Tag: #psl2019

  • پی ایس ایل 4 کوالیفائنگ میچ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد گلیڈی ایٹرز کی فتح، فائنل تک رسائی

    پی ایس ایل 4 کوالیفائنگ میچ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد گلیڈی ایٹرز کی فتح، فائنل تک رسائی

    کراچی: پاکستان سپرلیگ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کا چوتھا ایڈیشن کامیابی سے اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، اس ضمن میں آج کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مد مقابل تھیں۔

    پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر سرفراز احمد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اننگز


    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور احمد شہزاد نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو سرفراز الیون کی پہلی وکٹ تین کے مجموعی اسکور پر گری، بعد ازاں واٹسن نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 30 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی، وکٹ کے دوسرے جانب کھڑے کھلاڑی احسن علی نے بھی بھرپور انداز سے ساتھ دیا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے بازوں کی اننگز دیکھ کر ایسا معلوم ہورہا تھا کہ زلمی کو جیت کے لیے بڑا ہدف دے گی مگر وہاب ریاض نے واٹسن کو 71 کے انفرادی جبکہ 114 کے مجموعی اسکور پر کلین بولڈ کیا تو اُس کے بعد لائن لگ گئی، بعد ازاں احسن علی 46 اور روسو گیارہ کے انفرادی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔

    کامران اکمل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور 165 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، بعد ازاں کپتان سرفراز احمد بھی 173 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے واٹسن 71 اور احسن علی 46 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ پشاور زلمی کے وہاب ریاض دو وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کے کامیاب باؤلر رہے۔


     ہدف (187 رنز) کے تعاقب میں پشاور زلمی نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو  پہلے کھلاڑی کامران اکمل 41 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، بعد ازاں صہیب مقصود 55 پر آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے، امام الحق 61 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔

    پشاور زلمی کے چوتھے کھلاڑی 69 اور پھر مصباح الحق 90 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، بعد ازاں کیورن پولارڈ اور ڈیرن سیمی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم دونوں اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 10 رنز سے فتح اپنے نام کی۔

    ڈیرن سیمی نے 21 گیندوں پر 5 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 46 اور کیورن پولارڈ نے 22 گیندوں پر 1 چھکے 6 چوکوں کی مدد سے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ گلیڈی ایٹرز نے محمد حسنین 2 وکٹیں لے کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ شین واٹسن نے آخری اوور میں اہم کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    پشاور زلمی کی ٹیم کو ایلیمنٹر میچ میں ایک اور موقع ملے گا۔ ایلیمنیٹر راؤنڈ کا پہلا میچ 14 مارچ کو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جس میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم دوسرا میچ کھیلے گی۔

    اسکواڈ

    پلے آف مرحلہ مکمل ہونے کے بعد فائنل کھیلنے والی ٹیموں کا اعلان کیا جائے گا۔

    دوسری جانب کراچی میں کرکٹ کا جنون عروج پر ہے، شائقین کرکٹ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل کے تمام میچز میں شرکت کر کے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھا رہے ہیں۔

    عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کو دیکھ کر کرکٹ کے دیوانے خوشی سے پھولے نہیں سما رہے، انہوں نے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم پہنچ کر دنیا کو یہ پیغام بھی دے دیا کہ پاکستان اور بالخصوص کراچی محفوظ ملک ہے۔

  • پی ایس ایل 4 :‌ گلیڈی ایٹرز کی سرفرازی کا سفر جاری، اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست

    پی ایس ایل 4 :‌ گلیڈی ایٹرز کی سرفرازی کا سفر جاری، اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست

    ابوظہبی: پاکستان سپرلیگ کے 26ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نےاسلام آباد یونائیٹڈ کو 43 رنز سے شکست دے کر ایک اور فتح اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ اپنے اختتام کی جانب کامیابی سے گامزن ہے، پی ایس ایل سیزن فور کے چوتھے مرحلے کا چوتھا میچ ابوظہبی کے شیخ زاہد اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے سرفراز احمد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اوپننگ کا آغاز اچھا نہ مل سکا اور 24 کے مجموعی اسکور پر ہی اہم کھلاڑی واٹسن آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوئے، ایک وقت میں یونائیٹڈ کے باؤلرز سرفراز الیون پر حاوی نظر آئے تاہم احمد شہزاد نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز بنائے اور ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور اسکور بورڈ پر 180 رنز کا ہندسہ سجایا۔

    عمر اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکا اور مجموعی اسکور میں صرف 5رنز اضافے کے ساتھ ہی 5 کھلاڑی احمد شہزاد، سرفراز احمد، ڈیوائن براوو،سہیل تنویر اور فواد احمد آؤٹ ہوئے۔ ڈیبیو کرنے والے گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی اعظم خان بھی صرف 12 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے۔

    اسلام آباد اننگز

    گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 181 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں سمیع الیون نے شاندار آغاز کیا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کو اوپنگ پارٹنر شپ 62 رنز کی ملی، پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈلپورٹ تھے جنہوں نے 25 رنز بنائے، بعد ازاں سالٹ اور آصف علی بھی تین رنز اضافے کے بعد 65 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

    لک رونکی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد 43 گیندوں پر 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، انہیں فواد احمد نے پویلین کی راہ دکھائی، یہ آؤٹ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے بدقسمتی ثابت ہوا کیونکہ سمت پٹیل اور فہیم اشرف بھی 2 رنز اضافے کے بعد 111 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

    شاداب خان نے جارحانہ بیٹنگ کی کوشش کی تو وہ بھی 8 کے انفرادی اور 125 کے مجموعی اسکور پر واپس چلے گئے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لک رونکی 64 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ گلیڈی ایٹرز کے فواد احمد 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نمایاں باؤلر رہے، علاوہ ازیں سہیل تنویر اور محمد حسنین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

    گلیڈی ایٹرز اننگز

    قبل ازیں گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر احمد شہزاد اور روسو نے 46 رنز کی شراکت داری قائم کر کے پوزیشن مستحکم کی تاہم تیرہویں اوور میں روسو 23 کے انفرادی اور 108 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے بعد ازاں عمر اکمل بھی 152 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔

    اوپنر احمد شہزاد نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوئے، یوں 162 کے مجموعی اسکور پر گلیڈی ایٹرز کی پانچ وکٹیں گریں۔ ایک رن اضافے کے بعد ہی کپتان سرفراز احمد بھی آؤٹ ہوئے اور پھر 164 ڈیوائن براوو بھی پویلین لوٹ گئے بعد ازاں سہیل تنویر ، فواد احمد بھی  پر آؤٹ ہوئے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 6کھلاڑی مجموعی اسکور میں 17 رنز کا اضافہ بھی نہ کرسکے، آؤٹ ہونے والوں میں عمر اکمل، سرفراز احمد، احمد شہزاد اور ڈیوائن براوو ، سہیل تنویر، فواد احمد شامل تھے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی فائنل فور میں جگہ بناچکی ہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان کے بیٹے اعظم خان پی ایس ایل میں ڈیبیو کررہے ہیں۔

    اسکواڈ

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

    شین واٹسن، احمد شہزاد، روسو، عمر اکمل، سرفراز احمد (کپتان)، ڈیوائن براوو، اعظم خان (ڈیبیو)، محمد نواز، سہیل تنویر، محمد حسنین، فواد احمد

    اسلام آباد یونائیٹڈ

    لک رانکی، پھل سالٹ، کیمرون ڈیلپورٹ، سُمت پٹیل، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد سمیع (کپتان)، رضوان حسین، عماد بٹ، ظفر گوہر

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 4: مصباح کی شاندار بیٹنگ، زلمی کے ہاتھوں‌ قلندرز کو شکست

    قبل ازیں ابوظہبی کے شیخ زاہد نیشنل اسٹیڈیم میں ہی لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کھیلا گیا تھا جس میں مصباح الحق نے شاندار ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی الیون کو فتح سے ہم کنار کرایا تھا۔

    گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو شکست دی کر پلے آف مرحلے سے باہر کردیا تھا۔

    سرفراز الیون کے اوپنر شین واٹسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 91 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی جبکہ احمد شہزاد نے بھی نصف سنچری اسکور کی تھی۔

  • پی ایس ایل 4: پہلا مرحلہ مکمل، گلیڈی ایٹرز سرفہرست، نئے باؤلرز کا جادو چل گیا

    پی ایس ایل 4: پہلا مرحلہ مکمل، گلیڈی ایٹرز سرفہرست، نئے باؤلرز کا جادو چل گیا

    دبئی: پاکستان سپرلیگ سیزن فور کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفہرست ہے، دو روز آرام کے بعد اگلہ مرحلہ شارجہ میں شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے چوتھے سیزن کا آغاز 14 فروری کو دبئی میں رنگا رنگ تقریب کے ساتھ ہوا جس کے بعد دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان پہلا میچ کھیلا گیا۔

    افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، بعد ازاں کراچی کنگز نے پہلے ہی میچ میں ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر لیگ میں فاتحانہ آغاز کیا۔

    تیسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایئٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے باآسانی شکست دی، چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی، پانچویں میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز جبکہ چھٹے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ ساتویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے باآسانی زیر کیا۔

    مزید پڑھیں: کراچی کنگز کا فاتحانہ آغاز، ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست

    پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے 7 میچز کھیلے گئے جس میں چھکے چوکوں کی برسات ہوئی جبکہ کراچی کنگز نے لیگ میں سب سے بڑی شراکت داری کا اعزاز اپنے نام کیا۔

    پہلے مرحلے میں کراچی کنگز کے اوپنرز لائم لیونگ اسٹون اور بابر اعظم نے پی ایس ایل تاریخ کی سب سے بڑی 157 رنز کی شراکت داری قائم کی جبکہ شین واٹس اور عمر اکمل نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ ایمرجنگ کیٹگری میں منتخب ہونے والے باؤلرز نے عمدہ کھیل کا مظاہر کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ پی ایس ایل سے باہر، قیادت اے بی ڈویلئر کریں گے

    کراچی کنگز کے کم عمر باؤلر عُمر خان اور لاہور قلندرز کے حارث رؤف نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ راحت علی باؤلرز کی فہرست میں سرفہرست رہے۔

    لاہور قلندرز نے اپنی روایتی کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلے مرحلے میں کم ترین اسکور پر آؤٹ ہونے کا ایک بار پھر ریکارڈ بنایا۔

    پوائنٹس ٹیبل

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست جبکہ دوسرے پر پشاور زلمی جس کے 2 پوائنٹس، ملتان سلطانز نے ایک میچ جیت کر دو پوائنٹس حاصل کیے اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین میچز کھیلے جن میں سے صرف ایک میں فتح حاصل کی اور 2 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ کراچی کنگز 2 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور لاہور قلندرز 2 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

    یاد رہے کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے تین تین میچز کھیلے جبکہ بقیہ تمام ٹیموں نے 2 ، 2 میچز کھیلے۔

  • وسیم اکرم کے تجربے کا فائدہ ہوا، سلمان اقبال

    وسیم اکرم کے تجربے کا فائدہ ہوا، سلمان اقبال

    دبئی: کراچی کنگز کے مالک نے پی ایس ایل کے سیزن فور میں فاتحانہ آغاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم نے بہتر پرفارمنس دی، وسیم اکرم کے تجربے کا بہت فائدہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق میچ کے بعد دبئی اسٹیڈیم کے باہر نمائندہ اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ ’بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کی اور پی ایس ایل تاریخ کی سب سے بڑی 157 رنز کی شراکت داری قائم کی البتہ آخری میں گیم تھوڑا سا آہستہ بھی ہوا‘ْ

    کراچی کنگز کے مالک کا کہنا تھا کہ ’وسیم اکرم دنیائے کرکٹ کا اہم سرمایہ ہیں، وہ عالمی سطح پر ایک اچھے کرکٹر کے طور پر مانے جاتے ہیں، ہمارے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ وسیم اکرم ہمارے ساتھ ہیں‘۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے سی ای او کا کہنا تھا کہ ’ہم گزشتہ تین سال سے وسیم اکرم کو کراچی کنگز میں لانے کی کوشش کررہے تھے بلآخر وہ اب ہماری ٹیم کا حصہ ہیں‘۔

    پی ایس ایل تھری میں اسلام آباد کی فتح پر اپنی ماہرانہ رائے پیش کرتے ہوئے کراچی کنگز کے مالک کا کہنا تھا کہ ‘اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس پچھلے سیزن میں اچھے ڈومیسٹک کھیلنے والے کھلاڑی تھے، اُن کے پاس تین سال سے ایسے کھلاڑی تھے جو ہمیشہ سے بہت مضبوط رہے اور وہی ٹیم کو فائنل تک لے کر جاتے ہیں‘۔

    سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ ’ہم نے وسیم اکرم، راشد لطیف سے مشاورت میں فیصلہ کیا کہ ہمارے پاس ڈومیسٹک پلیئرز ہونے چاہیں، عمر خان کو بطور ایمرجنگ پلیئر منتخب کیا اور آج اُس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا‘۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ امسال ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کا اچھا جوڑ بنایا، ہمارے پاس اب اچھے ڈومیسٹک کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔

  • پی ایس ایل 4 کا آغاز، افتتاحی تقریب میں‌ شاندار میوزک اور زبردست آتشبازی

    پی ایس ایل 4 کا آغاز، افتتاحی تقریب میں‌ شاندار میوزک اور زبردست آتشبازی

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا آغاز  قومی ترانے کے ساتھ ہوا، پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی  نے شیخ النہیان نے حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا، اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین ’پاک سرزمین شاد باد‘ سنتے ہی احترام میں اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے۔

    پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا وقت جیسے جیسے قریب آرہا تھا شائقین کرکٹ کی دلوں کی دھڑکنیں تیز ہورہی تھیں کیونکہ اس لیگ کے لیے انہوں نے سارا سال انتظار کیا۔

    تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد اسٹیج پر نامور کمنٹیٹر رمیز راجہ مائیک تھامے اسٹیج پر آئے اور انہوں نے سب سے پہلے حبیب بینک کے صدر کو مدعو کیا۔

    بعد ازاں احسان مانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ پاکستان کرکٹ کے فروغ اور حمایت پر دبئی کے حکمران شیخ النہیان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے تمام فرنچائزز مالکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’پی ایس ایل دنیا کی سب سے بڑی لیگ بن گئی، افتتاحی تقریب دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے‘۔

    میوزیکل تقریب

    غیرملکی جرمن بینڈ نے سب سے پہلے پرفارمنس دی جس کے بعد آئمہ بیگ اور شجاع حیدر نے ایک ساتھ نامور پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کا گانا ’ڈسکو دیوانے‘ پر پرفارم کیا اور حاضرین کا لہو گرمایا۔


    آئمہ بیگ اور شجاع حیدر کی پرفارمنس

    بعد ازاں جنون بینڈ نے پرفارمنس دی جس پر تماشائی جھوم اٹھے، فواد خان نے پی ایس ایل فور کا آفیشل گانا گا کر شائقین کا لہو گرمایا۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تین ایڈیشنز کامیاب رہے تھے، چوتھی لیگ میں 6 ٹیمیں کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز شامل ہیں۔

    تصاویر دیکھیں

    پی ایس ایل 4 کا افتتاحی میچ دومرتبہ کی چیمپئین رہنے والی اسلام آباد یونائیٹیڈ اورلاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    آتش بازی

    پی ایس ایل 4 کے لاہور میں تین میچز نو، دس اور بارہ مارچ کو ہوں گے جبکہ کراچی میں پانچ میچز سات، دس، تیرہ، پندرہ اور سترہ مارچ کو ہوں گے۔

  • پی ایس ایل سیزن 4 کا آفیشل گانا ریلیز سے پہلے لیک

    پی ایس ایل سیزن 4 کا آفیشل گانا ریلیز سے پہلے لیک

    لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کا آفیشل گانا ریلیز سے پہلے ہی لیک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے سیزن 4 کا آفیشل گانا آج رات 8:55 پر ریلیز ہونا تھا مگر اُس سے پہلے ہی یہ لیک ہوگیا، چوتھے ایڈیشن کے آفیشل نغمہ نامور اداکار فواد خان کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا اور وہی ویڈیو میں پرفارم بھی کرتے نظر آئیں گے۔

    پاکستان سپر لیگ کے پہلے تین سیزن میں نامور گلوکار علی ظفر نے آفیشل نغمے گائے تھے جسے شائقین کرکٹ اور میوزک سے دلچپسی رکھنے والے مداحوں نے بہت زیادہ پسند کیا تھا۔

    اطلاعات کے مطابق چوتھے ایڈیشن کے گانے کو ’یہ کھیل دیوانوں‘ کا  نام دیا گیا جبکہ اس کو شجاع حیدر نے تحریر کیا۔

    یاد رہے کہ فواد خان اداکاری سے قبل مشہورِ زمانہ پاپ میوزیکل بینڈ ’ای پی‘ میں اپنی آواز کا جادو جگاتے تھے۔

    پی ایس ایل کا پہلا سیزن

    پی ایس ایل 2016 کے پہلے ایڈیشن کا نغمہ گلوکار علی ظفر نے لکھا اور گایا جس نے کرکٹ سے لگاؤ رکھنے والوں کی جانب سے خوب پذیرائی ملی۔

    دوسرا ایڈیشن

    پی ایس ایل 2017 کے ایڈیشن میں بھی علی ظفر کی آواز میں نغمہ ریلیز کیا گیا جس کے بول تھے سیٹی بجے گی، کھیل سجے گا، تالی بجے گی اب کھیل جمے گا۔

    تیسرا ایڈیشن

    پی ایس ایل سیزن تھری کے لیے علی ظفر نے ہی نغمہ گایا جس کے بول تھے ’لو پھر آگئے جلوہ دکھانے، پھر ملے چلو ہم اس بہانے، یہ کھیل پھر جمے گا اور اسٹیج پھر سے سجے گا‘۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے شیڈول سامنے آگیا جس کے مطابق لیگ کا آغاز 14 فروری سے جبکہ فائنل 17 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فور، شائقین کے ساتھ ساتھ سیاست دان بھی بھرپور ایکشن کے منتظر

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل گورننگ کونسل کا چھٹا اجلاس، ایونٹ کو بلندیوں پر لے جانے پر اتفاق

    پی ایس ایل فور کے 4 میچز ابو ظبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔

    لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔