Tag: PSL4

  • پی ایس ایل 4: کراچی کنگز اور ملتان سلطانز ایک دوسرے سے ٹکرانے کو تیار

    پی ایس ایل 4: کراچی کنگز اور ملتان سلطانز ایک دوسرے سے ٹکرانے کو تیار

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں آج کراچی کنگز اور ملتان سلطانز، جبکہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آپس میں مدمقابل ہوں گے۔

    گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کے شاندار افتتاح کے بعد آج 2 میچز کھیلے جائیں گے۔

    دبئی کے اسٹیڈیم میں پہلا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا ہوگا، میچ مقامی وقت کے مطابق 5 بجے کھیلا جائے گا۔

    دوسرا میچ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ساڑھے 9 بجے کھیلا جائے گا۔

    چاروں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے اور مقابل کو پچھاڑنے کے لیے بے چین ہیں۔

    اس سے قبل گزشتہ روز افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی تھی۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل 4 میں 6 ٹیموں کے درمیان 34 مقابلے ہوں گے، ابتدائی 26 میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے، ابو ظہبی پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا۔

    پی ایس ایل 4 کے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ 7 سے 17 مارچ تک میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے، لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے۔

    بعد ازاں کراچی میں 7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے، 17 مارچ کو لیگ کا فائنل بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  • پی ایس ایل 4: افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی

    پی ایس ایل 4: افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی

    دبئی: پی ایس ایل سیزن فور کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہورقلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نے 20ویں اوور میں 5وکٹ کے نقصان پرہدف حاصل کیا، 2 وکٹ اور 23رنز کے ساتھ فہیم اشرف میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ حسین طلعت37، آصف علی 36 اور لیوک رونچی27 رنز بناکر نمایاں  رہے۔

    قبل ازیں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے  172 رنز کا ہدف دیا، فخر زمان نے شاندار نصف سنچری اسکور کی۔

    پی ایس ایل سیزن فور کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا، فخر زمان نے شاندار 44 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    محمد سمیع نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، اوپنر فخر زمان اور سہیل اختر نے شاندار شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا اسکور 97 رنز تک پہنچادیا، سہیل اختر 37 رنز بنا کر فہیم اشرف کا نشانہ بنے۔

    اسلام آبا یونائیٹڈ کی دوسری وکٹ 129 رنز پر گری جب فخر زمان 64 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اے بی ڈیولیرز 24 رنز بنا کر وقاص مقصود کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، برینڈین ٹیلر 2 رنز بنا کر ڈیوچ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    کارلوس بریتھ ویتھ 6 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، ڈیوچ کو فہیم اشرف نے 14 رنز پر رن آؤٹ کیا، یاسر شاہ 7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، شاہین شاہ آفریدی 2 رنز بنا کر محمد سمیع کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاداب خان، وقاص مقصود، محمد سمیع اور ڈیوچ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ گزشتہ سال پی ایس ایل تھری ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ اسکواڈ

    اسلام آباد کی ٹیم میں محمد سمیع کپتان، رضوان حسین، لک رونکی، فل سالٹ، حسین طلعت، کیمرون ڈیلپورٹ، آصف علی، آصف علی، فہیم اشرف، شادان خان، سمیٹ پٹیل، اور وقاص مقصود شامل ہیں۔

    لاہور قلندرز اسکواڈ

    لاہور قلندر کی قیادت محمد حفیظ کررہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں اے بی ڈیولیرز، فخر زمان، سہیل اختر، اینٹون ڈیوچ، برینڈن ٹیلر، کارلوس بریتھ ویٹ، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، حارث سہیل اور راحت علی شامل ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ 2016 میں پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں کامیابی سے ہم کنار ہوئی تھی، دوسرے سیزن میں چوتھے نمبر پر رہی جبکہ پی ایس ایل تھری میں پھر کامیابی اسلام آباد یونائیٹڈ کے حصے میں آئی۔

    لاہور قلندرز کے لیے پی ایس ایل کے تینوں سیزن زیادہ اچھے ثابت نہیں ہوئے ہیں، پہلے سیزن میں لاہور کی ٹیم پانچویں پوزیشن دوسرے سیزن میں بھی پانچویں پوزیشن اور پی ایس ایل تھری میں ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر رہی تھی۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج رات 12 بجے شروع ہوگی

    واضح رہے کہ پی ایس ایل فور میں 6 ٹیموں کے درمیان 34 مقابلے ہوں گے، ابتدائی 26 میچ یو اے ای میں کھیلے جائیں گے، ابوظبی پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا۔

    پی ایس ایل فور کے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے، 7 سے 17 مارچ تک میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے، لاہور میں 10، 9 اور 12 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے۔

    کراچی میں 15، 13، 10، 7 اور 17 مارچ کو مقابلے ہوں گے، پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  • پی ایس ایل 4 کا آغاز، افتتاحی تقریب میں‌ شاندار میوزک اور زبردست آتشبازی

    پی ایس ایل 4 کا آغاز، افتتاحی تقریب میں‌ شاندار میوزک اور زبردست آتشبازی

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا آغاز  قومی ترانے کے ساتھ ہوا، پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی  نے شیخ النہیان نے حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا، اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین ’پاک سرزمین شاد باد‘ سنتے ہی احترام میں اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے۔

    پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا وقت جیسے جیسے قریب آرہا تھا شائقین کرکٹ کی دلوں کی دھڑکنیں تیز ہورہی تھیں کیونکہ اس لیگ کے لیے انہوں نے سارا سال انتظار کیا۔

    تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد اسٹیج پر نامور کمنٹیٹر رمیز راجہ مائیک تھامے اسٹیج پر آئے اور انہوں نے سب سے پہلے حبیب بینک کے صدر کو مدعو کیا۔

    بعد ازاں احسان مانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ پاکستان کرکٹ کے فروغ اور حمایت پر دبئی کے حکمران شیخ النہیان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے تمام فرنچائزز مالکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’پی ایس ایل دنیا کی سب سے بڑی لیگ بن گئی، افتتاحی تقریب دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے‘۔

    میوزیکل تقریب

    غیرملکی جرمن بینڈ نے سب سے پہلے پرفارمنس دی جس کے بعد آئمہ بیگ اور شجاع حیدر نے ایک ساتھ نامور پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کا گانا ’ڈسکو دیوانے‘ پر پرفارم کیا اور حاضرین کا لہو گرمایا۔


    آئمہ بیگ اور شجاع حیدر کی پرفارمنس

    بعد ازاں جنون بینڈ نے پرفارمنس دی جس پر تماشائی جھوم اٹھے، فواد خان نے پی ایس ایل فور کا آفیشل گانا گا کر شائقین کا لہو گرمایا۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تین ایڈیشنز کامیاب رہے تھے، چوتھی لیگ میں 6 ٹیمیں کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز شامل ہیں۔

    تصاویر دیکھیں

    پی ایس ایل 4 کا افتتاحی میچ دومرتبہ کی چیمپئین رہنے والی اسلام آباد یونائیٹیڈ اورلاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    آتش بازی

    پی ایس ایل 4 کے لاہور میں تین میچز نو، دس اور بارہ مارچ کو ہوں گے جبکہ کراچی میں پانچ میچز سات، دس، تیرہ، پندرہ اور سترہ مارچ کو ہوں گے۔

  • پی ایس ایل کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج رات 12 بجے شروع ہوگی

    پی ایس ایل کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج رات 12 بجے شروع ہوگی

    کراچی: پی ایس ایل سیزن فور شروع ہوچکا ہے پاکستان میں میچز کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم آج رات 12 بجے سے شروع ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پاکستان میں پی ایس ایل میچز دیکھنے کے خواہش مند شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ پی ایس ایل کے ٹکٹ آج رات سے آن لائن دستیاب ہوں گے۔

    رپورٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں ابتدائی 4 میچز کے ٹکٹس فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے اور شائقین کرکٹ کے لیے ان میچز کے ٹکٹس کی قیمت میں بھی کمی کردی گئی ہے۔

    سیزن تھری میں جن انگلوژر کی قیمت ایک ہزار سے 8 ہزار تھی اب ان کی قیمت کم کرکے 500 سے 3 ہزار کردی گئی ہے، یہی نہیں کراچی میں ہونے والے فائنل میچ کی ٹکٹس کی قیمت میں بھی کمی کردی گئی ہے۔

    رات 12 بجتے ہی ویب سائٹ پر ٹکٹس فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے، ٹکٹس پروجیکٹ ہیڈ کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کہ سیزن تھری کی طرح اس بار ویب سائٹ کریش نہ ہو۔

    پہلے مرحلے میں کراچی کے 7 اور 10 مارچ کے جبکہ لاہور کے 9 اور 10 مارچ کو ہونے والے میچز کے ٹکٹس دستیاب ہوں گے، ان ٹکٹس کی قیمت 500 روپے، ایک ہزار، دو ہزار، ڈھائی ہزار اور تین ہزار روپے ہے۔

    پلے آف مرحلے اور فائنل میچز کے ٹکٹس کی آن لائن فروخت 20 فروری (بروز بدھ) سے شروع ہوگی، فائنل کے ٹکٹس کی قیمت 500، 2 ہزار، 4 ہزار اور 8 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

    پہلی بار آن لائن ٹکٹس لینے والے خوش نصیبوں کے لیے ہوم ڈیلیوری کی سہولت مہیا کی جارہی ہے جبکہ ملک بھر کے 13 شہروں میں 60 مختلف ٹی سی ایس برانچز میں 25 فروری سے ٹکٹس کی فروخت شروع ہوگی۔

    پی ایس ایل فور کے 4 میچز ابو ظبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔

  • پی ایس ایل 4: کراچی کنگز کے آفیشل گانے کی ویڈیو ریلیز

    پی ایس ایل 4: کراچی کنگز کے آفیشل گانے کی ویڈیو ریلیز

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کی مقبول ترین اور سب سے بڑی ٹیم کراچی کنگز نے پی ایس ایل 4 کے آفیشل گانے کی ویڈیو ریلیز کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان اقبال کی زیر ملکیت پی ایس ایل کی مقبول ترین ٹیم کا آفیشل گانا معروف گلوکار شہزاد رائے نے گایا۔

    انرجی سے اور زبردست دھن پر ترتیب دیے جانے والے گانے کے ابتدائی بول ’کراچی کنگز لگا کے ونگز سب کو لے کر اڑ جائیں گے، یہ شہر بڑے دل والوں کا سب آپس میں جڑ جائیں گے‘ ہیں۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 4‌‌‌‌‌ دنیا کے سامنے پاکستان‌ کا‌ مثبت چہرہ پیش کرے گا: فن کاروں کی پریس کانفرنس

    کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم، اے آر وائی کے مختلف پروگراموں میں میزبانی کے فرائض انجام دینے والے فہد مصطفیٰ، فیصل قریشی جبکہ نامور صحافی اقرار الحسن اور وسیم بادامی کو بھی ویڈیو میں شامل کیا گیا جبکہ اس میں شائقین کرکٹ کے جذباتی انداز بھی دکھائے گئے ہیں۔

    کراچی کنگز کے کپتان اور کھلاڑیوں کو بھی ویڈیو کا حصہ بنایا گیا جبکہ نیا ناظم آباد اسٹیڈیم کو بھی ریکارڈنگ میں شامل کیا گیا۔ آفیشل گانے میں شہر قائد کی مکمل عکاسی کی گئی ہے کہ یہاں کے لوگ کس طرح محبت کرنے والے، رشتہ نبھانے والے اور مخالف کو دلیل سے خاموش کرانے والے ہیں۔

    گانے سے متعلق مزید معلومات

    آفیشل سانگ میں گلوکار شہزاد رائے نے آواز کا جادو جگایا جبکہ  کمپوزنگ نکاش حیدر نے کی، ویڈیو کی ہدایت کاری ذیشان ذیب جبکہ پرڈیوسر سید حامد حسین ہیں اور اس کا تصویر ریحان حیدر نے پیش کیا اور اے آر وائی فلم اور ٹی وی پروڈکشن ، شہزاد حسن نے اسے ایگزیکٹیو پروڈیوس کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کرکٹ کے دیوانوں کا انتظار ختم، کرکٹ شو ’ہر لمحہ پرجوش‘ کل سے شروع ہوگا

    پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب چودہ فروری کو رات آٹھ بجے دبئی میں منعقد ہوگی، جس کے لیے ٹکٹیں فروخت لیے پیش کردی گئیں۔

  • پاکستان کو ٹی ٹوینٹی نمبر ون ٹیم بنانے میں پی ایس ایل کا بڑا کردار ہے، مصباح الحق

    پاکستان کو ٹی ٹوینٹی نمبر ون ٹیم بنانے میں پی ایس ایل کا بڑا کردار ہے، مصباح الحق

    دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کو ٹی ٹوینٹی کی نمبر ون ٹیم بنانے میں پی ایس ایل کا بڑا کردار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کی اہم پروڈکٹ ہے، پی ایس ایل سے نئے کھلاڑیوں کے لیے مواقع موجود ہیں، ٹورنامنٹ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے مداحوں کو پی ایس ایل کا انتظار رہتا تھا، ایئرپورٹ پر کرکٹ مداح کہہ رہے تھے کہ پی ایس ایل کے لیے بہت انتظار کرنا پڑا اب ایونٹ شروع ہوگا تو بہت انجوائے کریں گے۔

    پی ایس ایل ٹیموں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز سمیت تمام ہی ٹیمیں اچھی ہیں، پشاور زلمی میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں، زلمی کی ٹیم ایک مرتبہ ونر رہ چکی ہے۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن فور کا آغاز کل سے دبئی میں ہورہا ہے جس میں فواد خان اور جوش بینڈ جلوے بکھیرنے کے لیے تیار ہیں۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل سے کھلاڑیوں کے لیے مواقع بڑھ رہے ہیں: مکی آرتھر

    پی ایس ایل فور کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے جبکہ 15 فروری کو کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل تین سیزنز کھیلے جاچکے ہیں اسلام آباد یونائیٹڈ دو مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم نے ڈیرن سیمی کی قیادت میں ایک دفعہ ایونٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔

  • پی ایس ایل سے کھلاڑیوں کے لیے مواقع بڑھ رہے ہیں: مکی آرتھر

    پی ایس ایل سے کھلاڑیوں کے لیے مواقع بڑھ رہے ہیں: مکی آرتھر

    دبئی: کراچی کنگزاور پاکستا ن کی قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے سبب کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ میں جگہ بنا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فور کا آغاز کل سے دبئی میں ہورہا ہے اور مکی آرتھر اسی سلسلے میں وہاں موجود ہیں، انہوں نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کراچی کنگز کی فتح کے لیے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

    اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں کارکردگی دکھانے کا موقع دیا جائے گا۔

    کراچی کنگز کے مایہ ناز باؤلر محمد عامر کے حوالے سے گفتگو کرتےہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھاکہ وہ پروفیشنل باؤلر ہیں اور مکی ان کے کھیل کے سبب انہیں سپورٹ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عامر ایک شاندار باؤلر ہیں اور مجھے پوری امید ہے کہ وہ پیس پکڑیں گے ۔ ان کا آگے بڑھنا ہم سب کے لیے بہتر ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ایس ایل تمام کھلاڑیوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہورہا ہے۔ جوئے ڈینلی اب انگلینڈ کے لیے اگر کھیل رہے ہیں تو پی ایس ایل میں اپنی پرفارمنس کی بنیاد پر کھیل رہے ہیں، ایسے ہی کولن انگرام کو آئی پی ایل میں بڑا کانٹریکٹ مل گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مزید ایسے کھلاڑیوں کی تلاش کررہے ہیں جو پورے سیزن کے لیے دستیاب ہوں۔

    یاد رہے کہ پچا س سالہ مکی آرتھر نے مئی 2016 میں پاکستان کی قومی ٹیم کے کوچ کا عہدہ سنبھالا تھا، کوچ بننے کے بعد انہوں نے قومی ٹیم کی کامیابیوں میں بے پناہ کردار ادا کیا۔ پاکستان کو ٹیسٹ اور ٹی 20 میں نمبر ون ٹیم کی پوزیشن پر لائے، چیمپئنز ٹرافی جیتنے میں ان کی کوچنگ کا اہم کردار ہے۔

  • پی ایس ایل 4‌‌‌‌‌ دنیا کے سامنے پاکستان‌ کا‌ مثبت چہرہ پیش کرے گا: فن کاروں کی پریس کانفرنس

    پی ایس ایل 4‌‌‌‌‌ دنیا کے سامنے پاکستان‌ کا‌ مثبت چہرہ پیش کرے گا: فن کاروں کی پریس کانفرنس

    دبئی: پی ایس ایل 4‌‌‌‌‌ کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے والے فن کاروں نے کہا ہے کہ ایونٹ دنیا کے سامنے پاکستان‌ کا‌ مثبت چہرہ پیش کرے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا، انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی دنیا بھر میں پذیرائی بڑھ رہی ہے.

    معروف گلوکار اور سماجی کارکن سلمان احمد کا کہنا تھا کہ میرے لیے پی ایس ایل بہت بڑا ایونٹ ہے، یہ لینڈ مارک ثابت ہوگا، کرکٹ کے ذریعے پاکستان کا مثبت چہرہ دکھانے میں مدد ملے گی.

    ان کا کہنا تھا کہ 9 سال سے پاکستان میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں ہوا، پی ایس ایل بڑاموقع ہے، پاکستان میں کھیلوں سمیت سیاحت کے بہترین مواقع ہیں، ڈی ولیرزکا پی ایس ایل کھیلنا پاکستانی کرکٹ کے لئے خوش آئند ہے.

    معروف گلوکار علی عظمت کا کہنا تھا کہ کرکٹ کےذریعے دنیا کو دکھائیں گے کہ یہ اصل پاکستان ہے، پی ایس ایل کی وجہ سے دنیا کا پاکستان کے لئے مؤقف مثبت ہورہا ہے.

    پی ایس ایل فور : کراچی کنگز کی ٹیم سلمان اقبال کے ہمراہ دبئی پہنچ گئی

    پریس کانفرنس میں شریک اور  ایونٹ کا آفیشل گیت گانے والے فواد خان نے کہا کہ پی ایس ایل کا گانا گانے کا موقع ملنا بڑا اعزاز ہے، ایونٹ کے ذریعے پاکستان میں کرکٹ لوٹ رہی ہے، ڈیرن سیمی نے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی میں اہم کردار ادا کیا.

    اس موقع پر شجاع حیدر نے کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں کل پرفارم کریں گے، پی ایس ایل کا گانا تیار کرنا میرے لیے اعزازکی بات ہے.

  • دورانِ پی ایس ایل 4 ، بچوں میں سرطان اور  چھاتی کے سرطان  کی آگاہی کے دن منائے جائیں گے

    دورانِ پی ایس ایل 4 ، بچوں میں سرطان اور چھاتی کے سرطان کی آگاہی کے دن منائے جائیں گے

    لاہور : پاکستان سپر لیگ کا میدان سجنے والا ہے ، دوران پی ایس ایل 4 بچوں کے سرطان کی آگاہی کا دن پندرہ فروری جبکہ چھاتی کے سرطان کی آگاہی کے لیے پنک ربن ڈے دس مارچ کو منایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فور کا کل سے آغاز ہونے جارہا ہے ، پی ایس ایل 4 کےدوران بچوں اورچھاتی کےسرطان کے دن منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    بچوں کے سرطان کی آگاہی کا دن پندرہ فروری کو منایا جائے گا جبکہ چھاتی کے سرطان کی آگاہی کے لیے پنک ربن ڈے دس مارچ کو منایا جائے گا۔

    بچوں کے سرطان کی آگاہی کے روز کراچی کنگز اور ملتان سلطانز جبکہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کے درمیان میچز ہوں گے، پندرہ فروری کو چاروں ٹیمیں گولڈن ربن پہنیں گی اور دبئی سٹیڈیم کو بھی اسی مناسبت سے سجایا جائے گا۔

    دس مارچ کو کراچی میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈیٹرز جبکہ لاہورمیں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز پنک ربن ڈے منائیں گی، ان میچز کے دوران چاروں ٹیمیں اپنے بازووں پر پنک ربن پہنیں گی۔

    میچز میں کمنٹیٹرز بھی ربن پہنیں گے، لاہور اور کراچی کے اسٹیڈیم اور وکٹوں کوبھی پنک ربن ڈے کے حوالے سے سجایا جائے گا۔

    خیال رہے پاکستان سپرلیگ سیزن فورکا شاندار آغاز کل دبئی میں ہوگا، افتتاحی میچ دومرتبہ کی چیمپئین اسلام آباد یونائیٹیڈ اورلاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    پی ایس ایل 4 کے لاہور میں تین میچز نو، دس اور بارہ مارچ کو ہوں گے جبکہ کراچی میں پانچ میچز سات، دس، تیرہ، پندرہ اور سترہ مارچ کو ہوں گے۔

  • پی ایس ایل کی ٹرافی اوراس سے جڑے اہم حقائق

    پی ایس ایل کی ٹرافی اوراس سے جڑے اہم حقائق

    لاہور: گزشتہ روز دبئی میں پاکستان سپر لیگ 4 کے لیے تیار کردہ ٹرافی کی رونمائی کی گئی، آج ہم آپ کو بتا رہے ہیں اس ٹرافی کی تشکیل میں مدنظر رکھے گئے کچھ ایسے عوامل جن کے بارے میں جان کر آپ  حیران رہ جائیں گے

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فور کی ٹرافی گزشتہ روز دبئی میں اپنی تقریب رونمائی کے بعد سے عوام اور سوشل میڈیا میں گفتگو کا موضوع بنی ہوئی ہے، ٹرافی کی انوکھی اور دلکش ساخت نے دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔

    پاکستانی ثقافت اور رنگوں کی ترجمانی کرتی پاکستان سپر لیگ سیزن فور کی ٹرافی میں پچاس ہزار بیش قیمتی کرسٹلز جڑے گئے ہیں۔

    پی ایس ایل سیزن فور کی ٹرافی میں اوپر نصب سفید ستارہ اور ٹرافی میں سفید و سبز رنگ حسین کی آمیزش پاکستان و قومی پرچم کی ترجمانی کرتی ہے۔

    ٹرافی کے قلب کے اطراف میں سفید کرسٹلز سے مزین چھ پٹیاں (پلر) لگائے گئے ہیں جن کے اوپری حصّے پر موجود رنگ سیزن میں حصّہ لینے والی 6 ٹیموں کے علامتی رنگوں سے مزین ہے۔

    کل سےشروع ہونے والے سیزن فور کی فاتح ٹیم  کے لیے تیارشدہ ٹرافی میں پچاس ہزار کرسٹلز کا استعمال کیا گیا ہے، اوراس کی تیاری میں چار ماہ صرف ہوئے ہیں۔

    دلکش ساخت کی حامل سیزن فور کی ٹرافی کی تیاری کے دوران پاکستانی ثقافت کو نمایاں کیا گیا ہے جہاں عوام ایک پرچم کے سائے تلے اتحاد و اتفاق سے زندگی گزارتے ہیں۔

    یاد رہے کہ  پاکستان سپر لیگ سیزن فور کا آغاز کل سے دبئی میں ہورہا ہے اور افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : پی ایس ایل 4: ٹرافی کی دبئی میں تقریب رونمائی، احسان مانی کامیابی کے لیے پرامید

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپرلیگ سیزن فور کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھاکہ پی ایس ایل دنیا بھر میں ایک معروف برانڈ بن گیا ہے۔

    احسان مانی کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی کامیابی میں فرنچائز، اسپانسرز اورکھلاڑی شامل ہیں۔