادا کیا، مینگورہ کے گراسی گراؤنڈ میں ہونے والے ٹرائلز میں بہترین بالر، بیٹسمین اور وکٹ کیپر کا انتخاب کیا جائے گا۔

    پروگرام میں نوجوان کرکٹرز صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے اور کامیاب ہونے پر کراچی کنگز میں شامل ہونے کا موقع پائیں گے۔ سوات کے بعد خیبرپختونخواہ کے شہر صوابی اور پھر ڈیرہ اسماعیل خان میں کراچی کنگز کے ٹرائلز شروع کیے جائیں گے۔

    صوابی کے گوہاٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیاریاں کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور پچ کو رولر لگادیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سیالکوٹ، خانیوال، بورے والا اور صادق آباد میں نئے باصلاحیت کھلاڑی سامنے لانے کے لیے ٹرائلز صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کیے جائیں گے۔

  • پی ایس ایل 2018 : کراچی کنگز آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائے گی

    پی ایس ایل 2018 : کراچی کنگز آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائے گی

    دبئی: پاکستان سپرلیگ کے پلے آف مرحلے میں آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں ٹکرائیں گی، جیتنے والی ٹیم فائنل کے لیے کراچی کی اڑان بھرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں آج کراچی کنگز کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا، جیتنے والی ٹیم فائنل جبکہ ہارنے والی ٹیم کو ایک اور موقع ملے گا اور وہ دوسرے کوالیفائنگ میچ کی فاتح ٹیم سے کھیلے گی۔

    خیال رہے کہ دوسرا کوالیفائنگ میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان 20 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے اور جیتنے والی ٹیم پہلے کوالیفائنگ کی ہارنے والی ٹیم سے 21 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوگی۔


    کراچی کنگز کی شاندار فتح، پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا


    یاد رہے کہ دوروز قبل پاکستان سپرلیگ کے انتہائی اہم اور بڑے میچ میں کراچی کنگز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ کا فائنل 25 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، میچ کے موقع پر شاہراہ فیصل اور کارساز روڈ پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پی ایس ایل 3: سیمی فائنل کی تیاریاں عروج پر، پنجاب حکومت متحرک

    پی ایس ایل 3: سیمی فائنل کی تیاریاں عروج پر، پنجاب حکومت متحرک

    لاہور: پنجاب حکومت نے پی ایس ایل 3 کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے مقابلوں کے پیش نظر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی تیاریاں شروع کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے 20 اور 21 مارچ کو لاہور میں ہونے والے میچیز کی سیکیورٹی کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا، سیکیورٹی کے لیے درکار سامان کی فراہمی کے لیے حکومت نے متعلقہ محکموں کو خط ارسال کردیے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 3 میں  گذشتہ دو سیزن کے مقابلے میں رواں سال بہترین سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، اس ضمن مین ڈی آئی جی نے اہلکاروں کی تعیناتی کے لیے آئی جی کو خط ارسال کردیا۔ ذرائع کے مطابق مختلف محکموں کو ارسال کیے گئے خط میں ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کے لیے اسلحہ (ایل ایم جیز اور دیگر جدید مشین گنز) فراہمی کی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائنل، ٹکٹس کی تفصیلات جاری

     میچ کے دوران اسٹیڈیم اور اُس کے اطراف 18 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے علاوہ ازیں جن ہوٹلز میں کھلاڑی قیام پذیر ہوں گے وہاں پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے جائیں گے، لاہور کے علاوہ دیگر شہروں کے ڈی پی اوز کو بھی سیکیورٹی کے لیے طلب کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 فروری سے دبئی میں ہوا جو 25 مارچ تک جاری رہیں گے۔  پی ایس ایل کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوچکا جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹیموں کے مابین مقابلے جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل سیریز کے تیسرے ایڈیشن کے سیمی فائنل 20 اور 21 مارچ کو لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 25 مارچ کو کھیلا جائے گا جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے پرمطمئن ہیں، پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی میں ہی ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پشاور بمقابلہ کوئٹہ، زخمی سیمی نے اپنی ٹیم کو فتح‌ دلوا دی

    پشاور بمقابلہ کوئٹہ، زخمی سیمی نے اپنی ٹیم کو فتح‌ دلوا دی

    شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے دسویں‌ میچ میں‌ پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن تھری کے 10ویں میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، زلمی کی کپتانی ڈیرن سیمی جبکہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد نے کی۔

    پشاور زلمی کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور سرفراز الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز اسد شفیق اور شین واٹسن نے کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا، سرفراز الیون کی پہلی وکٹ 11 جبکہ دوسری 60، تیسری 67، چوتھی 83، پانچویں 125، چھٹی 130، ساتویں 132 اور آٹھویں 135 کے مجموعی اسکور پر گری۔

    شین واٹسن 47 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ زلمی کے باؤلر عمید آصف، وہاب ریاض اور ڈیرن سیمی نے دو دو جبکہ ثمین گل اور خالد عثمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے پشاور زلمی کو مقررہ 20 اوورز میں جیت کے لیے 120 رنز کا ہدف دیا۔

    پشاور زلمی کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز تمیم اقبال اور کامران اکمل نے کیا، سیمی الیون کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹک نہیں سکا تاہم اوپنر تمیم اقبال 36 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہے۔

    زلمی کے کپتان پہلی اننگز میں زخمی ہوگئے تھے تاہم انہوں نے پانچواں کھلاڑی آنے کے بعد کریز سنبھالی اور اپنی ٹیم کو ناقابلِ یقین فتح دلوائی، آخری اوور میں پشاور کی ٹیم کو 10 رنز درکار تھے جسے سیمی نے 2 گیندوں قبل ہی پورا کردیا۔

    پشاور زلمی اننگز

    سولہویں اوور میں محمد حفیظ کیچ آؤٹ ہوکر 29 کے انفرادی جبکہ 107 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے بعدازاں تمیم اقبال بھی رن آؤٹ ہوگئے، اٹھارویں اوور میں میچ سسنی خیز مرحلے میں داخل ہوا تو زلمی کے زخمی کپتان نے آکر کریز سنبھالی اور عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 16 رنز بناکر ٹیم کو ناممکن فتح دلوائی۔

    پشاور زلمی کے بلے باز تمیم اقبال اور محمد حفیظ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پندرہویں اوور کے اختتام پر مجموعی اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 107 تک پہنچایا۔

    سیمی الیون نے تیز کھیل پیش کیا اور اگلے پانچ اوورز میں 76 رنز بنائے، دسویں اوور کے اختتام پر زلمی کا مجموعی اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 76 تک پہنچا۔

    پشاور زلمی کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز تمیم اقبال اور کامران اکمل نے کیا، تیسرے اوور کی پہلی بال پر سیمی الیون کی پہلے بلے باز کامران اکمل 10 کے انفرادی جبکہ 23 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے، پانچ اوورز کے اختتام پر ٹیم کا مجموعی اسکور 1 وکٹ کے نقصان پر 29 تک پہنچا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اننگز

    آخری کے پانچ اوورز میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے مجموعی اسکور میں 41 رنز کا اضافہ کیا اور اس طرح بیسویں اوور کے اختتام پر سرفراز الیون کا اسکور 7 وکٹوں کے نقصان پر 141 تک پہنچا۔

    پندرہ اوورز کا کھیل مکمل ہونے پر گلیڈی ایٹرز کا مجموعی اسکور 110 رنز چار کھلاڑی آؤٹ تک پہنچا۔

    نئے آںے والے بیٹسمین عمر امین زیادہ دیر وکٹ پر ٹک نہیں سکے اور وہ وہاب ریاض کی گیند پر 11 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے، بعد ازاں دسویں اورر کی چوتھی بال پر خالد عثمان کی بال پر کلین بولڈ ہوئے، واٹسن نے 32 گیندوں پر پانچ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 47 رنز اسکور کیے، دسویں اوور کے اختتام پر گلیڈی ایٹرز کا مجموعی اسکور 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 69 تک پہنچا۔

    عمر امین ڈیرن سیمی کی گیند پر آؤٹ‌ ہوئے

    شین واٹسن تین رنز کم سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے

    سرفراز الیون کو اوپنگ کا آغاز اچھا نہ مل سکا، اسد شفیق تیسرے اوور کی دوسری بال پر 9 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے، 5 اوورز کے اختتام پر گلیڈی ایٹرز کا مجموعی اسکور 1 کھلاڑی کے نقصان پر 29 تک پہنچا۔

    گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز اسد شفیق اور شین واٹسن نے کیا جبکہ زلمی کے ڈبیو کرنے والے باؤلر ثمین گل نے پہلا اوور کروایا جس میں صرف ایک رن ہی بن سکا۔

    ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر سرفراز احمد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پشاور زلمی کی ٹیم نے تین تبدیلیاں‌ کی گئی ہیں‌ جبکہ کوئٹہ گلیڈیٹرز کی ٹیم میں‌ایک تبدیلی کی گئی۔

    ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتے تب بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے، گراؤنڈ چھوٹا ہے تو مخالف ٹیم کو جیت کے لیے بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

    پشاور زلمی نے اب تک تین میچ کھیلے جن میں سے انہیں صرف ایک میں فتح ملی، سیمی الیون کے لیے آج کا میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دینے کے بعد گلیڈی ایٹرز کے حوصلے بھی بلند ہیں۔

  • پیٹرسن کی شاندار بیٹنگ، گلیڈی ایٹرز کی فتح، اسلام آباد کو شکست

    پیٹرسن کی شاندار بیٹنگ، گلیڈی ایٹرز کی فتح، اسلام آباد کو شکست

    شارجہ: پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کے 9ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیوین پیٹرسن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے کے پہلے جبکہ ایونٹ کے نویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز جبکہ یونائیٹڈ کی کپتانی مصباح الحق نے کی۔

    سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے مصباح الحق کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، گلیڈی ایٹرز کے کپتان کی حکمت عملی سود مند ثابت ہوئی۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز لک رونچی اور چڈوک والٹن نے کیا اوپنگ جوڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹک سکی، مصباح الیون کا پہلا کھلاڑی 13 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوا، بعد ازاں 25 ، 66 ، 93 ، 99 ، 128 ، 134 کے مجموعی اسکور پر وکٹیں گریں۔

    لک رونچی 26 گیندوں پر 43 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ کپتان مصباح الحق 22 رنز کی اننگز کھیل کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، گلیڈی ایٹرز کی جانب سے انور علی، راحت علی، جون ہیشٹن، حسن خان اور شین واٹسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    مصباح الیون کی جان سے ملنے والے 135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے شاندار بیٹنگ کی اور باآسانی 6 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔

    فائنل اسکور کارڈ

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اننگز

    پیٹرسن کی شاندار اننگز نے گلیڈی ایٹرز کی فتح کو پہلے ہی یقینی بنادیا تھا، نئےآنے والے بیٹسمین سرفراز احمد تھے انہوں نے محمد نواز کا ساتھ دیتے ہوئے 17.3 اوورز میں ہی 135 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کیا۔

    جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے کیون پیٹرسن 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر 48 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، یوں 16ویں اوور میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو چوتھی وکٹ کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    تیسری وکٹ گرنے کے بعد کیون پیٹرسن اور محمد نواز نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 15 اوورز کے اختتام تک ٹیم کا مجموعی اسکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 112 تک پہنچایا، 50 رنز کی پارٹنر شپ نے ٹیم کو مستحکم پوزیشن فراہم کی۔

    چھٹے اوور میں گلیڈی ایٹرز کے اوپنر اسد شفیق 16 گیندوں پر 22 رنز کی اننگز کھیل کر اسٹیفن فن کی بال پر کلین بولڈ ہوئے، 10 اوورز کے اختتام پر سرفراز الیون کا مجموعی اسکور تین وکٹوں کے نقصان پر 73 تک پہنچا۔

    گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز شین واٹسن اور اسد شفیق نے کیا جبکہ یونائیٹڈ کی جانب سے پہلا اوور رومان رئیس نے کرایا، سرفراز الیون کے پہلے بلے باز واٹسن 13 کے انفرادی جبکہ 31 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے علاوہ ازیں پانچویں اوور کی دوسری بال پر عمر امین 6 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، پانچ اوور کے اختتام پر گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 42 رنز اسکور کیے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ اننگز

    شین واٹسن نے 16ویں اوور میں مصباح الحق کو ڈریسنگ روم کی راہ دکھائی، بعد ازاں فہیم اشرف نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ایک ہی اوور میں یکے بعد دیگرے 2 چھکے مارے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 135 تک پہنچانے میں مدد فراہم کی۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھی تاہم چودہویں اوور کی پہلی گیند پر ڈومینی 26 گیندوں پر 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے، پندرہویں اوور کے اختتام پر مصباح الیون کا مجموعی اسکور چار وکٹوں کے نقصان پر 97 تک پہنچا۔

    چھٹے اوور میں لک رونچی نے چھکا لگا کر مجموعی اسکور میں اضافہ کیا اور وہ دو اوور بعد ہی حسن خان کی گیند پر کلین بولڈ ہوکر پویلین لوٹے، رونچی نے 26 گیندوں پر 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 43 رنز اسکور کیے، یوں 66 کے مجموعی اسکور پر یونائیٹڈ کی ٹیم کو تیسرے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، 10 اوورز کے اختتام پر ٹیم کا مجموعی اسکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 70 تک پہنچا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز لک رونچی اور چڈوک والٹن نے کیا، دوسرے اوور کی پہلی بال پر مصباح الیون کا پہلا کھلاڑی 13 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹا، جبکہ پانچویں اوور میں راحت علی نے آصف علی کو کلین بولڈ کر کے پویلین کا راستہ دکھایا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق انجری دور ہونے کے بعد میدان میں اترے جبکہ میچ میں آندرے رسل کی جگہ جین پال ڈومینی کو موقع دیا گیا ہے، گلیڈی ایٹرز نے بھی اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کیں، روسو اور جوفرا آرچر کی جگہ جان ہیسٹنگز اور محمد محمود اللہ کو میدان میں اتارا ہے۔

    اسکواڈ

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں نے پہلے مرحلے میں ایک ایک میچ میں فتح حاصل کی جبکہ دونوں کو ہی ایک ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اسلام آباد یونائیٹڈ کو پشاور زلمی کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ مصباح الیون نے سلطانز کو شکست دے کر فتح حاصل کی تھی۔

    اسی طرح گلیڈی ایٹرز کو کراچی کنگز کے خلاف میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ سرفراز الیون نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر ایک مقابلے میں فتح حاصل کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ایس ایل 2018: پہلا مرحلہ مکمل، کراچی کنگز سرفہرست

    پی ایس ایل 2018: پہلا مرحلہ مکمل، کراچی کنگز سرفہرست

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کا دوسرا مرحلہ کل سے شارجہ میں شروع ہوگا، پہلے مرحلے میں کراچی کنگز کے شیروں نے عمدہ کھیل کی بدولت پہلی پوزیشن حاصل کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا آغاز 22 فروری کو رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا، شائقین کرکٹ سارا سال اپنی پسندیدہ ٹیم اور کھلاڑی کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے بے تاب رہے۔

    پی ایس ایل کی پرنور افتتاحی تقریب میں صوفی کلام پڑھنے والی گلوکارہ عابدہ پروین نے شاندار پرفارمنس سے ایسا سماں باندھا کہ پاکستانی اور غیر ملکی بھی اُن کے سروں پر جھومتے نظر آئے جبکہ علی ظفر کی فضاء میں ہونے والی پرفارمنس بھی شاندار تھی۔

    پانچ روز قبل دبئی میں سجائی جانے والی تقریب کے بعد میچز کا مرحلہ شروع ہوا اور پہلا ٹاکر دفاعی چیمئن پشاور زلمی اور نئی فرنچائز ملتان سلطانز کے مابین ہوا، بعد ازاں پہلے مرحلے میں 6 ٹیموں کے مابین 8 مقابلے ہوئے۔

    مزید پڑھیں: کراچی کنگز پہلے معرکے کی فاتح، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست

    پہلے مرحلے میں کراچی کنگز کے تمام شیروں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تینوں میچز میں فتح حاصل کی جس کے بعد پی ایس ایل کی سب سے بڑی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی جبکہ ملتان سلطانز 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آئی۔

    علاوہ ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تیسرے، دفاعی چیمپئن پشاور زلمی چوتھے، اسلام آباد یونائیٹڈ پانچویں اور لاہور قلندرز کی ٹیم مسلسل تین میچز میں شکست کے بعد بغیر کسی پوائنٹ کے سب سے آخری نمبر پر آئی۔

    پوائنٹس ٹیبل

    ایک روز وقفے کے بعد پی ایس ایل کا دوسرا مرحلہ کل سے شارجہ میں شروع ہوگا، فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے تمام ہی ٹیموں کے کھلاڑی بھرپور توانائی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل تھری : کراچی کنگز نے پشاورزلمی کو5 وکٹوں سے شکست دے دی

    واضح رہے کہ کراچی کنگز نے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں اب تک تین میچز کھیلے اور تینوں میں ہی شاندار کارکردگی دکھا کر فتح اپنے نام کی کراچی کنگز کا پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوا تھا، اس ٹاکرے میں شاہد آفریدی نے سرفراز الیون کے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بلے باز عمر امین کا باؤنڈری پر ناقابل یقین کیچ پکڑا  اور یہی میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، میچ میں کراچی کنگز نے 19 رنز سے فتح حاصل کی۔

    پی ایس ایل کی سب سے بڑی ٹیم کراچی کنگز کا دوسرا مقابلہ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی سے ہوا تھا جس میں کنگز کے شیروں نے سیمی الیون کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

    ویڈیو دیکھیں: شاہد آفریدی کا ناقابلِ یقین کیچ

    کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے مابین تیسرا میچ گزشتہ روز دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں روی بوپارا کی شاندار ففٹی اور آفریدی کی تین وکٹوں لے کر ٹیم کو ناقابلِ یقین فتح دلوائی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • شین واٹسن کی شاندار بیٹنگ، گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں لاہور قلندرز کو شکست

    شین واٹسن کی شاندار بیٹنگ، گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں لاہور قلندرز کو شکست

    دبئی: پاکستان سپرلیگ کے پانچویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے شین واٹسن کی عمدہ اننگز کی بدولت لاہور قلندرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر پہلا میچ جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مد مقابل تھیں، گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد جبکہ قلندرز کی کپتانی برینڈن میکولم نے کی۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر مخالف ٹیم لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، قلندرز کی ابتدا میں بیٹنگ اچھی رہی تاہم گلیڈی ایٹرز نے دفاعی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے میکولم الیون کو محدود کردیا۔

    قلندرز کی جانب سے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا گیا، اوپننگ کے لیے آنے والی جوڑی نے شروع سے ہی تیز کھیل کھیلا تاہم 46 کے مجموعی اسکور پر نارائن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے اور پھر فخر زمان 60 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، بعد ازاں پانچویں اوور میں کپتان میکولم بھی 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور نمایاں بلے باز بھی رہے۔

    میکولم کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹک نہیں سکا اور وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، 79 کے مجموعی اسکور پر کیمرون، 81 پر عمر اکمل، 89 پر رضا حسن، 101 پر گلریز، 105 پر یاسر شاہ اور 106 پر شاہین آفریدی آؤٹ ہوئے۔

    گلیڈی ایٹرز کے باؤلر محمد نواز نے اپنے کامیاب چار اوور کیے جن میں سے ایک میڈن، جبکہ تین میں صرف چار رنز دیے اور دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ارچر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نمایاں باؤلر رہے جبکہ راحت علی، واٹسن اور حسن خان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔ قلندرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 119 رنز بناکر گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 120 رنز کا ہدف دیا۔

    ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اسد شفیق اور شین واٹسن اوپننگ کے لیے آئے، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی اور 92 پر اسد شفیق کی واحد وکٹ گری۔

    گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 120 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 14 اوورز میں حاصل کر کے فتح اپنے نام کی، واضح رہے کہ سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی مسلسل دوسری شکست ہے، شین واٹسن 66 اور اسد شفیق 38 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

    فائنل اسکور کارڈ

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

    گیارہویں اوور کی چوتھی بال پر شین واٹسن سنیل نارائن کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوکر پویلین لوٹے انہوں نے 42 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 66 رنز اسکور کیے اور 14ویں اوور میں گلیڈی ایٹرز نے 120 رنزکا ہدف حاصل کر کے پہلی فتح اپنے نام کی۔

    شین واٹس نے محتاط انداز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 33 گیندوں پر 4 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 56 رنز اسکور کیے، دسویں اوور کی آخری بال پر شین واٹسن نے ایک بار پھر گیند کو باؤنڈری کے باہر پھینک کر 6 رنز حاصل کیے اور اس طرح ٹیم کا مجموعی اسکور بغیر کسی نقصان کے 85 تک پہنچا، آخری 30 گیندوں پر 50 رنز بنے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز اسد شفیق اور شین واٹسن نے کیا جبکہ قلندرز کی جانب سے پہلا اوور رضا حسن نے کروایا، اوپنرز نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی پانچ اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 35 رنز اسکور کیے۔

    لاہور قلندرز

    آخری کے پانچ اوورز میں قلندرز کے تین بیٹسمین گلریز صدف 13 ، یاسر شاہ 2 اور شاہین آفریدی بغیر رن بنائے پویلین لوٹے، سہیل اختر اور مستفیض الرحمان نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں ٹیم کا مجموعی اسکور 119 تک پہنچایا۔

    لاہور قلندرز کی ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور اگلے پانچ اوورز میں ایک وکٹ کہو کر مجموعی اسکور میں صرف 17 رنز کا اضافہ کیا، 15ویں اوور کے اختتام پر میکولم الیون کا مجموعی اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 101 تک پہنچا۔

    گلیڈی ایٹرز کے باؤلروں نے قلندرز کی جارحانہ اننگز کے خلاف دفاعی حکمت عملی اختیار کی اور یکے بعد دیگرے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، دس اوور کے اختتام پر قلندز کا مجموعی اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 84 تک پہنچا۔

    لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز برینڈن میکولم اور سنیل نارائن نے کیا جبکہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلر جوفا ارچی نے پہلا اوور کروایا، قلندرز کے قائد نے ابتداء سے ہی جارحانہ بیٹنگ کی اور دو اوورز میں 21 رنز اسکور کیے۔

    تیسرے اوور کی تیسری بال پر اوپنر سنیل نارائن راحت علی کی بال پر انور علی کے ہاتھوں 28 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے جبکہ پانچویں اوور کی آخری بال پر نئے آنے والے بیٹسمین فخر زمان بھی صرف ایک رن بنا کر ارچی کی بال پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے، پانچویں اوور کے اختتام پر قلندرز کی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز اسکور کیے۔

    سرفراز احمد نے ٹاس جیت پر مخالف ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پچ باؤلرز کے لیے مددگار ہے کوشش رہے گی کہ مخالف ٹیم کو کم سے کم ہدف تک محدود رکھا جائے۔

    برینڈن میکولم نے کہا ٹاس جیتنے کی صورت میں ہم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ دوسری اننگز میں اوس کے باعث پچ میں سؤنگ آجاتا ہے جس کے باعث ہدف کا تعاقب کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

    اسکواڈ

    واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کو ایک ایک میچ میں شکست کا سامنا رہا ہے۔

  • پی ایس ایل 2018 : ملتان سلطان اور لاہور قلندر مدِ مقابل

    پی ایس ایل 2018 : ملتان سلطان اور لاہور قلندر مدِ مقابل

    دبئی : پاکستان سپر لیگ تھری میں آج ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں دوسرا میچ پہلی بار شامل ہونے والی ٹیم ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔

    لاہور قلندر

    لاہور قلندر کی قیادت برینڈن مک کلم کر رہے ہیں ، ان کے علاوہ ٹیم میں عمراکمل اورفخرزمان، نیوزی لینڈ کے اینٹن ڈیوسچ ، بولر سہیل خان، یاسرشاہ ، شاہین آفریدی ، رضا حسن ،  سنیل نرائن ، بلاول بھٹی ، غلام مدثر ، بلال آصف ، عامر یامین ، کیمرون ڈلپورٹ شامل ہیں۔

    ملتان سلطانز

    پہلی بار پی ایس ایل میں شامل ہونے والی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، کیرون پولارڈ، کمار سنگاکارا، صہیب مقصود اور ڈیرن براوو، ورلڈ کلاس سپنر عمران طاہر ، پاکستانی فاسٹ بولرز محمد عباس، عمرگل، محمد عرفان، جنید خان اور سہیل تنویر شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ ملتان سلطان کا دوسرا میچ ہے، پہلے میچ میں ملتان سلطان نے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب، سروں کے رنگ، شاندار آتشبازی کے سنگ

    پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب، سروں کے رنگ، شاندار آتشبازی کے سنگ

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ ہوا، ہزاروں پاکستانی و مقامی شائقینِ کرکٹ نے شرکت کی، پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ انشاء اللہ فائنل کراچی میں ہوگا، پی ایس ایل پوری قوم کا اثاثہ ہے، مستقبل قریب میں لیگ کے تمام میچز پاکستان کے مختلف شہروں میں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا، اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین ’پاک سرزمین شاد باد‘ سنتے ہی احترام میں اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے۔

    سچل اورکیسٹرا بینڈ نے عمدہ طریقے سے پاکستان کا ملی نغمہ پرفارم کیا، بعد ازاں علی ظفر نے فضاء میں اڑتے ہوئے شاندار پرفارمنس پیش کی جبکہ بلال اشرف اور حریم فاروق نے ہوسٹنگ کے فرائض انجام دیے۔


    بعد ازاں رمیز راجہ نے مائیک سنبھالا اور پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کو مدعو کیا اور تمام کپتانوں نے مختصر گفتگو بھی کی۔

    بین القوامی شہرت یافتہ صوفی گلوکارہ عابدہ پروین نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے سماں باندھا، پاکستانی اور غیر ملکی سب ہی اُن کے سروں پر جھومتے نظر آئے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل سیزن 3 دبئی میں پیش کررہے ہیں جس کی بہت خوشی ہے، انشاء اللہ فائنل کراچی میں ہوگا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ خوشخبری یہ ہے کہ آج تمام 10 ہزار ٹکٹ فروخت ہوگئے مگر ٹریفک کی وجہ سے لوگ اسٹیڈیم نہیں پہنچ سکے تاہم جیسے جیسے وقت گزرے گا اسٹیڈیم میں رش نظر آئے گا۔

    نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ساری قوم کا اثاثہ ہے لہذا اسے سیاست دے دور رکھا جائے، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان سپر لیگ کے میچز پاکستان کے مختلف شہروں میں منعقد کیے جائیں گے۔

    علی ظفر ، شہزاد رائے اور جیسن ڈرولو نے شاندار پرفارمنس دی بعد ازاں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس کے باعث آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے بھرا نظر آیا۔

    عابدہ پروین کی پرفارمنس

    پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا وقت جیسے جیسے قریب آرہا تھا شائقین کرکٹ کی دلوں کی دھڑکنیں تیز ہورہی تھیں کیونکہ اس لیگ کے لیے انہوں نے سارا سال انتظار کیا، افتتاحی تقریب میں معروف بھارتی کامیڈین اور اینکر کپل شرما بھی شریک ہوئے۔

    افتتاحی تقریب کے بعد پہلا میچ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے مابین دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل بھی صوفیوں ہی کی طرح محبت بانٹے گا: عابدہ پروین

    گزشتہ روز فنکاروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں عابدہ پروین اپنی آواز کا جادو جگائیں گی جنہیں سُن کر نہ صرف پاکستانی بلکہ غیر ملکی بھی جھوم اٹھتے ہیں۔

    پی سی بی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے تیسرے سیزن کی افتتاحی تقریب کو شائقین کرکٹ مدتوں یاد رکھیں گے کیونکہ اس بار بہت کچھ منفرد ہونے جارہا ہے۔

    دلوں کے بادشاہ کراچی کنگز کی آمد

    یاد رہے کہ پی ایس ایل تھری میں‌ چھ ٹیمیں‌ مدمقابل ہوں گی، ٹرافی حاصل کرنے کے لیے کراچی کنگز، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈز، ملتان سلطانز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ٹکرائیں‌ گی. یہ ٹورنامنٹ 24دنوں پر محیط ہے، جس میں 34 سنسنی خیز مقابلے ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: انشاء اللہ!! کراچی کنگز پی ایس ایل کی ٹرافی جیتے گی، سلمان اقبال

    خیال رہے کہ پی ایس ایل میں کراچی کنگز، لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں تھیں تاہم تیسرے سیزن میں ایک ملتان سلطان کی چھٹی ٹیم کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    دریں اثناء پہلے دو سیزن میں ٹوٹل 24 میچز منعقد کیے گئے تھے تاہم تیسرے سیزن میں مقابلوں کی تعداد بڑھا کر 34 کردی گئی ہے، ابتدائی دو سیزن کے میچ دبئی میں منعقد کیے گئے تھے جبکہ فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔