Tag: pti camp

  • کراچی: پی ٹی آئی کا کیمپ کس نے ہٹایا؟ معمہ بن گیا

    کراچی: پی ٹی آئی کا کیمپ کس نے ہٹایا؟ معمہ بن گیا

    کراچی : شہرِ قائد کے علاقے کریم آباد میں پی ٹی آئی کا گرایا جانے والا انتخابی کیمپ کس نے ہٹایا معمہ بن گیا ہے، تحریکِ انصاف کے امیدوارعمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کیمپ ہٹانے میں وہی عناصر ملوث ہیں، جنہوں نے رات میں حملہ کیا۔

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے246 کا انتخابی دنگل سج گیا اور سیاسی درجہ حرارت میں ہر گزرتے دن کیساتھ اٖضافہ ہورہا ہے۔

    گزشتہ روز گرایا گیا پی ٹی آئی کیمپ آج کس نے ہٹایا کسی کو نہیں معلوم، اے آر وائی سے گفتگو میں عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ مخالفین شکست دیکھ کربوکھلا گئے ہیں۔

    تحریک انصاف کے امیدوار کا کہنا تھا کہ دوبارہ کیمپ لگا کر انتخابی سرگرمیاں شروع کریں گے۔

    یاد رہے کہ کریم آباد میں پی ٹی آئی کے الیکشن کیمپ پر نامعلوم افراد نے دھاوا بول دیا تھا، ایم کیوایم  کا کہنا تھا کہ یہ انکے کارکن نہیں، ایم کیوایم کے رہنماء حیدرعباس رضوی نےاے آروائی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے کیمپ پر وہ خود بیٹھیں گے۔

    پی ٹی آئی نے الزام لگایا جنہوں نے اکھاڑا تھا وہی سامان بھی لے گئے۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید نے پی ٹی آئی کا کیمپ خود لگانے کی پیش کش کردی۔

    واضح رہے کہ کراچی میں نبیل گبول کی نشست پر ضمنی الیکشن تئیس اپریل کو ہورہےہیں، تحریک انصاف نے ایم کیوایم کے گڑھ سے امیدوار کھڑا کردیا۔ جس سےسیاسی گرما گرمی پیدا ہوگئی ہے۔

  • متحدہ رہنماؤں نے پی ٹی آئی کا کیمپ دوبارہ بحال کردیا

    متحدہ رہنماؤں نے پی ٹی آئی کا کیمپ دوبارہ بحال کردیا

    کراچی : این اے دوسو چھیالیس کا علاقہ اس وقت انتہائی کشیدہ صورتحال کا شکار ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے کریم آباد پہنچ کر صورت حال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی، اور پی ٹی آئی کے تباہ حال کیمپ کو بحال کرنے کیلئے اقداما ت کئے۔

    رہنماؤں میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، حیدر عباس رضوی، آصف حسنین، این اے دو سو چھیالیس کے امیدوار کنور نوید جمیل ودیگر بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے، حیدر عباس رضوی نے کہا کہ موجودہ صورتحال ایم کیو ایم کیلئے بھی انتہائی نقصان دہ ہے، ہم نے مشتعل افراد سے ہاتھ جوڑ کر پر امن رہنے کی درخواست کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ ایم کیو ایم کے کارکنان نہیں علاقہ مکین ہیں، جو قائد تحریک الطاف حسین کے نعرے لگا رہےتھے، انہوں نے کہا کہ ہمیں جیسے ہی خبر ملی ہم فوری طور پر کریم آبا د پہنچے اور صورت حال کو کنٹرول کرتے کی کوشش کی۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے  پی ٹی آئی کے کیمپ کو اپنے ہاتھوں سے ٹھیک کیا، انہوں نے کہا کہ میں کل خود اس کیمپ میں بیٹھوں گا تاکہ پھر کوئی ایسا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔