Tag: psl5

  • پی ایس ایل فائیو کی ڈریم ٹیم کو شائقین نے مسترد کردیا

    پی ایس ایل فائیو کی ڈریم ٹیم کو شائقین نے مسترد کردیا

    کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )سیزن فائیو کی ڈریم ٹیم کو شائقین کرکٹ نے مسترد کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کی ڈریم ٹیم متنازع بن گئی، شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ گروپ مرحلے میں ٹاپ پر رہنے والی ملتان سلطانز کا کوئی کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں۔

    شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ چیمپئن کپتان عماد وسیم کو قیادت نہیں دی گئی، قیادت بھی ناکام رہنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان کو دے دی گئی۔

    ناراض شائقین کا کہنا ہے کہ عماد وسیم نے کراچی کنگز کو چیمپئن بنایا، کوالیفائر سمیت متعدد میچ جیتے لیکن ڈریم ٹیم کی کپتانی آخری نمبر پر رہنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان کو دی گئی۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل فائیو کی ڈریم ٹیم میں لاہور قلندرز کے 6، کراچی کنگز کے 3، کوئٹہ گلیڈی ایٹر، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کا ایک، ایک کھلاڑی شامل ہے۔

    ڈریم ٹیم میں گروپ مرحلے میں ٹاپ پر رہنے والی ملتان سلطانز کا ایک بھی کھلاڑی شامل نہیں، ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر سہیل تنویر 14 وکٹوں کے ساتھ تیسرے بہترین بولر رہے لیکن انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

    ملتان سلطانز کے رائلی روسو نے سیزن فائیو میں پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنائی لیکن وہ بھی ٹیم کا حصہ نہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل فائیو کی ڈریم ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا، ڈریم ٹیم کو بازید خان، رمیز راجہ، عروج ممتاز اور ندیم خان پر مشتمل چار رکنی جیوری نے منتخب کیا۔

  • کراچی کنگز کی شاندار فتح : صدر مملکت ، گورنر سندھ سمیت اہم شخصیات کی مبارکباد

    کراچی کنگز کی شاندار فتح : صدر مملکت ، گورنر سندھ سمیت اہم شخصیات کی مبارکباد

    کراچی: صدر مملکت، گورنرز، وزرا، وزرائے اعلیٰ، سمیت فنکاروں اور دیگر اہم شخصیات نے پی ایس ایل سیزن فائیو کا ٹائٹل جیتنے پر کراچی کنگز کو مبارک باد پیش کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے کراچی کنگز کو پی ایس ایل فائیو کا فاتح بننے پر مبارک باد پیش کی ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں عارف علوی نے کہا کہ یہ بہترین فتح ہے۔

    پی ایس ایل فائیو کا ٹائٹل جیتنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی کنگزکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگز کےجیتنے پر بہت خوشی ہوئی ہے، پی ایس ایل کے پاکستان میں کامیاب انعقاد پر منتظمین مبارکباد کےمستحق ہیں، آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے، انشااللہ اگلےسیزن میں شائقین بھی ہونگے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے بھی پی ایس ایل فائیو کا فائنل جیتنے پر کراچی کنگز کو مبارکباد دی گئی ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پی ایس ایل کا ایک اور بہترین سیزن اختتام کو پہنچا، بابر اعظم کی ٹاپ کلاس بیٹنگ کی مدد سے کراچی کنگز فاتح بنا، انہیں اور پورے پاکستان کو مبارکباد۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس سال تمام میچز پاکستان میں ہوئے اور اس کے لئے ہمارے سیکیورٹی اہلکاروں کو کریڈٹ جاتا ہے۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق کی جانب سے بھی پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کا ٹائٹل جیتنے پر کراچی کنگز کو مبارک باد دی ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ پی ایس ایل5 کی فاتح کراچی کنگز اور انکی مینجمنٹ کو مبارکباد! لاہور قلندرز کی کارکردگی اس سیزن متاثر کن رہی۔ دراصل یہ پاکستان کی جیت ہے۔

    صوبائی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ کرونا کے مشکل وقت میں پی ایس ایل فائیو کو تکمیل تک پہنچانے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں، اس کے علاوہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے پاکستان آنے پر مشکور ہوں۔

     وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی شاندار فتح پر کراچی کنگز کو مبارکباد دی ہے، اپنے بیان میں یاسمین راشد نے کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگزکا جیتنا دراصل پاکستان کی جیت ہے۔

    چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کی جانب سے بھی پی ایس ایل دوہزار بیس کا فائنل جیتنے پر کراچی کنگز کو مبارکباد دی گئی ہے، اپنے ٹوئٹر پیغام میں  شہریارآفریدی نے کہا کہ بابراعظم نےاچھاکھیلا، اس جیت کے بعد کرکٹ گھر آگئی ہے لیکن ٹرافی کراچی میں ہی رہےگی، پاکستان میں تمام میچز کےبعد امن کے ثمرات نظر آرہےہیں۔

    چیئر مین پاک سر زمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل کا فائنل جیتنے پر کراچی کنگز اور سی ای او اے آر وائی گروپ سلمان اقبال کو مبارک دی ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کی کامیابی پر مبارکباد دی گئی ہے۔

    پاکستان شوبز انڈسڑی کے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے بھی پی ایس ایل میں شاندار فتح پر کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال اور ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا میچ دیکھ کر مزا آگیا۔

    سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی جانب سے کراچی کنگز کو شاندار فتح پر مبارک باد دی گئی ہے۔

    پی ٹی آئی کراچی کی جانب سے کراچی کنگز کو پی ایس ایل فائنل جیتنےپر مبارکباد دی گئی ہے، تحریک انصاف کراچی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لاہور قلندرز نے بھی بھرپور انداز میں مقابلہ کیا، بہترین ایونٹ منعقدکرنے پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتےہیں۔

    تحریک انصاف کراچی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، اگلے میچز حیدرآباد، سکھر سمیت دیگر شہروں میں بھی کرائےجائیں۔

    پی ٹی آئی ایم این اے آفتاب جہانگیر نے بھی کراچی کنگز کی فتح پر مبارک باد دی ہے۔

    ڈی آئی جی ایس ایس یو کی جانب سے بھی پی ایس ایل میں تاریخی کامیابی پر کراچی کنگز کو مبارکباد دی گئی ہے، میڈیا سے گفتگو میں مقصود میمن نے کہا کہ سب سےپہلے کراچی کنگز کو مبارکباد دیتا ہوں، پی ایس ایل کی سیکیورٹی کے بہت اچھےاقدامات کیےگئےتھے، عوام کو کم سےکم پریشانی کو مدنظر رکھا گیا تھا۔

    ،ڈی آئی جی ایس ایس یو مقصود میمن نے کہا کہ شائقین کرکٹ کی کمی محسوس ہوئی دعا ہےجلدک وروناختم ہو، پولیس کےپاس جو ذمہ داری تھی اس کو بھرپور طریقےسے نبھایا، انٹرنیشنل پلیئرز کی واپسی تک سیکیورٹی کاخاص خیال رکھاجائےگا۔

  • ملتان سلطانز کی ٹیم میں 2 اہم کھلاڑیوں کی شمولیت

    ملتان سلطانز کی ٹیم میں 2 اہم کھلاڑیوں کی شمولیت

    کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پلے آف مرحلے کے لیے ملتان سلطانز کی ٹیم میں 2 کھلاڑیوں کی شمولیت ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل پلے آف مرحلے کے لیے ملتان سلطانز کی ٹیم میں انگلش اوپنر جو ڈینلی اور زمبابوین کھلاڑی برینڈن ٹیلر کو شامل کرلیا گیا۔

    دونوں کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر محمود اللہ اور انگلش اوپنر جیمز ونس کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ انگلش کھلاڑی جیمز ونس کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔

    اس سے قبل ملتان سلطانز کے لیے کھیلنے والے محمود اللہ بھی کورونا کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے پی ایس ایل پلے آف مرحلے میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل فائیو کے پلے آف مرحلے کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے اور کراچی کنگز کے تین غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ گئے ہیں۔

    پلے آف میچز14 اور15 نومبر کو کھیلے جائیں گے اور چیمپئن ٹیم کا فیصلہ17 نومبرکو ہو گا۔

  • پی ایس ایل، جارح مزاج بیٹسمین پاکستان آنے کیلئے بے قرار

    پی ایس ایل، جارح مزاج بیٹسمین پاکستان آنے کیلئے بے قرار

    لاہور: پی ایس ایل سیزن فائیو میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے سابق آسٹریلوی کھلاڑی بین ڈنک پاکستان آنے کے لیے بے قرار ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل فائیو میں اپنی شاندار بیٹنگ سے کرکٹ شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے والے لاہور قلندرز کے کھلاڑی بین ڈنک پی ایس ایل کے فائنل میچز کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں جارح مزاج بیٹسمین بین ڈنک کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل کے فائنل میچز میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے کے لیے پرجوش ہوں، لاہور قلندرز کے مداحوں کے لیے پہلی بار ٹرافی اٹھانے کے لیے بے قرار ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں پی ایس ایل راؤنڈ میچز میں بین ڈنک نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی پاش پاش کردیا تھا، انہوں ںے ایک اننگز میں 10 بلند و بالا چھکے لگائے تھے۔

    بین ڈنک نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 43 گیندوں پر 93 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی اور لاہور کا اسکور 209 رنز پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائیو سے متعلق پی سی بی کا اہم اعلان

    یاد رہے کہ لاہور میں اسموگ کی ممکنہ شدت کے باعث پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو ناک آوٹ مرحلہ لاہور سے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل کے ناک آوٹ مقابلے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں باالتر تیب 15،14 اور17 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

  • پی ایس ایل اور انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ

    پی ایس ایل اور انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل اور انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی پی ایس ایل فائیو کے بقیہ 4 میچز کراچی میں کروانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ کراچی پھر پی ایس مقابلوں کی میزبانی کے لیے تیار ہے، پہلے بھی شہر قائد میں کرکٹ مقابلوں کے انعقاد میں کردار ادا کیا۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بھرپور تعاون کیا جائے گا، امید ہے میچز کے دوران کورونا ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم انٹرنیشنل مقابلوں کی میزبانی کے لیے بھی تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی نے لاہور میں اسموگ کی ممکنہ شدت کے باعث پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو ناک آوٹ مرحلہ لاہور سےکراچی منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے ناک آوٹ مقابلے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بالتر تیب 15،14 اور17 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ پی سی بی نے پاکستان زمبابوے ٹی20 سیریز کو بھی ممکنہ اسموگ کے باعث لاہور سے راولپنڈی منتقل کردیا ہے۔

  • پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا انعقاد کب ہوگا؟ اشارہ مل گیا

    پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا انعقاد کب ہوگا؟ اشارہ مل گیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور فرنچائز مالکان نے پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچز رواں سال نومبر میں منعقد کرانے  پر سوچ بچار شروع کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز شہزاد ملک کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کی جنرل کونسل کے آٹھویں آن لائن اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں سیزن فائیو کے بقیہ میچز اور دیگر معاملات پر تفصیلی سوچ بچار کیا گیا۔

    اجلاس میں پی سی بی اور فرنچائز مالکان نے ایک بار پھر دہرایا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ 4 میچوں کا نومبر میں انعقاد پہلی ترجیح ہے۔

    اجلاس میں کرونا کے بعد کی صورت حال کو بھی مدنظر رکھا گیا کیونکہ کوویڈ 19 کی وجہ سے بقیہ میچز مزید تاخیر کا شکار بھی ہوسکتے ہیں۔

    پی سی بی اور تمام لیگ کی تمام چھ فرنچائزز کے نمائندگان نے پی ایس ایل کی طویل مدتی نشو و نما کو یقینی بنانے اور مالی استحکام پیدا کرنے کے  لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے پی ایس ایل کو 20 کروڑ روپے کا نقصان

    اجلاس میں لیگ کے جاری جائزے کی بنیاد پر مختلف دیگر فیصلے بھی کیے گئے۔  گورننگ کونسل نے پاکستان سپر لیگ کو ایک آزاد شعبہ بنانے پر پی سی بی کو سراہا۔

    پی سی بی اور فرنچائزز نے پی ایس ایل ڈیپارٹمنٹ اور ٹیموں کے درمیان باقاعدہ رابطے کے فریم ورک پر اتفاق کیا ہے، جس کا مقصد لیگ سے متعلق مختلف آپریشنل اور اسٹریٹجک امور پر مشاورت کے عمل کو تیز اور بہتر بنانا ہے ۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا تھا کہ ’آج گورننگ کونسل کا اہم اجلاس تھا جس میں سب کا مشترکہ ایجنڈا پی ایس ایل کا مستقبل اور اس کی فلاح تھا، پاکستان سپرلیگ کا مستقبل پاکستان کرکٹ بورڈ اور تمام فرنچائزز کے لیے اہم ہے لہذا سب مل کر اسے ایک بڑا اور مضبوط برانڈ بنا کر دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں شامل تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی

    احسان مانی نے شرکا کو بتایا کہ پی سی بی اور فرنچائزز نے تمام زیرالتواء معاملات کو مل کر حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ دنیا کی بہترین کرکٹ لیگز میں شامل پی ایس ایل کے تمام فریقین کو فائدہ ہو اور وہ ترقی کی منازل اسی طرح طے کرتے رہیں تاکہ کرکٹ کا مستقبل روشن رہے۔

  • پی ایس ایل کے بقیہ میچز کب ہوسکتے ہیں؟ وسیم خان نے بتا دیا

    پی ایس ایل کے بقیہ میچز کب ہوسکتے ہیں؟ وسیم خان نے بتا دیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے بقیہ میچز نومبر میں ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ فرنچائزز کی مشاورت سے فیصلہ کریں گے کہ سیمی فائنل ہوں یا پرانا فارمیٹ رکھا جائے، بقیہ میچز نومبر میں کھیلے جاسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے سبب کرکٹ بورڈ کو پہلے ہی نقصان ہوچکا ہے، کرکٹ بورڈ کو مزید نقصان ہوسکتا ہے۔

    وسیم خان نے کہا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کی کارکردگی پر کوئی تشویش نہیں ہے، مصباح کو تجربہ فراہم کرنے کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوچ بنایا گیا تھا، ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے بعد ہیڈ کوچ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل میچز ملتوی کرنے کا مقصد کھلاڑیوں اور آفیشلز کا تحفظ کرنا ہے، ،وسیم خان

    چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ پالیسی معاملات پر اثر انداز نہ ہوں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کھلاڑیوں کے بارے میں رائے دینے کے حوالے سے حفیظ سے بات کروں گا۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھنے کے باعث پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنلز میچز کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

    وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میچز ملتوی کرنےکا فیصلہ کھلاڑیوں، آفیشلز کا تحفظ کرنا ہے، پی ایس ایل کو مکمل کرانے کیلئے ہم نے بہت اقدامات کئے میچ بھی کم کئے اور پی ایس ایل سے منسلک تمام لوگوں کےتحفظ کیلئے اقدامات کئے۔

  • پی ایس ایل سیمی فائنل اور فائنل کے لیے امپائرز کا اعلان

    پی ایس ایل سیمی فائنل اور فائنل کے لیے امپائرز کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے امپائرز کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے امپائرز کا اعلان کردیا گیا، آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل پاکستان کے علیم ڈار اور انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے مائیکل گف ناک آؤٹ اور فائنل میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

    پی سی بی کے مطابق سری لنکا کے روشن ماہنامہ فائنل کے میچ ریفری ہوں گے۔

    پہلے سیمی فائنل میں علیم ڈار کے ساتھ بطور فیلڈ امپائر احسن رضا شامل ہوں گے، شوزب رضا اور طارق رشید تیسرے اور چوتھے امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنل میچز کل لاہور میں ہوں گے

    دوسرے سیمی فائنل میں مائیکل گف کے ساتھ راشد ریاض امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، آصف یعقوب اور فیصل آفریدی تیسرے اور چوتھے امپائر ہوں گے۔

    پی سی بی کے مطابق 18 مارچ کو کھیلے جانے والے فائنل میچ میں علیم ڈار اور مائیکل گف آن فیلڈ امپائر ہوں گے، احسن رضا اور راشد ریاض تیسرے اور چوتھے امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنل میچز کل لاہور میں کھیلے جائیں گے، پہلے سیمی فائنل میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کا مقابلہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دوپہر دو بجے ہوگا۔ دوسرا سیمی فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان شام سات بجے شروع ہوگا۔

  • سیمی فائنل سے قبل لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا، کرس لین وطن روانہ

    سیمی فائنل سے قبل لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا، کرس لین وطن روانہ

    لاہور: پی ایس ایل فائیو سیمی فائنل سے قبل لاہور قلندرز کی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، جارح مزاج اوپنر کرس لین وطن روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو سیمی فائنل میں لاہور قلندرز کے جارح مزاج اوپنر کرس لین ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، کرونا وائرس کے پیش نظر کرس لین نے وطن واپس جانے کا فیصلہ کیا۔

    کرس لین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کھیل کر بہت مزہ آیا، زندگی میں کرکٹ کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے اور یہی ان کے فیصلے کی بنیاد ہے، امید ہے ٹیم ناک آؤٹ مرحلے میں اچھا پرفارم کرے گی۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنل میچز کل لاہور میں ہوں گے

    واضح رہے کہ اس سے قبل جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ویزے اور سری لنکا کے سیکوگے پرسنا نے بھی لاہور قلندرز کے ساتھ پی ایس ایل میں اپنا سفر ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کا اعلان کیا تھا۔

    یاد رہے کہ غیرملکی کرکٹرز نے پی ایس ایل چھوڑنے کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش کے بعد کیا تھا۔

    پی سی بی نے دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلنے کے بعد کھلاڑیوں کو آپشن دیا تھا کہ اگر وہ چاہیں تو گھروں کو واپس روانہ ہوسکتے ہیں۔

    پی سی بی کے پیشکش کے بعد پہلے مرحلے میں 11 کھلاڑیوں نے لیگ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے 3 پلیئرز بھی گھر چلے گئے تھے۔

  • سیمی فائنل میں ہماری پرفارمنس مختلف ہوگی، عماد وسیم

    سیمی فائنل میں ہماری پرفارمنس مختلف ہوگی، عماد وسیم

    کراچی: پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ وکٹ سوچ سے زیادہ اسپن بولر کو سپورٹ کررہی تھی، سیمی فائنل میں ہماری پرفارمنس مختلف ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غلطیوں سے سیکھنا ضروری ہے، لاہور کے اوورسیز کھلاڑی بہت زبردست ہیں، ناک آؤٹ میں اب ایک ہی موقع ملے گا، اصل مزہ شائقین کرکٹ کے سامنے کھیلنے میں آتا ہے۔

    عماد وسیم نے کہا کہ شرجیل نے عرصے بعد کم بیک کیا، اب وہ تیار ہیں، شرجیل کو اسی لیے ڈراپ نہیں کرتا کیونکہ وہ اچھا کھلاڑی ہے، پریکٹس میچز میں شرجیل کی سوچ اور گیم سمجھ آگئی تھی، امید ہے شرجیل سیمی فائنل اور آگے بھی اچھی اننگز کھیلے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کی وکٹیں شروع میں بڑے اسکور والی ثابت ہوئیں، اب جو وکٹیں مل رہی ہیں اس میں اسکور کم مقابلہ دلچسپ ہوگیا ہے، لگتا یہی ہے لاہور میں وکٹیں فلیٹ تیار کی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں: کراچی کنگز کی سیمی فائنل میں رسائی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست

    کراچی کنگز کے کپتان کا کہنا تھا کہ رضوان بہتری کھلاڑی ہے لیکن ابھی اس کا چانس بن نہیں پارہا ہے، اوورسیز کھلاڑی کا کمبی نیشن بھی دیکھنا پڑتا ہے، ہوسکتا ہے محمد رضوان کو اگلے میچ میں موقع مل جائے۔

    عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ڈین جونز بہت اچھے کوچ ثابت ہوئے ہیں، ڈین جونز کے ساتھ کام کرنے کا بہت مزہ آتا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، شرجیل خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔