Tag: psl5

  • ہماری طرف سے شین واٹسن اور جیسن رائے اوپننگ کریں گے، سرفراز احمد

    ہماری طرف سے شین واٹسن اور جیسن رائے اوپننگ کریں گے، سرفراز احمد

    کراچی: پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایونٹ کا اچھا آغاز کرنا چاہتے ہیں، ہماری طرف سے شین واٹسن اور جیسن رائے اوپننگ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلا ٹارگٹ پی ایس ایل میں پرفارمنس ہے، نسیم سے امیدیں ہیں وہ باصلاحیت بولر ہیں، ان کی فٹنس پر کام ہورہا ہے۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ عوام پی ایس ایل کی ٹیموں کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں، گزشتہ 4 سال سے بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں، کوشش ہے اعزاز کا دفاع کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جہانگیر خان سے فٹنس ٹپس لے رہے تھے، پی ایس ایل میرے لیے اہم ہے، پوری توجہ پرفارمنس پر ہے۔

    مزید پڑھیں: شاداب خان سابق کپتان کی کمی محسوس کرنے لگے

    دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے لیکن محمد سمیع کو مس کر رہے ہیں، بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل چکا ہوں اس لیے کپتانی کا دباؤ نہیں ہے۔

    شاداب خان کا کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کوعلم ہے کرکٹ پاکستان میں پسند کی جاتی ہے،غیر ملکی پلیئرز پاکستان میں کھیلنے کے لیے بے قرار ہیں۔

    کوئٹہ اور اسلام آباد کے کپتان ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ایونٹ کا پہلا میچ کل کوئٹہ اور اسلام آباد کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

  • پی ایس ایل کی کامیابی میں میڈیا کا بڑا مثبت کردار ہے، سلمان اقبال

    پی ایس ایل کی کامیابی میں میڈیا کا بڑا مثبت کردار ہے، سلمان اقبال

    کراچی: کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی کامیابی میں میڈیا کا بہت بڑا کردار ہے، اب پورا پی ایس ایل پاکستان آچکا ہے، ان لمحات کا بے صبری سے انتظار تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں لوگ پی ایس ایل کا شدت سے انتظار کررہے ہیں، سب پی ایس ایل کے لیے پرجوش نظر آرہے ہیں، پی سی بی اور احسان مانی کے شکر گزار ہیں۔

    سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ ہم نے بڑے مشکل وقت دیکھے تھے، پاکستان میں ابھی سے پی ایس ایل کا جوش دیکھ رہا ہوں، ہم اپنی لیگ کو پاکستان لے کر آگئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پوری کوشش ہے آئندہ سیزن پشاور میں بھی میچ کھیلے جائیں، احسان مانی

    پشاور زلمی کے مالک جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ہم سب کی کوشش ہے پی ایس ایل کو کامیاب بنائیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ کرکٹ ملک میں واپس آنے پر پی سی بی کے شکر گزار ہیں، پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد پر سب کو مبارک باد دیتے ہیں، جہانگیر خان کامیابی کی ایک مثال ہیں۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا کہ دعا کریں پی ایس ایل کا انعقاد کامیابی کے ساتھ ہو، کرکٹ کا جوش اور جذبہ برقرار رہنا چاہئے۔

    لاہور قلندرز کے سی ای او کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کو دکھانے جارہے ہیں جبکہ نمائندہ ملتان سلطانز کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا مکمل ایونٹ پاکستان آنا کوئی چھوٹی بات نہیں ہے۔

  • پوری کوشش ہے آئندہ سیزن پشاور میں بھی میچ کھیلے جائیں، احسان مانی

    پوری کوشش ہے آئندہ سیزن پشاور میں بھی میچ کھیلے جائیں، احسان مانی

    کراچی: چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ آج ہم اپنا وعدہ پورا کرنے جارہے ہیں، شائقین بھرپور انداز میں پی ایس ایل کو سپورٹ کررہے ہیں، پوری کوشش ہے آئندہ سیزن پشاور میں بھی میچ کھیلے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی مداحوں سے ہے، شائقین نے پی ایس ایل کو کامیاب بنایا، ہمارا مقصد پی سی بی کو پروفیشنل بنانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ سال پاکستان کرکٹ کے لیے انتہائی خوش آئند ہے، کھلاڑیوں نے ہوم گراؤنڈ پر 10 سال میں ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی، اس سال ملک میں ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوئی۔

    احسان مانی کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں پی ایس ایل کا جنون ہے، مدد کرنے پر اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کے بھی شکر گزار ہیں، افتتاحی تقریب دیکھنے کے لیے ہزاروں شائقین کراچی آئیں گے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ 5 کی ٹرافی کی رونمائی

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل سے کراچی کے لوگوں کو فائدہ ہوگا، پاکستان میں اتنا بڑا ایونٹ کبھی نہیں ہوا، 2 ہزار سے زائد لوگ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب دیکھنے کراچی آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فرنچائزر کے تعاون کے بغیر پاکستان میں پی ایس ایل کا مکمل انعقاد ممکن نہیں تھا، کوشش ہے پاکستان کے مثبت تشخص کو پوری دنیا میں دکھائیں، فرنچائز مالکان کا بھی لیگ کامیاب بنانے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    احسان مانی نے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، پی ایس ایل پاکستانی پراڈکٹ ہے، میچز کے شیڈول میں کوئی غلطی ہوئی ہے تو سیکھنے کا موقع ملے گا۔

  • پی ایس ایل بڑا ایونٹ ہے، جو پرفارم کرے گا ہیرو بن جائے گا، وسیم اکرم

    پی ایس ایل بڑا ایونٹ ہے، جو پرفارم کرے گا ہیرو بن جائے گا، وسیم اکرم

    کراچی: سابق کپتان اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل بڑا ایونٹ ہے، جو پرفارم کرے گا وہ ہیرو بن جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل ایونٹ جو بھی جیتے گا جیت پاکستان کی ہوگی، گزشتہ سال جو غلطیاں کیں کوشش ہوگی وہ نہ دہرائیں۔

    وسیم اکرم نے کہا کہ کراچی کنگز آخری گیند تک لڑتی دکھائی دے گی، پاکستان میں آنے والے انٹرنیشنل کرکٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے ایونٹ سے خواہش تھی کہ پورا ایونٹ پاکستان میں کھیلا جائے، خوشی ہے پانچویں ایڈیشن سے لیگ کا انعقاد ہوم گراؤنڈ پر ہورہا ہے۔

    مزید پڑھیں: ڈین جونز کا وزیراعظم سے نیلی جرسی پہننے کی خواہش کا اظہار

    دوسری جانب کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم متوازن ہے، پلے آف سے آگے جائیں گے۔

    ڈین جونز نے کہا کہ ورلڈ کپ کی سلیکشن کے لیے ایونٹ اہم ہے، ہمارے پاس بہت ٹیلنٹ ہے، کھلاڑیوں کو جان لگانا پڑے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے وزیراعظم عمران خان سے نیلی جرسی پہننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

    ڈین جونز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ملک کے لیے بے شمار خدمات ہیں، عمران خان کی کوششوں سے انٹرنیشنل کھلاڑی پاکستان میں کھیل رہے ہیں۔

  • ڈین جونز کا وزیراعظم سے نیلی جرسی پہننے کی خواہش کا اظہار

    ڈین جونز کا وزیراعظم سے نیلی جرسی پہننے کی خواہش کا اظہار

    کراچی: پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے وزیراعظم عمران خان سے نیلی جرسی پہننے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں عالمی کرکٹ کے دروازے کھولے ہیں، وہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مثال ہیں۔

    ڈین جونز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ملک کے لیے بے شمار خدمات ہیں، عمران خان کی کوششوں سے انٹرنیشنل کھلاڑی پاکستان میں کھیل رہے ہیں۔

    ڈین جونز نے 1992 میں پاکستان کے واحد ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان عمران خان کو بڑا بولر قرار دیا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئی ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کراچی پہنچ گئے

    دوسری جانب کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ اسکواڈ بہت شاندار ہے، ڈین جونز کی کوچنگ اور الیکس ہیلز کی شمولیت سے ٹیم اور بھی مضبوط ہوگئی۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کراچی پہنچے تھے، ان کا کہنا تھا کہ مداح آئیں اور ٹیم کو سپورٹ کریں۔

    ڈین جونز کا کہنا تھا کہ میں نیلی جرسی پہننے کے لیے بے قرار ہوں، آپ کے خوبصورت شہر کراچی آنے پر بہت خوش ہوں، شائقین کپتان عماد وسیم، بابر اعظم اور اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھائیں۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن فائیو کا آغاز 20 فروری سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم سے ہوگا، جبکہ ایونٹ کا فائنل میچ 22 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  • کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کراچی پہنچ گئے

    کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کراچی پہنچ گئے

    کراچی: پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کراچی پہنچ گئے، ڈین جونز نے کہا کہ مداح آئیں اور ٹیم کو سپورٹ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے کہا ہے کہ مداح آئیں اور ٹیم کو سپورٹ کریں، پشاور زلمی کے خلاف پہلے مقابلے کے لیے ہم تیار ہیں۔

    ڈین جونز نے کہا کہ میں نیلی جرسی پہننے کے لیے بے قرار ہوں، آپ کے خوبصورت شہر کراچی آنے پر بہت خوش ہوں۔

    کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ شائقین کپتان عماد وسیم، بابر اعظم اور اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھائیں۔

    دوسری جانب کراچی کنگز کے اوپنر شرجیل خان کا کہنا ہے کہ میری تمام توجہ پرفارمنس پر ہے، کوشش کروں گا ہر میچ میں بہترین کھیل پیش کروں۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن فائیو کا آغاز 20 فروری سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم سے ہوگا، میگا ایونٹ کے لیے کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی ٹیم کی قیادت عماد وسیم کریں گے دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، ایلکس ہیلز، کرس جارڈن، محمد عامر، افتخار، شرجیل خان، کیمرون ڈیلپورٹ، عامر یامین، محمد رضوان، عمید آصف، لارنس، اسامہ میر، علی خان، اویس ضیا، لیام پلنکٹ، عمر خان اور اقبال شامل ہیں۔

  • پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی

    پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی

    اسلام آباد: ملک سے منشیات کے خاتمے کے لیے وزارت انسداد منشیات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان اتفاق، پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر وسیم خان وزارت انسداد منشیات پہنچے جہاں وزیر انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    وزارت انسداد منشیات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان منشیات کے خلاف مشترکہ شعوری و آگاہی مہم چلانے پر اتفاق کیا گیا، منشیات کے خلاف آگاہی مہم کا آغاز پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کیا جائے گا۔

    وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کرکٹ کی بحالی کے لیے وسیم خان کی جانب سے شروع کی گئی اسٹرکچرل ریفارمز اور جدید ماڈل پر لیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات کرکٹ کی بحالی میں دور رس نتائج کا پیش خیمہ ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے تدبر اور ان کی سوچ کے مطابق کرکٹ کو نئے عالمی اسٹرکچر پر مرتب کرنے پر وسیم خان سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔

    شہریار آفریدی نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر احسان مانی اور وسیم خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب پاکستانی کرکٹ کو نئی زندگی ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو منشیات کے نقصانات سے آگاہی کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کر کے منشیات کی طلب میں کمی کرنا اہم مشن ہے۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے ساتھ مل کر قوم کے بچوں اور جوانوں کو منشیات کے استعمال کے برے اثرات سے آگاہ کریں گے۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے وزارت انسداد منشیات کے ساتھ مل کر کام کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے فرائض کی ادائیگی میں پاکستان کرکٹ بورڈ، وزارت انسداد منشیات کے شانہ بشانہ کام کرے گا۔

  • پی ایس ایل افتتاحی تقریب، مہوش حیات اور ماہرہ خان کی تردید

    پی ایس ایل افتتاحی تقریب، مہوش حیات اور ماہرہ خان کی تردید

    کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ مہوش حیات اور ماہرہ خان نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق تمغہ امتیاز یافتہ اداکارہ مہوش حیات اور ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے کی تردید کردی۔

    اداکارہ مہوش حیات نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’آپ سب کی محبتوں کا شکریہ لیکن بدقسمتی سے میں اس سال پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب میں نہ کوئی گانا گاؤں گی اور نہ ہی نہیں پرفارم کروں گی۔

    دوسری جانب ماہرہ خان نے بھی اس حوالے سے اپنی ٹویٹ میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں پرفارم نہیں کروں گی البتہ افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ مہوش اور ماہرہ پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کریں گی، پی ایس ایل 4 میں پی ایس ایل تقریب میں اداکارہ حریم فاروق نے پرفارم کیا تھا۔

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب 20 فروری کو منعقد ہوگی، ایونٹ کے میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل پہلی بار پاکستان میں منعقد ہورہا ہے، پہلا میچ کراچی جبکہ ایونٹ کا فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  • پی ایس ایل کا آفیشل ترانا، علی ظفر کا ردعمل آگیا

    پی ایس ایل کا آفیشل ترانا، علی ظفر کا ردعمل آگیا

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کے آفیشل ترانے ’تیار ہیں‘ پر گلوکار علی ظفر کا ردعمل سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل سیزن 5 کا آفیشل ترانا ’تیار ہیں‘ ریلیز کیا گیا تھا ، ترانے میں گلوکار عظمت علی، ہارون، عاصم اظہر اور عارف لوہار نے آواز کا جادو جگایا تھا۔

    پی ایس ایل کے آفیشل ترانے کو مداحوں کی جانب سے پسند نہیں کیا گیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ ترانے میں علی ظفر کو ہی لیا جاتا تو بہتر تھا، کچھ لوگ نے ترانے پر میمز پر بنا کر ناراضگی کا اظہار کیا۔

    پی ایس ایل کے دو سیزن میں آواز کا جادو جگانے والے گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ ’آپ کی جانب سے محبت اور حمایت کیے جانے پر مشکور ہوں، میں آپ سب سے گزارش کروں گا کہ آپ دوسرے تمام فن کاروں کی کوششوں کے لیے یکساں طور پر قابل ستائش رہیں۔‘

    علی ظفر نے کہا کہ ہم سب ایک کنبے کی طرح ہیں، پی ایس ایل بھی ایسا ہی ہے اس کا تعلق پاکستان سے ہے اور اسی طرح ہماری موسیقی بھی ہے۔

    گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں ’سیٹی بجے گی‘ ترانا گایا تھا جو بہت مقبول ہوا تھا، اس کے علاوہ انہوں نے پی ایس ایل سیزن 2 اور 3 میں ’اب کھیل جمے گا‘ اور ’دل سے جان لگادے‘ میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔

    پی ایس ایل کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر رواں سیزن کے ترانے میں علی ظفر کی کمی محسوس کی ہے اور مطالبہ کیا کہ یہ ترانا بھی علی ظفر کی آواز میں ہونا چاہئے تھا۔

    واضح‌رہے پی ایس ایل سیزن 5 کا آغاز 20 فروری میں‌کراچی سے ہوگا، ایونٹ کی افتتاحی تقریب کراچی اور فائنل لاہور میں‌کھیلا جائے گا.

  • پی ایس ایل کا نیا ترانا ’تیار ہیں‘ سوشل میڈیا پر مذاق بن گیا

    پی ایس ایل کا نیا ترانا ’تیار ہیں‘ سوشل میڈیا پر مذاق بن گیا

    کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کا آفیشل ترانا گزشتہ روز ریلیز کیا گیا تھا جس پر مداحوں کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے آفیشل ترانے ’تیار ہیں‘ کو مداحوں کی جانب سے ملے جلے تاثرات ملے ہیں، کچھ صارفین نے ترانے کو وقت کا ضیاع اور کچھ نے پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک صارف فیضان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ایک مداح کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ سننے کے لیے اتنا انتظار کیا تھا۔‘

    ایک صارف امجد نے لکھا کہ ’پی سی بی ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ پی ایس ایل کے پہلے سے طے شدہ ترانے ’اب کھیل جمے گا‘ جیسا ترانا بنائیں۔

    ایک اور صارف فلک مسعود نے علی عظمت کی چیختے ہوئے تصویر شیئر کی اور اس پر کیپشن دیا کہ ’علی ظفر کو واپس لاؤ‘ پوری قوم کا یہی مطالبہ ہے۔

    ایک صارف زین بشیر نے پی ایس ایل کے پرانے ترانے ’اب کھیل جمے گا‘ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

    ایک صارف نے کہا کہ پی سی بی گانا ریلیز کرنے کے بعد کہہ رہا ہے کیسا لگا میرا مذاق۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن فائیو کا آغاز 20 فروری سے ہورہا ہے، ایونٹ کی افتتاحی تقریب کراچی میں ہوگی جبکہ فائنل 22 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔