Tag: PTI and JI

  • بلدیاتی انتخابات پر پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی میں رابطہ

    کراچی: بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی میں رابطہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی بدلتی سیاسی صورت حال کے منظرنامے میں پاکستان تحریک انصاف نے جماعت اسلامی سے رابطہ کیا ہے، پی ٹی آئی کے پارلیمانی رہنما خرم شیر زمان نے حافظ نعیم الرحمٰن کو فون کر کے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔

    خرم شیرزمان نے فون پر کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہمیں مل کر حکمت عملی بنانی چاہیے۔

    حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے، جماعت اسلامی نے گراؤنڈ پہ رہ کر کراچی کے مسائل کے حوالے سے جدوجہد کی، اور ہم بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کسی ابہام کا شکار نہیں ہیں۔

    خرم شیر زمان نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ کی قیادت حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات پر غور کر رہی ہے، بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

    ذرائع جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ دونوں طرف کی قیادت آپس کے مشورے کے بعد مشترکہ حکمت عملی کی طرف جا سکتی ہیں، تاہم تحریک انصاف کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ابہام سے نکلنا ہوگا۔

  • این اے246 :پی ٹی آئی اور جے آئی کی متفقہ امیدوار لانے کیلئے کوششیں تیز

    این اے246 :پی ٹی آئی اور جے آئی کی متفقہ امیدوار لانے کیلئے کوششیں تیز

    کراچی: تحریکِ انصاف نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے دوچھیالیس میں متفقہ امیدوار لانے کیلئے کوششیں تیزکردی ہیں ، تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پی ٹی آئی کے حق میں اپنے میدوار سے دستبردار ہوجائے۔

    کراچی کے ضمنی انتخاب میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، ایم کیوایم کو ان ہی کے گڑھ سے شکست دینے کیلئے تحریکِ انصاف اور جماعت اسلامی نے انتخابی مہم تیز کردی ہیں۔

    تحریک انصاف کے رہنماء نعیم الحق نے کہا ہے جماعت اسلامی حلقہ این اے دوچھیالیس سے تحریکِ انصاف کے حق میں اپنے امیدوار سے دستبردار ہوجائے۔

    جماعتِ اسلامی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں میں ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں لیکن این اے دوچھیالیس پر تحریک انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے۔