Tag: pslfinal

  • پاکستان سپر لیگ کا کامیاب انعقاد، پی سی بی مالا مال

    پاکستان سپر لیگ کا کامیاب انعقاد، پی سی بی مالا مال

    لاہور: پاکستان سپر لیگ کا میلہ لاہور قلندر کے چیمپئن بننے کے ساتھ ہی اختتام پزیر ہوا، مگر بورڈ کو کیا فائدہ ہوا؟ چیئرمین پی سی بی نے بڑی خبر سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 7 ریکارڈ منافع بخش رہا اور سیزن 7 میں ریکارڈ تعداد میں شائقین کرکٹ سے محظوظ ہوئے۔

    رمیز راجہ نے لکھا کہ لاہور قلندرز نے اپنا پہلا ایچ بی ایل پی ایس یل سیزن جیتا، قلندرز کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد اور پیار۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن سیون کو دو مرحلوں میں پایہ تکیمل تک پہنچایا گیا، پہلے مرحلے کے 15 میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے، عالمی وبا کرونا کی نئے ویرئنٹ ‘ اومیکرون’ کے باعث نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر ( این سی او سی ) نے صرف 25 فیصد شائقین کرکٹ کو میدان میں آنے کی اجازت دی تھی۔

    صورت حال بہتر ہونے پر این سی او سی نے لاہور میں منعقدہ دوسرے مرحلے کے لئے 50 فیصد شائقین کو میدان میں داخل ہونے کی اجازت دی بعد ازاں 16 فروری کو این سی او سی نے میدان میں 100 فیصد تماشائیوں کو داخل ہونے کی اجازت دے دی تھی۔

    لاہور قلندرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث قذافی اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا نظر آیا اور نتیجہ یہ نکلا کہ قلندرز نے پی ایس ایل سیزن سیون کا معرکہ فتح کرلیا۔

  • اجازت ہے؟ شاہنواز ڈاہانی کا نیا انداز شائقین کرکٹ کو بھاگیا

    اجازت ہے؟ شاہنواز ڈاہانی کا نیا انداز شائقین کرکٹ کو بھاگیا

    لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کا میلہ اختتام پزیر ہوا تاہم گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی شاہنواز ڈاہانی کی منفرد جشن نے شائقین کرکٹ کے دلوں میں گھر کرلیا۔

    صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر شاہنواز ڈاہانی میدان میں شائقین کرکٹ کے توجہ کا محور رہتے ہیں،وہ وکٹ لینے کے بعد پورے میدان میں بھاگتے اور باؤنڈری کے پاس جا کر اپنا جشن مکمل کرتے ہیں۔

    رواں سیزن میں شائقین کرکٹ نے انٹرنیشنل امپائر علیم ڈار کی جانب سے شاہنواز ڈاہانی کو روکنے کا منظر دیکھا تھا، جس پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کئے گئے تھے۔

    گذشتہ روز پی ایس ایل کے فائنل میں ملتان سلطانز کے خلاف نصف سنچری جڑنے والے محمد حفیظ کو شاہنواز ڈاہانی نے آؤٹ کیا تو اس بار انہوں نے باؤنڈری کی جانب بھاگنے کی بجائے وہ سیدھا امپائر علیم ڈار کے پاس پہنچ گئے اور ان سے جشن منانے کی اجازت طلب کی۔

    علیم ڈار بھی شاید ڈاہانی کے مزاج کو سمجھ چکے تھے اس لئے انہوں نے فوری طور پر انہیں اشارے کے ساتھ جشن منانے کی اجازت دی، اس موقع پر کمنٹری باکس میں بیٹھے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ بھی اپنی ہنسی نہیں روک پائے، اس چند سیکنڈ کے ویڈیو کلپ نے سوشل میڈیا شائقین کے دل جیت لئے ہیں۔Image

    اس سے قبل میچ کے آغاز پر لاہور قلندرز کے ان فارم بیٹر فخر زمان کا باؤنڈری پر شاندار کیچ تھام کر شاہنواز ڈاہانی نے شائقین سے خوب داد سمیٹی تھی، ڈاہانی کے اس ناقابل یقین کیچ پر خود فخر زمان بھی دنگ رہ گئے تھے۔

  • پی ایس ایل7 کا فاتح کون؟ فیصلے کا دن آگیا

    پی ایس ایل7 کا فاتح کون؟ فیصلے کا دن آگیا

    لاہور: پی ایس ایل سیزن سیون آج تمام رنگینیوں اور رعنائیوں کے ساتھ اختتام پزیر ہوجائے گا، مگر میگا ایونٹ کا چیمپئن کون ہوگا؟، اس کے لئے شائقین کرکٹ کو دل تھام کر بیٹھنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹائٹل کی جنگ قذافی اسٹیڈیم کے تاریخی میدان میں شام ساڑھے سات بجے شروع ہو گی، ملتان سلطانز دفاعی چیمپئن ہے جبکہ لاہور قلندرز ابھی تک فتح کی ٹرافی اٹھانے سے محروم ہے۔

    دو ہزار سترہ کے بعد پہلی بار لاہور کا تاریخی گراؤنڈ قذافی اسٹیڈیم فائنل کی میزبانی کرنے جارہا ہے، لاہور قلندرز کو ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج حاصل ہے مگر ملتان سلطانز بھی گذشتہ سال کی چمپئن ہے۔

    واضح رہے کہ ملتان سلطانز نے کوالیفائر میچ میں لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے کر براہ راست فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، لاہور قلندرز نے دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہراکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سیزن میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو ایک میچ میں شکست ہوئی تھی، میگا ایونٹ کے 17 ویں میچ میں لاہور نے ملتان سلطانز کے خلاف 52 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، آخری پانچ میچز پر نظر دوڑائی جائے تو پانچ میں سے چار بار ملتان سلطانز نے اپنے نام کئے۔

    Imageکپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ دوسرے ایلیمینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف سنسنی خیز میچ میں کامیابی کے بعد لاہور قلندرز کی نظریں اب ٹرافی پر مرکوز ہیں، ایک ماہ ٹیم نے شاندار کرکٹ کھیلی، ملتان سلطانز کی ٹیم بھرپور فارم میں ہے تاہم لاہور قلندرز اسے ہرانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں کھیلنے اور پھر کامیابی حاصل کرنے سے بڑی کوئی اور خوشی نہیں ہوسکتی، ہر میچ کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے پر ہم لاہور کی عوام کے مشکور ہیں۔

    ملتان سلطانز کے قائد محمد رضوان نے کہا کہ ہمارے لئے یہ ٹورنامنٹ شاندار رہا، ایک کپتان کی حیثیت سے میں اپنے کھلاڑیوں سے اس سے بڑھ کر کچھ توقع نہیں کرسکتا تھا، دفاعی چیمپئن ہونے کا دباؤ ہوتا ہے تاہم ملتان سلطانز کی مینجمنٹ اور تمام کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے اب تک ایونٹ میں بہترین کرکٹ کھیلی، انھیں کراؤڈ سے بھی بھرپور سپورٹ میسر ہوگی، امید ہے کہ فائنل میں ملتان سلطانز کے شائقین بھی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے، گزشتہ سال ملتان سلطانز نے ابوظبی کے خالی اسٹیڈیم میں ٹرافی اٹھائی تھی مگر اس مرتبہ تماشائیوں سے بھرے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل جیتیں گے۔

    امپائرنگ پینل

    پی ایس ایل 7 کے فائنل میں علیم ڈار اور رچرڈ ایلنگورتھ آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، یہ پہلا موقع ہوگا جب رچرڈ ایلنگورتھ پاکستانی لیگ کے فائنل میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دینگے،علیم ڈار پہلے، تیسرے، پانچویں اور چھٹے ایڈیشنز کے فیصلہ کن معرکوں میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    آئی سی سی ایلیٹ پینل کے مائیکل گف تھرڈ جبکہ احسن رضا فورتھ امپائرہوں گے، پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی آئی سی سی کے میچ ریفری روشن ماہنامہ سنبھالیں گے۔

  • عماد وسیم نے تاریخی فتح ڈین جونز کے نام کردی

    عماد وسیم نے تاریخی فتح ڈین جونز کے نام کردی

    کراچی: پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے تاریخی فتح ڈین جونز کے نام کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے تاریخی فتح ڈین جونز کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ڈین جونز سے بہت کچھ سیکھا ہے، ڈین جونز نے ہمیں‌ جیت کی راہ پر گامزن کیا، ٹورنامنٹ میں پوری ٹیم مینجمنٹ نے سپورٹ کیا۔

    عماد وسیم نے کہا کہ بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، بابر اعظم نے بھی شاندار بیٹنگ کی، جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔

    کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ فائنل کے لیے پہلے ہی حکمت عملی بنالی تھی۔

    سیزن میرے لیے بہت اچھا رہا، بابر اعظم

    دوسری جانب بابر اعظم نے کہا کہ سیزن میرے لیے بہت اچھا رہا، میچ کے حساب سے کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں، ٹیم نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    فائنل میں ہم بدقسمت رہے، سہیل اختر

    لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کراچی کنگز کو جیت کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ فائنل میں ہم بدقسمت رہے، ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، بابر اعظم کو شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، بابر اعظم پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی قرار پائے۔

  • پی ایس ایل فائیو فائنل، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آج مدمقابل

    پی ایس ایل فائیو فائنل، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آج مدمقابل

    کراچی: پی ایس ایل فائیو کے فائنل میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں آج مدمقابل آئیں گی، میچ آج رات 8 بجے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو کا تاریخی فائنل آج شب کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، فائنل میں روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

    فائنل سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اور لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹرافی کے ہمراہ فوٹو سیشن کروایا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس بھی کی۔

    ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ ڈالر بطور انعام دیا جائے گا، اس کے ساتھ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ، بہترین بیٹسمین، بہترین بولر اور اسپرٹ آف دی کرکٹ کے ایوارڈز بھی دئیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: لاہور قلندرز کیخلاف کراچی کنگز کا پلڑا بھاری

    پی ایس ایل میں کراچی کنگز کو لاہور قلندرز کے خلاف برتری حاصل ہے، دونوں ٹیمیں اب تک 10 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں، جہاں جیت 6 مرتبہ کراچی کنگز کے نام رہی۔

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹائٹل اپنے نام کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کنگز کے تمام کھلاڑی کامیابی کیلئےتیارہیں۔

    یہ پڑھیں: کراچی کنگز کےتمام کھلاڑی کل کامیابی کیلئے تیار ہیں، عماد وسیم

    ٹرافی سے ایک قدم دور فیصلہ کن معرکے کے لیے عماد وسیم نے کہا کہ فائنل تک پہنچنےکوڈین جونزکےنام کرتےہیں اور فائنل بھی ڈین جونزاوراپنےشائقین کیلئےکھیلیں گے۔

    واضح رہے کہ کراچی کنگز نے پہلے ایلیمینٹر میں ملتان سلطانز کو شکست دی تھی جبکہ لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی ہے۔