Tag: PSL4

  • امید ہے اگلے میچز میں بھی کراچی میں ہاؤس فل ہوگا: مکی آرتھر

    امید ہے اگلے میچز میں بھی کراچی میں ہاؤس فل ہوگا: مکی آرتھر

    کراچی: پی ایس ایل ٹیم کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے میچز میں بھی کراچی میں ہاؤس فل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کراچی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان دل چسپ میچ کے بعد کہا ہے کہ ہماری ٹیم میں میچ وننگ بالر اور بیٹسمین موجود ہیں۔

    مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ آنے والے میچز میں جیتنے کی کوشش کریں گے، میں اور انضمام الحق ایک پیج پر ہیں۔

    سابق جنوبی افریقی پلیئر نے کہا کہ اگر انگرام کے ساتھ کوئی پارٹنر شپ لگاتا تو پشاور زلمی کے مقابل میچ کا نقشہ کچھ اور ہوتا، اچھی پلینگ الیون کھلا سکتے ہیں، سب کو موقع نہیں دیا جا سکتا۔

    کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کراچی میں میچز ہونا بہت اچھا ہے، امید ہے اگلے میچز میں بھی کراچی میں ہاؤس فل ہوگا، ہماری ٹیم میں میچ وننگ بالر اور بیٹسمین موجود ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ایس ایل 4: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف میچ جیت لیا

    مکی آرتھر نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کھلاڑیوں کو جانچنے کا موقع ملے گا، ورلڈ کپ سے قبل ٹف شیڈول ہے، زیادہ میچز کھیلنے کو ملیں گے، یہ ایک بہترین موقع ہے کہ اہم کھلاڑیوں کو آرام کرایا جائے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دے دی، میزبان ٹیم ایلیمنٹری راؤنڈ کا میچ 14 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی۔

  • پی ایس ایل 4: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف  میچ جیت لیا

    پی ایس ایل 4: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف میچ جیت لیا

    کراچی: پاکستان سپرلیگ کے تیسویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دے دی، میزبان ٹیم ایلیمنٹری راؤنڈ کا میچ 14 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چوتھے سیزن کے پانچویں مرحلے کا تیسرا میچ نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔


    پشاور زلمی کو اچھا آغاز ملا، اوپنر کامران اکمل اور امام الحق نے عمدہ بیٹنگ کی اور 137 رنز کی شراکت داری قائم کی، دونوں بلے بازوں نے کراچی کنگز کے باؤلرز کو گراؤنڈ کے چاروں طرف بہت اچھے طریقے سے کھیلا اور ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، کراچی کنگز کے لیے کولن منرو کا اوور ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا کیونکہ انہوں نے اننگز کے 14ویں اوور میں کامران اکمل اور پولارڈ کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    پشاور زلمی کی تیسری وکٹ 166 رنز پر گری جبکہ اس دوران اوپنر امام الحق نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی، محمد عامر نے اسی اوور میں 171 کے مجموعی اسکور پر امام الحق کو 59 رنز پر دوسرا کلین بولڈ کیا اور سیمی الیون کے اسکور کو روکنے کی کوشش کی، محمد عامر نے وکٹ لینے کے سلسلے کے جاری رکھتے ہوئے اگلے ہی اوور میں سیمی کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔

    اننگز کے آخری اوور میں عثمان شنواری نے وہاب ریاض کو پویلین واپس بھیجا جبکہ آخری گیند پر حسن علی رن آؤٹ ہوئے یوں پشاور زلمی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے، کامران اکمل 86 اور امام الحق 59 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، کراچی کنگز کے باؤلر محمد عامر نے تین کولن منرو نے دو اور عثمان شنواری نے ایک وکٹ حاصل کی۔


    کراچی کنگز اننگز

    ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کو آغاز اچھا نہ مل سکا اور کولن منرو صرف تین رن پر آؤٹ ہوئے، انہیں امپائر نے غلط ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا جبکہ ری ویو میں گیند وکٹ کے باہر کی طرف جارہی تھی، بعد ازاں بابر اعظم اور لیونگ اسٹون بالترتیب 13 اور 22 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔

    ڈنک اور کولن انگرام نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 65 تک پہنچایا تو  چوتھی وکٹ بھی کر گئی، دوسری طرف انگرام نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ جاری رکھی اور نصف سنچری مکمل کی، اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے جو 87 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے یوں کراچی کنگز کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

    کولن انگرام چودہویں اوور میں ٹائمل ملز کی گیند پر 37 گیندوں پر چار چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیل کرکیچ آؤٹ ہوئے۔

    کراچی کنگز کی ساتویں وکٹ 138 کے مجموعی اسکور پر اُس وقت گری جب سہیل خان صرف ایک رن بنا کر پویلین واپس روانہ ہوئے، محمد عامر، عمر خان اور عماد وسیم بالترتیب 140 اور 142 پر آؤٹ ہوئے۔

    کراچی کنگز کی جانب سے کولن انگرام 71 اور کپتان عماد وسیم 30 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ زلمی کے حسن علی نے تین ، ثمین گل، ٹائمل ملز اور وہاب ریاض نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 61 رنز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔

    ایلیمنیٹری راؤنڈ

    میچ کے ساتھ پاکستان سپرلیگ کا گروپ مرحلہ اختتام پذیر ہوا، کراچی کنگز اب ایلیمنٹری راؤنڈ میں 14 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ کرے گی، اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان 13 مارچ کو مقابلہ ہوگا، فاتح ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرے گی۔

    دونوں ٹیموں نے اسکواڈ میں ایک ایک تبدیلی کی تھی کراچی کنگز نے عامر یامین کی جگہ محمد عامر جبکہ پشاور زلمی نے مصباح الحق کی جگہ صہیب مقصور کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

    اسکواڈ

    کراچی کنگز

    عماد وسیم (کپتان)، کولن انگرام (نائب کپتان)،بابر اعظم ، کولن منرو، لیام لیونگ اسٹون، بین ڈنک، افتخار احمد، محمد عامر، سہیل خان، عثمان شنواری، عمر خان

    پشاور زلمی

    امام الحق، کامران اکمل، عمر امین، صہیب مقصود، لیام ڈاؤسن، کیورن پولارڈ، ڈیرن سیمی (کپتان)، وہاب ریاض، حسن علی، ٹائمل ملز، ثمین گل

    کراچی کنگز اور پشاور زلمی دونوں ہی ٹیمیں پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرچکی ہیں، میزبان ٹیم فتح حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر رن ریٹ کی اوسط سے ایک درجہ ترقی کرسکتی تھی۔ میچ سے قبل پوائنٹس ٹیبل پر  پشاور زلمی 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ کراچی کنگز 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھی۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے شکست دی تھی، عماد اور سیمی الیون جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی خواہش مند تھیں۔

    ویڈیو دیکھیں: چار سال سے ہار ہار کر تھک گیا ہوں: رانا فواد

    قبل ازیں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے مابین پاکستان سپرلیگ کا 29واں میچ کھیلا گیا جس میں لاہور قلندرز کو ایک بار پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

  • چار سال سے ہار ہار کر تھک گیا ہوں: رانا فواد

    چار سال سے ہار ہار کر تھک گیا ہوں: رانا فواد

    کراچی: لاہور قلندرز کی ناقص کارکردگی نے ٹیم کے مالک رانا فواد کو شدید مایوس کر دیا.

    تفصیلات کے لاہور قلندرز اس بار بھی پرفارم کرنے میں‌ ناکام رہی اور پلے آف میں‌ جگہ نہیں بنا سکی، جس پر لاہور قلندرز کے مالک نے کہا کہ چار سال سے ہار ہار کر تھک گیا ہوں.

    رانا فواد نے کہا ہے کہ میں بہت دکھی ہوں، ٹیم کے مداحوں‌ سے معذرت کرتا ہوں، اس کے سوا میں‌ کیا کہہ سکتا ہوں.

    انھوں نے مزید کہا کہ ابھی پتا نہیں کہ کیا کروں‌ گا، کیسے لے کر چلوں‌ گا، ہمارے دل ٹوٹ گئے ہیں، اس بار یقین تھا کہ اچھا کھیلیں گے، مگر ہمارے پانچ بیٹسمین چلے گئے، کپتان حفیظ ان فٹ ہوگیا، جس سے کارکردگی پر اثر پڑا.

    مزید پڑھیں: وسیم بھائی نے ہدایت کی تھی کہ چھکے بھی پڑیں گے گھبرانا نہیں، عثمان شنواری

    انھوں‌ نے کہا کہ میں شکستوں کے اس سلسلے پر کچھ کہہ نہیں سکتا، کچھ میچز بہت کلوز تھے، ہم جیت سکتے تھے، مگر ایسا نہیں ہوسکا.

    یاد رہے کہ آج کراچی میں ہونے والے میچ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز مدمقابل آئے تھے، مقابلے میں لاہور کو ایک بار پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا.

  • ڈیرن سیمی کی پاکستان آمد پر ایک بار پھر خوش آمدید کہتے ہیں، میجر جنرل آصف غفور

    ڈیرن سیمی کی پاکستان آمد پر ایک بار پھر خوش آمدید کہتے ہیں، میجر جنرل آصف غفور

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے نامور کھلاڑی ڈیرن سیمی کو پاکستان آمد اور پی ایس ایل میں شمولیت پر ایک بار پھر خوش آمدید کہتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی۔ میجر جنرل آصف غفور نے مزار قائد پر حاضری دینے اور بانی پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے پر  ویسٹ انڈیز  کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی پاکستان میں موجودگی ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹیم کے چیئرمین جاوید آفریدی کے ہمراہ بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔

    مزید پڑھیں: ڈیرن سیمی کی مزارِ قائد پر حاضری، قائدِ اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا

    ویسٹ انڈیز کی طرف سے کھیلنے والے بلے باز ڈیرن سیمی نے مزار قائد پر حاضری کے وقت شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔

    ڈیرن سیمی نے مزار قائد پر پاکستان کا پرچم بھی لہرایا۔

    انہوں نے مزار قائد کے تعمیراتی حسن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عظیم قوم پاکستان کے بانی کے مزار پر حاضری ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

  • پی ایس ایل 4: ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    پی ایس ایل 4: ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کے آخری مرحلے میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم یہ میچ ملتان سلطانز نے سات وکٹوں سے جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 4 کی شکست خوردہ ٹیمیں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز آج آمنے سامنے آئیں، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آج کے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں اوسط درجے کی کارکردگی دکھا کر ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔

    پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 141 رنز کا ہدف دیا تھا جسے ملتان سلطانز نے بہ آسانی پورا کر کے لاہور قلندرز کو شکست دی۔

    ملتان سلطانز اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شیعب ملک، شاہد آفریدی، عمر صدیق، ڈینیئل کرسچن، جانسن چارلس، شان مسعود، کرس گرین، محمد الیاس، جنید خان اور محمد عباس شامل ہیں۔

    لاہور قلندرز اسکواڈ

    لاہور قلندرز کی ٹیم میں آج فخر زمان، یاسر شاہ، راحت علی، شاہین آفریدی، آغا سلمان، سہیل اختر، حسن خان، حارث سہیل، محمد عمران اور عمیر مسعود کھیل رہے ہیں۔

    پی ایس ایل کے چوتھے سیزن میں دونوں ٹیموں نے 9، 9 میچز کھیلے جس میں سے ملتان کی ٹیم صرف 2 اور لاہور کی ٹیم 3 میچز جیت سکی۔

  • پی ایس ایل4: کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا ٹاکرا آج ہوگا

    پی ایس ایل4: کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا ٹاکرا آج ہوگا

    کراچی: پاکستان سپرلیگ کے سیزن فورمیں آج دو میچز کھیلے جائیں گے، لاہور قلندرز کا مقابلہ ملتان سلطانزجبکہ کراچی کنگز پشاور زلمی سے ٹکرائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 4 کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز اورملتان سلطانز پنجہ آزمائی کریں گے، دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے۔

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پہلا میچ دوپہر دو بجے ہوگا جبکہ دوسرا میچ شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔

    پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی اس وقت 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کراچی کنگز 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پرموجود ہے۔

    کراچی کنگز اگر آج پشاور زلمی کے خلاف میچ جیت جاتی ہے تو دوسری پوزیشن کے لیے کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا رن ریٹ دیکھا جائے گا۔

    دوسری جانب لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں پہلے ہی ایونٹ سے باہرہوچکی ہیں، اس لیے میچ کے نتیجے سے پوائنٹس ٹیبل پرکوالیفائرٹیموں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

    عثمان شنواری کی شاندار باؤلنگ، گلیڈی ایٹرزکو ایک رن سے شکست

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپرلیگ سیزن فور کے 28ویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے شکست دی تھی ،191 رنز کے جواب میں کوئٹہ کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر189رنز بنا سکی تھی۔

  • ڈیرن سیمی کی مزارِ قائد پر حاضری، قائدِ اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا

    ڈیرن سیمی کی مزارِ قائد پر حاضری، قائدِ اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا

    کراچی: پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے اپنی ٹیم کے چیئرمین جاوید آفریدی کے ہم راہ بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرن سیمی نے پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کے ہم راہ مزارِ قائد پر حاضری دی، ڈیری سیمی نے قائدِ اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

    ویسٹ انڈیز کی طرف سے کھیلنے والے بلے باز ڈیرن سیمی نے مزار قائد پر حاضری کے وقت شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔

    پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے مزار قائد پر پاکستان کا پرچم بھی لہرایا، انھوں نے مزار قائد کے تعمیراتی حسن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عظیم قوم پاکستان کے بانی کے مزار پر حاضری ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

    ڈیرن سیمی نے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح عظیم رہنما تھا، میں قائد اعظم سے متعلق پڑھ چکا ہوں، ان کے ایمان، اتحاد، تنظیم کے پیغام سے دنیا کو بہترین بنایا جا سکتا ہے۔

    پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے قائد اعظم کے میوزیم میں رکھی گئی اشیا میں بھی گہری دل چسپی کا اظہار کیا، اور انھوں نے شوق سے یادگار اشیا دیکھیں۔

    دو مرتبہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان ڈیرن سیمی نے مزار قائد پر سیکورٹی پر مامور جوانوں کے ساتھ بھی تصاویر بھی بنوائیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ایس ایل 4 :‌ عثمان شنواری کی شاندار باؤلنگ، گلیڈی ایٹرزکو ایک رن سے شکست

    خیال رہے کہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان آج نیشنل اسٹیڈیم میں میچ کھیلا جائے گا۔

  • وسیم بھائی نے ہدایت کی تھی کہ چھکے بھی پڑیں گے گھبرانا نہیں، عثمان شنواری

    وسیم بھائی نے ہدایت کی تھی کہ چھکے بھی پڑیں گے گھبرانا نہیں، عثمان شنواری

    کراچی : کراچی کنگز کے مایہ ناز بالر عثمان شنواری نے کہا ہے کہ وسیم بھائی نے ہدایت کی تھی کہ سونا نہیں، ٹی ٹوئنٹی ہے چھکے بھی پڑیں گے لیکن گھبرانا نہیں۔

    یہ بات انہوں نے مین آف دی میچ قرار دینے کے بعد رمیز راجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، آخری اوور میں میچ کا پانسہ پلٹنے والے مین آف دی میچ عثمان شنواری کا کہنا ہے کہ پلان کے مطابق بالنگ کی۔

    گیند ریورس ہورہی تھی جس کا فائدہ اٹھایا، شائقین نے شاندار انداز میں سپورٹ کیا، جیت پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے، شائقین کرکٹ سے گزارش ہے کہ کرکٹ کو ایسا ہی سپورٹ کریں۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ میچ سے پہلے وسیم اکرم بھائی نے ہدایت کی تھی کہ گراؤنڈ میں سونا نہیں، ٹی ٹوئنٹی ہے چھکے بھی پڑیں گے لیکن گھبرانا نہیں، آخری بال تک لڑنا ہوگا۔

    یاد رہے کہ عثمان شنواری کے ایک اوور نے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا، کوئٹہ کو چھ گیندوں پر صرف پانچ رنز درکار تھے، شنواری نے احمد شہزاد کو سینچری بنانے سے روکا اور کوئٹہ کو بڑا جھٹکا دیا، تیسری گیند پر انور علی کو بھی پویلین بھیج دیا۔

    پانچویں گیند پر کپتان سرفرازاحمد کو بولڈ کردیا، آخری گیند پر شائقین کی دھڑکنیں تیز ہوگئیں لیکن کوئٹہ گلیڈیئٹرز کی ٹیم دو رنز نہ بناسکی اور کراچی پی ایس ایل کے سپرفور مرحلے میں پہنچ گیا۔

  • پی ایس ایل 4 :‌  عثمان شنواری کی شاندار باؤلنگ، گلیڈی ایٹرزکو ایک رن سے شکست

    پی ایس ایل 4 :‌ عثمان شنواری کی شاندار باؤلنگ، گلیڈی ایٹرزکو ایک رن سے شکست

    کراچی: پاکستان سپرلیگ سیزن فور کے 28ویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو  ایک رن سے شکست دے دی ،191 رنز کے جواب میں کوئٹہ کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 189رنز بنا سکی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل فور کے پانچویں مرحلے کا دوسرا اور لیگ کا 29واں میچ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔

    ٹاس

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

    ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بہت اچھی ہے، ہم اچھا کھیلنے کی بھرپور کوشش کریں گے، ہوم گراؤنڈ پرکھیل کراچھالگےگا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد موجودہے، اپنے ہوم گراؤنڈ اور شائقین کے سامنے کھیل کر اچھا لگے گا۔

    رمیز راجہ کے دلچسپ سوال کا جواب دیتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ’کراچی کے خلاف کھیل کر زیادتی نہیں کررہا کیونکہ مجھے وہ لیتے ہی نہیں ہیں‘۔

    دونوں ٹیموں نے اسکواڈ میں تبدیلی کی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اعظم خان کی جگہ انور علی کو ٹیم میں شامل کیا جبکہ سہیل خان اور بین ڈنک کی کراچی کنگز میں واپسی ہوئی۔

    اسکواڈ

    کراچی کنگز

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

    ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کا مقابلہ دیکھنے نیشنل اسٹیڈیم پہنچے۔


    کراچی کنگز اننگز

    سرفراز احمدکی دعوت پر کراچی کنگز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو بابر اعظم اور کولن منرو نے محتاط انداز سے بیٹنگ کی اور اسکور کو آگے بڑھایا، عماد الیون کی پہلی وکٹ 69 پر اس وقت گری جب کولن منرو فواد احمد کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے کر آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں لیونگ اسٹون 84پر پویلین روانہ ہوئے، بابر اعظم اور کولن انگرام نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اسکور کو آگے بڑھایا، محمد حسنین کے تیسرے اور اننگز کے پانچویں اوور میں کراچی کنگز کے دونوں اہم کھلاڑی بالترتیب 118 اور 125 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے۔

    بین ڈنک 18رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو افتخار احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر پانچ چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 44 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی اور ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔

    کراچی کنگز کے بابر اعظم56، افتخاراحمد44،کولن منرو 30رنز بنا کر نمایاں رہے بلے باز رہے جبکہ کولن انگرام اور بین ڈنک نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے 2، محمدنواز ، سہیل تنویر اور فواداحمدنے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    گلیڈی ایٹرز بیٹنگ

    ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اچھی اوپننگ ملی، احمد شہزاد اور شین واٹس نے وکٹ کے چاروں طرف شارٹ کھیلتے ہوئے گیند کو باؤنڈری کے پار پھینکا۔ اننگز کے ساتویں اور اپنے پہلے اوور میں نوجوان باؤلر عمر خان نے شین واٹسن کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    اننگز کے نویں اور اپنے دوسرے اوور میں عمر خان نے ایک اور کامیابی حاصل کی اور روسو کو اسٹمپ آؤٹ کروایا، یوں گلیڈی ایٹرز کی 85 کے مجموعی اسکور پر دوسری وکٹ گری۔

    کراچی کنگز کیخلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تیسری وکٹ 131رنز پر جبکہ چوتھی وکٹ 177رنزپرگری اور پانچویں وکٹ 187رنز پر گری، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے احمد شہزاد شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے99رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

    کراچی کنگز کیخلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ساتویں وکٹ کپتان سرفراز احمد کی گری جو کوئی رن بنائے بغیر پہلی بال پر ہی کلین بولڈ ہوگئے،کراچی کنگز کے عثمان شنواری نے مسلسل دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کیں۔

    عثمان شنواری نے بیسویں اوور میں صرف3رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین سے باہر بھیج کر میچ کی بازی ہی پلٹ دی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا، انہوں نے آخری اوور میں احمد شہزاد کو 99 رنز پر آؤٹ کرکے سنچری سے محروم کیا جس کے بعد انور علی اور کپتان سرفراز احمد کو آؤٹ کیا۔

    کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیزمرحلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر پی ایس ایل فور کے پلے آف مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

    عمرخان نے نپی تلی بولنگ سے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عثمان شنواری نے شاندار بولنگ کے باعث آخری اوور میں 3وکٹیں حاصل کیں، عثمان شنواری کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

    دوسری جانب وزیربلدیات سندھ سعید غنی نے نیشنل اسٹیڈیم پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’انشاء اللہ آنے والے میچز کے انتظامات اور بھی بہتر ہوں گے، کراچی میں میچز سے کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہوا، کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ہم سب کی حوصلہ افزائی ہوئی‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام جشن منا رہے ہیں، میچز کے  ساتھ کراچی کے ترقیاتی کاموں کو بھی تیز کیا، سندھ حکومت کراچی والوں کو ترقیاتی منصوبوں کے مزید تحفے دے گی۔

  • کراچی پی ایس ایل 4: بارش سے میچ متاثر نہیں ہوگا، محکمہ موسمیات

    کراچی پی ایس ایل 4: بارش سے میچ متاثر نہیں ہوگا، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا ہے کہ بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں دھوپ نکل آئی تاہم سسٹم موجود ہے، برسات کی وجہ سے پاکستان سپرلیگ کا میچ متاثر نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق بارش کا نیا سسٹم بلوچستان کے راستے پاکستان کی حدود میں داخل ہوا جس کے بعد کراچی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

    شہرقائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے  موسم خوشگوار ہوا۔ کراچی کے علاقے ناظم آباد، شادمان ٹاؤن، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد اور سائٹ کے علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

    مزید پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش‘ موسم خوشگوار

    دوسری جانب بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی جس کے بعد درجہ حرارت منفی ہوگیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنچگور میں 4 اور ماڑہ میں تین ملی میٹر بارش ہوئی۔

    بلوچستان میں ہونے والی بارشوں کے باعث کوئٹہ کا درجہ حرارت 3، قلات 2، سبی 14، گوادار اور ژوت 16 جبکہ زیارت کے علاقے میں منفی 6 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بادلوں کا نیا سسٹم مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ایران سے بلوچستان میں داخل ہوچکا جس کے باعث آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سرحدی علاقو اور کراچی میں بارش ہوسکتی ہے۔

    کراچی کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’بارش کاموجودہ سسٹم میچ کو متاثرنہیں کرےگا، برسات کے بعد دھوپ نکل آئی ہے تاہم سسٹم موجود ہے‘۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی: پی ایس ایل 4 کے آخری مرحلے کا آغاز، اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکت دے دی

    اُن کا کہنا تھا کہ بارش کا سسٹم ضلع وسطی اور اور ضلع ملیر میں فعال رہا، رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن فور کے پانچویں مرحلے کا آغاز کراچی میں ہوچکا، نیشنل اسٹیڈیم میں گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تھیں جبکہ آج کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مقابلہ کریں گی۔

    نیشنل اسٹیڈیم کی انتظامیہ نے برسات شروع ہوتے ہی پچ کو کور سے ڈھک دیا تھا، دھوپ نکلتے ہی اُس پر سے کپڑا ہٹا دیا گیا۔