Tag: PTI leader

  • پی ٹی آئی رہنما مشال یوسفزئی کو سینیٹ کا ٹکٹ جاری

    پی ٹی آئی رہنما مشال یوسفزئی کو سینیٹ کا ٹکٹ جاری

    لاہور(30 جولائی 2025) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مشال یوسفزئی کو خواتین کی نشست پر سینیٹ کا ٹکٹ جاری کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مشال یوسفزئی کو سینیٹ کا ٹکٹ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر جاری کیا گیا ہے۔

    پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے پارٹی کے دیگر امیدواروں کو 30 جولائی تک دستبردار ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    جن امیدواروں کو دستبردار ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ان میں ساجدہ بیگم، مومنہ باسط، سمیرا شمس، صائمہ خالد شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا خواتین کی نشست پر سینیٹ ضمنی انتخاب 31 جولائی کو ہوگا۔

    یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کی سینیٹر ثانیہ نشتر کی خالی ہونے والی نشست پر سینیٹ الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پولنگ 31 جولائی کو ہوگی۔

    دوسری جانب مریم ریاض وٹو، جو سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کی بہن ہیں، نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بشریٰ بی بی نے مشال یوسفزئی کو کسی بھی عہدے کے لیے بشمول سینیٹ نشست، نامزد کرنے کی کوئی سفارش نہیں کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں سو فیصد یقین سے کہہ سکتی ہوں کہ بشریٰ بی بی نے مشال یوسفزئی کی کسی بھی کردار کے لیے سفارش نہیں کی۔ مجھے نہیں معلوم کہ انہیں (مشال) کس نے نامزد کیا۔”

    مریم ریاض وٹو نے مزید کہا کہ ایڈووکیٹ سیف نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو ایک فہرست پیش کی تھی۔ ہمیں نہیں معلوم کہ عمران خان کو کیا بتایا گیا، کیا بات پہنچائی گئی یا کون سی منظوری لی گئی۔

  • عالیہ حمزہ کو اڈیالہ سے دوسری جیل بھیج دیا گیا

    عالیہ حمزہ کو اڈیالہ سے دوسری جیل بھیج دیا گیا

    جہلم : پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما عالیہ حمزہ کو اڈیالہ جیل سے دوسری جیل میں منتقل کردیا گیا ہے، انہیں گزشتہ روز راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو اڈیالا جیل سے ڈسٹرکٹ جیل جہلم روانہ کردیا گیا ہے۔

    عالیہ حمزہ اور پی ٹی آئی کے دیگر گرفتار کارکنان کے خلاف تھانہ ائیرپورٹ اسلام آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کو آج اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جس کے بعد عدالت سے 14روز کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل میں قیدیوں کیلیے جگہ نہ ہونے کے باعث عالیہ حمزہ کو وہاں سے جہلم جیل منتقل کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : عالیہ حمزہ اور کارکنان کیخلاف مقدمہ درج

    واضح رہے کہ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کمال دین میں احتجاج کرنے پر رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عالیہ حمزہ اور کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    عالیہ حمزہ اور کارکنان کے خلاف مقدمہ کار سرکار میں مداخلت اور روڈ بلاک کرنے کی دفعات کے تحت تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے درج کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے سڑک بلاک کر کے احتجاج اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔

     

  • اٹک : پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی ڈسٹرکٹ جیل اٹک سے رہا

    اٹک : پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی ڈسٹرکٹ جیل اٹک سے رہا

    اٹک : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اعظم سواتی کو ڈسٹرکٹ جیل اٹک سے رہا کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق عدالتی روبکار وصول ہونے پر ڈسٹرکٹ جیل سے اعظم سواتی کو رہا کردیا گیا ہے، لاہور ہائی کورٹ نے 3 روز قبل سنگجانی جلسہ کیس میں ضمانت منظور کی تھی۔

    واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر کو گزشتہ سال اکتوبر میں احتجاجی مظاہرے کے دوران اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں اٹک جیل منتقل کیا گیا۔

    گرفتاری کے اگلے ماہ نومبر میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی اور ضلعی عدالت نے 8 مختلف مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما کی ضمانت منظور کی تھی اور رہائی کا حکم دیا تھا۔

    عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد انہیں اٹک جیل سے رہا کردیا گیا تھا لیکن جیل سے نکلتے ہی ایک بار پھر انہیں کسی دوسرے مقدمے میں نامزد ہونے پر دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق سابق وزیر اعظم سواتی اور دیگر رہنماؤں کے خلاف تھانہ ٹیکسلا اور حسن ابدال میں متعدد مقدمات درج ہیں۔

    یاد رہے کہ مذکورہ مقدمہ تھانہ سنگجانی میں درج کیا گیا تھا، مقدمے کے متن میں لکھا ہے کہ عمران خان کے اُکسانے پر علی امین گنڈاپور نے سرکاری وسائل کا غلط استعمال کیا۔

    مقدمے کے مطابق اعظم سواتی نے مظاہرین کی مالی معاونت کی، مظاہرین نے دو عدد بارہ بورگن، بارہ اینٹی رائٹ کٹس، دو وائرلیس سیٹ اورپانچ عدد ٹیئرگیس شیل چھینی جبکہ مظاہرین نے پولیس پارٹی پرقتل کی نیت سے فائرنگ بھی کی، اہلکاروں نے درختوں کے پیچھے چھپ کر جان بچائی۔

    مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت، اغواء، ڈکیتی، سرکاری اسلحہ چھیننے سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

  • پی ٹی آئی رہنما کا قتل، پولیس نے کرائے کے قاتل کو بھی گرفتار کر لیا

    پی ٹی آئی رہنما کا قتل، پولیس نے کرائے کے قاتل کو بھی گرفتار کر لیا

    لاہور: پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شاہد صدیق کے قتل میں ملوث کرائے کے قاتل کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور اسپتال کے مالک ڈاکٹر شاہد کے قتل میں پیش رفت ہوئی ہے، آرگنائزڈ کرائم یونٹ اقبال ٹاؤن نے قتل میں ملوث شوٹرز کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کرائے کے قاتل شہریار اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن کے ساتھ مقتول ڈاکٹر شاہد صدیق کے بیٹے قیوم نے ایک کروڑ 60 لاکھ میں ڈیل کی تھی۔

    پولیس حکام کے مطابق قیوم نے شوٹرز کی مدد سے والد کو قتل کروایا، ڈاکٹر شاہد کے قتل کا مقدمہ ان کے دوسرے بیٹے تیمور کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جس کے مطابق ڈاکٹر شاہد صدیق اپنی گاڑی میں بیٹھنے لگے تو شوٹر نے فائرنگ کر دی۔

    مقتول پی ٹی آئی رہنما کا بیٹا قیوم سامنے اپنی کار کے باہر بیٹھا باپ کو قتل ہوتے دیکھ رہا تھا، قتل کی واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی پہلے ہی برآمد ہو چکی ہے، پولیس حکام کے مطابق مرکزی ملزمان شہریار، شہریار کے والد سجاد اور چچا شاہد نے مل کر قتل کیا، جب کہ ملزم شہریار نے 16 لاکھ 75 ہزار روپے وصول کیے تھے۔

  • پی ٹی آئی کے ایک اور عہدیدار مستعفی

    پی ٹی آئی کے ایک اور عہدیدار مستعفی

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری کے عہدے سے عمر ایوب کے استعفیٰ کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور رہنما جنید اکبر  نے بھی پارٹی کی کور کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی ممبر اسمبلی جنید پارٹی قیادت سے متعلق کھل کر سامنے آگئے، ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میرا گھر ہے، میں کسی گروپ کا حصہ ہوں نہ کبھی ہوں گا۔

    انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر بعض عہدیداران پر ذاتی مفادات رکھنے اور پارٹی کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کے چند مخصوص لوگ بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملنے جاتے ہیں لیکن ہمیں ملنے نہیں دیا جاتا۔

    جنید اکبر

    جنیداکبر کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کے ایک دوسرے کے ساتھ مفادات ہیں، ہمیں صرف یہی بتایا جاتا ہے موجودہ پارٹی پالیسی بانی پی ٹی آئی کی ہے۔

    رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ سارے فیصلوں کے بینفشری یہی لوگ اور خاندان ہیں، میں کارکنان کی تنقید کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔

    رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پارٹی فیصلوں میں میرا کوئی اختیار نہیں اور نہ ہی بانی پی ٹی آئی تک میری رسائی ہے، کارکنان کے ساتھ مل کر احتساب کیلئے تحریک شروع کریں گے۔

    یاد رہے کہ تحریک انصاف رہنما کا یہ استعفیٰ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

    عمر ایوب جو کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی ہیں نے 22 جون کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا جسے بانی چیئرمین عمران خان نے قبول کرلیا۔

    اپنے استعفے میں عمر ایوب نے لکھا کہ ان کے لیے پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے طور پر کام جاری رکھنا ممکن نہیں، میں بطور اپوزیشن لیڈر پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے انصاف نہیں کر پا رہا تھا۔

    انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ وہ پی ٹی آئی کے مرکزی مالیاتی بورڈ کے چیئرمین کے عہدے سے بھی سبکدوش ہو جائیں گے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی ورکر کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔

    بعد ازاں پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے عمر ایوب کا بطور سیکریٹری جنرل استعفیٰ مسترد کرتے ہوئے ان کا استعفی منظور نہ کرنے کی قرار داد پیش کر دی قرارداد میں کہا گیا کہ انہوں نے مشکل ترین حالات میں پارٹی معاملات کو چلایا۔

  • پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما پر نامعلوم افراد کا تشدد، اسپتال منتقل

    پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما پر نامعلوم افراد کا تشدد، اسپتال منتقل

    پشاور : پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے رہنما کو نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کردیا، علی زمان ایڈووکیٹ کو طبی امداد کیلیے مقامی اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی کے پی) کے رہنما اور پی کے 73 سے سابق امیدوار علی زمان ایڈووکیٹ کو عیدگاہ روڈ پر نامعلوم ملزمان نے زدوکوب کیا۔

    نامعلوم افراد کے بہیمانہ تشدد سے پی ٹی آئی رہنما علی زمان ایڈووکیٹ شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کی فراہمی کیلئے فوری طور پر ایل آرایچ اسپتال منتقل کیا گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور ان کی عیادت کیلئےایل آرایچ اسپتال پہنچ گئے۔

    اس کے علاوہ سابق گورنرشاہ فرمان، اسپیکر بابر سلیم سواتی، وزرا مینا خان، ظاہر شاہ اور پختون یار نے بھی علی زمان ایڈووکیٹ کی عیادت کی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن پر بھی اسلام آباد کے علاقے جی سیون میں خواجہ سراؤں نے بلیڈ سے حملہ کرکے ان کو شدید زخمی کردیا تھا۔

  • شیر افضل مروت خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے

    شیر افضل مروت خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شیر افضل مروت خوفناک حادثے سے بال بال بچ  گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کی گاڑی ڈیرہ اسماعیل خان سے اسلام آباد آتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئی، گاڑی کے 2 ٹائر ڈی آئی خان موٹروے پر پھٹ گئے۔

    اے آر وائی نیوز راولپنڈی کے نمائندے بابر ملک کا کہنا ہے کہ مین شاہراہ پر چلتے ہوئے گاڑی اگلا اور پچھلا ٹائر دھماکے سے پھٹا تاہم گاڑی معجزانہ طور پر الٹنے سے بچ گئی۔

    گاڑی میں سوار ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت اور ان کے دیگر ساتھی زخمی ہونے سے محفوظ رہے۔ بعد ازاں شیر افضل مروت دوسری گاڑی میں بیٹھ کر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئے۔

  • ’مولانا فضل الرحمان بیانات دے کر اپنا ریٹ بڑھا رہے ہیں‘

    ’مولانا فضل الرحمان بیانات دے کر اپنا ریٹ بڑھا رہے ہیں‘

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان بیانات دے کر صرف اپنا ریٹ بڑھا رہے ہیں۔

    پاکستا تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رہنما بابر اعوان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف دو اور شہباز شریف تین مرتبہ وزیراعلیٰ رہے، نواز شریف 4 اور شہباز شریف ایک مرتبہ وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ اب پانچویں بار وزارت عظمیٰ کے لیے بھی ٹرائی کر رہے ہیں، مینڈیٹ چوروں نے نوازشریف کو اپنا چیف چُنا تھا پھر اس کا مینڈیٹ بھی چوری کرلیا۔

    ایڈووکیٹ بابراعوان کہتے ہیں اب جو وزارتِ عظمیٰ ہوگی اس کا چیف ایگزیکٹیو مینڈیٹ چوروں کا سرغنہ ہوگا اور جو اِنہیں ووٹ دے کرہم پر مسلط کرے گا وہ قومی مجرم ہوگا۔

    پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان بیانات دے کر صرف اپنا ریٹ بڑھا رہے ہیں، وہ بہت زبردست بیان دے رہے ہیں لیکن مولانا صاحب واضح کریں اپوزیشن کرنا چاہتے ہیں یا ریٹ بڑھارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس میں جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر نتائج کو مسترد کرتے ہوئے اپوزیشن میں بیٹھنےکا اعلان کیا تھا ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں، ہم اپوزیشن میں بیٹھتے ہیں۔

  • پرویزالٰہی رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار

    پرویزالٰہی رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودہری پرویزالٰہی کو پولیس لائن سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔

    پرویزالٰہی سردارعبدالرازق ایڈووکیٹ کی گاڑی میں پولیس لائنز سے باہرآئے تھے، ان کے وکیل سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ اور ڈرائیور کو اتار کر پرویزالٰہی کو گاڑی کے ساتھ لے جایا گیا۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے  پرویز الٰہی کی تھری ایم پی او کے تحت نظربندی معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

    اس حوالے سے ان کے وکیل عبدالرازق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ پرویزالٰہی کو عدالتی حکم پر رہا گیا تھا لیکن دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدالتی فیصلے کے بعد حکم نامہ  لے کر چودہری پرویزالٰہی کی رہائی کیلئے پولیس لائنز آئے تھے۔

    عبدالرازق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی کو پولیس لائنز کے باہر سے گرفتار نہیں گاڑی سمیت اغوا کیا گیا ہے،
    انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی پرویزالٰہی میری گاڑی میں بیٹھ کر پولیس لائنز سے باہر آئے تو کچھ لوگ راستہ بند کرکے کھڑے تھے۔

    سردارعبدالرازق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کا واضح حکم تھا کہ پرویزالٰہی کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے اور ساتھ عدالت نے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج کی سماعت میں پرویزالٰہی کا تھری ایم پی او معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا، جب کہ لاہور ہائیکورٹ نے بھی پرویز الٰہی کے معاملے پر سماعت کی ہے اور اسلام آباد کے چیف کمشنر اور آئی جی جو حکم دیا ہے کہ پرویز الٰہی کو لے کر بدھ کے روز عدالت کے سامنے پیش ہوں۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس طارق محمود جہانگیری نے پرویزالہی کی ایم پی او آرڈر کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت کی۔

    اس موقع پر پرویزالٰہی کے وکیل نے کہا کہ پرویز الٰہی تین ماہ سے جیل میں ہیں، وہ کیسے نقص امن کے حالات پیدا کرسکتے ہیں، انہوں نے چار ماہ سے کوئی بیان تک نہیں دیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پرویزالہیٰ کو آج عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ اس کیس میں توہین عدالت اور محکمانہ کارروائی ہوگی۔

    دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) نے یکم ستمبر کو لاہور ہائی کورٹ کا پرویز الہیٰ کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم چیلنج کردیا ہے۔

    گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں پرویزالہٰی کی بازیابی کا کیس منگل یعنی آج کی کازلسٹ سے نکال دیا گیا تھا۔

  • ’’بجلی کی بڑھتی قیمتوں کی ذمہ دار صرف ن لیگ اور پی ڈی ایم ہیں‘‘

    ’’بجلی کی بڑھتی قیمتوں کی ذمہ دار صرف ن لیگ اور پی ڈی ایم ہیں‘‘

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ آئندہ چند مہینوں میں بجلی کی قیمت تقریباً 85 روپے فی یونٹ تک بڑھے گی، بجلی کی بڑھتی قیمتوں کی ذمہ دار صرف ن لیگ اور پی ڈی ایم ہیں۔

    اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران بجلی کی قیمت 16 روپے فی یونٹ تھی، گزشتہ 15 ماہ میں 325 فیصد اضافےسے اب تقریباً 68 روپے فی یونٹ ہے۔

    عمر ایوب کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے عوام پر مزید بوجھ ڈال رہی تھی، اب ن لیگی رہنما قیمتوں میں اضافے سے خود کو الگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    عوام یہ بات یاد رکھے کہ ن لیگ اور پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک میں مہنگائی، بجلی کی قیمت میں انتہائی ہوشربا اضافے کو جنم دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے پاکستان کو مہنگی درآمدی توانائی پر منحصر کیا، پیدا ہونے والی 70فیصد بجلی کا انحصار درآمدی ایندھن پر ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں کمی ایندھن کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کو بڑھارہی ہے، ٹیک اینڈ پے کنٹریکٹس کی وجہ سےادائیگی اس سال 2ہزار بلین روپے کو چھو چکی ہے۔