Tag: Pta

  • پنجاب میں مفت وائس منٹس کی سہولت میں توسیع

    پنجاب میں مفت وائس منٹس کی سہولت میں توسیع

    اسلام آباد (30 اگست 2025) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بتایا کہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لیے مفت وائس منٹس کی سہولت میں توسیع کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ عوام کی سہولت کے لیے موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تعاون سے خصوصی ریلیف اقدامات کا آغاز کیا ہے۔

    اس اقدام کے تحت پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صارفین کو مفت وائس منٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔ پی ٹی اے کے مطابق صارفین اکاؤنٹ بیلنس صفر ہونے کے باوجود کال کر سکیں گے۔

    ہفتہ کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ سہولت اُن صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگی جن کے اکاؤنٹ میں بیلنس صفر ہے تاکہ وہ اس مشکل وقت میں اپنے اہل خانہ سے رابطے میں رہ سکیں اور ایمرجنسی خدمات تک باآسانی رسائی کر سکیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی اے نے سی ایم اوز کے تعاون کو سراہتے ہوئے عوام کو اس امر کی یقین دہانی کرائی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی خدمات کی نگرانی جاری رہے گی تاکہ روابط میں کسی قسم کا تعطل نہ آئے۔

  • پاکستان میں جوئے اور شرط لگانے والی 184 ویب سائٹس اور ایپس بلاک کردی گئیں

    پاکستان میں جوئے اور شرط لگانے والی 184 ویب سائٹس اور ایپس بلاک کردی گئیں

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے جوئے اور شرط لگانے والی 184 ویب سائٹس اور ایپس بلاک کردیں۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے پیش کیے گئے تحریری جواب میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں جوئے اور شرط لگانے سے متعلق متعدد ویب سائٹس اور موبائل ایپلیکیشنز کو بلاک کیا ہے۔

    کابینہ ڈویژن کے انچارج وزی کا کہنا تھا کہ اب تک جوئے سے متعلقہ 184 ویب سائٹس اور ایپس کو بلاک کیا جا چکا ہے۔

    نادرا شاختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکٹ سے متعلق معلومات

    انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ان سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنا پی ٹی اے کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

    جواب میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے تمام اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ایسی کسی بھی کمپنی یا پلیٹ فارم سے معاہدے نہ کریں جو جوئے یا شرط لگانے میں ملوث ہو۔

    کابینہ ڈویژن نے اعتراف کیا کہ غیر قانونی آن لائن مواد کو مکمل طور پر ختم یا بلاک کرنے کے لیے پی ٹی اے کے اختیارات محدود ہیں، اور اس حوالے سے قانون سازی اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کی ضرورت ہے۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا اور آن لائن گیمنگ کے بڑھتے رجحان کے باعث ایسے غیر قانونی پلیٹ فارمز نوجوان نسل کو اپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں، جن کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے حکومت پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

  • عدالتی احکامات کے باوجود ایکس سروس معطل، عدالت میں فوری سماعت کے لیے درخواست منظور

    عدالتی احکامات کے باوجود ایکس سروس معطل، عدالت میں فوری سماعت کے لیے درخواست منظور

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے ایکس سروس معطل ہونے کے خلاف فوری سماعت کے لیے دائر درخواست منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی اے کی جانب سے ٹوئٹر / ایکس کی بندش پر عدالتی احکامات کے باوجود ایکس کو بحال نہیں کیا گیا، ایکس سروس معطل ہونے کے خلاف فوری سماعت کے لیے ایک درخواست دائر کی گئی ہے جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے 27 جون کی تاریخ مقرر کر دی۔

    یہ درخواست سینئر صحافی ضرار کھوڑو اور دیگر کی جانب سے عبدالمعیز جعفری ایڈووکیٹ کی توسط سے دائر کی گئی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے جان بوجھ کر درخواست گزاروں کے معاشی اور قانونی حق تلفی کی جا رہی ہے، وکیل درخواست گزارنے عدالت میں کہا کہ وفاقی حکومت، پی ٹی اے اور دیگر فریقین کے غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی فیصلوں سے شہریوں کے آئینی اور معاشی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

    وکیل نے کہا ایکس کی بندش تاحال جاری ہے، فریقین با رہا درخواست گزار کے حقوق کے تحفظ میں ناکام رہے ہیں، اس لیے عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ فریقین کے غیر قانونی اقدامات کو فوری طور پر روکنے کے احکامات دیے جائیں، اگر فوری طور پر فریقین کو روکنے کا حکم نہ دیا گیا تو غیر قانونی اقدامات میں مزید اضافہ ہوگا۔

    عدالت سے استدعا کی گئی کہ درخواست کی فوری سماعت کی جائے۔ واضح رہے کہ عدالت نے ایکس سروس فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

  • پی ٹی اے کا کہنا ہے حکومت سے موبائل بندش کے احکامات نہیں ملے: ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان

    پی ٹی اے کا کہنا ہے حکومت سے موبائل بندش کے احکامات نہیں ملے: ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان

    اسلام آباد: ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے حکومت سے انٹرنیٹ اور موبائل سروس فوری بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ایچ آر سی پی نے اس سلسلے میں ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باوجود موبائل سروس بند کر دی گئی ہے۔

    ایچ آر سی پی کے مطابق پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ انھیں حکومت سے موبائل بندش کے احکامات نہیں ملے ہیں، کمیشن کا کہنا ہے کہ موبائل سروس کی بندش سے الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھیں گے، اور نتائج کی ترسیل میں بھی خلل پیدا ہو سکتا ہے۔

    ’’انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے‘‘ سربراہ کامن ویلتھ آبزرور

    پیپلز پارٹی نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بندش کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دے دی

    انسانی حقوق کمیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ موبائل سروس کی بندش کے احکامات دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    الیکشن 2024 پاکستان: پولنگ کی مکمل کوریج اور معلومات – لائیو

  • توہین آمیز مواد نہ ہٹانے پر ملک میں وکی پیڈیا سروسز کو بلاک کر دیا: پی ٹی اے

    توہین آمیز مواد نہ ہٹانے پر ملک میں وکی پیڈیا سروسز کو بلاک کر دیا: پی ٹی اے

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ توہین آمیز مواد کو بلاک نہ کرنے اور انھیں نہ ہٹانے پر ملک میں وکی پیڈیا سروسز کو بلاک کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ توہین آمیز مواد کو بلاک کرنے اور ہٹانے کے لیے وکی پیڈیا سے رابطہ کیا گیا تھا لیکن پلیٹ فارم نے مواد ہٹانے کی تعمیل کی اور نہ ہی اتھارٹی کے سامنے پیش ہوا۔

    پی ٹی اے کے مطابق تعمیل نہ کرنے کی صورت میں پلیٹ فارم پاکستان کے اندر بلاک کر دیا گیا ہے۔

    پی ٹی اے نے قابل اطلاق قانون اور عدالتی احکامات کے تحت نوٹس جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی مواد کو بلاک کرنے اور ہٹانے کے بعد ویب سائٹ پر سے پابندیاں اٹھائے جانے پر غور ہوگا۔

    پی ٹی اے نے وکی پیڈیا کی سروسز 48 گھنٹوں کیلیے ڈی گریڈ کردیں

    یاد رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے یکم فروری کو وکیپیڈیا کی سروسز 48 گھنٹوں کے لیے ڈی گریڈ کی تھیں، ریگولیٹر نے خبردار بھی کیا تھا کہ عدم تعمیل کی صورت میں وکی پیڈیا کو ملک میں بلاک کر دیا جائے گا۔

  • بلوچستان میں بارشوں سے موبائل اور انٹرنیٹ سروس متاثر، بحالی کا کام جاری

    بلوچستان میں بارشوں سے موبائل اور انٹرنیٹ سروس متاثر، بحالی کا کام جاری

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے باعث متاثر موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی بحالی کا کام جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے آپٹیکل فائبر کیبل کو نقصان پہنچا ہے۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، زیارت، خضدار، لورالائی، پشین، چمن، پنجگور، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں وائس اور ڈیٹا سروسز متاثر ہوئی ہیں۔

    پی ٹی اے کے مطابق بلوچستان کے متاثرہ اضلاع میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں، پی ٹی اے متاثرہ اضلاع میں ٹیلی کام سروسز کی صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔

  • عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹک ٹاک صارفین کے لئے بُری خبر

    عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹک ٹاک صارفین کے لئے بُری خبر

    مختصر ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے والے عالمی پلیٹ فارم ٹک ٹاک استعمال کرنے والے صارفین کے لئے بُری خبر یہ ہے کہ پی ٹی اے نے ایک بار پھر اپیلی کیشن پر پابندی عائد کردی ہے۔

    پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی متعلقہ دفعات کی روشنی میں پی ٹی اے نے ملک میں ٹِک ٹاک ایپ اور ویب سائٹ تک رسائی کو بلاک کردیا ہے۔

    پریس ریلیز کے مطابق یہ کارروائی پلیٹ فارم پر نامناسب مواد کی مستقل موجودگی اور پلیٹ فارم کے ایسے مواد کو روکنے میں ناکامی کی وجہ سے کی گئی ہے۔

    یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی گئی، گذشتہ ماہ سندھ ہائیکورٹ نے ملک بھر میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرتے ہوئے ایپلی کیشن کو فوری طور پر ‏معطل کرنے کا حکم دیا تھا بعد ازاں یہ پابندی ختم کردی گئی تھی۔

    تیس جون کو مختصر ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے والے عالمی پلیٹ فارم، ٹک ٹاک نے اپنی سہ ماہی ‏ٹرانسپیرنسی رپورٹ جاری کی تھی، جس کے مطابق پاکستان دوسری بڑی مارکیٹ ہے جہاں ٹک ٹاک ‏کی کمیونٹی گائیڈ لائنز، ٹرمز آف سروس کی خلاف ورزی کرنے والی اور کووِڈ19-کے بارے میں ‏گمراہ کن معلومات پھیلانے والی ویڈیوز ہٹائی گئیں۔

    جنوری،2021 تا مارچ 2021 کے عرصے کے میں 61,951,327 ویڈیوز کو عالمی سطح پر ہٹایا گیا جو ‏ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی گئیں تمام ویڈیوز کے 1 فیصد سے بھی کم تھیں۔

    ٹک ٹاک نے اِن وڈیوز میں ‏سے 91.3 فیصد ویڈیوز استعمال کرنے والوں کی جانب سے رپورٹ کیے جانے سے قبل ہٹائیں جبکہ ‏‏81.8 فیصد ویڈیوز دیکھے جانے سے قبل ہٹائی گئیں اور 93.1 فیصد ویڈیوز کو پوسٹ کیے جانے ‏کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹایا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت نے ٹک ٹاک کی دنیا میں‌ قدم رکھ دیا

    یاد رہے کہ سولہ جولائی کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹک ٹاک کی دنیا میں قدم رکھا، جس کی تصدیق اُن کے ترجمان نے خود کی،ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ’صدر پاکستان اب ٹک ٹاک پر موجود ہوں گے، جہاں اُن کے مثبت اور حوصلہ افزائی سے متعلق پیغامات شیئر کیے جائیں گے‘۔

    صدارتی ہاؤس کے ترجمان نے بتایا کہ صدر پاکستان کے پیغامات بالخصوص پاکستانی نوجوانوں کے لیے ٹک ٹاک پر شیئر کیے جائیں گے، جن کے ذریعے صارفین کو متاثر کن ویڈیوز بنانے پر آمادہ کیا جائے گا‘۔

  • پی ٹی اے کا عدالت میں ٹک ٹاک ویڈیوز سنسر کرنے کے حوالے سے اہم بیان

    پی ٹی اے کا عدالت میں ٹک ٹاک ویڈیوز سنسر کرنے کے حوالے سے اہم بیان

    پشاور: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے عدالت میں بیان دیا ہے کہ ٹک ٹاک ویڈیوز سنسر کرنے کے لیے کوئی ڈیوائس موجود نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پشاور ہائی کورٹ میں ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی مواد اپ لوڈ ہونے کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت شروع ہوئی تو ڈائریکٹر ٹیکنیکل پی ٹی اے محمد فاروق نے عدالت کو بتایا عدالتی احکامات کے بعد اب تک ٹک ٹاک سے 98 لاکھ سے زائد غیر اخلاقی ویڈیوز کو ہٹایا جا چکا ہے۔

    انھوں نے کہا پی ٹی اے نے غیر اخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ ہونے سے قبل ہی سنسر کرنے کے لیے مختلف ممالک سے رابطے کیے، لیکن ٹک ٹاک ویڈیو سنسر کرنے کے لیے ابھی تک کوئی ڈیوائس موجود نہیں ہے۔

    محمد فاروق نے کہا ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی مواد اپ لوڈ کرنے والے اکاؤنٹس کے خلاف پی ٹی اے کا کریک ڈاؤن جاری ہے، اب تک ٹک ٹاک سے 98 لاکھ سے زائد غیر اخلاقی ویڈیوز کو ہٹایا گیا اور 7 لاکھ 20 ہزار اکاؤنٹ بلاک کیے جا چکے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ویڈیوز پر نظر رکھنے کے لیے ٹک ٹاک کنٹنٹ موڈریٹرز کی تعداد بڑھائی گئی ہے، پی ٹی اے کے وکیل جہانزیب محسود نے عدالت کو بتایا کہ پہلی بار ٹک ٹاک نے پاکستان کے لیے فوکل پرسن بھی مقرر کر دیا ہے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جو کام آپ کر رہے ہیں، اس کو جاری رکھیں، ہم نہیں چاہتے کہ تفریح کے لیے ٹک ٹاک بند کیا جائے، لیکن ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی مواد جو اپلوڈ ہوتا ہے، اس سے ہمارے معاشرے پر برے اثرات پڑتے ہیں، ہمیں صرف اس کی فکر ہے جو غیر اخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں، ان کو فلٹر کیا جائے۔

    عدالت نے پی ٹی اے کو ٹک ٹاک سے غیر اخلاقی مواد ہٹانے کا کام جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

    واضح رہے کہ پشاور کے رہائشی عصمت اللہ نے ٹاک ٹاک پر غیر اخلاقی مواد اپ لوڈ ہونے کے خلاف سارہ علی اور نازش مظفر ایڈوکیٹ کی وساطت سے یہ درخواست دائر کی ہے۔

  • موبائل فون صارفین کے لیے اچھی خبر

    موبائل فون صارفین کے لیے اچھی خبر

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کے لیے زبردست آن لائن سہولت متعارف کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے نے موبائل فون چھن جانے یا چوری ہو جانے کی صورت میں اسے آن لائن بند کروانے اور دوبارہ ملنے کی صورت میں آن لائن کھلوانے کا نظام متعارف کرا دیا۔

    پی ٹی اے کی جانب سے ایک ٹول فری نمبر 55055-0800 بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس پر صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک فون کر کے شکایت درج کرائی جا سکتی ہے، شکایت پر فون بلاک کر دیا جاتا ہے اور ادارے کی جانب سے صارف کو ایک شکایتی نمبر دے دیا جاتا ہے۔

    یہ شکایتی نمبر اس وقت کام آتا ہے جب موبائل فون دوبارہ ملنے کی صورت میں اسے اَن بلاک کرنا ہو، صارف اس کے لیے پی ٹی اے کے آن لائن کمپلینٹ منیجمنٹ سسٹم کے ذریعے درخواست کرے گا اور اس کے لیے اسے ٹریکنگ آئی ڈی یا شکایتی نمبر کا حوالہ دینا ہوگا۔

    صارفین اپنی شکایت کے سلسلے میں ایس ایم ایس یا آن لائن اسٹیٹس بھی معلوم کر سکتے ہیں، یعنی شہری چوبیس گھنٹے بعد ایس ایم ایس اور آن لائن پی ٹی اے کی ویب سائٹ یا اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے اسٹیٹس معلوم کر سکے گا۔

    واضح رہے کہ سی پی ایل سی کے ریکارڈ کے مطابق کراچی میں یومیہ اوسطاً 70 سے 75 موبائل فونز چھینے جاتے ہیں، رواں سال اب تک شہریوں سے لگ بھگ 10 ہزار موبائل فونز چھینے جا چکے ہیں، جب کہ سال 2020 میں کراچی کے شہریوں سے 21 ہزار 558 موبائل فونز چھینے گئے تھے۔

  • پاکستان میں سوشل میڈیا پر چند گھنٹوں کے لیے پابندی لگ گئی

    پاکستان میں سوشل میڈیا پر چند گھنٹوں کے لیے پابندی لگ گئی

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں سوشل میڈیا کو چند گھنٹوں کے لیے بند کر دیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آج چند گھنٹوں کے لیے ٹوئٹر، فیس بک، یو ٹیوب اور واٹس ایپ چند گھنٹوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔

    وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا 11 بجے سے 3 بجے تک بند رہے گا، پی ٹی اے نے وزارت داخلہ کی ہدایت پر سروسز کو بند کیا ہے۔

    پاکستان میں چند گھنٹوں کے لیے ٹوئٹر، فیس بک، یوٹیوب، واٹس ایپ کے ساتھ ساتھ انسٹا گرام، ٹک ٹاک اور ٹیلی گرام بھی چند گھنٹوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔

    اعلان کے بعد ملک بھر میں فیس بک، ٹوئٹر، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بند ہو گئی ہیں۔