Tag: PSl7 final

  • پی ایس ایل7 کا فاتح کون؟ فیصلے کا دن آگیا

    پی ایس ایل7 کا فاتح کون؟ فیصلے کا دن آگیا

    لاہور: پی ایس ایل سیزن سیون آج تمام رنگینیوں اور رعنائیوں کے ساتھ اختتام پزیر ہوجائے گا، مگر میگا ایونٹ کا چیمپئن کون ہوگا؟، اس کے لئے شائقین کرکٹ کو دل تھام کر بیٹھنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹائٹل کی جنگ قذافی اسٹیڈیم کے تاریخی میدان میں شام ساڑھے سات بجے شروع ہو گی، ملتان سلطانز دفاعی چیمپئن ہے جبکہ لاہور قلندرز ابھی تک فتح کی ٹرافی اٹھانے سے محروم ہے۔

    دو ہزار سترہ کے بعد پہلی بار لاہور کا تاریخی گراؤنڈ قذافی اسٹیڈیم فائنل کی میزبانی کرنے جارہا ہے، لاہور قلندرز کو ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج حاصل ہے مگر ملتان سلطانز بھی گذشتہ سال کی چمپئن ہے۔

    واضح رہے کہ ملتان سلطانز نے کوالیفائر میچ میں لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے کر براہ راست فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، لاہور قلندرز نے دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہراکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سیزن میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو ایک میچ میں شکست ہوئی تھی، میگا ایونٹ کے 17 ویں میچ میں لاہور نے ملتان سلطانز کے خلاف 52 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، آخری پانچ میچز پر نظر دوڑائی جائے تو پانچ میں سے چار بار ملتان سلطانز نے اپنے نام کئے۔

    Imageکپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ دوسرے ایلیمینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف سنسنی خیز میچ میں کامیابی کے بعد لاہور قلندرز کی نظریں اب ٹرافی پر مرکوز ہیں، ایک ماہ ٹیم نے شاندار کرکٹ کھیلی، ملتان سلطانز کی ٹیم بھرپور فارم میں ہے تاہم لاہور قلندرز اسے ہرانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں کھیلنے اور پھر کامیابی حاصل کرنے سے بڑی کوئی اور خوشی نہیں ہوسکتی، ہر میچ کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے پر ہم لاہور کی عوام کے مشکور ہیں۔

    ملتان سلطانز کے قائد محمد رضوان نے کہا کہ ہمارے لئے یہ ٹورنامنٹ شاندار رہا، ایک کپتان کی حیثیت سے میں اپنے کھلاڑیوں سے اس سے بڑھ کر کچھ توقع نہیں کرسکتا تھا، دفاعی چیمپئن ہونے کا دباؤ ہوتا ہے تاہم ملتان سلطانز کی مینجمنٹ اور تمام کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے اب تک ایونٹ میں بہترین کرکٹ کھیلی، انھیں کراؤڈ سے بھی بھرپور سپورٹ میسر ہوگی، امید ہے کہ فائنل میں ملتان سلطانز کے شائقین بھی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے، گزشتہ سال ملتان سلطانز نے ابوظبی کے خالی اسٹیڈیم میں ٹرافی اٹھائی تھی مگر اس مرتبہ تماشائیوں سے بھرے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل جیتیں گے۔

    امپائرنگ پینل

    پی ایس ایل 7 کے فائنل میں علیم ڈار اور رچرڈ ایلنگورتھ آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، یہ پہلا موقع ہوگا جب رچرڈ ایلنگورتھ پاکستانی لیگ کے فائنل میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دینگے،علیم ڈار پہلے، تیسرے، پانچویں اور چھٹے ایڈیشنز کے فیصلہ کن معرکوں میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    آئی سی سی ایلیٹ پینل کے مائیکل گف تھرڈ جبکہ احسن رضا فورتھ امپائرہوں گے، پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی آئی سی سی کے میچ ریفری روشن ماہنامہ سنبھالیں گے۔

  • کیا راشد خان پی ایس ایل سیون کا فائنل کھیلیں گے ؟

    کیا راشد خان پی ایس ایل سیون کا فائنل کھیلیں گے ؟

    لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کا فائنل کل دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا، کیا راشد خان فائنل میں لاہور قلندرز کا حصہ ہونگے؟ ۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے فائنل میں پہنچنے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ خبر زیر گردش تھی کہ افغان اسپنر اور لاہور قلندرز کے اہم کھلاڑی راشد خان بھی فائنل کھیلنے لاہور پہنچ رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین اس خبر کو لیکر طرح طرح کے تبصرے جاری رکھے ہوئے تھے کہ راشد خان خود میدان میں آئے اور اہم ترین بیان جاری کردیا۔

    ٹوئٹر پر جاری پیغام میں افغان اسپنر راشد خان نے لکھا کہ پی ایس ایل سیزن سیون میں لاہور قلندرز کا حصہ بننے اور ٹیم کے فائنل میں پہنچنے پر بے حد خوشی ہے، مگر میں نیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے فائنل میں جگہ نہیں بنا سکوں گا جو کہ ہمیشہ میری پہلی ترجیح رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کو ہرا کر لاہور فائنل میں پہنچ گیا

    راشد خان نے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ٹیم کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

    واضح رہے کہ افغان کرکٹ ٹیم ان دنوں دورہ بنگلا دیش پر موجود ہے، جہاں ایک روزہ سیریز کھیلی جارہی ہے۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ایس ایل سیزن سیون میں افغان اسپنر راشد خان نے 13 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا تھا۔