Tag: PTI long march

  • صدقےجاؤں! بلاول صدر پاکستان کو دھمکی دے رہا ہے، شیخ رشید

    صدقےجاؤں! بلاول صدر پاکستان کو دھمکی دے رہا ہے، شیخ رشید

    عوامی مسلم کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بلاول بھٹو زرداری کو لال حویلی آنے کی دعوت دے دی ان کا کہنا ہے کہ صدقے جاؤں، بلاول صدر پاکستان کو دھمکی دے رہا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اگر واپس آنا ہو تو اس کے پاس سفارتی پاسپورٹ ہے، انہیں اگر کورونا ہے تو اللہ اس کو صحت دے اور اگرڈرونا ہے تو اللہ حوصلہ دے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ قوم سے معافی مانگتا ہوں کہ مجھے بہت پہلے ٹوئٹر پر چلے جانا چاہیے تھا، انہوں نے کہا کہ جی کا جانا ٹھہر گیا ہے،26نومبر کو راولپنڈی میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ہوگا۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ صدقے جاؤں! بلاول زرداری صدر پاکستان کو دھمکی دے رہا ہے، میں کہتا ہوں کہ بلاول دھمکی دینے سے پہلے لال حویلی سے ہوکر جائے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیکیورٹی کا اہم مسئلہ ہے، پہلے بھی انہیں مارنے کی کوشش کی گئی، ہماری کوشش ہوگی کہ عمران خان کا خطاب مغرب کے وقت سے پہلے ہوجائے کیونکہ عمران خان کو سیکیورٹی تھریٹس ہیں۔ ڈاکٹرز نے بھی عمران خان کو کہا ہے کہ وہ سفر نہ کریں۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ افواہیں زیرگردش ہیں کہ ٹیکنوکریٹ حکومت آنے والی ہے لیکن عمران خان کو کوئی ٹیکنوکریٹ حکومت قبول نہیں، عمران خان کہتا ہے کہ عدلیہ اور فوج دونوں میرے ادارے ہیں جو بھی آئے وہ میرٹ پر آئے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کا26نومبر کو تاریخی اجتماع ہوگا، سارا پاکستان راولپنڈی پہنچ رہا ہے، ہمارامطالبہ ایک ہی ہے کہ جلد از جلد صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں۔

  • صوبائی کابینہ کا اجلاس: تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ

    صوبائی کابینہ کا اجلاس: تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ

    اسلام آباد: صوبائی وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا، لانگ مارچ میں آتشبازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئندہ سدباب کی ہدایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا لا اینڈ آرڈر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکریٹری عبد اللہ سنبل، قائم مقام آئی جی اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا جبکہ کمشنرز اور آر پی اوز نے بریفنگ دی۔

    کابینہ کمیٹی نے لانگ مارچ میں آتشبازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئندہ سدباب کی ہدایت کی۔

    اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لانگ مارچ کا آج ایک پروگرام کھاریاں اور دوسرا فیصل آباد میں ہوگا۔ فیصل آباد میں ساڑھے 3 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

    راجہ بشارت نے سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔ لانگ مارچ میں ریڑھیوں سمیت غیر متعلقہ افراد کی نقل و حرکت روکنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

    راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں لانگ مارچ کی تاریخ اور پلان کا تعین قبل از وقت کیا جائے گا، تحریک انصاف قیادت سے رابطہ کر کے پلان کا حتمی فیصلہ کریں گے۔

  • حقیقی آزادی مارچ آج کھاریاں پہنچے گا، عمران خان 7 بجے خطاب کریں گے

    حقیقی آزادی مارچ آج کھاریاں پہنچے گا، عمران خان 7 بجے خطاب کریں گے

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ آج کھاریاں پہنچے گا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان شام 7 بجے بذریعہ ویڈیو لنک لانگ مارچ سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں آج کھاریاں پہنچے گا، کھاریاں میں آزادی مارچ کا کنٹینر پہنچا دیا گیا۔

    ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ آج شام 6 بجے تک قافلے لالہ موسیٰ سے کھاریاں پہنچ جائیں گے، شاہ محمود قریشی ساڑھے 7 بجے عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔

    مسرت چیمہ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خطاب 7 سے 8 بجے کے درمیان ہوگا، عوام کی جانب سے حقیقی آزادی مارچ میں بھرپور شرکت جاری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انشا اللہ ہمارا لانگ مارچ اپنے تمام مقاصد حاصل کرے گا، جمہوری اقدار سے ناواقف پی ڈی ایم کے سیاسی بونے انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، تحریک انصاف نے کھاریاں کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی اجتماع اکٹھا کیا۔

  • عمران خان پر قاتلانہ حملہ : امریکا کا اظہار مذمت

    عمران خان پر قاتلانہ حملہ : امریکا کا اظہار مذمت

    واشنگٹن : امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے صوبہ پنجاب میں عمران خان پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے پر مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا ایک سیاسی ریلی میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فائرنگ کی مذمت کرتا ہے۔

    امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ عمران خان اور دیگر زخمی جلد از جلد صحت یاب ہوں، واقعے میں جاں بحق ہونے والے شخص کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

    انٹونی بلنکن کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کو پرامن رہنا چاہیے، سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہوتی، تمام جماعتوں سے مطالبہ ہے کہ تشدد،ہراساں کرنے اور ڈرانے سے باز رہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا ایک جمہوری اور پرامن پاکستان کے لیے پُرعزم ہے، ہم پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    مزید پڑھیں : کنٹینر کے قریب فائرنگ ، عمران خان قاتلانہ حملے میں زخمی، ایک شخص جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ شام وزیرآباد میں موجود حقیقی آزادی مارچ میں کنٹینر کے قریب فائرنگ ہوئی ، جس کے نتیجے میں عمران خان زخمی ہوگئے تھے۔

    قاتلانہ حملے میں عمران خان سمیت 6 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد مارچ کے دوران بھگدڑ مچ گئی اور کینٹینر پر موجود رہنما بھی گھبرا گئے، فائرنگ کے وقت قافلہ ظفرعلی خان چوک کے قریب پہنچا تھا۔

  • حکومت نے لانگ مارچ مظاہرین سے نمٹنے کے لیے خصوصی فنڈ منظور کر لیا

    حکومت نے لانگ مارچ مظاہرین سے نمٹنے کے لیے خصوصی فنڈ منظور کر لیا

    اسلام آباد: حکومت نے لانگ مارچ کے مظاہرین سے نمٹنے کے لیے خصوصی فنڈ منظور کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان کے لانگ مارچ کے خلاف حکومت نے نئی تیاریاں کر لی ہیں، مظاہرین سے نبرد آزما ہونے کے لیے خصوصی فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔

    حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کو اس سلسلے میں خصوصی طور پر 33 کروڑ 39 لاکھ کی گرانٹ ملے گی، اس رقم کا مقصد مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی یونٹ قائم کرنا ہے۔

    لانگ مارچ کے شرکا کو کمرے نہیں دیے جائیں گے، اسلام آباد پولیس کا ہوٹلوں کو حکم

    حکومتی ذرائع کے مطابق یہ رقم وزارت داخلہ کے ماتحت ادارے کو انسداد مظاہرہ یونٹ بنا کر دینے کے لیے منظور کی گئی ہے، جس کا مقصد انسداد فساد اور بلوہ بتایا گیا ہے۔

    ادھر پولیس نے وفاقی دارالحکومت کے ہوٹلوں اور گیس ہاؤسز پر پابندی لگا دی ہے کہ لانگ مارچ کے شرکا کو کمرے نہیں دیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ آج آزادی چوک سے روانہ ہوگا، عمران خان نے حقیقی آزادی ملنے تک سفر جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کہا بند کمروں میں فیصلے ہوتے ہیں، حقیقی آزادی کی تحریک کا پہلا مرحلہ صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد ہے، کسی کا ظلم نہیں سہیں گے۔

  • اسلام آباد پر چڑھائی کی تو منہ توڑجواب دیا جائے گا، راناثنا اللہ کی ‌پھر دھمکی

    اسلام آباد پر چڑھائی کی تو منہ توڑجواب دیا جائے گا، راناثنا اللہ کی ‌پھر دھمکی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے ایک بار پھر تحریکِ انصاف کو دھمکی دی ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی کی تو منہ توڑ جواب دیا جائےگا، ابتدا آپ نے کرنی ہے انجام ہمارے پاس ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ادارے اپنی آئینی حدود میں ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان مبارک بادکامستحق ہے، ضمنی انتخابات صاف اور شفاف ہوئے۔

    رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کو الیکشن کمیشن نے ذمہ داری کیساتھ مینج کیا، کوئی نہیں کہہ سکتاکہ کل کے الیکشن میں جانبداری سے کام لیا گیا۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران نیازی شروع سے چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ہتک آمیز پروپیگنڈا کرتے ہیں، کل دوسری بار عمران خان کےجھوٹےہونےکادوسری بارثبوت فراہم ہوا ہے۔

    انھوں نے واضح کہا کہ میں آج عمران خان اور پی ٹی آئی کےدوستوں کو واضح میسج دینے آیا ہوں ، کل پی ٹی آئی نے مجموعی طورپر 5لاکھ 47ہزار652ووٹ حاصل کئے اور پی ڈی ایم کے امیدواروں نے کل 4لاکھ 75ہزار 37 ووٹ حاصل کئے۔

    رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو کہنا چاہتا ہوں اگر چاہتے ہوکہ ہم ووٹرز کے فیصلے کو تسلیم کریں تو پھر عمران خان کو بھی پی ڈی ایم امیدواروں کے ووٹرز کا احترام کرنا ہوگا، عمران خان ووٹرز کا احترام نہیں کریں گے تو ہم سے بھی نہیں ہوگا۔.

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جمہوریت یہی ہے کہ شفاف الیکشن کے نتائج کو تسلیم اور ووٹ کو عزت دی جائے، ووٹ کو عزت کا مطلب ہے کہ ووٹ کی عزت کو تسلیم کیاجائے، فیصلے کو تسلیم کیاجائے تبدیل یا ٹیمپر نہ کیا جائے۔

    ضمنی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ تم نے ننکانہ سے 78 ہزار ووٹ لیکر سے کامیابی لی تو ہمیں بھی ووٹ پڑے ہیں، خانیوال میں 2018 سے 10 ہزار زیادہ ووٹ ن لیگ کو پڑے ، اگر آپ کے ووٹوں میں 15 ہزار کا اضافہ ہوا تو ہمارے ووٹوں میں بھی 11 ہزار کا اضافہ ہواہے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جمہوریت اور جمہوری رویہ یہی ہے کہ فری اینڈ فیئرالیکشن کو تسلیم کیا جائے ، ایسا نہیں ہو سکتا حق میں ووٹ کو تسلیم اور باقیوں کوخلاف کو چور ڈاکو کہیں، یہ جمہوری رویہ نہیں اورہم اسے برداشت کریں گے نہ آگے بڑھنے دیں گے۔

    رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ہم نے رول آف لا کیلئے ساری زندگی سمجھوتہ کیا جیلیں کاٹی ہیں، ہماری ساری زندگی جمہوری جدوجہد سےعبارت ہے، ہم تمہاری طرح کرکٹ کھیلتے ہوئے جمہوریت میں نہیں آئے۔

    انھوں نے عمران خان کو کہا کہ دوسروں کی عزت کا خیال پہلے کرنا پڑتا ہے اگر اپنی عزت کا خیال ہو، آپ نے تو کارکنوں کو کہا ہوا ہے کہ مخالف سیاستدان ملے تو اسے گالیاں دیں آوازیں دیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہر حلقے میں 15سے 20 ہزارووٹ واپڈا بلوں کی وجہ سے آپ کو پڑے، باقی کچھ صوبائی حکومتوں کی بھی آپ کومددملی ہے، جب عام انتخابات ہونگے تو اس وقت نہ تو آپ کوصوبائی حکومتوں کی سپورٹ حاصل ہوگی۔

    حکومتی اقدامات کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ہم نے مشکل فیصلے کیے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے، پاکستان کو اٹھانے اور بچانے کیلئے سخت اور مشکل فیصلے کرنے پڑے، جس کی وجہ سے مہنگائی ، پٹرول، ڈیزل اور بلوں میں اضافہ ہوا ہے۔

    وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اپنی سیاست سے زیادہ ریاست کو ترجیح دی ہے ، آپ حکومت میں تھےمہنگائی ہورہی تھی تواسوقت ضمنی الیکشن ہم جیت رہے تھے، ہماراضمنی الیکشن جیتنے پریہ رویہ نہیں تھا آپ کی حکومت غیر آئینی طریقے سے ختم کیا، عدم اعتمادکاطریقہ آئین میں درج ہے۔

    رانا ثنااللہ نے دھکمی دی کہ آپ ضمنی الیکشن جیت گئےتومطلب یہ نہیں کہ غیرآئینی کام کی اجازت مل گئی، جتھہ کلچر پروان چڑھا کر اسلام آبادپر چڑھائی کی تو منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ میں وارن کرتا ہوں آپ کو پوری طاقت سے فیس کیا جائے گا، ابتدا آپ نے کرنی ہے انجام ہمارے پاس ہوگا ، اسلام آباد پر چڑھائی کا طریقہ اپنایا تو پھرالیکشن نہیں جتھوں کی تیاری ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ 8 سے 10 ماہ بعدآپ کو بھی جتھوں کا سامنا ہوگا، ہمیں کوئی ابہام نہیں ہمیں پتہ ہے کہ آپ کیساتھ کیا کرنا ہے، امید کرتا ہوں کہ جمہوری رویوں کو آگے بڑھنے کا موقع دیں گے ، افراتفری ، انتشار کی سیاست کو قوم پوری طاقت سے روکے گی۔

  • اگر پی ٹی آئی  اسلام آباد پر چڑھائی کرنے کے لیے آنا چاہتی ہیں تو ہر قیمت پرروکیں گے، رانا ثنااللہ

    اگر پی ٹی آئی اسلام آباد پر چڑھائی کرنے کے لیے آنا چاہتی ہیں تو ہر قیمت پرروکیں گے، رانا ثنااللہ

    اسلام آباد : وزیرداخلہ راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی چڑھائی کرنے کے لیے آنا چاہتی ہیں تو ہر قیمت پرروکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ راناثنااللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو ادراک کرناچاہیے ورنہ عمران خان کسی حادثے سےدوچاراورنقصان پہنچائےگا، اللہ کی ذات عمران خان کو بےنقاب کررہی ہے۔

    راناثنااللہ نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان قوم کے ساتھ کھیل کھیل رہا تھا ، نوجوانوں کوگمراہ کر رہا ہے اب قوم کا فرض ہے اس کی شناخت کرے۔

    وزیرداخلہ نے کہا کہ حقیقی آزادی جس کی کوئی وقعت نہیں یہ اس پر حلف لے رہا ہے، آج عمران خان کی ایک اور آڈیو لیک سے رہی سہی کسر دور ہوگئی ، آج کی آڈیولیک سے قوم کو رہنمائی ملی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سب نے دیکھا جھوٹا بیانیہ گڑھنے کیلئے قوم کے ساتھ کس طرح کھیل کھیلا، عمران خان نے پاکستان کی امیج کو نقصان پہنچایا جو کئی دہائیاں برداشت کرنا پڑے گا۔

    راناثنااللہ نے کہا کہ جو ان کے ساتھ نہیں ،اسے ضمیرفروشی کہہ کر کہتے تھے لوگ ان کے بچوں سے شادیاں نہیں کریں گے۔

    وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتا تھا میں صاف و شفاف ہوں، یہ اپنے آپ کو بچانے کےلیےخرید و فروخت کرتا رہا ہے اور یہ لانگ مارچ انہی کاموں کےلیے کرنا چاہتا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی اس حرکت کے بعد کون سے ملک سے سفیر سائفر بھیجے گا؟ عمران خان نے خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا، لوگوں کو چور ڈاکو کہنے والے کا کردار یہ ہے، شہزاد اکبر نے خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا۔

    عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران کا ایجنڈا ہر قیمت اور ہر حربے سے اقتدار کا حصول ہے، لانگ مارچ سےنمٹنے کے لیے سیکیورٹی فورسز تیار ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے ایک مؤثر پلان بنایا ہے، آل پارٹیزاجلاس میں بھی ساری چیزیں سامنے رکھی تھیں، کسی قیمت پر اس کے حربے کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائےگا۔

    وزیرداخلہ نے کہا کہ اس ملک کی خاطر نیک نیتی سے پلاننگ کی ہے ، جتھا کلچر کامیاب ہوا تو روز جتھے آئیں گے ، قوم اور ملک کی خاطر پوری طاقت سے اسے روکیں گے۔

    لانگ مارچ کے حوالے سے راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قانون کےدائرےمیں رہ کر احتجاج دھرنا دینا چاہتی ہے تودے، مختص کردہ جگہوں پر دھرنا،احتجاج کریں ہم سیکیورٹی بھی دیں گے، اگر وہ چڑھائی کرنےکے لیے آنا چاہتے ہیں تو ہر قیمت پرروکیں گے، اس انداز سے روکیں گے ان کے وہم وگمان میں بھی نہیں ہوگا۔

    وزیر داخلہ نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تمہارے ارادوں کا پتہ ہے مگر تمہیں یہ معلوم نہیں، دوتجاویز پر غور ہورہا ہے، ان میں سے کسی ایک کی ضرورت ہوئی تو عمل کریں گے۔

    آڈیو لیکس سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں بریچ آف سیکیورٹی پر تحقیقاتی ٹیم ایک نتیجے پر پہنچی ہے، تحقیقاتی ٹیم بریچ آف سیکیورٹی کے معاملے کو مزید تفصیل سے دیکھے گی تاہم تفتیش پبلک کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔

  • لانگ مارچ توڑ پھوڑ، پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 5 اگست تک توسیع

    لانگ مارچ توڑ پھوڑ، پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 5 اگست تک توسیع

    لاہور: لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں اے ٹی سی نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 5 اگست تک توسیع کر دی، اور کئی دیگر رہنماؤں کو شامل تفتیش نہ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 25 مئی کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس پر تشدد کے کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر سمیت دیگر کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

    عدالت نے زبیر نیازی، شیخ امتیاز، میاں اکرم عثمان اور اعظیم افضال کے شامل تفتیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ ملزمان کو فوری شامل تفتیش کیے جانے کا حکم دیا، جس پر زبیر خان نیازی اور دیگر کے بیانات فوری ریکارڈ کیے گئے۔

    سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر کو عدالت کے باہر ملزمان کے بیانات قلم بندکرنے کی ہدایت کی، اور ملزمان کے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کی۔

    پی ٹی آئی رہنماؤں میں حماد اظہر، یاسمین راشد، اسلم اقبال، جمشید اقبال چیمہ، مسرت چیمہ، شفقت محمود، محمود الرشید، عندلیب عباس، مراد راس، یاسر گیلانی اور زبیر نیازی و دیگر پیش ہوئے۔

    ملزمان کی جانب سے برہان معظم ایڈووکیٹ نے دلائل کے لیے مہلت مانگی، اے ٹی سی نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 5 اگست تک توسیع کر دی۔

    عدالت نے اعجاز چوہدری کی عبوری ضمانت کی درخواست ان کے پیش نہ ہونے پر خارج کر دی، پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی تھی۔

  • "لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے” مارچ میں شریک ضعیف خاتون کا نظم پڑھ کرعزم کا اظہار

    "لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے” مارچ میں شریک ضعیف خاتون کا نظم پڑھ کرعزم کا اظہار

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کی جانب سے موجودہ حکومت کیخلاف نکالے جانے والے حقیقی آزادی مارچ میں نہ صرف جوانوں بلکہ بڑی عمر افراد اور بچوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

    اسلام آباد میں عمران خان کی زیر قیادت آنے والے بہت بڑے قافلے کے استقبال کیلیے اسلام آباد کی خواتین بھی گھروں سے نکل آئیں اور اپنے قائد کے انتظار میں بیٹھی رہیں۔

    اس موقع پر پی ٹی آئی کی خاتون رہنما عالیہ حمزہ اور دیگر خواتین کارکنان بھی موجود تھیں، ایسے میں وہاں موجود ایک ضعیف خاتون نے فیض احمد فیض کی نظم پڑھ کر کارکنان کو حوصلہ دیا۔

    ضعیف خاتون نے فیض احمد فیض کی نظم ” لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے” پڑھی تو دیگر خواتین نے بھی ان کا ساتھ دیا اور ساتھ ساتھ گنگنانے لگیں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون نے جذباتی انداز میں کہا کہ میں اب اس عمر تک پہنچ گئی ہوں لیکن میں عمران خان کو کامیاب دیکھ کر جاؤں گی۔

  • سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ، پی ٹی آئی جلسے کیلیے ہر ممکن سیکیورٹی اقدامات کا حکم

    سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ، پی ٹی آئی جلسے کیلیے ہر ممکن سیکیورٹی اقدامات کا حکم

    سپریم کورٹ نے حکومت کو رات 10 بجے تک پی ٹی آئی جلسے کیلیے ہر ممکن سیکیورٹی اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے ساتھ ہی تمام گرفتار کارکنوں کو بھی فوری رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو ایچ نائن میں احتجاج کی اجازت دیدی ہے اور حکومت کو ایچ نائن اور جی نائن کے درمیان گراؤنڈ میں جلسہ گاہ فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ساتھ ہی حکومت کو رات 10 بجے تک پی ٹی آئی جلسے کیلیے ہر ممکن سیکیورٹی اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے اس حوالے سے معاملات طے کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کو رات 10 بجے ملاقات کرنے کا حکم دیا ہے۔

    سپریم کورٹ نے ایم پی او کے تحت پی ٹی آئی کے گرفتار تمام کارکنوں کو بھی رہا کرنے کا حکم دیا ہے جب کہ گرفتار وکلا کے حوالے سے کہا ہے کہ جن وکلا پر کوئی سنگین الزام نہیں انہیں فوری رہا کیا جائے۔

    سپریم کورٹ نے وزارت داخلہ کو غیر ضروری طاقت کے استعمال سے روکتے ہوئے حکومت کو گھروں اور دفاتر پر چھاپوں سے بھی روک دیا ہے اور چادر اور چار دیواری کا تقدس یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

    عدالت نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دروان پکڑی جانےوالی ٹرانسپورٹ کو بھی چھوڑنے حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس ٹرانسپورٹ سے متعلق سنگین ایشوز نہیں اسے چھوڑ دیا جائے۔

    عدالت عظمیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو مکمل سیکیورٹی دینے اور سری نگرہائی وےپر ٹریفک میں خلل نہ ڈالنے کی بھی ہدایات کیں تاہم سپریم کورٹ نے راستوں سے فوری رکاوٹیں ہٹانے کی استدعا مسترد کردی اور جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ابھی کیس ختم نہیں ہوا کل بھی سنیں گے۔

    اس موقع پر جسٹس اعجاز الاحسن نے پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان سے استفسار کیا کہ احتجاج کب ختم ہوگا؟ جس پر بابر اعوان نے جواب دیا کہ ہمارا احتجاج آج سے شروع ہوا ہے وقت نہیں بتاسکتا۔

    کیا یہ احتجاج لامحدود ہوگا؟ جسٹس اعجاز الاحسن کے اس سوال پر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں پارٹی لیڈر شپ ہی فیصلہ کرے گی میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔

    اس موقع پر اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے حکومت نے ٹیم تشکیل دے دی ہے حکومتی مذاکراتی ٹیم میں یوسف رضا گیلانی، ایاز صادق، اسعد محمود، فیصل سبزواری، خالد مگسی، اعظم نذیر تارڑ اور احسن اقبال شامل ہیں اور مذاکراتی کمیٹی میں ملاقات 10 بجے چیف کمشنر آفس میں ہوگی۔

    سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت کل صبح ساڑھے9 بجے تک ملتوی کردی۔

    واضح رے کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی میں بابراعوان، فیصل چوہدری، عامر کیانی اور علی نواز اعوان شامل ہیں۔