Tag: PTI MPA

  • پی ٹی آئی ایم پی اے رابعہ اظفر بھی پارٹی چھوڑ گئیں

    پی ٹی آئی ایم پی اے رابعہ اظفر بھی پارٹی چھوڑ گئیں

    کراچی : تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کی طرح پی ٹی آئی کی ایم پی اے رابعہ اظفر نے بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیا۔

    کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی ایم پی اے رابعہ اظفر نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام عہدوں سے مستعفی ہوتی ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتی ہوں، میں ایک تعمیری مقصد کے تحت سیاست میں آئی تھی۔

    رابعہ اظفر نے کہا کہ افواج پاکستان ملک کی تحفظ کی ضامن ہیں، اپنے بچوں کو سیاسی ایڈونچر کے رسک پر نہیں ڈال سکتی۔

    اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور معروف گلوکار ابرار الحق نے بھی تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا، وہ سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

    پریس کانفرنس میں ابرار الحق نے کہا کہ شہداء نے اپنے وطن کیلیے جانوں کو قربان کیا، میں اپنے اداروں میں شہداٗ کے بچوں کو مفت تعلیم دے رہا ہوں۔

    انہوں نے بتایا کہ لوگوں کو توڑ پھوڑ کرنے اور جلاؤ گھیراؤ کرنے سے روکنے کی کوشش کی، شہداء کی یادگاروں پر جو واقعات ہوئے اس کی شدید تکلیف ہے، ایسے رویے کے ساتھ ہم آگے بڑھتے رہے تو پھر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔

    واضح رہے کہ نو مئی کے سانحہ کے بعد اب تک تحریک انصاف کے متعدد اہم رہنماؤں نے عمران خان سے اپنی راہیں جدا کرلیں، جن میں سرفہرست اسد عمر، فواد چوہدری، شیریں مزاری، مسرت چیمہ ان کے شوہر جمشید چیمہ، ملیکہ بخاری سمیت متعدد ارکان پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

  • پی ٹی آئی کے ایک اور ایم پی اے ساتھ چھوڑ گئے

    پی ٹی آئی کے ایک اور ایم پی اے ساتھ چھوڑ گئے

    کوئٹہ : وزیرمعدنیات بلوچستان اور تحریک انصاف کے رہنما مبین خلجی نے بھی پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا، ان کا کہنا ہے کہ یہ ملک ہے تو ہم ہیں۔

    کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 9مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے ایم پی اے مبین خلجی نے بھی پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دی ہے ان کا کہنا ہے کہ یہ ملک ہے تو ہم ہیں، اسی لیے
    ہم نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کسی کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دے رہے اور نہ ہی ہم کسی کے دباؤ میں ہیں بلکہ ملکی سلامتی کیلئے استعفیٰ دے رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر، ڈاکٹر عمران شاہ، مولوی محمود، سنجے گنگوانی، کریم بخش گبول کے بعد کراچی سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

    پی ٹی آئی اور سیاست سے علیحدگی اختیار کرنے والے ان ارکان اسمبلی نے فوجی تنصیبات پر حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سالمیت پر حملہ قرار دیا تھا۔

  • پی ٹی آئی ایم پی اے شاہ نواز جدون کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

    پی ٹی آئی ایم پی اے شاہ نواز جدون کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

    کراچی: عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف ایم ٹی خان روڈ پر احتجاج کرنے پر پی ٹی آئی ایم پی اے شاہ نواز جدون کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رکن اسمبلی شاہ نواز جدون کے خلاف بھی چیئرمین پی ٹی آئی کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف احتجاج پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، کراچی میں درج ہونے والا پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف یہ تیسرا مقدمہ ہے۔

    مقدمہ ڈاکس تھانے میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ شام 6 بجے تحریک انصاف کے کارکنان سڑک پر پہنچے، شاہ نواز جدون اور طارق جدون کے ہمراہ 90 کے قریب کارکنان تھے، ڈنڈوں اور پتھروں سے لیس افراد نے مین شاہراہ ایم ٹی خان روڈ بند کر دی۔

    ایف آئی آر کے مطابق نیٹی جیٹی پل کی طرف آنے والا روڈ مکمل بند کر دیا گیا، ٹائروں کو آگ لگا کر عوام میں دہشت اور خوف و ہراس پھیلائی گئی۔

    حلیم عادل شیخ کے خلاف کراچی میں پہلا مقدمہ درج سرکار کی مدعیت میں درج

    ایف آئی آر میں ایس ایچ او کی جانب سے لکھا گیا کہ ’’ہم نے تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان کو آگاہ کیا کہ یہ خلاف قانون ہے، لیکن کارکنان مشتعل ہو کر نعرے بازی کرنے لگے اور موٹر سائیکل کو آگ لگا لگا دی، کار سرکار میں مداخلت اور مزاحمت کی گئی، اور پولیس اہل کار مجاہد کو گریبان سے پکڑ کر لے جانے کی کوشش کی گئی۔‘‘

    کراچی میں‌ مسرور سیال پر کارکنوں کو ورغلا کر احتجاج کرنے پر مقدمہ درج

    ایف آئی آر کے مطابق حکمت عملی سے ہجوم کو منتشر کرتے ہوئے 12 ملزمان کو پکڑا گیا، گرفتار ملزمان میں شاہ نواز جدون، رفیق، ایوب، خالد شاہ اور طارق خان، امین خان، مدثر، حارث، ارسلان اور کامران شامل ہیں۔

    مقدمے میں لکھا گیا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے پتھر برآمد کیے گئے، جب کہ ملزمان طارق جدون اور اسحاق بنگالی موقع سے فرار ہو گئے، موقع سے جلی ہوئی موٹر سائیکل اور ٹائر ملے، اور دیگر ثبوت اکھٹے کر لیے گئے۔

  • رکن صوبائی اسمبلی کا مستعفی ہونے کا فیصلہ

    رکن صوبائی اسمبلی کا مستعفی ہونے کا فیصلہ

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد سب سے پہلے جہلم کے ایم پی اے نے استعفے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جہلم کے حلقے پی پی 25 سے منتخب ہونے والے ممبرصوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال خان نے اپنے چیئرمین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

    اس حوالے سے راجہ یاور کمال خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی کال پر لبیک کہتا ہوں، انہوں نے بتایا کہ پی پی25سے اپنا استعفیٰ عمران خان کو پیش کردیا ہے۔

    پی ٹی آئی کے ممبر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ ہم کل بھی عمران خان کے ساتھ تھے آج بھی ان ہی کے ساتھ ہیں، عمران خان نے راولپنڈی میں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کیا۔

    مزید پڑھیں : عمران خان کا تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تمام صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمنٹری پارٹی سے مشاورت کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ مارچ کینسل نہ کرتا تو اگلے دن تباہی ہونا تھی اسی لیے میں نے یہ فیصلہ کیا ہے، ملک میں تباہی مچانے سے بہتر ہے ہم اس نظام کا حصہ نہ رہیں۔

  • پنجاب اسمبلی : رنگ گورا کرنے والی کریموں کیخلاف پی ٹی آئی ایم پی اے کی تحریک التواء

    پنجاب اسمبلی : رنگ گورا کرنے والی کریموں کیخلاف پی ٹی آئی ایم پی اے کی تحریک التواء

    لاہور : تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں میک اپ کے سامان میں خطرناک کیمیکلز کے استعمال کے خلاف تحریک التواء جمع کرادی، رنگ گورا کرنے والی کریمیں کینسر کا باعث بن سکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابقتحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید نے میک اپ کے سامان میں خطرناک کیمیکل اورمرکری کے استعمال کے خلاف تحریک التوا جمع کرادی۔

    قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ہر کمپنی رنگ گورا کرنے، کیل جھائیاں دور کرنے کے دعوے کرکے لوگوں کے چہرے خراب کر رہی ہے، جعلی کاسمیٹکس سے کینسر اور جلدی امراض بڑھ رہے ہیں، اس طرح کے کئی شیمپو، کریمیں اور میک اپ کے سامان کے پندرہ ہزار سے زائد برانڈ ٹیسٹ کے بغیر مارکیٹ میں آجاتے ہیں۔

    جعلی کریموں کے استعمال سے خواتین کی جلد جھلسنے کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوا، کیمیکل سے خراب جلد دوبارہ ٹھیک بھی نہیں ہوتی، اس سے عوام میں سخت پریشانی، خوف اور اضطراب پایاجاتا ہے۔

  • شہری پر تشدد، پی ٹی آئی کے ایم پی اے عمران شاہ پر 5لاکھ روپے جرمانہ عائد

    شہری پر تشدد، پی ٹی آئی کے ایم پی اے عمران شاہ پر 5لاکھ روپے جرمانہ عائد

    کراچی : تحریک انصاف کی ڈسپلنری کمیٹی نے ڈاکٹر عمران شاہ کو آخری بار تنبیہ کرتے ہوئے ان پر5لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا، 20افراد کا مفت علاج بھی کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق شہری کو تھپڑ مارنے کے جرم میں پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ پر5لاکھ روپےجرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

    یہ بات کراچی میں تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پی ٹی آئی کی ڈسپلنری کمیٹی کے اراکین کی بھی موجود تھے۔

    فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ڈاکٹرعمران شاہ نے پارٹی کے سامنے اپنا جرم قبول کرلیا ہے، لہٰذا کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈاکٹر عمران شاہ بطور جرمانہ اولڈ پیپلز ہوم میں5لاکھ روپے چندہ دیں گے۔

    اس کے علاوہ وہ ایدھی ہوم میں20بزرگوں کا مفت علاج بھی کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ ڈسپلنری کمیٹی نے تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے، ڈاکٹر عمران شاہ نے دوبارہ اس قسم کا ایسا کچھ کیا تو ان کی پارٹی رکنیت منسوخ کرکے سے نکال دیا جائے گا۔

    یاد رہے چند روز قبل تحریک انصاف کے ایم پی اے عمران علی شاہ نے کراچی میں سڑک پر ایک شہری کو سرعام تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی تھی، جس کے بعد سے انہیں شدید تنقید کا سامنا تھا، بعد ازاں نو منتخب رکن نے شہری کے گھر جاکر ان سے معافی مانگی تھی۔

    مزید پڑھیں: شہری پر تشدد ، تحریک انصاف نے ڈاکٹرعمران علی شاہ کی پارٹی رکنیت معطل کردی

    اس کے علاوہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے تحریکِ انصاف کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ کے ہاتھوں شہری پر تشدد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور شہریوں کی جانب سے احتجاج اور اپیلوں پر ازخود نوٹس لیا، چیف جسٹس نے عمران شاہ کو تین دن میں عدالت کے روبرو جواب جمع کرانے کا حکم صادر کیا تھا۔

  • بچی سے زیادتی کے ملزم کو پی ٹی آئی کی خاتون رکن اسمبلی نے تھپڑ جڑ دیا

    بچی سے زیادتی کے ملزم کو پی ٹی آئی کی خاتون رکن اسمبلی نے تھپڑ جڑ دیا

    کراچی : معصوم بچی سے زیادتی کے گرفتار ملزم کو پی ٹی آئی کی ممبر سندھ اسمبلی نے تھپڑ جڑ دیا، منظورکالونی میں بی کام کی طالبہ سے اجتماعی زیادتی کے واقعے کی رپورٹ آئی جی سندھ نے طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سپرہائی وے کے علاقے خادم گوٹھ میں  پانچ سال کی بچی خدیجہ سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو شہریوں نے پکڑکر پولیس کے حوالے کردیا۔

    پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا، واقعے کے بعد تحریک انصاف کی نو منتخب ایم پی اے دعا بھٹو  متاثرہ بچی کو گود میں اٹھائے اس کے اہل خانہ کے ہمراہ  سہراب گوٹھ  تھانے پہنچیں اور غصے میں آکر ملزم کو تھپڑ جڑدیا۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے منظور کالونی میں بی کام کی طالبہ کو چار لڑکوں نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ لڑکی کا کہنا کہ ملزمان ضمانت پر رہا کردیئے گئے ہیں، ملزم مقدمہ واپس لینے کیلئے دھمکیاں دے رہا ہے۔

    متاثرہ طالبہ کا کہنا ہے کہ مجھے زبان کھولنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں ہیں، پولیس بھی تعاون نہیں کررہی اور کیس عزیز بھٹی تھانے منتقل کردیا گیا ہے، متاثرہ طالبہ نے آئی جی سندھ اور چیف جسٹس سے واقعے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

    طالبہ سے اجتماعی زیادتی کی اے آر وائی نیوز کی خبر پر آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی پیشرفت سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔

  • پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نے تشدد کے شکار شہری سے معافی مانگ لی

    پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نے تشدد کے شکار شہری سے معافی مانگ لی

    کراچی : تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران نے تشدد کا شکار ہونے والے شہری داؤد چوہان سے اس کے گھر جا کر معافی مانگ لی، عمران اسماعیل نے بھی فون پر معذرت کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے ڈاکٹر عمران کی جانب سے اپنے گارڈ سے مل کر ایک شہری پرتشدد کا واقعہ پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے اس کا سختی سے نوٹس لیا اور ایم پی اے کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 24گھنٹوں میں جواب طلب کرلیا۔

    بعد ازاں پی ٹی آئی کراچی کے صدر کی ہدایت پر ڈاکٹرعمران متاثرہ شہری داؤد چوہان کے گھرجا پہنچے، ڈاکٹر عمران شاہ نے واقعے پر متاثرہ شہری سے غیر مشروط معافی مانگ لی، جس پر شہری داؤد چوہان نے ڈاکٹرعمران شاہ کومعاف کردیا۔

    اس موقع پرفردوس شمیم نقوی بھی ڈاکٹر عمران علی شاہ کے ساتھ موجود تھے، شہری سے معافی کی ویڈیو بھی ڈاکٹر عمران شاہ نے اپنے ٹوئٹر پر شیئر کردی ہے۔

    اس سے قبل نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی داؤد چوہان کو ٹیلی فون کیا اور واقعے پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی طرف سے معذرت کی۔

    مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما کی شہری پر تھپڑوں کی بارش، ویڈیو وائرل، پارٹی نے شوکاز نوٹس جاری کر دیا

    عمران اسماعیل نے شہری کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آئندہ اس قسم کاواقعہ نہیں ہوگا، عمران علی شاہ کو شوکازنوٹس جاری کردیا گیا ہے، تشدد کے واقعےکی انکوائری ہورہی ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔

  • پی ٹی آئی کے عبدالمنعم کو نااہل قرار

    پی ٹی آئی کے عبدالمنعم کو نااہل قرار

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے ایم پی اے عبدالمنعم کو نااہل قراردیا، عبدالمنعم وزیراعلیٰ پرویزخٹک کے مشیربھی رہ چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے رکن اسمبلی عبدالمنعم کیخلاف انتخابی عذر داری کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، سماعت میں کے پی ایم پی اے عبدالمنعم انتخابی عذر داری کا فیصلہ سنادیا۔

    سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کےعبدالمنعم کونااہل قرار دے دیا اور الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ فوری طور پر عبدالمنعم خان کو ڈی نوٹیفائی کرے۔

    خیال رہے کہ عبدالمنعم پر کے پی میں محکمہ تعلیم کے گھوسٹ ملازم ہونے کا الزام تھا، عبدالمنعم پی کے 88 شانگلہ سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور وزیراعلیٰ کےپی کے مشیربھی رہے۔

    ن لیگ کے شیر عالم نے اہلیت سپریم کورٹ میں چیلنج کی تھی۔

    نااہلی کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کروں گا،عبدالمنعم

    نااہلی کے بعد یم پی اےخیبرپختونخوا عبدالمنعم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نااہلی کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کروں گا، میرا دل کو اطمینان ہے اللہ سچ جانتا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال اپریل میں  الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالمنعم کو نا اہل قرار دیا تھا، عبدالمنعم پر یہ الزام تھا کہ وہ انتخابات سے ایک ماہ قبل تک سرکاری عہدے پر فائز رہے۔

    جس کے بعد پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالمنعم  کی نا اہلی کا نوٹی فیکشن معطل قرار دیدیا تھا۔


    .خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • رکن صوبائی اسمبلی عبدالمنعم  کی نا اہلی کانوٹی فکیشن معطل

    رکن صوبائی اسمبلی عبدالمنعم کی نا اہلی کانوٹی فکیشن معطل

    پشاور :ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالمنعم  کی نا اہلی کا نوٹی فیکشن معطل قرار دیدیا، عبدالمنعم کوالیکشن کمیشن نے گزشتہ ہفتے نا اہل قرار دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی عبدالمنعم کی نااہلی کی درخواست پر سماعت ہوئی ، سماعت میں عبدالمنعم کی نااہلی کا نوٹی فیکشن معطل قرار دیدیا اور الیکشن کمیشن سے 9 مئی تک جواب طلب کرلیا۔


    مزید پڑھیں :  پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالمنعم نا اہل قرار


    یاد رہے کہ عبدالمنعم کوالیکشن کمیشن نےگزشتہ ہفتےنا اہل قرار دیا تھا، عبدالمنعم پی کے 88 شانگلہ سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے ٹورازم کے عہدے پر بھی فائز تھے۔

    حریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عبد المنعم کے خلاف شیر عالم خان نے الیکشن کمیشن میں نا اہلی کی درخواست دائر کی تھی، جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ عبدالمنعم خان عام انتخابات سے ایک ماہ قبل تک سرکاری اسکول میں استاد کے عہدے پر فائز تھے، عبدالمنیم خان نے مارچ 2013 کی تنخواہ بھی بطور سرکاری استاد کے طور بھی وصول کی تھی۔