Tag: PSP

  • پاک سرزمین پارٹی کی مرکزی قیادت کے خلاف مقدمہ درج

    پاک سرزمین پارٹی کی مرکزی قیادت کے خلاف مقدمہ درج

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کو بجلی اور پانی کی فراہمی کے لیے نکالے جانے والا ملین مارچ مہنگا پڑ گیا، شاہراہ فیصل پر ریلی نکالنے کے خلاف مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی سمیت مرکزی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل پاک سرزمین پارٹی نے شہر کے مسائل کو حل نہ ہونے پر سندھ حکومت کے خلاف ملین مارچ کا انعقاد کیا تھا، ایف ٹی سی کے قریب  شاہراہ فیصل کا دوسرا ٹریک بند کرنے پر پولیس نے پی ایس پی کارکنان پر لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ کی۔

    وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی ضد مصطفیٰ کمال کو مہنگی پڑی، پولیس افسران سے مذاکرات میں ناکامی کے بعد پولیس نے پی ایس پی کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تو سربراہ ، مرکزی قیادت اور کارکنان کو گرفتار کیا اور لیاری کے تھانے منتقل کیا تاہم دو گھنٹے بعد تمام افراد کو رہا کردیا گیا۔

    آج ایس ایچ او صدر کی مدعیت میں پی ایس پی رہنماؤں کے خلاف صدر تھانے میں مقدمہ درج کروادیا گیا جس میں مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی، رضا ہارون، ڈاکٹر صغیر احمد و دیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔

    صدر تھانے میں درج ہونے والے مقدمے میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ، دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور ہنگامہ آرائی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

  • پاک سرزمین پارٹی کا ریڈ زون میں آنا مناسب نہیں تھا: نثار کھوڑو

    پاک سرزمین پارٹی کا ریڈ زون میں آنا مناسب نہیں تھا: نثار کھوڑو

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی دونوں نے پاک سرزمین پارٹی کی گزشتہ روز کی ریلی کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کی ریلی کے حوالے سے سندھ میں سیاسی مخالفین یک زبان ہو گئے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے خواجہ اظہار الحسن نے ریلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملین آج بھی 6 صفر کا ہے۔ لوگوں نے شاید 2 صفر کو ملین سمجھ لیا ہے۔

    مزید پڑھیں: مصطفیٰ کمال اور مرکزی قیادت گرفتار

    سینیئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا کہ سیاسی سرگرمیوں سے کسی کو نہیں روکا لیکن پاک سرزمین پارٹی کا ریڈ زون میں دھرنا دینا مناسب بات نہیں تھی۔

    انہوں نے کہا یہ الگ بات ہے کہ 10 لاکھ لوگ تھے یا نہیں، حکومت نے اپنی رٹ قائم کرنے کی کوشش کی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک سرزمین پارٹی کی ریلی کے دوران پولیس نے مظاہرین پر واٹر کینن کا استعمال کیا اور شیلنگ کی۔ پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال اور دیگر رہنماؤں کو گرفتار بھی کیا گیا تاہم بعد ازاں انہیں رہا کردیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • چوہدری نثارعلی خان نااہل وزیرداخلہ ہیں، مولابخش چانڈیو

    چوہدری نثارعلی خان نااہل وزیرداخلہ ہیں، مولابخش چانڈیو

    کراچی : پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ چوہدری نثارعلی خان نااہل وزیرداخلہ ہیں، عجلت میں بیان جاری کرنے سے پہلے سندھ حکومت سےمعلومات لیتے تو بہتر ہوتا۔ جبکہ ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار پہلے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی مذمت کریں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس پی کی ریلی پر پولیس شیلنگ اور رہنماؤں کی گرفتاری پر وزیر داخلہ کے بیان پر پیپلز پارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نااہل وزیرداخلہ ہیں، عجلت میں بیان جاری کرکے چوہدری نثار نے اپنی نااہلی ثابت کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار پہلے سندھ حکومت سے معلومات لیتے پھر بیان جاری کرتے، انہوں نے سوال کیا کہ چوہدری نثارسانحہ ماڈل ٹاؤن کے وقت کہاں تھے؟ جب ماڈل ٹاؤن میں پی اے ٹی کے نہتے کارکنان پرگولیاں برسائی گئی تھیں، چوہدری نثارکےبیان سےسندھ کےحالات خراب ہونگے۔

    علاوہ ازیں ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس نے بھی اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ چوہدری نثار پہلے ماڈل ٹاؤن میں کارکنان کےقتل کی مذمت کریں، پی اےٹی کی تحریک کے ساتھ حکومت نے جو کیا سب کو یاد ہے، ہم جمہوری طریقے اپناتے ہیں،آپ کو ہماری پالیسی سمجھ نہیں آئے گی۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ جمہوری رویے پرعمل کرتے ہوئے ہی ہم پی ایس پی رہنماؤں سے مسلسل مذاکرات کررہے تھے، ریڈ زون میں دفعہ144نافذ ہے، حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔

    ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس نے واضح کیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں زبردستی دکانیں بند کرانےوالوں کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائےگی۔

  • مصطفیٰ کمال کا کراچی کے بعد حیدر آباد میں بھی دھرنے کا اعلان

    مصطفیٰ کمال کا کراچی کے بعد حیدر آباد میں بھی دھرنے کا اعلان

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کراچی کے بعد حیدر آباد کے مسائل کے حل کے لیے بھی جدوجہد کرنے کا اعلان کردیا۔

    گزشتہ ماہ اٹھارہ روز تک کراچی پریس کلب کے باہر دھرنے کے بعد احتجاج کو دوسرے مرحلے میں تبدیل کر کے 14 مئی کو ملین مارچ کا اعلان کرنے والے  مصطفیٰ کمال نے حیدر آباد کے مسائل کے حل کے لیے بھی دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حیدر آباد میں بھی پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنے دیں گے۔ شہریوں کو حقوق دلوانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی کا دھرنا پر امن ہوگا۔ یہ پارٹی مظلوموں کی آواز بنی ہے۔ ہم دیہی اور شہری سندھ کی آواز بنے ہیں۔

    انہوں نے اپنا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو حقوق ملنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

    یاد رہے کہ پاک سرزمین پارٹی نے 6 اپریل سے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا شروع کیا جو 18 روز تک جاری رہا۔

    مزید پڑھیں: مصطفیٰ کمال کا ملین مارچ کا اعلان

    مصطفیٰ کمال نے 14 مئی کو کراچی میں ملین مارچ کا اعلان بھی کر رکھا ہے اور ان کے مطابق اس مارچ میں وہ عوام کے لیے انصاف اور پانی کی فراہمی کا مطالبہ کریں گے۔

  • پاناما کے فیصلے سے عوامی مسائل حل نہیں ہوں گے: مصطفیٰ کمال

    پاناما کے فیصلے سے عوامی مسائل حل نہیں ہوں گے: مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاناما کے فیصلے سے عوامی مسائل حل نہیں ہوں گے، فیصلے سے عام آدمی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ جے آئی ٹی کراچی میں بنتی تو وزیر اعظم سب کچھ مان جاتے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کے باہر جاری دھرنے کے پندرہویں روز پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاناما کے فیصلے سے عام آدمی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ وزیر اعظم کے رہنے اور نہ رہنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاناما کا فیصلہ جو بھی آیا ہے اس سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ عوامی مسائل کا حل آج چاہیئے، کب تک پاناما جیسے فیصلوں کو دیکھتے رہیں۔

    مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا پاناما کیس پر جے آئی ٹی بنانے کا حکم

    انہوں نے کہا کہ پاناما کے فیصلے کو مکمل پڑھنے کے بعد اپنا مؤقف دیں گے۔ حقیقت پسندی پر مبنی مؤقف 24 گھنٹوں بعد آئے گا۔

    سپریم کورٹ کے جے آئی ٹی قائم کرنے کے حکم کے بارے میں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ یہاں بننے والی جے آئی ٹیز سب کے سامنے ہیں کہ ان کا کیا حال ہے۔ اگر جے آئی ٹی کراچی میں بنتی تو وزیر اعظم سب کچھ مان جاتے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارا دھرنا جاری ہے، اس دھرنے کا پاناما سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ آج سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاناما کیس پر فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے جوائنٹ انویسٹی گیشن کمیٹی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی ہر 15 روز بعد رپورٹ پیش کرے۔

    عدالت نے حکم دیا ہے کہ وزیر اعظم ،حسن اور حسین نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے اور جے آئی ٹی 60 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

    مزید پڑھیں: مبارک وزیر اعظم نواز شریف

    سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ وزیر اعظم کی اہلیت کا فیصلہ جے آئی ٹی رپورٹ پر ہوگا۔ جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی، نیب کا نمائندہ، سیکیورٹی ایکس چینج اور ایف آئی اے کا نمائندہ بھی شامل ہوگا۔

  • پی ایس پی کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی، مصطفیٰ کمال

    پی ایس پی کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی، مصطفیٰ کمال

    پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ الٹی میٹم دے کر بھولنے والے نہیں، کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم مظلوم طبقے کی آواز بنے ہوئے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے سامنے پی ایس پی کے دھرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ حکام سے اب صرف اس بات پر گفتگو ہوگی کہ ہمارے مطالبات پر کب اور کیسے عمل کرنا ہے؟

    مصطفیٰ کمال نےبتایا کہ صوبائی حکومت کاوفد دو باران کے پاس آیا مگر بات چیت میں کوئی پیشرفت نہ ہوسکی کیو نکہ ہم اپنے کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    مزید پڑھیں : ہمیں ہمارے حقوق ہرحال میں چاہئیں، مصطفیٰ کمال

    واضح رہے کہ پاک سرزمین پارٹی کا دھرنا دس ویں روز میں داخل ہوگیا ہے، دھرنےمیں مختلف سماجی اداروں کےافراد کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    لوگوں نے پی ایس پی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پھولوں کے ہار بھی پہنائے، پاکستان سنی تحریک کے وفد نے شاہد غوری کی زیر قیادت دھرا کیمپ کا دورہ کیااور چیئرمین پی ایس پی کے مؤقف کی تائید کی۔

  • مصطفیٰ کمال کااحتجاج کا دائرہ کراچی کے دیگرعلاقوں تک بڑھانے کا اعلان

    مصطفیٰ کمال کااحتجاج کا دائرہ کراچی کے دیگرعلاقوں تک بڑھانے کا اعلان

    کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے احتجاج کا دائرہ کراچی کے دیگر علاقوں تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکمران سمجھ رہے ہیں، احتجاج کے بعد یہاں سے چلے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کی احتجاجی تحریک تیسرے روز میں داخل ہوگئی ہے، پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے احتجاج کا دائرہ کراچی کے دیگر علاقوں تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہمارے پاس ہزاروں کارکنان ہیں، کراچی سے کشمور تک اپنی طاقت کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ حکمران سمجھ رہے ہیں، احتجاج کے بعد یہاں سے چلے جائیں گے، آپ جتنی دیر لگائیں گے، اتنی زیادہ شرمندگی کرنا پڑے گی، جمہوری طریقے سے اپناحق مانگ رہے ہیں، حقوق کے لیے غیرجمہوری طریقے نہیں اپنائیں گے، کسی کی املاک کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پی ایس پی چاروں صوبوں کی جماعت بن رہی ہے، حکمران جیسا برتاؤ کریں گے، ہمارا رویہ بھی ویسا ہی ہوگا۔

    پاک سرزمین پارٹی 12 مقامات پر احتجاجی کیمپ لگائے گی

    ترجمان پاک سرزمین پارٹی کے مطابق ہفتے کی شام پانچ بجے عوامی حقوق کے حصول کے لیے شہر کے بارہ مقامات پر احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے، جن علاقوں میں کیمپ لگائے جائیں گے، ان میں نیپا چورنگی، نمائش چورنگی، کورنگی ڈھائی نمبر ، اسٹار گیٹ، لیاقت آباد دس نمبر، یوپی موڑ ، 5اسٹار چورنگی، اورنگی نمبر پانچ، بڑا بورڈ، بلدیہ ٹاؤن، قائدآباد اور ریگل چوک شامل ہیں۔


    مزید پڑھیں : مصطفیٰ کمال کا پریس کلب کے باہر بیٹھنے کا اعلان


    یاد رہے کہ پاک سر زمین پارٹی نے6 اپریل سے اپنی احتجاجی تحریک کا آغاز کیا تھا اور پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کراچی پریس کلب کے باہر غیر معینہ مدت کے لیے بیٹھ گئے تھے، احتجاج کے دوران عوامی مسائل کو اجاگر کیا جائے گا اور صاحبان اقتدار پر کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے سخت دباؤ ڈالیں گے۔

  • پی ایس پی سے اتحاد کا کوئی امکان نہیں، مراد علی شاہ

    پی ایس پی سے اتحاد کا کوئی امکان نہیں، مراد علی شاہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کی تعیناتی کا معاملہ عدالت میں ہے جو بھی فیصلہ آیا قبول کریں گے، پاک سرزمین پارٹی سے اتحاد کا کوئی امکان نہیں، ایم کیو ایم نے وائٹ پیپر میں وہی نفرت پھیلائی جو اُن کے بانی کیا کرتے تھے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئی جی کی تعیناتی کامعاملہ عدالت میں ہے،فیصلہ قبول کرینگے، پولیس صوبائی محکمہ ہے،وفاق کومداخلت نہیں کرنی چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نےشہرکی صفائی کےکاموں میں مدد بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ تعاون کیا مگر میٹروپولیٹن کارپوریشن کا جو کام تھا انہوں نےنہیں کیا، اب ہم نے شہر میں صفائی کے مسئلے کو حل کرنے کا بیڑہ اٹھا لیا ہے۔

    پڑھیں: ’’ عوام کے پیسوں سے بینک بیلنس بنایا گیا، متحدہ کا پی پی کے خلاف وائٹ پیپر ‘‘

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم نے وائٹ پیپر میں وہی نفرت پھیلائی جو اُن کے بانی کیا کرتے تھے، متحدہ نے صرف ایک طبقے کی بات کر کے کراچی کی دیگر قومیتوں کے خلاف نفرت پھیلائی۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پاک سرزمین پارٹی سے اتحاد کا کوئی امکان نہیں، پیپلزپارٹی پورے پاکستان سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی اور اکثریت حاصل کرکے 2018 میں بھی حکومت بنائیں گے۔

  • قومی پرچم کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا‘الیکشن کمیشن

    قومی پرچم کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا‘الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاک سرزمین پارٹی کو قومی پرچم کو بطورسیاسی جھنڈا استعمال کرنے سے روک دیا ہے. کسی بھی سیاسی جماعت کو یہ حق حاصل نہیں ہے.

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی پرچم کو پارٹی پرچم کے طور پراستعمال نہیں کیا جاسکتا ہے، قومی پرچم کا اپنا ایک تقدس ہوتا ہے، لہذا قومی پرچم کوجلسوں میں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے.

    واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سے علحیدگی کے بعد گذشتہ سال سابق مئیر کراچی مصطفی کمال نے 3 مارچ کی یادگاہ پریس کانفرنس کے بعد 23 مارچ کو اپنی سیاسی جماعت "پاک سرزمین پارٹی قومی” کا اعلان کیا تھا، پی ایس پی قومی پرچم کو سیاسی جھنڈے کے طور پر استعمال کرتی ہے.

    خیال رہے کہ پاک سرزمین پارٹی کے نام اور قومی پرچم کو پارٹی پرچم کے طور پر استعمال کرنے کے خلاف صوبیدار (ر) ساجد کیانی نے درخواست دائر کی تھی، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے 9 فروری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، الیکشن کمیشن نے پی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔

    دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی نے الیکشن کمیشن کےدائرہ سماعت کوچیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس یہ کیس سننے کا اختیار نہیں ہے اور ہماری پارٹی کا پرچم قومی پرچم سے منفرد ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال سابق مئیر کراچی نے جب اپنی سیاسی جماعت کا اعلان کیا توالیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاک سرزمین پارٹی کی رجسٹریشن کے لئے درخواست نامکمل قراردیتے ہوئے مصطفیٰ کمال سے اثاثہ جات سمیت مزید تفصیلات طلب کی تھیں‌.

  • ایم کیو ایم نے صرف لوٹ مار کی، آصف حسنین

    ایم کیو ایم نے صرف لوٹ مار کی، آصف حسنین

    کراچی: پاک سر زمین پارٹی کے رہنماء آصف حسنین نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے شہریوں کو بنیادی حقوق سے جان بوجھ کر محروم کیا، عوام اس بات سے واقف ہیں کہ ایم کیو ایم نے صرف لوٹ مار کی۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ حکمرانوں اور کرپٹ سیاست دانوں نے مل کر شہر قائد کا بیڑہ غرق کردیا جس میں ایم کیو ایم نے بڑا کردار ادا کیا، لوکل گورنمنٹ کے لوگ آخر کس چیز کے اختیار مانگ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کی دولت لوٹنے والوں کو آزادانہ گھومتے دیکھ کر عوام کو فکر لاحق ہے کہ اس ملک کا مستقبل کیا ہوگا، انتخابات میں کوئی مہاجر کارڈ کھیلتا ہے تو کوئی سندھیوں کے حقوق کی بات کر کے عوام کو بے وقوف بناتا ہے، عوام 70 برس سے کارڈ والوں کو ووٹ دیتے آرہے ہیں مگر آج بھی اُن کی حالت نہیں بدلی۔

    پی ایس پی کے رہنما نے کہا کہ میئر کراچی کو رات 9 بجے کے بعد سڑکوں پر ہونا چاہیے مگر وہ صرف اختیارات کا رونا رو کر وقت گزار رہے ہیں، کراچی کے عوام واقف ہیں کہ ایم کیو ایم نے شہر میں لوٹ مار کی۔

    آصف حسنین نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی عوامی حقوق کے لیے جلد سڑکوں پر نکلے گی اور جب تک عوامی مطالبات پورے نہیں ہوجاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مصطفیٰ کمال کے ہاتھ مضبوط کریں۔