Tag: PSP

  • کراچی میں فائرنگ سے پی ایس پی رہنما جاں بحق

    کراچی میں فائرنگ سے پی ایس پی رہنما جاں بحق

    کراچی: شہرقائد کے علاقے سخی حسن چورنگی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما عبدالحبیب جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سخی حسن چورنگی موبائل مارکیٹ کے قریب موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد نے اندھا دھن فائرنگ کردی جس کے باعث رہنما پی ایس پی عبدالحبیب جاں بحق ہوگئے۔

    پارٹی ترجمان کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کی گئی، اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے عملی اقدامات کا بھی مطالبہ کیا۔

    دوسری جانب صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیرزمان اور رہنما آفتاب صدیقی نے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

    آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ پی ایس پی کے عبدالحبیب خلجی کا قتل انتہائی افسوسناک ہے، ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

    ایم کیوا یم اور پی ایس پی دفتر پر فائرنگ میں ایک ہی گروہ ملوث نکلا

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت شہریوں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، روزانہ کی بنیاد پر سیاسی کارکنان کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شہرقائد کا امن سوچی سمجھی سازش کے تحت برباد کیا جارہا ہے، غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

    خیال رہے کہ 28 دسمبر 2018 کو شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں پاک سرزمین پارٹی کے ٹاؤن آفس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے تھے۔

  • فاروق ستار اور انیس قائم خانی کی ملاقات، علی رضا عابدی کے قتل پر گفتگو

    فاروق ستار اور انیس قائم خانی کی ملاقات، علی رضا عابدی کے قتل پر گفتگو

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار اور رہنما پی ایس پی انیس قائم خانی کی ملاقات ہوئی، اس دوران علی رضا عابدی کے قتل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں رہنما ایم کیو ایم پاکستان علی رضا عابدی کو کراچی میں ان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

    فاروق ستار اور انیس قائم خانی کے درمیان ملاقات ایک شادی کی تقریب میں ہوئی، اس دوران سیاسی صورت حال، علی رضاعابدی کے قتل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی۔

    دونوں رہنماؤں نے امن واستحکام کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    علی رضا عابدی کے قتل اوردیگرواقعات پر ڈی آئی جی ساؤتھ عہدے سے برطرف

    فاروق ستار اور انیس قائم خانی نے مستقبل میں ایک دوسرے کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

    واضح رہے کہ 25 دسمبر کی شام کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اپنی رہائش گا ہ کے پاس متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

  • کراچی: مصطفیٰ کمال کی کارکنان پر حملے کی شدید مذمت، گورنر سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا

    کراچی: مصطفیٰ کمال کی کارکنان پر حملے کی شدید مذمت، گورنر سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے اپنے کارکنان پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں پاک سرزمین پارٹی کے ٹاؤن آفس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

    سربراہ پی ایس پی کا کہنا ہے کہ 23اگست کو ایم کیو ایم پاکستان بنانے والے واقعے کے ذمہ دار ہیں، ہمارے کارکنوں پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وفاق اور سندھ حکومت سے مطالبہ ہے واقعے کا نوٹس لیں، ہم کسی کونقصان نہیں پہنچا رہے، ہمیں اپنی سمت درست کرنے کی ضرورت ہے۔

    کراچی، پی ایس پی کے دفتر پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 2 زخمی

    دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ناظم آباد میں فائرنگ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پی ایس پی کے 2 کارکنان کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اظہر اور نعیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، دیگر زخمیوں کی شناخت فہد، ناصر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

  • کراچی میں گیس، بجلی غائب ہے، شہری گٹر ملا پانی پی رہے ہیں: مصطفیٰ کمال

    کراچی میں گیس، بجلی غائب ہے، شہری گٹر ملا پانی پی رہے ہیں: مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ کراچی میں گیس اور بجلی غائب ہے جبکہ شہری گٹر ملا پانی پینے پر مجبور ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مصطفیٰ کمال نے سندھ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندے خاموش تماشائی بنے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری پیاس سے مررہے ہیں، میرے دور کا 6 ارب کا پانی فراہمی منصوبہ 36 ارب کا کرکے نامکمل رکھا گیا۔

    ایوان میں بیٹھنے والے کراچی کی بات نہیں کر رہے ہیں، مصطفیٰ کمال

    عام انتخابات میں ناکامی پر تبصرہ کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ الیکشن میں ہمیں کسی نے نہیں ہرایا بلکہ ناکامی میں کامیابی چھپی ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال ستمبر میں چیئرمین پی ایس پی نے کہا تھا کہ ہم نے مثبت انداز میں کراچی کا مقدمہ لڑنا ہے، لوگ ایوان میں بیٹھ کر کراچی کی بات نہیں کر رہے۔

    انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ایس پی ہی وہ جماعت ہے جو کراچی کے مسائل کو اچھی طرح سمجھتی ہے اور ان کو حل بھی کرے گی۔

  • برف پگھلنے لگی، ڈاکٹر صغیر کی ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات

    برف پگھلنے لگی، ڈاکٹر صغیر کی ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات

    کراچی : پی ایس پی کے رہنما ڈاکٹر صغیر احمد نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار سے ملاقات کی ہے، دونوں رہنما کراچی کے مسائل پر مل کر جدوجہد کرنے پر متفق ہوگئے۔

    سیاست کے رنگ نرالے ہوتے ہیں  اور اس میں کوئی حرف آخر بھی نہیں ہوتا، قربتوں کے بعد دوریاں اور پھر قربتیں سیاسی میدان میں اچنبھے کی بات نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار سے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ڈاکٹر صغیر نے ملاقات کی، اس موقع پر ڈاکٹر صغیر احمد نے پاکستان کوارٹرز کے رہائشیوں کی جدوجہد کے لئے پرانے ساتھی کی خدمات کو سراہا۔

    ملاقات میں نظریاتی اور سیاسی اختلافات چھوڑ کر عوامی مسائل پر مل کر جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل میں وفاقی و صوبائی حکومتیں ناکام ہوگئیں، دونوں ساتھیوں نے مل کر پاکستان کواٹرز کے مکینوں کے مالکانہ حقوق کے لئے لائحہ عمل بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس پی رہنما ڈاکٹر صغیر احمد نے پارٹی قیادت کو ملاقات سے آگاہ کیا، اس کے علاوہ ڈاکٹر فاروق ستار پاک سرزمین پارٹی کے دیگر رہنماؤں سے بھی جلد ملاقات کریں گے۔

    مزید پڑھیں: سابق گورنرعشرت العباد سے پی ایس پی رہنماؤں کی ملاقات، گلے شکوے دور کیے

    واضح رہے کہ پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ نے گزشتہ اتوار دبئی میں سابق گورنر سندھ عشرت العباد سے بھی ملاقات کی تھی۔

  • ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے، خالد مقبول صدیقی

    ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر اور وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے، لاپتہ کارکنوں کو بازیاب کرایا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیوایم پاکستان کے نئے کارکنان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے فیصل سبزواری، میئرکراچی وسیم اختر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں ایم کیو ایم کے کنوینئر اور وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج ایم کیو ایم ماضی کی طاقت سے بڑھ کر اور مزید مضبوط ہوکر سامنے آئی ہے کیونکہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم غریب اور متوسط طبقے کو ایوانوں میں لے کر آئے گی، خالد مقبول صدیقی  نے مطالبہ کیا کہ ہمارے لاپتہ کارکنوں کو بازیاب کرایا جائے۔

    استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ دھونس اور دھمکیوں سے جانے والے کارکنان ایم کیو ایم میں واپس آگئے ہیں۔

    ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ جبر اور طاقت کا زور ختم ہوگا تو کارکنان پارٹی میں واپس آ ئیں گے اور آج ہم سب نے دیکھا کہ سیکڑوں کارکنان نام نہاد جماعت پی ایس پی سے واپس آگئے ہیں۔

    فیصل سبزواری نے بتایا کہ ان کارکنان کو تشدد، گرفتاریوں اور مارنے کی دھمکیاں دے کر پارٹی چھڑائی گئی تھی، کراچی کے نوجوانوں کے لئے بھی عام معافی کا اعلان کیا جائے۔

    استقبالیہ سے مئیر کراچی وسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پر شب خون مارنے والے آج کہیں نظرنہیں آرہے، آج بھی ایم کیو ایم ایک منظم اور متحد جماعت ہے۔

    میئر کراچی وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی مہاجر قوم پتنگ کے انتخابی نشان کے پیچھے کھڑی ہے، پارٹی میں واپس آنے والے تمام کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔

  • پی ایس پی کو کراچی اور حیدرآباد کے نتائج پر تحفظات ہیں: رضا ہارون

    پی ایس پی کو کراچی اور حیدرآباد کے نتائج پر تحفظات ہیں: رضا ہارون

    کراچی: پاک سر زمین پارٹی کے مرکزی رہنما رضا ہارون نے کہا ہے کہ پی ایس پی کو کراچی اورحیدرآباد کے نتائج پر تحفظات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے بعد پاک سرزمین پارٹی نے بھی تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔

    رضا ہارون نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا جا رہا ہے۔

    رہنماپی ایس پی نے اعتراض کیا کہ کسی پولنگ اسٹیشن میں نتائج کی تصدیق شدہ کاپی نہیں دی گئی۔

    سابق صوبائی وزیر  کا کہنا تھا کہ ہمیں سندھ کے دیہی علاقوں میں نتائج پرتحفظات ہیں، یہ جو کچھ ہورہاہےوہ ٹھیک نہیں ہورہا۔

    یاد رہے کہ کچھ ہی دیر قبل متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں انتخابات کے نتائج پر تحفظات ہیں۔

    فیصل سبز واری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 کی بہ جائے سادہ کاغذ پر نتیجہ لکھ کر دیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس نے ووٹوں کی گنتی کے عمل میں بھی بے قاعدگی کی شکایات کی ہیں۔


    الیکشن کے نتائج پر تحفظات ہیں، دھرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، فیصل سبزواری


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • این اے 254، پاک سرزمین پارٹی کی پولنگ کا وقت بڑھانے کیلئے درخواست

    این اے 254، پاک سرزمین پارٹی کی پولنگ کا وقت بڑھانے کیلئے درخواست

    اسلام آباد: پاک سرزمین پارٹی نے این اے 254 میں پولنگ کا وقت بڑھانے کی درخواست کردی، این اے 254 سے ارشد وہرا پی ایس پی کے امیدوار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی نے کراچی کے حلقے این اے 254 میں پولنگ کاوقت بڑھانے کی درخواست کردی۔

    کراچی کے ضلع وسطی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 254  پر ایم کیو ایم ، پی ایس پی اور ایم ایم اے کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

    این اے 254 میں پاک سرزمین پارٹی کے ارشد وہرہ، متحدہ مجلس عمل کے راشد نسیم، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ محمد علی عابدی، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کی لیزا مہدی اور تحریک انصاف کے محمد اسلم خان مدمقابل ہیں۔


    مزید پڑھیں : براہ راست: عام انتخابات 2018 کے لیے پولنگ


    این اے 254 میں کل ووٹرز 5لاکھ 6ہزار 309ہیں جن میں مردوں کی تعداد 2لاکھ 73 ہزار 76 جبکہ خواتین 2لاکھ 33ہزار 233 ہے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کے لئے پولنگ جاری ہیں ، پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کی طویل قطاریں لگ گئی ہے، 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • ہم صرف 6 مہینوں میں کراچی کو ٹھیک کر دیں گے: مصطفیٰ کمال

    ہم صرف 6 مہینوں میں کراچی کو ٹھیک کر دیں گے: مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم صرف 6 مہینوں میں کراچی کو ٹھیک کردیں گے، یہاں کے شہریوں کے پاس ہمارے سوا کوئی آپشن ہی نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آخری بار کراچی ہمارے ہاتھوں سے بنا،آئندہ بھی ہم بنائیں گے، یہ ہم ہی کو پتہ ہے کہ اس شہر کو فکس کیسے کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نظریاتی اختلافات کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، ہم دشمن کو بھی گلے لگانا چاہتےہیں، ڈولفن کو اللہ نے انسان دوست بنایا ہے۔


    ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کچرے پر کھڑے ہو کر ووٹ مانگ رہی ہیں، مصطفیٰ کمال


    چیئرمین پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں ایم کیو ایم کی وجہ سے مصطفیٰ کمال نے کام کرائے، ایم کیو ایم تو حیدر آباد میں بھی تھی، وہاں کام کیوں نہ ہوئے؟

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے لیے پاک سرزمین واحد امید ہے، کراچی کے مسائل کا حل ہمارے پاس ہے، لوگ واضح اکثریت سے ہمیں کامیاب بنائیں گے، ہم نفرت کی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں۔

    ان کا مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چودہ سال گورنر رہنے والا ہٹنے کے بعد 5 دن بھی شہر میں نہ رکا، اپنے آپ کو شہر کا وارث کہنے والی جماعت نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیو ایم والے بتائیں‌ کون ان کے  ساتھ زیادتی کررہا ہے، مصطفیٰ کمال

    ایم کیو ایم والے بتائیں‌ کون ان کے ساتھ زیادتی کررہا ہے، مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والے بتائیں کون ان کے ساتھ زیادتی کررہا ہے، آپ لوگ مہاجروں کے ساتھ زیاددتی کررہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا، مصطفی کمال نے کہا کہ انتظامیہ تبدیل ہوچکی ہے، بتایا جائے کون زیادتی کررہا ہے، الزام لگاتے تھے کہ ہم مہاجروں کے دشمنوں کے پاس جارہے ہیں، ہماری کوششوں سے شہدا قبرستان میں تالے لگ گئے ہیں، کسی معصوم غریب ماں کا بیٹا مر کر وہاں نہیں گیا۔

    انہوں نے کہا کہ متعدد بلدیاتی نمائندے پی ایس پی میں شامل ہورہے ہیں ہمارے نظریے سے متاثر ہوکر یہ پی ایس پی میں شامل ہورہے ہیں، پی ایس پی کی وجہ سے لاشیں گرنا بند ہوگئیں، ہمارے سمجھانے پر نوجوانوں نے اسلحے کے ذخیرے پولیس کو دئیے۔

    مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹنکی گراؤنڈ میں بلاول بھٹو نے جلسہ کرلیا تو ان کی غیرت جاگ گئی ان کی غیرت تب نہیں جاگی جب ٹنکی گراؤنڈ کے باہر کچرا پڑا ہوا تھا، ٹنکی گراؤنڈ کے مکینوں کو پانی نہیں ملتا تھا جب ان کی غیرت نہیں جاگی، بلاول نے جلسہ کرلیا تو انہوں نے جاگ مہاجر جاگ کا نعرہ لگادیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے ہم پر الزام لگاتے تھے ہم مہاجروں کے دشمنوں کے پاس جارہے ہیں اور اپنے کارکنوں کو ورغلاتے تھے کہ پی ایس پی میں نہ جاؤ، بھائی ہم دشمنوں کے پاس نہیں جارہے تھے ہم نفرتیں ختم کرنے جارہے تھے، پختونوں، پنجابیوں، بلوچی، سندھیوں کے پاس جاکر اپنے لیے مراعات نہیں مانگی بلکہ جو دشمنیاں تھیں ان کو ختم کیا۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ شہر قائد میں لوگ لاپتہ ہیں ہم نہیں ہوتے تو تین ہزار لوگ لاپتہ ہوتے، ہزاروں لوگوں کی گرفتاریاں ہوتیں اور مائیں اپنے بچوں کو ڈھونڈ رہی ہوتیں مگر اب یہ سلسلہ رک گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔