Tag: PTI protest in karachi

  • پی ٹی آئی کے دھرنے، کراچی کے طلباء پریشان

    پی ٹی آئی کے دھرنے، کراچی کے طلباء پریشان

    کراچی : تحریکِ انصاف کے دھرنوں سے شہرِ قائد  میں پیدا ہونے والی غیریقینی صورتحال کے باوجود انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق واضح اعلان نہ کرکے سیکڑوں طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو پریشانی سے دوچارکردیا۔

    کراچی کے پچیس مختلف مقامات پر تحریکِ انصاف کے دھرنوں کے اعلان کے باوجود اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی کو بند کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ نہ کرکے انتظامیہ نے سیکڑوں طلباء و طالبات اور ان کے والدین کوغیریقینی صورتحال میں مبتلا کردیا۔

    کچھ اسکولوں میں جب بچے صبح معمول کے مطابق پہنچے تو پتا چلا اسکول بند ہے،  ہراسکول اور کالج کی انتظامیہ نے اپنے طور پر ادارے کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ کیا۔

    لانڈھی، کورنگی، ملیر، ماڈل کالونی، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، گلبرگ، ناظم آباد، نیو کراچی کے بیشتر نجی اسکولوں اور سرکاری اسکولوں میں تدریسی عمل جاری ہے تاہم حاضری معمول سے کم ہے، شارع فیصل پر واقع تمام نجی اسکول بند ہیں۔

    جامعہ کراچی میں ایم اے آئی آر کا پرچہ ملتوی کردیا گیا ہے، جو چوبیس دسمبرکو لیا جائے گا، نجی و سرکاری جامعات میں آج ہونیوالے انٹرنل امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں، سرکاری ونجی جامعات میں طلبہ اوراساتذہ کی حاضری معمول سے کم ہے۔

  • تحریکِ انصاف آج کراچی بند کرنے کیلئے تیار، 28 مقامات پر دھرنے

    تحریکِ انصاف آج کراچی بند کرنے کیلئے تیار، 28 مقامات پر دھرنے

    کراچی :تحریکِ انصاف آج کراچی میں پلان سی پر عمل درآمد کیلئے تیار ہے، دھاندلی کیخلاف تحریک انصاف پلان سی کے تحت کراچی میں اٹھائیس مقامات پر احتجاجی دھرنا دے رہی ہے۔، پی ٹی آئی سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری کا کہنا ہے کہ آج پورا کراچی بند ہوگا۔

    پی ٹی آئی کے رہنماء عارف علوی کا کہنا ہے کہ  سڑکوں پرگاڑیاں نہیں آنے دیں گے۔

    تحریکِ انصاف آج کراچی میں اپنی قوت کا مظاہرہ کرنے جا رہی ہے، پی ٹی ذرائع کے مطابق عارف علوی ،اسد عمر ،نجیب ہارون ، حفیظ الدین ،عمران اسماعیل ،اعظم سواتی ، علی زیدی ،فردوس نقوی ، ناز بلوچ  اور سبحان ساحل دھرنے کی قیادت کریں گے۔

    پی ٹی آئی کے شہر کے اٹھائیس مقامات پراحتجاجی دھرنے جاری ہیں،  کلفٹن تین تلوار پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے رات سے ہی دھرنا دیا ہوا ہے، صبح سات بجے شہر کی مختلف شاہراہوں کو بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے دھرنا دے کربلاک کردیا ہے، جن میں نیشنل ہائی وے، حسن اسکوائر، شاہراہ فیصل نرسری، سپر ہائی وے ، فائیو اسٹار چورنگی اور نارتھ ناظم آباد شامل ہیں ،کارکنوں نے کئی علاقوں میں ٹائر جلا کر سڑکیں بند کردی، جس کی وجہ سے صبح دفاتر جانے والے افراد اور اسکول جانے والے بچوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، شارع فیصل کا ایک ٹریک بھی بند ہے۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے دھرنوں کی اپیل پر حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، شاہراہ فیصل نرسری کے مقام پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے موقع پر پیٹرول پمپ اور دکانیں بند ہیں اور ٹریفک بھی معمول سے کم ہے جبکہ بیرون شہر سے آنے والی ٹریفک بھی معطل ہے۔

    پاور ہاوس چو رنگی، شاہراہ فیصل، حسن اسکوائر، نیٹی جیٹی، تین تلوار، قیوم آباد، ملیر کے مقامات پرکارکن شاہراہوں پر بیٹھے ہیں، شارع فیصل پر پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کے دوران ٹائر جلا کر سڑک بلاک کرنے کی کوشش کی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا، جس کے بعد ریپڈرسپانس فورس نے شارع فیصل کو ٹریفک کےلئے بحال کرادیا، نیٹی جیٹی کے پل سمیت کئی شاہراہوں سے کارکنوں کو ہٹانے کے لئے پولیس کے انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔

  • تحریک ِ انصاف کا اصل جھگڑا کسی اور سے ہے، قائم علی شاہ

    تحریک ِ انصاف کا اصل جھگڑا کسی اور سے ہے، قائم علی شاہ

    کراچی: وزیرِاعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف سے ہمارا کوئی جھگڑا نہیں ان کا اصل جھگڑا کسی اور سے ہے۔

    جمعرات کی شام کراچی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ امن و امان قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم اسے احسن طریقے سے پورا کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماء کراچی آئیں ان کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی ساتھ ہی ساتھ شہرمیں جس مقام پر بھی دھرنے ہوں گے انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

    وزیرِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج ہمارے خلاف نہیں ان کا اصل جھگڑا کسی اور جماعت سے ہے، پر امن احتجاج کرنا تحریکِ انصاف کا حق ہے اور سندھ حکومت اس میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔

    وزیرِ اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے آج وفاقی ِ وزیرِداخلہ چوہدری نثار احمد خان سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا تھاجس میں شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سے متعلق گفتگو کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے جمعہ 12 دمبر کو کراچی میں 24 مقامات پر دھرنے دینے کا اعلان کررکھا ہے۔

  • کراچی:تحریک انصاف آج  شاہراہ فیصل نرسری پر دھرنا دے گی

    کراچی:تحریک انصاف آج شاہراہ فیصل نرسری پر دھرنا دے گی

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں احتجاجی مظاہرے کی تیاری کرلی ، اتحادی جماعتیں بھی دھرنے میں شریک ہوں گے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے ملک کے چار شہروں میں احتجاجی مظاہروں کے اعلان کے بعد کراچی میں دھرنے کے حوالے سے تحریک انصاف سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری کی زیر صدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس ہوا،

    اجلاس میں آج کراچی کی شاہراہ فیصل پر نرسری کے مقام پر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ، ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی آج شام پانچ بجے کراچی میں دھرنا دے گی، جس میں پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتیں بھی شرکت کریں گی۔

    اس سے قبل تحریک انصاف نے آج سے ملک کے چار بڑے شہروں میں مظاہروں کا اعلان کر دیا تھا اور کہا تھا کہ اب آزادی مارچ کو پوری طاقت سے ملک بھر میں پھیلائیں گے، عمران خان کا کہنا تھا کہ  نواز شریف خوف سے فیصلے کررہے ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آزادی مارچ کے شرکا ء سے خطاب میں کہا کہ چار شہروں ٘لاہور، کراچی ، ملتان اور فیصل آباد میں تحریک انصاف کے بڑ ے مظاہرے ہوں گے اور شام کو فیصلہ کریں گے کہ مزید کتنے شہروں میں مظاہرے شروع ہوں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سوچ رہے ہیں کہ اگر تحریک انصاف کا میاب ہو گئی تو انکا سارا بزنس چلا جا ئے گا، انکااحتساب ہوگا اور ان کی کرسی چلی جا ئے گی۔ نواز شریف خوف سے فیصلے کر رہے ہیں کبھی کہتے ہیں کہ میں نے فوج کو نہیں کہا کہ بیچ میں پڑو۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ جب عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے تو میر شکیل الرحمن سے کیا ڈرنا۔

    اس موقع پر عمران خان نے پارٹی کے مستعفی نہ ہونے والے اراکین کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پارٹی ارکان نے استعفیٰ نہ دیا تو انہیں آج ہی پارٹی سے فارغ کردیا جائے گا۔