Tag: PTI Karachi

  • تحریک انصاف کراچی کی نگراں کمیٹی کا اعلان

    تحریک انصاف کراچی کی نگراں کمیٹی کا اعلان

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 17 رکنی کراچی نگراں کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے چیئرمین پی ٹی آئی سے منظوری کے بعد پی ٹی آئی کراچی کیلئے نگراں کمیٹی کے عہدیداران کے ناموں کا اعلان کردیا۔

    حلیم عادل شیخ نے کراچی ڈویژن کیلئے نگراں کمیٹی قائم کردی، جس کا نوٹی فکیشن پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری نے جاری کیا ہے۔

    نگراں کمیٹی ایک ہفتے میں 7 اضلاع کے عہدیداروں کے نام فائنل کرے گی اور ٹاؤن، یو سی اور بلاک سطح پر تنظیم کو مکمل کرے گی۔

    کراچی نگراں کمیٹی میں خرم شیر زمان کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر شہاب امام ایڈووکیٹ سیکرٹری کمیٹی ہوں گے۔

  • آفتاب صدیقی کو کراچی کا صدر منتخب کر رہا ہوں، سب سپورٹ کریں: عمران خان

    آفتاب صدیقی کو کراچی کا صدر منتخب کر رہا ہوں، سب سپورٹ کریں: عمران خان

    لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پی ٹی آئی کراچی قیادت کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ میں آفتاب حسین صدیقی کو کراچی کا صدر منتخب کر رہا ہوں، سب سپورٹ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور کے زمان پارک میں پی ٹی آئی سندھ کے وفد کی چیئرمین عمران خان سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر، سندھ کے صدر علی زیدی، جنرل سیکریٹری مبین جتوئی، حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان، بلال غفار، ارسلان تاج، شہزاد قریشی، سدرہ عمران، اکرم چیمہ، آفتاب صدیقی، اسلم خان، فہیم خان، آفتاب جہانگیر اور عالمگیر خان شریک تھے۔

    اجلاس میں علی زیدی نے سندھ کی مجموعی سیاسی صورت حال سے چیئرمن پی ٹی آئی عمران خان کو آگاہ کیا، سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے نتائج سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی، عمران خان کی جانب سے آفتاب صدیقی کو کراچی کا نیا صدر مقرر کیا گیا۔

    پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    اجلاس میں عمران خان نے واضح کیا کہ بلال غفار مرکزی نائب صدر اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی معاشی ٹیم کا حصہ ہوں گے، عمران خان کی جانب سے خرم شیر زمان کو پی ٹی آئی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ممبر نامزد کیا گیا۔

    عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں شکست کی وجہ تنظیمی قیادت اور سابق ایم این ایز اور ایم پی ایز میں کورآڈنیشن نہ ہونا تھا، میں کراچی میں تنظیمی سیٹ اپ مضبوط چاہتا ہوں، عمران خان نے نئے کراچی صدر کو ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن جیتنا ہے تو ڈور ٹو ڈور مہم چلانا ہوگی۔

    عمران خان نے تمام رہنماؤں کو ہدایت کی کہ کراچی کے ضمنی الیکشن کی مہم تیز کریں، عوام میں جائیں، کارنر میٹنگز کریں۔ انھوں نے کہا کہ تمام جماعتیں مل کر سیٹ ایڈجسمنٹ کر سکتی ہیں اس لیے بہت محتاط رہیں، کراچی الیکشن سے پہلے اگر میں ٹھیک ہو گیا تو جلسہ کرنے آؤں گا ورنہ ویڈیو لنک سے خطاب کروں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ماضی میں بھی ساری جماعتوں نے پی ٹی آئی کا مقابلہ کیا پھر بھی شکست مقدر بنی۔

  • پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار کو عہدے سے ہٹا کر آفتاب صدیقی کو پارٹی کا نیا صدر نامزد کر دیا ہے۔

    پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں سندھ کے صدر کو بھی تبدیل کر دیا جائے گا۔

    پی ٹی آئی کراچی کی تنظیم میں رد و بدل کی منظوری عمران خان نے دی ہے، پارٹی چیئرمین نے کراچی سے جیتنے والے 9 ایم این ایز کو ضمنی انتخاب میں دوبارہ ٹکٹ دینے کی بھی منظوری دے دی۔

    پی ٹی آئی کراچی کی صدارت بلال غفار سے لیے جانے کا امکان

    ذرائع کے مطابق یہ فیصلے پی ٹی آئی سندھ کے رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات میں کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز نے گزشتہ روز خبر دی تھی کہ زمان پارک میں پی ٹی آئی کراچی کی قیادت اور سابق ایم این ایز کے بلائے گئے اجلاس میں بلال غفار کو عہدے سے ہٹائے جانے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

  • پی ٹی آئی کراچی کی صدارت بلال غفار سے لیے جانے کا امکان

    پی ٹی آئی کراچی کی صدارت بلال غفار سے لیے جانے کا امکان

    کراچی: پی ٹی آئی کراچی کی صدارت بلال غفار سے لیے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ضمنی انتخابات کے معاملے پر عمران خان نے پی ٹی آئی کراچی کی قیادت اور سابق ایم این ایز کو لاہور طلب کر لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کراچی کی صدارت بلال غفار سے لے کر آفتاب صدیقی کو دیے جانے کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔

    اجلاس میں عمران خان کو کراچی ضمنی انتخابات کی تیاریوں پر بریفنگ دی جائے گی، اجلاس آج 4 بجے عمران خان کی قیادت میں زمان پارک میں ہوگا۔

    ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق سابق ایم این ایز کو ضمنی الیکشن میں مختلف ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، چیئرمین پی ٹی آئی کراچی کی قیادت کے حوالے سے اہم فیصلہ کریں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کراچی کی صدارت بلال غفار سے لے کر آفتاب صدیقی کو دینے کا بھی اعلان کر سکتے ہیں۔

  • عامر لیاقت کا انتقال: صدر اور وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس

    عامر لیاقت کا انتقال: صدر اور وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس

    کراچی: صدر مملکت،وزیراعظم ، آصف زرداری سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے عامر لیاقت حسین کی ناگہانی موت پر اظہار افسوس کیا اور مرحوم عامر لیاقت کیلئے دعائےمغفرت اور بلند درجات بلندی کی دعاکی، اپنے تعزیتی پیغام میں صدر مملکت نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور صبر جمیل کی دعا کی۔

    وزیرِاعظم شہباز شریف نے عامر لیاقت حسین کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے اُن کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند اور سوگواران کوصبرِجمیل عطا کرے۔

    آصف زرداری کی جانب سے بھی ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال پر اظہار افسوس کیا گیا جبکہ بلاول بھٹو نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ عامر لیاقت نے صحافت سے لیکر سیاست تک متحرک زندگی گزاری اور مختلف شعبہ جات میں صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

    یہ بھی پڑھیں: رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عامر لیاقت کے انتقال کی خبر سے سخت صدمہ ہوا، مرحوم کے جنت میں بلندی درجات اور سوگواران کے صبر جمیل کیلئے دعاگو ہوں۔

    نائب صدر مسلم لیگ نون مریم نواز نے بھی عامر لیاقت کی فیملی سےدلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سےدعاگو ہوں کہ عامرلیاقت کی مغفرت فرمائے۔

    اسے بھی پڑھیں: عامر لیاقت کا انتقال: قومی اسمبلی کا اہم ترین اجلاس ملتوی

    سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سے اچھا تعلق رہا،عامر لیاقت نے پی ٹی آئی کیساتھ سیاسی سفر میں بھرپور کرداراداکیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب ، پی ٹی آئی کراچی ریجن، ایم کیو ایم پاکستان، بابر غوری ، سینیٹر فروغ نسیم ،سابق گورنر عشرت العباد خان کا بھی عامر لیاقت کےانتقال پراظہار افسوس کیا اور مرحوم کے بلند درجات کی دعا کی۔

  • حقیقی آزادی لانگ مارچ: تحریک انصاف کا کراچی میں  نمائش چورنگی پر دھرنا دینے کا فیصلہ

    حقیقی آزادی لانگ مارچ: تحریک انصاف کا کراچی میں نمائش چورنگی پر دھرنا دینے کا فیصلہ

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں حقیقی آزادی لانگ مارچ کیلئے نمائش چورنگی پر دھرنا دینے  کا فیصلہ کرلیا ، صورتحال کے مطابق دیگر مقامات بند کرنے کا فیصلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق حقیقی آزادی لانگ مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں کراچی میں نمائش چورنگی پر دھرنا دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    ذرائع پی ٹی آئی نے کہا کہ ابتدائی طور پر شہر میں ایک مقام کو بند کیا جائے گا اور صورتحال کے مطابق دیگر مقامات بند کرنے کا فیصلہ ہوگا۔

    ذرائع نے بتایا کہ احتجاج میں کارکنان کےعلاوہ فیملیز کی بھر شرکت ہوگی تاہم قیادت کی ممکنہ گرفتاری اور احتجاج کا پلان بی اور سی بھی ترتیب دیا گیا ہے۔

    اسلام آباد لانگ مارچ کی سرگرمیاں براہ راست اسکرین پر دکھائی جائیں گی اور بلال غفار کراچی میں لانگ مارچ کے اجتماع کی قیادت کریں گے۔

    بلال غفار نے کہا کہ ہمارے دورمیں اسلام آباد میں 5لانگ مارچ آئے جنہیں نہیں روکا گیا، 25 مئی کوعمران خان کالانگ مارچ جمہوری اورجائز ہے ، پاکستان کےعوام رجیم چینج آپریشن کوکسی قیمت پرقبول نہیں کررہے۔

    پی ٹی آئی کراچی کے صدر کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کیلئے کراچی میں بھی عوامی احتجاج کیا جائے گا، کراچی کے شہری اس انقلاب کا حصہ بننےکیلئے شریک ہوں، مارچ روکنےکی کوشش جمہوریت کاقتل کرنےکے مترادف ہوگا۔

  • ‘کراچی تیار ہو جاؤ، خان آ رہا ہے’

    ‘کراچی تیار ہو جاؤ، خان آ رہا ہے’

    اسلام آباد: قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان نے عوام سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز کراچی سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں اسد عمر نے کراچی والوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ کراچی والوں تیار ہوجاؤ، خان آرہا ہے۔

    اسد عمر نے لکھا کہ پاکستان تحریک انصاف اتوار سترہ اپریل کو مزار قائد پر عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کررہی ہے، انشاءاللہ پاکستان دیکھے گا کراچی اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ ایک خوددار خودمختار پاکستان کے لئے کھڑا ہے۔

    واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی سے تمام پی ٹی آئی ارکان مستعفی ہوگئے تھے، سابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں ان چوروں کیساتھ اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا، مجھ اکیلے کوب ھی استعفیٰ دینا پڑا تو میں استعفیٰ دوں گا۔

    اس کے بعد قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ کا امیدوار تھا ،الیکشن کا بائیکاٹ کرتا ہوں، پی ٹی آئی اس ناجائز عمل میں شامل نہیں ہوگی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنان نے مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں، لاہور میں لبرٹی چوک پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے عمران خان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی تاریخ ساز احتجاجی مظاہرے کیے گئے جہاں پی ٹی آئی کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی، اس کے علاوہ اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا جب کہ راولپنڈی میں لیاقت باغ پر مظاہرین موجود رہے۔

  • کراچی : پی ٹی آئی کارکنان کا کلفٹن تھانے کے باہر دھرنا

    کراچی : پی ٹی آئی کارکنان کا کلفٹن تھانے کے باہر دھرنا

    کراچی : پی ٹی آئی کراچی کے رہنما کے گھر پر پولیس کے چھاپے اور دیگر کارکنان کی گرفتاری کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن تھانے کے باہر پی ٹی آئی رہنماؤں نے پولیس کارروائی کے خلاف کلفٹن تھانے کے باہر دھرنا دیا۔

    اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان نے گرفتار افراد کی رہائی تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے کہا کہ سندھ حکومت انتقام کی آگ میں جل رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جیالی سرکار کی پولیس بھی جیالی بن چکی ہے، پی ٹی آئی رہنما مراد شیخ کے گھر پر بغیر وارنٹ چھاپہ مارا کر چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔

    بلال غفار نے کہا کہ کارکنان کے اہل خانہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، کارکنان رمیش کمار کی رہائش گاہ سےکافی دور احتجاج کررہے تھے۔

    اس حوالے سے وفاقی علی حیدر زیدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ پرامن مظاہرین کو سندھ حکومت گرفتار کروا رہی ہے،کارکنان نے پی ٹی آئی سے منحرف ہونے والے ایک اقلیتی ایم این اے کے گھر کے باہر پرامن احتجاج کیا تھا۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے ایف آئی آر میں موجودہ ایم پی اے کو بھی نامزد کیا ہے، بلاول زرداری کے لہجے، چہرے اور رویے دونوں پر گھبراہٹ کے آثار نمایاں ہیں۔

  • نااہلی کیس کا فیصلہ، پی ٹی آئی کا قرآن خوانی کا اہتمام، عمران خان کے حق میں فیصلہ آنے کیلئے دعائیں

    نااہلی کیس کا فیصلہ، پی ٹی آئی کا قرآن خوانی کا اہتمام، عمران خان کے حق میں فیصلہ آنے کیلئے دعائیں

    کراچی : سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل پی ٹی آئی نے کراچی میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا ، جس میں عمران خان کے حق میں فیصلہ آنے کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل کراچی میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ، جس میں عمران خان کے حق میں فیصلہ آنے کیلئے دعائیں مانگی گئی۔

    پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے امید ہے کہ آج کا فیصلہ حق اور سچ کا ہوگا، عمران خان سرخرور ہوں گے اور فتح سے ہمکنارہوں گے۔

    خیال رہے سپریم کورٹ آج عمران خان اور جہانگیرترین نااہلی کیس کا فیصلہ آج دوپہر2بجےسنائے گی۔


    مزید پڑھیں : عمران خان اور جہانگیرترین نااہلی کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا


    نااہلی سے متعلق درخواستیں رہنما ن لیگ حنیف عباسی نے دائرکی تھیں ، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نےآف شورکمپنی ظاہرنہیں کی، عمران خان نےبنی گالہ پراپرٹی بھی ظاہرنہیں کی

    عمران خان اور جہانگیرترین نااہلی کیس کی سماعت پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کی اور سماعت58پیشیوں میں مکمل کی گئی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کو ہاٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور عمران خان کے کیسز میں بہت فرق ہے، سپریم کورٹ میں 60 دستاویزات جمع کروائیں، ایک بھی غلط ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔