Tag: PSP leaders

  • پی ایس پی جانے والے رہنماؤں کی ایم کیو ایم میں واپسی

    پی ایس پی جانے والے رہنماؤں کی ایم کیو ایم میں واپسی

    کراچی کی سیاست میں بڑی ہلچل ہوئی ہے اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پاک سرزمین پارٹی کی تین وکٹیں اڑا دی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالخلافہ اور ملکی سیاست میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرنے والے شہر کراچی کی سیاست میں بڑی ہلچل ہوئی ہے اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پاک سرزمین پارٹی کی تین اہم وکٹیں اڑا دی ہیں۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے پاک سرزمین پارٹی میں جانے والے تین اہم رہنماؤں سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر صغیر احمد، سابق ایم پی اے وسیم آفتاب اور سلیم تاجک نے دوبارہ اپنی آبائی پارٹی ایم کیو ایم میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ تینوں رہنماؤں نے 2015 میں پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن 2018 کے عام انتخابات میں بدترین شکست اور مشاورت میں شامل نہ کیے جانے پر پی ایس پی سے الگ ہوگئے تھے اور خاموش وقت گزار رہے تھے۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹر صغیر احمد ایم کیو ایم کے سابق صوبائی وزیر وسیم آفتاب سابق رکن صوبائی اسمبلی جبکہ سلیم تاجک بھی ایم کیو ایم میں اہم تنظیمی ذمے داریاں سر انجام دیتے رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال کے آغاز میں ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے بھی ایک ہونے کی خبر آئی تھی۔

    متحدہ کنوینر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے فاروق ستار کو دوبارہ ایم کیو ایم میں‌ شمولیت کی دعوت کا فاروق ستار نے بھی مثبت جواب دے دیا۔

    یہ بھی پڑھیں: شہری سیاست میں اہم پیشرفت، متحدہ کے دونوں دھڑے ایک ہونے کو تیار

    سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ خالد مقبول کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوں فیصلے کی گھڑی ہے ہمیں مخالفین کا مقابلہ ایک ہوکر کرنا ہوگا۔

  • سابق گورنرعشرت العباد سے پی ایس پی رہنماؤں کی ملاقات، گلے شکوے دور کیے

    سابق گورنرعشرت العباد سے پی ایس پی رہنماؤں کی ملاقات، گلے شکوے دور کیے

    دبئی : سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے پی ایس پی کے رہنماؤں نے ملاقات کی ہے، دونوں جانب سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    سیاست کے رنگ نرالے ہوتے ہیں، اور اس میں کوئی حرف آخر بھی نہیں ہوتا، قربتوں کے بعد دوریاں اور پھر قربتیں سیاسی میدان میں اچنبھے کی بات نہیں۔

    ایک دوسرے پر تنقید کے تیر چلانے والے ڈاکٹر عشرت العباد اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون دبئی میں سرجوڑ کر بیٹھ گئے۔ آج سے پہلے کون سوچ سکتا تھا کہ ایک دوسرے پر لفظوں کی گولہ باری کرنے والے پھر ملیں گے۔

    سندھ میں طویل ترین مدت تک گورنر شپ کا ریکارڈ قائم کرنے والے ڈاکٹر عشرت العباد کرسی چھوڑ کر کراچی سے چلے گئے لیکن جانے سے پہلے پہلے انہوں نے بھی اُدھار نہ رکھا۔

    ملاقات میں دونوں رہنماؤں سے سندھ کی سیاست پر بات چیت ہوئی۔ الیکشن نتائج پر بات ہوئی اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں جانب سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    ایم کیو ایم کے ہم خیال رہنماؤں سے بھی رابطہ کرنے پر اتفاق ہوا، انیس ایڈووکیٹ نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد کے ساتھ دیرینہ تعلق ہے، ملاقات کا مقصد آپسی اختلافات دور کرنا تھا۔

    ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات پارٹی قیادت کو اعتماد میں لے کر کی. سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے ملاقات کی تصدیق تو کی لیکن کسی نئی پارٹی یا گروپ کی خبروں کو بے بنیاد بھی قراردیا۔

  • پی ایس پی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال سمیت دیگر رہنما رہا ، 48گھنٹوں میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان

    پی ایس پی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال سمیت دیگر رہنما رہا ، 48گھنٹوں میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان

    کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ ریلی کی تعداد سے حکمران خوفزدہ ہوگئے، پانی مانگنےوالوں پرآنسو گیس کے شیل برسائے گئے،مصطفی کمال جلد ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق
    پی ایس پی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال سمیت دیگر رہنماؤں کو رہا کردیا گیا ، پولیس حراست سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سید مصطفی کمال نے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا، پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اپنے مطالبات سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    مصطفٰی کمال کا کہنا تھا کہ جدوجہد کا دائرہ پورے صوبے تک پھیلے گا، پرامن کارکنوں پر تشدد کرکے حکمرانوں نے اپنے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی، اب احتجاج گلی گلی میں ہوگا۔

    پی ایس پی سربراہ نے کہا کہ ریلی  کھڑی ہونے پر ہی حکمران لرز گئے، پانی مانگنےوالوں پرآنسوگیس کےشیل مارے جا رہے ہیں، خواتین کارکنان پر شیلنگ شرمناک  اقدام ہے، کراچی کے مظلوم عوام نے حکمرانوں کو ڈرا دیا ہے، صبر کا مظاہرہ کرنے پر کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، لوگوں کی تعداد دیکھ کر حکمرانوں کی ٹانگیں کانپ گئیں، حکمرانوں کی ٹانگوں نےاب کانپنا ہے اور گر کر دفن ہونا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امن میرےکارکنوں کاسب سےبڑاہتھیارہے، لاکھوں کی تعدادمیں عوام نےنکل کرثابت کیاوہ جاگ چکےہیں، حکمرانوں کےدن سندھ میں گنےجاچکےہیں، کسی کارکن کو گولی، کسی کو ڈنڈے مارے گئے،کیا یہ اسرائیل ہے؟ رات میں لوڈشیڈنگ سے بلکتے بچوں کی فریاد لے کر آئے تھے۔


    مزید پڑھیں : وزیر اعلیٰ‌ ہاؤس جانے کی کوشش، مصطفیٰ کمال اور مرکزی قیادت گرفتار


    یاد رہے گذشتہ روز پی ایس پی اور حکومت کے درمیان تنازعہ ریلی کو روکنے پر شروع ہوا۔ عائشہ باوانی اسکول کے سامنے جلوس کو روکا گیا، مارچ کے شرکاء نے رکنے سے انکار کیا تو پولیس ایکشن میں آئی اور آنسوگیس کی شیلنگ کر دی، پھر پکڑ دھکڑشروع کر دی اور پی ایس پی رہنماؤں سمیت درجنوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

    مصطفیٰ کمال کوایس پی بلدیہ آصف رزاق گرفتارکرکے کلا کوٹ تھانے لے گئے، قائدین کی گرفتاری کے بعد پاک سرزمین پارٹی کاہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا، کلاکوٹ تھانے میں میڈیاسمیت کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی، تھانے کے باہر پی ایس پی کارکنان بڑی تعداد میں جمع ہوگئے، جو حکومت مخالف نعرے لگاتے رہے ۔ تھانے کے باہر پولیس اہلکاروں اور کارکنان میں تلخ کلامی اور لاٹھی چارج ہوا۔

    سندھ کے صوبائی وزیر ناصر شاہ تھانے پہنچے اور یوں رات گئے مصطفیٰ کمال سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کردیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔