Tag: PTI Protesters

  • پی ٹی آئی مظاہرین کے تشدد سے زخمی رینجرز اہلکاروں کے بیانات

    پی ٹی آئی مظاہرین کے تشدد سے زخمی رینجرز اہلکاروں کے بیانات

    اسلام آباد میں پی ٹی آئی مظاہرین کی پرتشدد کارروائیوں میں شدید زخمی ہونے والے رینجرز اہلکاروں کے بیانات سامنے آگئے۔

    طبی امداد اور علاج کیلیے اسپتال میں داخل اہلکاروں نے ایک ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے اوپر ہونے والے مظالم سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر زخمی رینجرز اہلکار نائیک محمد سفیر نے بتایا کہ میں ڈیوٹی پر موجود تھا کہ اس دوران مشتعل پی ٹی آئی مظاہرین آئے اور انہوں نے مجھ سے شیٹ اور ہیلمٹ وغیرہ چھین لیا۔

    زخمی رینجرز اہلکار محمد سفیر نے بتایا کہ انہوں نے ہم پر ڈنڈوں سے تشدد اور پتھراؤ کیا اور گولیاں بھی چلائیں، جس سے میری ناک اور ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی، اس کے علاوہ انہوں نے میری کمر بھی لاٹھیاں برسائیں جس سے کمر میں بھی سوجن ہوگئی ہے۔

    زخمی رینجرز اہلکار محمد آصف کا کہنا تھا کہ ہم چھ ساتھی کھڑے تھے کہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں کی تیز رفتار گاڑی نے ہمیں کچل دیا جس سے ہمارے تین ساتھی شہید اور تین زخمی ہوگئے۔

    زخمی رینجرز اہلکار عرفان نے بتایا کہ مشتعل پی ٹی آئی مظاہرین  نے ہم پر پتھراؤ اور فائرنگ کی مظاہرین نے مجھ سے شیٹ اور ہیلمٹ چھین لیا اور ڈنڈے سے حملہ کرکے بازو اور ٹانگ توڑ دی جس کے بعد میں تکلیف سے بے ہوش ہوگیا۔

    ایک اور سپاہی شہزاد کا کہنا تھا کہ مشتعل پی ٹی آئی مظاہرین نے بڑی تعداد میں اچانک حملہ کیا اس موقع پر ان میں سے کسی سے فائرنگ کی اور ایک گولی ہمارے ساتھی کے ہیلمٹ میں سوراخ کرتی ہوئی اس کے سر میں جالگی جس کی اسپتال میں حالت تشویشناک ہے۔

  • گزشتہ روز گرفتار کیے گئے مظاہرین کے خلاف قانونی کارروائی شروع

    گزشتہ روز گرفتار کیے گئے مظاہرین کے خلاف قانونی کارروائی شروع

    راولپنڈی: گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کر کے ان پر مقدمات قائم کردیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے مظاہرین کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی، مجموعی طور پر 190 کارکنان کو گرفتار کیا گیا تھا جن پر 4 مقدمات درج کرلیے گئے۔

    مقدمے میں جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    مقدمات میں تحریک انصاف کے رہنماؤں فیاض چوہان، راجہ ناصر محفوظ،راجہ یونس سمیت اور دیگر مقامی رہنما نامزد کیے گئے ہیں۔

    مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان پولیس پر پتھراؤ، اہلکاروں پر تشدد اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ میں ملوث ہیں، ملزمان نے پیٹرول بم اٹھا رکھے تھے جبکہ ملزمان نے پولیس اہلکاروں کی وردیاں بھی پھاڑیں۔

    مقدمات تھانہ صادق آباد، وارث خان، سول لائنز اور تھانہ سٹی میں درج کیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔