Tag: PSP

  • بھولا کی گرفتاری، پرانے ساتھیوں کا پہچاننے سے انکار

    بھولا کی گرفتاری، پرانے ساتھیوں کا پہچاننے سے انکار

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ عبد الرحمان بھولا سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے تاہم وہ ایم کیو ایم کا یونٹ انچارج ضرور تھا جب کہ متحدہ پاکستان  کے رہنما رؤف صدیقی نے عبدالرحمان بھولاکو  سرے پہچاننے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم عبدالرحمان بھولا کی گرفتاری کے بعد پاک سرزمین پارٹی اور ایم کیو ایم نے پہچانے سے انکار کردیا، پرانے ساتھیوں نے بھولے کو بھلا دیا یا پھر حالات ساتھ دینے والے نہیں رہے؟ پاک سرزمین پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان نے عبدالرحمان عرف بھولاسے اظہار لاتعلقی کردیا۔

    سربراہ پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بھولا ہمارانہیں ایم کیو ایم کا یونٹ انچارج تھا، ہماری ویب سائٹ پر پارٹی ممبر شپ کا فارم موجود ہے کوئی بھی شخص اُسے ڈاؤن لوڈ کر کے بھرسکتاہے‘‘۔


    پڑھیں: ’’ سانحہ بلدیہ کے بعد بھولا نائن زیرو میں روپوش رہا، اہلیہ ثمینہ ‘‘


    انسداددہشتگردی کراچی کی عدالت میں پی ایس پی کےسربراہ انیس قائم خانی نےکہابھولاان کی پارٹی کاکارکن نہیں،عبدالرحمان عرف بھولا کے پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کا فارم سوشل میڈیا پرتوجہ کامرکزبناہوا ہے۔

    ایم کیوایم پاکستان کے رہنما رؤف صدیقی نے تو بھولا کو پہچاننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’’فیکٹری میں آگ لگانے والے ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے‘‘۔


    مزید پڑھیں: ’’ سانحہ بلدیہ: مجرموں کو سرعام جلایا جائے، لواحقین کا مطالبہ ‘‘


    خیال رہے بنکاک سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار عبدالرحمان عرف بھولا پر بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں آگ لگانے کا الزام ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اے آر وائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ بلدیہ کے ملزمان کو سزا دلائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

  • حیدرآباد کے جلسے میں اگلاروڈ میپ دیں گے، مصطفیٰ کمال

    حیدرآباد کے جلسے میں اگلاروڈ میپ دیں گے، مصطفیٰ کمال

    کوئٹہ : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حیدرآباد کے جلسے میں مستقبل کے روڈ میپ کا اعلان کریں گے، ضرب عضب سے دہشت گردی میں کمی ہوئی ہے لیکن کام ابھی ختم نہیں ہوا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں پی ایس پی رہنما عطااللہ کرد کے والد کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پاک سر زمین پارٹی کےسربراہ مصطفیٰ کمال اورانیس قائم خانی نے کوئٹہ میں مصروف دن گزارا۔

    مصطفیٰ کمال ضلعی عہدیدار ارباب شائستہ گل کاسی کی رہائش گاہ پہنچے تو ننھے بچوں نے گلدستے پیش کئے مصطفیٰ کمال نے پاک سرزمین پارٹی کوئٹہ کے رہنماؤں کے ساتھ الاؤ کے گرد بیٹھک لگائی اور خوشگوار موڈ میں باتیں کرتے رہے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں مصطفیٰ کمال اورانیس قائم خانی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو نیا آرمی چیف بننے پر مبارک باد پیش کی۔

    مزید پڑھیں : جمہوری حکومت مردم شماری تک نہ کراسکی،مصطفیٰ کمال

    انہوں نے کہا کہ تئیس دسمبر کو حیدر آباد کے جلسے میں آگے کا روڈ میپ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے پاکستان کو غیر مستحکم اور مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا ضرب عضب سے دہشت گردی میں کمی ہوئی ہے لیکن کام ابھی ختم نہیں ہوا۔

  • فاروق ستار اور اُن کے رفقاء جلد پی ایس پی میں‌ ہوں گے، انیس قائم خانی

    فاروق ستار اور اُن کے رفقاء جلد پی ایس پی میں‌ ہوں گے، انیس قائم خانی

    حیدرآباد: پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی صدر انیس قائم خانی نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سمیت ان کے رفقاء کو پی ایس پی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد پی ایس پی میں شامل ہوں گے۔

    حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر9 میں واقع اسکائوٹ گراؤنڈ پر پی ایس پی کی جانب سے 25 نومبر کو ہونے والے جنرل ورکرز اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ جنرل راحیل شریف نے ایم کیو ایم کو کام کرنے سے روکا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے اپنے ہی غلط اعمال نے کام کرنے سے روکا تھا اور آئندہ عوام بھی انہیں مسترد کردے گی۔ ایک سوال میں انیس قائم خانی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان سے اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، صحافیوں کے توسط سے ڈاکٹر فاروق ستار سمیت ان کے تمام رفقاء کو پی ایس پی میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں۔ پی ایس پی کے صدر نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر فاروق اور اُن کے رفقاء جلد ہی ہماری شامل ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مشرف ہو یا عمران خان، نواز شریف ہو یا آصف علی زرداری ہم تمام سیاسی رہنماؤں کی عزت کرتے ہیں، پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال کی دبئی میں پرویز مشرف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، خواجہ اظہار کا پرویز مشرف سے ملنا یہ ان کی اپنی پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے۔

    انیس قائم خانی نے بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت چاروں اطراف سے پاکستان پر حملہ آور ہے، بلوچستان ہو یا فاٹا یا پھر کراچی، بھارت اندرونی طور پر پاکستان کو نقصان پہنچارہا ہے جس کا مقصد سی پیک منصوبے کو ناکام بنانا ہے اور اسی لئے بھارت لائن آف کنٹرول سمیت معصوم شہریوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنارہا ہے۔

    پی ایس پی کے صدر نے کہا کہ پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑٖ جواب دے رہی ہے، ہر پاکستانی کو پاک فوج کا ساتھ دینا چاہئے اور حکومت ایسی خارجہ پالیسی تشکیل دے جس کے ذریعے بھارتی جارحیت اور دہشت گردی کو بے نقاب کیا جائے۔

    پاک سرزمین پارٹی کے صدر نے کہاکہ 25 نومبر کو حیدرآباد میں شاندار جنرل ورکرز اجلاس ہوگا جو ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔

  • کراچی حیدرآباد کے نوجوانوں کو عام معافی دی جائے، انیس قائم خانی

    کراچی حیدرآباد کے نوجوانوں کو عام معافی دی جائے، انیس قائم خانی

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین انیس قائم خانی نے کراچی و حیدرآباد کے نوجوانوں کے لیے بلوچستان کی طرز پر پیکج کا مطالبہ کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں سیاسی کیریئر کا پہلا انٹرویو دیتے ہوئے انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ حکومت کراچی اور حیدرآباد کے نوجوانوں کے لیے واپسی کاراستہ دے، جس طرح بلوچستان میں لوگوں کو معافی دے کر پیکیج دیا گیا اسی طرح کراچی کے نوجوانوں کو بھی پیکیج دیا جائے،کراچی اور حیدرآباد کے نوجوانوں کو واپسی کا محفوظ راستہ دیا جائے

    انہوں نے کہا کہ اپنے مفاد کے لیے این آر او کیا جاسکتا ہے تو ملکی مفاد میں بھی اقدام کیا جائے، قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے خصوصی پیکج دیا جائے، کیاپاکستان کا مستقبل بچانے کے لیے کسی کو معاف نہیں کیا جاسکتا؟

    میزبان وسیم بادامی کے دہشت گردوں کے طبی علاج کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین سے زندگی میں کبھی ٹیلی فون پر بات نہیں ہوئی،ہاں ان سے ایک دوبار ملاقات ضرور ہوئی ہے ان سے کسی دہشت گرد تو دور کی بات کسی عام آدمی کے علاج کے لیے بھی بات نہیں ہوئی، علاج کرانا ہوتا تو متحدہ قومی موومنٹ کے اپنے میڈیکل سینٹر بہت تھے، ضیا الدین ہاسپٹل میں میری بہن زیر علاج رہیں یا اپنے کسی شناسا سے ملنے اسپتال گیا تو وہیں ڈاکٹر عاصم سے ملاقات ہوئی۔

    سانحہ بلدیہ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ سانحہ بلدیہ سے ایم کیو ایم کا کوئی تعلق نہیں، حماد صدیقی کا نام بھی غلط طریقے سے ڈالا گیا،جس وقت آگ لگی میں نائن زیرو پر موجو د تھا اطلاع ملنے پر مجھ سمیت کئی رہنما جائے حادثہ پر گئے۔

    سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی رپورٹ پر انہوں نے کہا کہ واقعے میں میرا کوئی لینا دینا نہیں، بھائیلہ برادران سے کوئی واقفیت نہیں، مقدمہ عدالت میں ہے آپ مجھے جلد بری ہوتا ہوا دیکھیں گے۔ عشرت العباد اور مصطفی کمال کی تلخی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال کی پہلی پریس کانفرنس تک عشرت العباد ہمارے رابطے میں تھے،

    بانی متحدہ کے حکم پر سب کچھ ہوتا تھا اس لیے مورد الزام بھی وہی ہیں، بانی ایم کیو کس کس کو احکامات دیتے تھے یہ سب کو معلوم ہے، بانی متحدہ را کے ایجنٹ ہیں اس میں کوئی شک نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وسیم اختر سے جیل میں بھی کوئی رابطہ نہیں رہا، وسیم اختر، قادر پٹیل اور رئوف صدیقی کو رہائی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

  • رشوت لے سکتا تھا لیکن میں رشوت العباد نہیں بنا، مصطفیٰ کمال

    رشوت لے سکتا تھا لیکن میں رشوت العباد نہیں بنا، مصطفیٰ کمال

    کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی اور پاکستان بہت مشکل دور سے گزر رہا ہے، اپنی نظامت کے دور میں بھی رشوت لے سکتا تھا لیکن میں رشوت العباد نہیں بنا، کراچی شہر کے لوگ پانی آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں، تالیاں بجاتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ سعید آباد میں پارٹی دفاتر کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا، مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی 70 فیصد رہونیو دیتا ہے لیکن اس شہر کو پانی میسر نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بعد آزاد ہونیوالے ممالک ترقی کر گئے ہیں لیکن ہم آج بھی روٹی، کپڑا اور مکان کو روتے ہیں۔

    45 فیصد بچوں کی خوراک نہ ہونے کی وجہ سے نشوونما صحیح نہیں ہو رہی ہے۔ کراچی میں ز ندگی موت میں بدل جاتی ہے لیکن عوام کو انصاف نہیں ملتا۔ یہاں عدالتیں پھانسی پر چڑھ جانے والوں کو مقدمے بری کررہی ہیں یہ کونسا انصاف ہے؟

    مصطفیٰ کمال نے ایک بار پھر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کا گورنر 14 سال سےرشوت وصول کررہا ہے۔

    50 ہزار روپے لے کر یہ جعلی ڈگری بنارہا ہے، میں اپنی نظامت کے دور میں بھی رشوت لے سکتا تھا لیکن میں رشوت العباد نہیں بنا۔ میں نے جو بولا تھا سب سچ ثابت ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ مہاجروں نے جن لوگوں کو ووٹ دئیے ان کو لاشیں چاہیئں ۔لاپتہ اور گرفتار افراد چاہیئں۔ اگر اپنی نسلیں بچانی ہے تو ان لوگوں کا ساتھ چھوڑنا ہوگا۔

    30 سال سے بہت ڈرامہ دیکھ لیا۔ میں پیسے کمانے یا جائیدادیں بنا نے نہیں آیا ۔ ہم جو کر رہے ہیں وہ جہاد ہے۔ ہم لڑائی نہیں کرینگے ہماری مارنے مرنے کی پالیسی نہیں ہے۔

    مصطفی کمال نے کہا کہ کے ایم سی کے 250 ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں۔ ان ملازمین کا تعین نہیں ہوا کہ یہ کے ایم سی کے ملازم ہے یا کے ڈی اے کے لوگوں کے گھروں میں فاقے ہو رہے ہیں۔

    اپنے حقوق کیلئے پرامن احتجاج کرینگے ۔ ہم اپنے حقوق چھین لیں گے۔ افتتاحی تقریب سے رضا ہارون اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

     

  • گورنر سندھ کے بیان پر سیاسی رہنماؤں کا ردِعمل

    گورنر سندھ کے بیان پر سیاسی رہنماؤں کا ردِعمل

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء انیس ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ گورنر سندھ ذہنی مریض ہیں انہیں فوری طبیب سے رجوع کرنا چاہیے تاہم تحریک انصاف کے رہنماء علی زیدی نے کہا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی تو گورنر سندھ بچ نہیں پائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کی جانب سے مصطفیٰ کمال کے حوالے سے دئیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پی ایس پی کے سربراہ انیس ایڈوکیٹ نے گورنر سندھ کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے علاج کروانے کا مشورہ دیا۔

    تحریک انصاف کے رہنماء علی زیدی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’گورنر سندھ جو بول رہے ہیں اُس کی تحقیقات ہونی چاہیں تاہم مجھے یقین ہے کہ اگر کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی تو عشرت العباد بھی نہیں بچ پائیں گے‘‘۔

    پڑھیں:  عزیز آباد کا اسلحہ فوج سے لڑنے کے لیے خریدا گیا، گورنر سندھ

     جماعت اسلامی کے کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے عشرت العباد کے سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان کے حوالے سے دئیے گئے بیان کا خیر مقدم کیا، انہوں نے کہا کہ الزامات کی تحقیقات ضرور ہونی چاہیں۔

    اس ضمن میں سرفراز مرچنٹ نے کہا کہ گورنر سندھ ہر چیز کے گواہ ہیں انہیں 2013 سے منی لانڈرنگ کا علم تھا، انہوں نے انکشاف کیا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے منی لانڈرنگ کیس میں عشرت العباد کا نام بھی شامل کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: سانحہ بلدیہ کی امدادی رقم کھانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے،گورنرسندھ

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’عشرت العباد فنڈز کی دیکھ بھال کے لیے دبئی جاتے تھے کیونکہ تمام بیرونِ ملک منتقل کی جانے والی رقم انہی کے ذریعے کی جاتی تھی۔
  • اگر متحدہ بانی کو واپس لایا گیا تو میں کام نہیں کروں گا، فاروق ستار

    اگر متحدہ بانی کو واپس لایا گیا تو میں کام نہیں کروں گا، فاروق ستار

    کراچی: سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم نے 22 اگست کو اپنی پارٹی پر خودکش حملہ کیا اور اپنا پاؤں خود کلہاڑی پر مارا تاہم میں نے قوم اور کارکنان کو بچانے کے لیے 23 اگست کو علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ’’اگر بانی ایم کیو ایم کو متحدہ میں دوبارہ لایا گیا تو میں اُس پارٹی میں مزید کام نہیں کروں گا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی نے بندوق پھینک دو اور قلم تھامو کی پالیسی قابل ستائش ہے جس پر انہیں سراہا جانا چاہیے‘‘۔

    پڑھیں:   وقت آنے پراسمبلیوں سے مستعفی ہوسکتے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

     کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ عزیز آباد سے برآمد ہونے والے اسلحے سے لاعلم اور لاتعلق ہیں تاہم اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا اور حقائق کو عوام کے سامنے بیان لانے ہوں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ عظیم احمد طارق، ڈاکٹر عمران فاروق سمیت 12 مئی کے مقدمات کی تحقیقات ہونی چاہیے تاہم میئر کراچی وسیم اختر کو شہر کی ابتر صورتحال بہتر کرنے کے لیے رہا کیا جانا چاہیے۔

    مزید پڑھیں:  ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس، فاروق ستار کنوینر مقرر

    سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ ’’ایم کیو ایم کے کچھ لوگوں سے بھارتی خفیہ ایجنسی سے تعلقات ہوں اور را نے کراچی میں کام کیا ہو، تاہم محض چند لوگوں کی وجہ سے پوری قوم کو نشانہ بنانا زیادتی ہے، تاہم ایم کیو ایم پاکستان اب مکمل چھان بین کے بعد ہی لوگوں کو پارٹی میں شامل کررہی ہے‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹرفاروق ستارکے ساتھ کام نہیں کرسکتا،امجد اللہ خان

     فاروق ستار نے پاک سرزمین پارٹی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’انیس قائم خانی اور مصطفیٰ کمال پارٹی سے مایوس ہوکر گئے تھے تاہم میں نے آج تک انہیں غلط نہیں کہا مگر اُن کے طریقہ کار پر اختلاف ہے‘‘۔

     

  • بلدیاتی امیدواران اور کارکنان پر تشدد کیا جارہا ہے، ایم کیو ایم

    بلدیاتی امیدواران اور کارکنان پر تشدد کیا جارہا ہے، ایم کیو ایم

    کراچی: ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی پاکستان کا کہنا ہے کہ متحدہ کے خلاف شرپسند عناصر اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان مشترکہ اتحاد کر کے کارکنان اور نو منتخب بلدیاتی امیدواران کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء محمد حسین نے پی آئی بی میں واقع گھانچی ہال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’’متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف جرائم پیشہ افراد اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان نے گٹھ جوڑ کرلیا ہے اور اب وہ ہمارے کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں‘‘۔

    رہنماء ایم کیو ایم پاکستان نے الزام عائد کیا کہ ’’جرائم پیشہ عناصر  عناصر لائنز ایریا، شاہ فیصل، ملیر، کورنگی اور لانڈھی میں متحدہ کارکنان اور عوام کو تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں، اب تک درجنوں کارکنان اور بلدیاتی نمائندوں پر تشدد کیا جاچکا ہے‘‘۔

    رابطہ کمیٹی کے رکن کا کہنا تھاکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں منصوبہ بندی کے تحت ایم کیو ایم کے ذمہ داران و کارکنوں کو تنگ کیا جارہا ہے اور جرائم پیشہ افراد کو اس کا کھلا لائسنس دے دیا گیا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’’مہاجر قومی موومنٹ (حقیقی) کے کارکنوں نے اسلحے کے زور پر کئی گھروں پر قبضہ کرلیا ہے اور مزید لوگوں کو بے گھر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، اس ضمن میں متعلقہ پولیس بھی کوئی مدد کررہی‘‘۔

    محمد حسین نے آرمی چیف آف اسٹاف، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف، وزیر اعلیٰ سندھ اور ڈی جی رینجرز نے مطالبہ کیا کہ وہ کارکنان پر تشدد کرنے والے جرائم پیشہ افراد اور مخالف جماعت کے کارکنان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور متحدہ کے کارکنان پر ہونے والے مظالم کا سلسلہ فی الفور بند کروایا جائے۔

  • فیصل واؤڈا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ایس ایس پی راؤ انوار

    فیصل واؤڈا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ایس ایس پی راؤ انوار

    کراچی: ایس ایس پی راؤ انوار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واؤڈا اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف ائیرپورٹ تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹار گیٹ پر کرپشن کے خلاف دھرنا دینے پر تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واؤڈا کو گرفتار کر کے ائیرپورٹ تھانے میں مقدمے کا اندارج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے دفعہ 144 اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کو شامل کیا گیا۔

    ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واؤڈا سمیت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا ہے جنہیں کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    پڑھیں:  شارع فیصل پر احتجاج، بدترین ٹریفک جام، فیصل وائوڈا گرفتار،لاٹھی چارج

    ایس ایس پی نے مزید کہا کہ ’’رہنماء تحریک انصاف کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں باقاعدہ حراست میں لیا گیا ہے اور کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ جہاں مجسٹریٹ قانون کے مطابق اپنا فیصلہ سنائیں گے‘‘۔

    fir

    یاد رہے کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کے رہنماء سمیت دیگر سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے بلوچ کالونی پل سے اسٹار گیٹ تک ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جس کے باعث شاہراہ فیصل پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور ٹریفک میں پھسنے کے باعث ایک حاملہ خاتون بھی دم توڑ گئیں تھیں جبکہ کئی افراد وقت پر ائیرپورٹ بھی نہیں پہنچ سکے۔

    یہ بھی پڑھیں: فیصل واؤڈا گرفتار: پی ٹی آئی کی مرکزی اور کراچی قیادت میں اختلاف

    بعد ازاں ایس ایس پی راؤ انوار کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری اسٹار گیٹ پہنچی اور رہنماء تحریک انصاف کو گرفتار کر کے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جس کے بعد وہ منشتر ہوئے اور ٹریفک کی روانی بحال کیا گیا۔

  • فاروق ستارایک آنکھ بند کر کے سمجھتے ہیں’’بلا‘‘ ٹل جائےگی، مصطفیٰ کمال

    فاروق ستارایک آنکھ بند کر کے سمجھتے ہیں’’بلا‘‘ ٹل جائےگی، مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ڈاکٹر فاروق ستار کو الطاف حسین سے خطرہ ہے، اس خطرے سے بچنے کے لیے انہوں نے سیکیورٹی کے لیے خط لکھا ہے۔

    پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ ہر روز ایک نیا فیصلہ کرنے کی ضرورت کیا ہے، الطاف حسین کو جانتا ہوں وہ کسی کو قیادت نہیں دے سکتے، دعا ہے فاروق ستار کی کتابی باتیں من وعن ٹھیک ہوجائیں۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ الطاف حسین کے منہ سے نکلاجملہ ایم کیوایم کا آئین ہے، یہ ایم کیوایم فاروق ستار کی نہیں، وہ اسے نہیں چلاسکیں گے، فاروق ستار ایک آنکھ بند کرکے سمجھتے ہیں ’’بلا‘‘ ٹل جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ذہنی دباؤ میں الطاف حسین ملک کیخلاف بیان کیوں دیتے رہے، فاروق ستار کی نیت پرشک نہیں کررہا،ان کی نیت صاف ہے، الطاف حسین نے توثیق کردی تھی تووہ ٹوئٹ کیوں کرارہے ہیں۔

    مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم میں آئین کو دیکھ کرکون کام کرتا ہے، ہم نے جو باتیں کیں وہ من وعن ٹھیک ثابت ہوئیں، سب سے بڑے شدت پسند تو الطاف حسین خود ہیں، فاروق ستار طالبان سے بچنے کے لیے خط نہیں لکھ رہے، فاروق ستار الطاف حسین سے بچنے کیلئے سیکیورٹی کا خط لکھ رہے ہیں۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ الطاف حسین کے بعد کسی کا نام آنا موت کا پروانہ ہے، الطاف حسین آج بھی آپریشنل ہیں، جب میں سچ بولتا ہوں تو اس کی مذمت ہوجاتی ہے، فاروق ستار،خواجہ اظہار تعاون کرنے پرحراست سے آزاد ہوئے، رات بھر ویڈیو دیکھ کر دونوں نے کارکنان کی تصدیق کی، ان لوگوں کو الطاف حسین کی حقیقت معلوم ہے۔