Tag: psl5

  • کراچی کنگز کا شنیرا اکرم کے لیے خصوصی تحفہ

    کراچی کنگز کا شنیرا اکرم کے لیے خصوصی تحفہ

    کراچی کنگز کی انتظامیہ نے ٹیم کے صدر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کو خصوصی شرٹ کا تحفہ دیا۔

    کراچی کنگز کی جانب سے وسیم اکرم کی اہلیہ کو جو شرٹ دی گئی اُس کی پشت پر 01 نمبر درج ہے جبکہ اُس پر ’بھابھی‘ نام لکھا گیا ہے۔

    کراچی کنگز کی جانب سے ملنے والی شرٹ ایک روز قبل شنیرا اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کی اور انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    شنیرا اکرم نے لکھا کہ ’یہ پہلا موقع ہے کہ مجھے ٹی شرٹ تحفے میں ملی، میرے لیے یہ بہت زیادہ فخر کی بات ہے‘۔ انہوں نے کراچی کنگز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جیت کی دعا بھی کی۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن فائیو میں وسیم اکرم کراچی کنگز کے صدر جبکہ ڈین جونز ہیڈ کوچ ہیں۔

    کراچی کنگز نے اب تک ٹورنامنٹ میں دو میچز کھیلے جن میں سے ایک میں فتح اور ایک میں شکست کا سامنا رہا۔ پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت کراچی کنگز دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

    کراچی کنگز کا پہلا میچ پشاور زلمی کے ساتھ ہوا جس میں ٹیم کو فتح ملی تھی جبکہ دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلا گیا تھا۔

  • لاہور قلندرز کی شکست، مداح بچہ بُری طرح رو پڑا، ویڈیو وائرل

    لاہور قلندرز کی شکست، مداح بچہ بُری طرح رو پڑا، ویڈیو وائرل

    لاہور: پی ایس ایل میں گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں لاہور قلندرز کی شکست پر مداح بچہ بری طرح رو پڑا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں گزشتہ روز سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو اسلام آباد کے ہاتھوں ایک وکٹ سے شکست ہوئی جس پر مداح بچے سے رہا نہ گیا اور وہ بری طرح رو دیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ روتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ ‘کیا فائدہ لاہور قلندرز کا، کھیلتے ہی کیوں ہیں جب ہارنا تھا۔‘

    بچے کا کہنا تھا کہ ’عثمان شنواری کا اوور دے دیا یہی اوور شاہین آفریدی کو دیتے تو وہ بولڈ ہی ماردیتا، اور لاہور قلندرز میچ جیت جاتے۔

    ویڈیو میں ایک شخص کا کہنا تھا کہ تم چھوڑو لاہور قلندرز کو ملتان میں آجاؤ، جس پر بچے کا کہنا تھا کہ کیوں آؤں لاہور قلندرز میں جب ہماری ٹیم ہی لاہور ہے۔

    بچے کا کہنا تھا کہ میں اب لاہور قلندرز کی طرف نہیں ہوں صرف پاکستان کی طرف ہوں، پاکستان زندہ باد۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز میچ آخری بال ختم ہوا اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہاری ہوئی بازی جیت کر لاہور قلندرز سے فتح چھین لی تھی۔

  • ہار پر دکھ ہوتا ہے لیکن ٹیم کا مورال بلند ہے، عماد وسیم

    ہار پر دکھ ہوتا ہے لیکن ٹیم کا مورال بلند ہے، عماد وسیم

    کراچی: پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ ہا رپر دکھ ہوتا ہے، پی ایس ایل کی ابھی ابتدا ہے، ٹیم کا مورال بلند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن فائیو میں کراچی کنگز کی قیادت کرنے والے عماد وسیم نے ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی پرفارمنس اچھی ہے، لڑکے محنت کررہے ہیں، کل میری نظر میں اسکور 10، 15 رنز کم تھا۔

    عماد وسیم کا کہنا ہے کہ کراچی میں کھیلنے کا مزا الگ ہی ہے، کراچی میں کراؤڈ بہت زبردست ہوتا ہے، پی ایس ایل میں ابھی بہت میچز باقی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں آگے چل کر زبردست مقابلے ہونے ہیں، 4، 5 میچز کے بعد ٹیم پرفارمنس کا پتا چلے گا۔

    مزید پڑھیں: رمیز راجا کا باؤنسر، عماد وسیم نوجوان بولر کیلیے ڈھال بن گئے

    کراچی کنگز کے کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے، بہترین پرفارمنس دیں گے، پہلے میچ میں کمبی نیشن بہترین تھا اس لیے کامیاب ہوئے، پہلے میچ میں اسپنرز کو ٹارگٹ کیا۔

    عماد وسیم کا کہنا تھا کہ کراچی میں کھیلنے کا مزا ہی الگ ہے، نیشنل اسٹیڈیم میں کراؤڈ بہت زبردست ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی کنگز نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

  • پی ایس ایل فائیو، پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ سرفہرست

    پی ایس ایل فائیو، پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ سرفہرست

    کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو میں اب تک 7 میچز کھیلے جاچکے ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 4پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن فائیو میں آج اور کل آرام کا دن ہے، بدھ کے روز سے دوبارہ چھکے اور چوکوں کی برسات ہوگی، پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائی جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔

    دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی چار پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن ہے، سابق چیمپئن پشاور زلمی دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائیو، لاہور قلندرز پر سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد

    کراچی کنگز کے بھی دو پوائنٹس ہیں اور پانچویں نمبر پر براجمان ہے، لاہور قلندرز کی ٹیم دو میچز ہارنے کے بعد بدستور آخری نمبر پر موجود ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 1 وکٹ سے شکست دی تھی۔

    یاد رہے کہ دن میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

  • لاہور قلندرز کی دوسری شکست، یونائیٹڈ‌ سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیاب

    لاہور قلندرز کی دوسری شکست، یونائیٹڈ‌ سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیاب

    اسلام آباد: پی ایس ایل فائیو کے ساتویں میچ میں  اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرزنے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا، یونائیٹڈ کی ٹیم نے ہدف آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،، کولن انگرام 30 اور ڈیوڈ ملان 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    لاہور قلندرز کے محمد حفیظ کی 98 رنز کی اننگز اور شاہین شاہ آفریدی کی 4 وکٹیں بھی شکست سے نہ بچاسکیں۔

    اس سے قبل محمد حفیظ کی شاندار اننگز کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے اور یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا۔

    محمد حفیظ نے 2 رنز کی کمی سے سنچری اسکور نہ کرسکے، حفیظ نے 7 چوکوں اور 7 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ 22 رنز پر گری جب کرس لین 11 رنز بنا کر محمد موسیٰ کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، فخر زمان 33 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

    لاہور کے کپتان سہیل خان صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے، ولاس نے تین رنز بنائے، سمیت پٹیل 10 رنز بنا کر فہیم اشرف کا نشانہ بنے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد موسیٰ اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کی تاریخ میں اپنا اب تک کا یہ سب سے بڑا اسکور بنایا ہے۔

    اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ پچ پر نمی ہے کوشش کریں گے اس کا فائدہ اٹھائیں، کوشش ہے 100 فیصد دیں اور میچ میں کامیابی حاصل کریں۔

    اسلام آباد کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے فاسٹ بولر عاکف جاوید کی جگہ احمد سفی عبداللہ کو شامل کیا گیا ہے۔

    لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ ٹاس جیت کر ہم نے بھی بولنگ کرنی تھی، 170 سے زائد رنز کریں گے تو میچ جیت جائیں گے۔

    لاہور قلندرز اسکواڈ

    یاد رہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں کوئتہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، اعظم خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

  • ’بھائی آرہا ہے، تیار ہو؟‘

    ’بھائی آرہا ہے، تیار ہو؟‘

    کراچی: معروف پاکستانی گلوکار و اداکار اور میوزک کمپوزر علی ظفر نے پی ایس ایل 5 کے ترانے کی تیاری شروع کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہر لمحہ پرجوش‘ میں علی ظفر نے گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ وہ آج دوپہر 2 بجے نئے ترانے کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے۔

    علی ظفر نے دوپہر تین بجے کے قریب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مداحوں کو خوش خبری سناتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اسٹوڈیو میں موجود تھے۔

    علی ظفر کی شیئر کردہ ویڈیو میں بیک گراؤنڈ میں میوزک اور ڈھول بج رہا ہے جبکہ گلوکار یہ بولتے نظر آرہے ہیں ’بھائی آرہا ہے، تیار ہو؟‘۔

    پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ گانے والے گلوکار عاصم اظہر نے علی ظفر کی تعریف کی اور کہا کہ ’ملک کے لیے اُن کا یہ اقدام قابلِ تعریف ہے، یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ بھی پاکستان کے لیے اپنی خدمات پیش کررہے ہیں‘۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے علی ظفر کو چیلنج دیا اور پوچھا کہ ’ہوجائے پھر؟‘۔ علی ظفر نے شعیب اختر سے پوچھا کہ کیا آپ ڈانس کرلیتے ہیں؟۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 5 ترانہ، علی ظفر کیا کرنے جارہے ہیں؟

    یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں گزشتہ روز ٹیلی فون پر وسیم بادامی کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل کا ترانہ گانے سے متعلق کل 2 بجے تک اعلان کروں گا‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’جب آپ کے ٹویٹر پول میں 80 فیصد لوگ یہی چاہتے ہیں اور سب کی خواہش یہی ہے تو میں کل تیاری کے ساتھ آؤں گا‘۔

    علی ظفر نے ترانے بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’شاعری، کمپوزنگ اور دیگر چیزوں میں تھوڑا وقت لگ سکتا ہے‘۔ انہوں نے آئندہ ہفتےہر لمحہ پرجوش میں شرکت کرنے کا بھی اعلان کیا۔

    وسیم بادامی نے پروگرام میں مزید وضاحت کی کہ جو پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ ہے اُس کی اہمیت اپنی جگہ برقرار رہے گی مگر چونکہ عوام کی خواہش ہے تو علی ظفر بھی نیا گانا تیار کریں گے۔

    پروگرام میں علی ظفر نے پی ایس میں گایا ہوا ترانہ ’سیٹی بجے گی، سیج سجے گا‘ گایا تو حاضرین جھوم اٹھے اور انہوں نے تالیاں بجا کر گلوکار کا ساتھ دیا۔

  • ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    لاہور: پی ایس ایل فائیو کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں  سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا جانے والا 139 رنز کا ہدف 16.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان شان مسعود نے 38 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

    ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 24 رنز پر گری جب جیمز ونز شاہین آفریدی کے گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، معین علی کو 11 رنز پر محمد حفیظ نے رن آؤٹ کیا۔

    ملتان سلطانز کے ذیشان اشرف نے 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، خوشدل شاہ 6اور شاہد آفریدی 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویسی اور حارث رؤف  نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    پہلی اننگز میں  لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف دیا، کرس لین کے علاوہ کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکا۔

    لاہور قلندرز کی ٹیم 59 رنز کا عمدہ آغاز ملنے کے باوجود بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی، کرس لین 39 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو دیگر کھلاڑی بھی بڑا اسکور نہ کرسکے، فخر زمان 19، بین ڈنک 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    محمد حفیظ نے 14 رنز کی اننگز کھیلی، ولاس 19 رنز کا عمران طاہر کا نشانہ بنے، ڈیوڈ ویسی کو محمد الیاس نے 3 رنز پر پویلین روانہ کیا، شاہین آفریدی 2 رنز پر سہیل تنویر کو وکٹ دے بیٹھے۔

    کپتان سہیل اختر نے 34 رنز بنائے، فاسٹ بولر حارث رؤف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر اور معین علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، محمد الیاس اور سہیل تنویر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل  پی ایس ایل فائیو کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کو کم سے کم اسکور میں آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے، ہمارا بولنگ اٹیک کافی مضبوط ہے۔

    لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ ملتان سلطانز کو بڑا ہدف دے کر کم اسکور پر آؤٹ کرکے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کریں۔

    ملتان سلطانز اسکواڈ

    لاہور قلندرز اسکواڈ

    سہیل اختر ٹیم کی قیادت کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں کرس لین، فخر زمان، ڈین ولاس، بین ڈنک، محمد حفیظ، ڈیوڈ ویسے، عثمان شنواری، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور دلبر حسین شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دی تھی۔

  • کراچی، پی ایس ایل فائیو کی رنگارنگ افتتاحی تقریب اختتام پذیر

    کراچی، پی ایس ایل فائیو کی رنگارنگ افتتاحی تقریب اختتام پذیر

    کراچی: شہر قائد میں پی ایس ایل سیزن فائیو کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب اختتام پذیر ہوگئی، تقریب میں نامور گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کی تقریب کا آغاز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوا جس میں نامور گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا، گلوکار ابرار الحق، علی عظمت، سجاد علی کی پرفارمنس سے شائقین خوب محظوظ ہوئے۔

    پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں صنم ماروی، دی سوچ بینڈ کی جانب سے  شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا گیا، معروف گلوکارہ  آئمہ بیگ نے زبردست پرفارمنس سے شائقین کے جوش کو بڑھایا۔

    تقریب میں ابرار الحق، راحت فتح علی خان، علی عظمت، سجاد علی اور عاصم اظہر نے بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

    پی ایس ایل افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے 2017 میں پی سی بی سے کراچی میں ایک میچ کی درخواست کی تھی، 2018 کا فائنل اور 2019 کے سارے میچ پاکستان میں ہورہے ہیں، افتتاحی تقریب کراچی میں منعقد کرنے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ آج کراچی میں پی ایس ایل سیزن فائیو کا افتتاح کررہے ہیں۔ ہم پی ایس ایل فائیو کو انشا اللہ کامیاب کریں گے، شہریوں کو افتتاحی تقریب کی مبارک باد دیتا ہوں،

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17 مارچ 2019 کو وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل پورا پاکستان میں ہوگا، ہم نے اپنا وعدہ پورا کردیا، اس سال تمام میچز پاکستان میں ہوں گے، آئندہ سال پی ایس ایل میچز پشاور میں بھی ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام غیرملکی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، پی ایس ایل کی اصل کامیابی کی وجہ شائقین ہیں، سیکیورٹی اداروں نے بہت کام کیا جس پر شکر گزار ہوں، وفاق اور صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    دوسری جانب پی ایس ایل فائیو کے افتتاحی میچ میں آج دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو بار کی فاتح اسلام آباد یونائٹیڈ آمنے سامنے ہوں گے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان ہیں۔

    واضح رہے کہ ایسا پہلی بار ہورہا ہے کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جارہے ہیں، پی ایس ایل 5 میں 4 مقامات پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں ہوں گے، دونوں ایلی منیٹر میچز بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ پی ایس ایل 5 کا فائنل بھی 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

  • پی ایس ایل، مفت ٹکٹ مانگنے والے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی، سندھ حکومت

    پی ایس ایل، مفت ٹکٹ مانگنے والے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی، سندھ حکومت

    کراچی: سندھ حکومت نے پاکستان سپر لیگ میں مفت ٹکٹ مانگنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں مفت ٹکٹ طلب والے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی، جس افسر نے پی ایس ایل کا مفٹ ٹکٹ حاصل کیا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کوئی افسر یا ملازم فری پاسز کے لیے بورڈ سے رجوع نہ کرے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق فری ٹکٹ لینے والے کے خلاف سول سرونٹس ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی، وزیراعلیٰ کے احکامات پر تمام محکموں کے انتظامی سربراہان، کمشنرز کو خط ارسال کردئیے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان سپرلیگ سیزن5 کی دھماکے دار افتتاحی تقریب آج شام کراچی میں ہوگی

    خیال رہے ایسا پہلی بار ہورہا ہے کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جارہے ہیں، پی ایس ایل 5 میں 4 مقامات پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں ہوں گے۔

    یاد رہے کہ کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 21 فروری کو پشاور زلمی کے ساتھ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ کراچی کنگز کے 2 میچز لاہور، 2 راولپنڈی اور ایک ملتان میں ہوگا، اپنے ہوم گراؤنڈ پر کراچی کنگز 4 میچز کھیلے گی۔

  • عمر اکمل کی معطلی، انور علی کی قسمت جاگ اُٹھی

    عمر اکمل کی معطلی، انور علی کی قسمت جاگ اُٹھی

    کراچی: پی سی بی جانب سے عمر اکمل کو معطل کیے جانے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے اسکواڈ میں انور علی کو شامل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے معطل کیے جانے والے عمر اکمل کی جگہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آل راؤنڈر انور علی کو شامل کرلیا، پی ایس ایل کی ٹیکنیکل کمیٹی نے بطور متبادل کھلاڑی انور علی کے نام کی منظوری دے دی۔

    پی ایس ایل ٹیکنیکل کمیٹی میں ڈاکٹر سہیل سلیم، سمیر کھوسہ، مرینہ اقبال اور بازید خان شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی انور علی تمام ایڈیشنز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرچکے ہیں، بطور متبادل کھلاڑی پی ایس ایل 5 میں انور علی کا انتخاب سلور کیٹگری میں کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: پی سی بی نے عمر اکمل کو معطل کردیا

    یاد رہے کہ پی سی بی نے اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کردیا تھا۔

    خیال رہے پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 کا آغاز آج ہونے جارہاہے، پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عمر اکمل کو سخت تنبیہ کرکے چھوڑ دیا تھا، پی سی بی حکام کا کہنا تھا کہ تمام فریقین کا موقف جاننے کے بعد یہ امر سامنے آیا ہے کہ یہ واقعہ غلط فہمی کی وجہ سے پیش آیا تھا۔

    پی سی بی ترجمان کے مطابق عمر اکمل کی جانب سے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا جس کے بعد بورڈ نے انہیں سرزنش کرتے ہوئے بطور سینئر کرکٹر ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلایا ہے، معاملہ اب ختم ہوچکا ہے، پی سی بی اور عمر اکمل اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔