Tag: #PSL2020

  • پی ایس ایل فائیو : ملتان سلطان کا کراچی کنگز کو جیت کیلئے 142رنز کا ہدف

    پی ایس ایل فائیو : ملتان سلطان کا کراچی کنگز کو جیت کیلئے 142رنز کا ہدف

    کراچی : پی ایس ایل فائیو کے ملتوی شدہ پہلے میچ میں ملتان سلطانز  نے کراچی کنگز کو 142 رنز کا ہدف دیا ہے، ملتان سلطان نے 7وکٹ پر141رنزبنائے، کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ 

    پی ایس ایل فائیو کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانزنے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو142رنزکا ہدف دیا ہے، ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں7وکٹ پر141رنز بنائے۔

    ملتان سلطان کے روی بوپارہ40،ذیشان اشرف21رنز بنا کر نمایاں رہے، وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے 2،2،جبکہ عماد وسیم نے1وکٹ اپنے نام کی۔

     پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے کے کورونا کی وجہ سے ملتوی شدہ میچز کا آغاز آج سے کراچی میں ہوا، پلے آف کے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا نے والے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

    ملتان سلطان کی جانب سے ذیشان اشرف اور ایڈم لیتھ نے اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے اوور کی تیسری گیند پر ایڈم لیتھ 9 رنز بنا کر وقاص مقصود کی گیند پر شیڈوک والٹن کے ہاتھوں آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوگئے۔

    ملتان سلطانز کی کراچی کنگز کیخلاف دوسری وکٹ 23 کے مجموعی اسکور پر گری جب شان مسعود صرف 3 رنز بنا کر محمد  عامر کی ہٹنگ سے رن آؤٹ ہوئے۔

    ملتان سلطان کی تیسری وکٹ مجموعی طور پر 36رنز پر گر گئی جب ریلی روسو بھی5 رنز بنا کر ارشد اقبال کی تھرو پر شیڈوک
    والٹن کے ہاتھوں رن آﺅٹ ہوکر میدان سے واپس چلے گئے۔

    اس کے بعد صرف 4 رنز کے اضافے کے بعد ذیشان اشرف بھی 21 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ان کا کیچ ایلکس ہیلز نے پکڑا۔

    حالیہ سیزن میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے خوشدل شاہ نے بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھائی اور17رنز ہی بنا سکے وہ ارشد اقبال کی گیند پر شرفین ردرفورڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

    اس کے بعد کافی عرصے بعد ایکشن میں نظر آنے والے شاہد خان آفریدی بھی کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام  رہے انہوں نے ایک چھکا تو لگالیا مگر اگلی ہی گیند پر کیچ دے کر واپس پویلین لوٹ گئے، وہ 12 گیندوں پر صرف12 رنز ہی بناسکے۔

    روی بوپارا نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 40 رنز بنا کر ملتان سلطانز کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 111کے مجموعی اسکور پر وہ بھی وقاص محمود کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

    سہیل تنویر نے اننگز کے آخری حصے میں خوب جلوے دکھائے اور 13 گیندوں پر 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 25 رنز جڑ کر ٹیم کا مجموعی اسکور 141 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    واضح رہے کہ میچ کیلئے کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، شرجیل خان، ایلکس ہیلز، وین پارنیل، شیڈوک والٹن، محمد عامر، وقاص مقصود، شرفین ردرفورڈ، افتخار احمد اور ارشد اقبال شامل ہیں۔

    ملتان سلطانز کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ذیشان اشرف، ایڈم لیتھ، ریلی روسو، روی بوپارا، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، محمد الیاس، عمران طاہر اور محمد عرفان شامل ہیں۔

    کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل کا آخری مرحلہ مارچ میں ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ملتوی شدہ میچز اب بغیر تماشائیوں کے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو رہے ہیں۔

    پی ایس ایل 5 کا آخری میچ سات ماہ قبل 15 مارچ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں کوئٹہ نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

    پلے آف مرحلے میں شریک غیرملکی کھلاڑیوں کو بائیو سیکیور ماحول میں رکھا گیا ہے اور انہیں کھلاڑیوں کے علاوہ کسی سے بھی ملنے کی اجازت نہیں ہے۔

  • کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    کراچی : پاکستان سپر لیگ سیزن 5 (پی ایس ایل) میں دفاعی چمپیئن کوئٹہ گلیڈی ائٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کی دوسری فتح اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے 157 رنز کے جواب میں دفاعی چمپیئن کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور مطلوبہ ہدف 19ویں‌ اوور میں‌ صرف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

    ہدف کے تعاقب میں شین واٹسن اور جیسن رائے نے دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے 41 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا لیکن واٹسن نے 20 گیندوں پر 27 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

    دفاعی چمپیئن کی دوسری وکٹ 54 رنز کے مجموعے پر اس وقت گری جب اوپنر جیسن رائے 17 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، جب کہ احمد شہزاد 11 رنز اسکور کرکے کپتان عماد وسیم کا شکار بن گئے۔

    کپتان سرفراز احمد اور نوجوان بلے باز اعظم خان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 79 رنز کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔

    اعظم خان نے 30 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز اسکور کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتحیاب کروانے میں اہم کردار ادا کیا تاہم کامیابی کے قریب پہنچ کر 140 کے مجموعے پر اعظم خان رن آؤٹ ہوگئے۔

    گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ انور علی نے چھکا لگا کر ٹیم کو ایونٹ میں دوسری کامیابی دلوائی۔

    کراچی کنگز کے بولر کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، کپتان عماد وسیم اور چک جارڈن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیتا بیٹنگ پچ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی تھی۔ اوپنر بابر اعظم اور شرجیل خان نے سنبھل کر بیٹنگ کرنے کی کوشش کی اور اسکور کارڈ پر 31 رنز جوڑے، پہلی وکٹ گرنے کے بعد بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں‌ گرتی رہیں۔

    ون ڈاون آنے والے بیٹسمین ایلکس ہیلز نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے 29 رنز اسکور کیے لیکن محمد حسنین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

    کوئٹہ گلیڈی ائٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں‌ کو آؤٹ کیا جب کہ ٹیمل ملز نے 2، محمد نواز اور سہیل خان‌ نے ایک ایک وکٹ‌ حاصل کی۔

    دوسری جانب دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس سے پہلے پشاور اور اسلام آباد کے خلاف دو میچز کھیل چکی ہے جس میں کوئٹہ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ پشاور زلمی سے خود ہار گئی تھی۔

  • پی ایس ایل فائیو؛ کامران اکمل کی شاندار سنچری، زلمی کی پہلی فتح

    پی ایس ایل فائیو؛ کامران اکمل کی شاندار سنچری، زلمی کی پہلی فتح

    کراچی : پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کے چوتھے میچ میں کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے  دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر دفاعی چیمپیئن کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی اور کپتان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا۔

    پشاور زلمی کی دعوت پر گلیڈی ائٹرز کی جانب سے جیسن روئے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شین واٹسن 8 رنز بناکر وہاب کا شکار بنے جبکہ احمد شہزاد نے چھکا لگاکر کھاتا کھولا لیکن نوجوان باؤلر محمد عامر خان نے انہیں 12 رنز سے زیادہ اسکور کرنے سے روک دیا۔

    احمد شہزاد کے آؤٹ ہوجانے کے بعد گلیڈی ائٹرز کے کپتان سرفراز احمد خود بلے بازی کےلیے میدان میں آئے اور 41 رنز کی اچھی اننگز کھیلتے ہوئے جیسن روئے کو سہارا دیا اور 62 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا حوصلہ بلند کیا لیکن زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

    سرفراز احمد کے پویلین لوٹنے کے بعد پہلے میچ میں نصف سینچری اسکور کرنے والے نوجوان بلے باز اعظم خان بیٹنگ کے لیے پچ پر آئے لیکن 5 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

    دفاعی چیمپئن کی جانب سے جیسن روئے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ناقابل شکست رہے اور 73 رنز اسکور کیے۔

    کوئٹہ نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 148 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں اوپنر کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت زلمی نے صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر ٹارگٹ حاصل کر لیا۔

    کامران اکمل نے 55 گیندوں پر 101 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 شاندار چھکے اور 13 چوکے شامل تھے، حیدر علی 25، شعیب ملک 7 اور بینٹن 3 رنز بنا کر آٓؤٹ ہوئے جب کی لیونگٹسن 8 اور ڈاؤسن 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، سنچری میکر کامران اکمل کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فواد احمد نے 2، ملز اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں پی ایس ایل کی روایتی حریف تصور کی جاتی ہیں، ماضی میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملا ہے جس میں کبھی پشاور زلمی نے کامیابی اپنے نام کی تو کبھی سرفراز احمد نے گلیڈی ایٹرز کو فتح سے ہمکنار کیا۔

    پی ایس ایل میں دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 13 میچ کھیلے گئے ہیں جس میں سے 7 میں گلیڈی ایٹرز نے جیتے جبکہ 5 میں پشاور زلمی کامیاب رہی۔

    کراچی کنگز کا فاتحانہ آغاز، پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل سیزن 5 کے دوسرے میچ میں کپتان عماد وسیم اور بابر اعظم کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دی تھی، 202 رنز ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بناسکی تھی۔

    پشاور زلمی ٹیم اسکوڈ

    پشاور زلمی کی ٹیم میں ڈیرن سیمی (کپتان، آل راؤنڈر)، عامر علی (بولر)، عامر خان (بولر)، عادل امین (بلے باز)، ڈوین پریٹوریئس (آل راؤنڈر)، حیدر علی (بولر)، حسن علی (بولر)، امام الحق (بلے باز)، کامران اکمل (وکٹ کیپر بلے باز)، کیرن پولارڈ (آل راؤنڈر)، لیام ڈاسن (آل راؤنڈر)، لیام لیونگ سٹون (بلے باز)، محمد محسن (آل راؤنڈر)، راحت علی (بولر)، شعیب ملک (آل راؤنڈر)، ٹام بینٹن (بلے باز)، عمر امین (بلے باز)، وہاب ریاض (بولر)، لیوس گریگری (بولر)، کارلوس براتھ ویٹ (آل راؤنڈر) شامل ہیں۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم اسکوڈ

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، اعظم خان، محمد نواز، ایس آر واٹسن، خرم منظور، عبدالناصر، احسن علی، عریش علی خان، بین کٹنگ، سہیل خان، ٹی ایس مل، جے جے رائے، کیمو پاؤل، زاہد محمود، احمد شہزاد، محمد حسنین، فواد احمد اور نسیم شاہ شامل ہیں

  • پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

    پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

    لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 2020) کی انعامی رقم اس سال 10 لاکھ امریکی ڈالرز رکھی گئی ہے، ایونٹ نے ایک بار پھر شائقین کرکٹ کے دلوں میں جوش و جذبہ بھر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل 5 کے لیے انعامی رقم کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، اس ایونٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، فائنل کی فاتح ٹیم ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ امریکی ڈالرز کی حق دار ٹھہرے گی۔

    ایونٹ کی رنراپ ٹیم کو 2 لاکھ امریکی ڈالر دیے جائیں گے، ایونٹ میں ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ ایوارڈ کے طور پر 4500 امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی، ایونٹ کے لیے مجموعی انعامی رقم دس لاکھ امریکی ڈالرز رکھی گئی ہے۔

    پاکستان سپر لیگ کی چمچماتی ٹرافی سے متعلق جاننے کے لیے کلک کریں

    80 ہزار ڈالر ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بلے باز، باؤلر اور اسپرٹ آف کرکٹ کے لیے مختص کیے گئے ہیں، بہترین رن آؤٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بھی انعام کے حق دار ہوں گے۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل فائیو کا باقاعدہ آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہو رہا ہے، پی ایس ایل 2020 کے دوران کُل 34 میچز کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ 22 مارچ تک جاری رہے گا، افتتاحی میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی ٹرافی برطانیہ کی ایک کمپنی اوٹ وِل سلور اسمٹس نے تیار کی ہے، جس کے اوپر نصب ایک چاند اور سہ جہتی ستارہ پاکستان کی نمایندگی کر رہے ہیں، 65 سینٹی میٹر لمبی اس ٹرافی کا کل وزن 8 کلوگرام ہے، چمچماتی ٹرافی کے اردگرد مخصوص رنگ بھی نمایاں ہیں۔