Tag: PTI worker

  • اظہر مشوانی کو اغوا کرکے کہاں لے گئے ہمیں نہیں پتہ، پی ٹی آئی رہنما

    اظہر مشوانی کو اغوا کرکے کہاں لے گئے ہمیں نہیں پتہ، پی ٹی آئی رہنما

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری، مسرت چیمہ اور قاسم سوری نے کہا ہے کہ اظہر مشوانی اور شاہد حسین کو اغواء کیا گیا ہے، انہیں کہاں رکھا گیا ہے نہیں بتایا جارہا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اظہر مشوانی اور شاہد حسین سمیت 750کے لگ بھگ کارکنان اغواء اور گرفتار کئے گئے، اظہر اور شاہد حسین کو کہاں رکھا گیا ہے؟ ابھی تک نہیں بتایا جارہا، عالمی انسانی حقوق قوانین کے تحت پاکستانی حکمرانوں کی بازپرس کی جائے۔

    فوادچوہدری نے کہا کہ صدر پاکستان کا انتخاب تب تک ممکن نہیں جب تک صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات نہیں ہوجاتے، آئین اس بارے میں واضح ہے کہ موجودہ صدر اس وقت تک رہیں گے جب تک نئے صدر کو منتخب کرنے کا عمل مکمل نہیں ہوجاتا۔

    ان کا مزید کہنا ہے کہ 3دن میں6لوگ آٹا لینے قطار میں کھڑے تھے اور یہ قطار ان کیلئے موت کی قطار ثابت ہوئی اور ہمارے آزاد میڈیا کا حال یہ ہے کہ ایک پروگرام بھی اس ظلم پر نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی حکمران خود کو اس کا جوابدہ سمجھتا ہے، بے شرم لوگ۔

    اوورسیز پاکستانی گرفتاریوں اور تشدد کیخلاف مغربی ممالک میں آواز اٹھاتے ہوئے شہباز شریف، مریم، راناثناءاللہ، محسن نقوی اور آئی جی پنجاب و اسلام آباد کے ویزے منسوخ کرنے کا مطالبہ کریں۔

    پی ٹی آئی رہنما مسرت چیمہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ پچھلے18گھنٹے میں نہیں بتایا گیا کہ اظہر مشوانی، شاہدحسین پر بنائے گئے مقدمات یا ان کو کہاں رکھا گیا ہے؟ ہمیں کوئی معلومات نہیں،
    انہوں نے کہا کہ ریاست اغواء کرنا شروع کردے گی تو اس سے ریاست اور عوام کا رشتہ کمزور ہوگا ان کا کام عوام کی خدمت اور تحفظ فراہم کرنا ہے، ان کو دیکھ کرعوام کو تحفظ کی بجائے دہشت کا احساس ہوتا ہے، طاقتور کے گھر کی لونڈی لیکن عام آدمی کے سامنےسلطان راہی بننے والے اغواء کار۔

    سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ اظہر مشوانی اورشاہد حسین کو اغواء کیا گیا ہے، ہمارے 800کے قریب کارکنان بنا کسی جرم کے تھانوں اور جیلوں میں بند ہیں، غیرقانونی چھاپے جاری ہیں، آئین پاکستان معطل ہے۔

  • عمران خان نے جسے ایجنسی اہلکار کہا وہ پی ٹی آئی کا کارکن نکلا

    عمران خان نے جسے ایجنسی اہلکار کہا وہ پی ٹی آئی کا کارکن نکلا

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ہی کارکن کو ایجنسی اہلکار قرار دیا اور حقیقت معلوم ہونے پر ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ایجنسی اہلکار قراردیا گیا شخص پی ٹی آئی کا ہی کارکن نکلا۔

    عمران خان نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر ٹوئٹ کی تھی جس کے کیپشن میں لکھا کہ یہ شخص ایجنسی کا اہلکار ہے، انہوں نے لکھا کہ یہ شخص کارکنوں کو تشدد کرنے پر اکسانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    بعد ازاں ان کو جب یہ معلوم ہوا کہ یہ شخص پی ٹی آئی کا ہی کارکن ہے تو تصویر والی ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایجنسی اہلکار ظاہر کیے جانے والے مذکورہ کارکن کی پی ٹی آئی کی تقاریب میں شرکت کی متعدد تصاویر موجود ہیں۔

  • فائرنگ سے زخمی پی ٹی آئی کارکن چل بسا، لاش سڑک پررکھ کردھرنا

    فائرنگ سے زخمی پی ٹی آئی کارکن چل بسا، لاش سڑک پررکھ کردھرنا

    کراچی : تین روز قبل فائرنگ کا نشانہ بننے والا پی ٹی آئی کا کارکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ رہنماؤں اور کارکنوں نے لاش سڑک پررکھ کراحتجاج کیا۔ مشتعل مظاہرین نے حکومت سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا کارکن فضل رحیم اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ پی ٹی آئی کارکن کو اتوارکو شارع فیصل پر نامعلوم افراد نے گولی مارکر زخمی کردیا تھا۔

    مقتول کی نمازہ جنازہ کے بعد پی ٹی آئی رہنما عارف علوی، عمران اسماعیل، حلیم عادل شیخ اوردیگرکارکنان لاش لے کر لسبیلہ چوک پرپہنچےاور دھرنا دیا، پی ٹی آئی رہنماؤں نے الزام لگایا کہ پولیس واقعے کوحادثہ قرار دینے کی کوشش کررہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہےکہ فضل رحیم کسی اندھی گولی کانشانہ بنا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کامؤقف ہے کہ اس کے کارکن کو منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔

    تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ فضل رحیم کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے سزا    دی جائے۔

    فائرنگ کے واقعے کو تین روز گزر چکے ہیں لیکن پولیس اب تک کسی ملزم کو پکڑنے میں فی الحال ناکام ہے۔

  • علماء ملکی ترقی میں مثبت کردارادا کرنے میں ناکام رہے،عمران خان

    علماء ملکی ترقی میں مثبت کردارادا کرنے میں ناکام رہے،عمران خان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک جس نہج پر پہنچ چکا ہے ۔اس کے ذمے دار ناصرف سیاست دان اور فوجی جرنیل بلکہ علمائے کرام بھی ہیں۔

    اسلام آباد میں علماءومشائخ کانفرنس سے خطاب میں عمران خان نے علماء سے گلہ کیا کہ وہ ملک کی ترقی میں مثبت کردار اداکرنے میں ناکام رہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مدارس کوبدنام کرنا سراسرظلم ہے۔

     انہوں نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ کی چوری سے ملک میں جمہوریت کیسےپروان چڑ سکتی ہے،عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص طبقہ ملک کو لوٹنے میں مصروف ہے، ان کا احتساب کیے بغیر ملک صحیح سمت پرلانا مشکل ہے۔

     عمران خان نے کہا ہے کہ فرانس میں جو کچھ بھی ہوا اس کے ذمہ دار مسلمان رہنماءہیں کیونکہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف مسلم ممالک کے رہنماﺅں کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹا سا طبقہ ملک کو لوٹ رہا ہے۔ دین کے نام پر سیاست کرنے والوں کی قیمتیں لگتی دیکھی گئیں۔

  • کل لاہوربند کردیں گے، گلوبٹ چھوڑے گئے تو مقابلہ کریں گے، عمران خان

    کل لاہوربند کردیں گے، گلوبٹ چھوڑے گئے تو مقابلہ کریں گے، عمران خان

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کہتے ہیں کل لاہور بند ہوگا، رانا ثناء اللہ جیسے گلوبٹ چھوڑے گئے تو مقابلہ کریں گے،حکومت سے مذاکرات کیلئے ایم او یو بنادیا ہے۔

    تحریک انصاف کے مشاورتی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں عوام مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہتے ہیں۔ آئین کہتا ہے کہ شفاف الیکشن سے حکومت بنتی ہے۔ دھاندلی سے آنے والی حکومت کے اقدامات بھی غیر آئینی ہوتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ الیکشن میں تاریخی فراڈ ہوا۔

     عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم لاہور والوں سے ایک دن کی قربانی مانگ رہے ہیں، یہ احتجاج اس ملک کے مستقبل کیلئے ہے، کسی ایک جماعت کیلئے نہیں، لاہور کے تاجروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایک دن کی قربانی دیں لیکن ہم کاروبار بند کرنے کیلئے کسی پر دبائو نہیں ڈالیں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ وہ کسی صورت الیکشن آڈٹ کے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے، اگر حکومت نے چار حلقے کھول دیئے ہوتے تو سب کچھ پتا چل جانا تھا، ان کا کہنا تھا ہم نے مذاکرات کے لئے ایم او یو تیار کر لیا ہے، اگر حکومت نے منگل تک جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا تو پاکستان بند نہیں کریں گے ۔

  • سیاست میرے لیے جہاد ہے، عمران خان

    سیاست میرے لیے جہاد ہے، عمران خان

    میانوالی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہےکہ سیاست میرے لیے جہاد ہے، انسان ظلم اورناانصافی کیخلاف کھڑا ہوتا ہے تو معاشرے کا فائدہ ہوتا ہے۔

    نمل کالج میانوالی میں تقریب تقسیم اسناد سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو تعلیم دینا سب سے بڑا کام ہے، ہم نے اپنے لوگوں پرظلم کیا،ملک میں تین تعلیمی نظام بنائے گئے۔خواب ہے میانوالی میں آکسفورڈ سے بڑی یونی ورسٹی بنے۔

     عمران خان کا کہناتھا کہ کوئی چیز ناممکن نہیں، جب تک آپ خود ہارنہیں مانتے کوئی آپکو ہرانہیں سکتا،کون سوچتا تھا کہ میں ایک سو بائیس دن کنٹینرپرکھڑا ہوں گا، عمران خان نے کہا کہ ہے،قوم ظلم کے خلاف آواز اٹھائے، لوگ ناانصافی کو برداشت نہ کریں،میں پوری قوم کو جگانا چاہتا ہوں۔

  • فیصل آباد: پی ٹی آئی ورکر قتل کیس، پولیس نے مرکزی ملزم سمیت15ملزمان کو گرفتار کرلیا

    فیصل آباد: پی ٹی آئی ورکر قتل کیس، پولیس نے مرکزی ملزم سمیت15ملزمان کو گرفتار کرلیا

    فیصل آباد: پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی ورکر قتل کیس میں فائرنگ کرنے والے مرکزی ملزم سمیت پندرہ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور وزیر مملکت عابد شیر علی نے بھی تھانے میں اپنا بیان قلم بند کروا دیا ہے۔

    فیصل آباد کے ناولٹی پل پر فائرنگ سے پی ٹی آئی کارکن ہلاک ہواتھا۔ مقدمے میں پانچ نامزد ملزمان سمیت پندرہ افراد پولیس کے زیرحراست ہیں۔ گرفتار ملزمان میں ندیم مغل، امتیاز سراج، اس کا بھائی افتخار عرف اِتا پہلوان، زاہد ملک، پرویز جٹ بھی شامل ہیں۔

    ملزمان کی گرفتاری فوٹیجز شناخت ہونے پر عمل میں آئی ہے۔ مقدمے میں نامزد وزیر مملکت عابد شیر علی نے گزشتہ روز تھانہ سمن آباد میں ایس ایچ او کوبیان قلم بند کروایا ہے۔

    عابد شیر علی کے بیان کے مطابق سانحہ فیصل آباد سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ پولیس جب بھی تفتیش کے لئے طلب کرے گی وہ پہنچ جائیں گے۔

    ایس ایچ او کے مطابق تحقیقات کے لئے جوائنٹ ایویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

  • جونظام سےمطمئن نہیں وہ باہرنکلے،عمران خان کااعلان

    جونظام سےمطمئن نہیں وہ باہرنکلے،عمران خان کااعلان

    اسلام آباد: عمران خان کا کہنا ہے کہ قربانی کے بغیرآزادی ممکن نہیں ،کراچی پہنچ رہا ہوں ،شہر کو بند کریں گے۔

    دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا کہ تبدیلی کیلئے نکلے ہیں۔ کراچی میں کسی کو زبردستی دکانیں بند کرنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ جو موجودہ نظام سے مطمئن ہیں وہ اپنے کاروبار کُھلے رکھیں لیکن جو تبدیلی چاہتے ہیں وہ پی ٹی آئی کا ساتھ دیں، کپتان نے کہا کہ شیریں مزاری کل پُرتشدد واقعات اور فائرنگ کے اہم کردار بے نقاب کریں گی۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے گلو بٹ کہا کرتے تھے کہ تحریک انصاف والے تو ’برگر‘ ہیں، خود ہی تک ہار کر چلے جائیں گے، آج آ کر دیکھ لیں ہم نے گرمی اور سردی دونوں کا سامنا کر لیا ہے اور اپنے حقوق کیلئے ثابت قدم کھڑے ہیں۔

    عمران خان نے بتایا کہ جب پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں دھرنے دینے کا فیصلہ کیا جا رہا تھا تب معلوم ہوتا کہ 4ماہ تک بیٹھنا ہو گا تو شاید کوئی میرا ساتھ نہ دیتا اور مجھے اکیلے ہی اس مشن پر نکلنا پڑتا۔

  • حکومت ٹائم فریم میں نتیجہ خیز مذاکرات کرے، عمران خان

    حکومت ٹائم فریم میں نتیجہ خیز مذاکرات کرے، عمران خان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمیں عمران خان کہتے ہیں اگر وزیراعظم بننا ہوتا تو واشنگٹن کا طواف کرتا،حکومت سے بات چیت کیلئے تیار ہیں، لیکن بات چیت مخصوص وقت کے اندر ہونی چاہیئے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ بار سے خطاب کے دوران عمران خان نے ملک کے انتخابی نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دو ہزار تیرہ کے الیکشن میں مینڈیٹ کا قتل ہوا، عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن بات چیت مخصوص وقت کے اندر مکمل ہونی چاہئے،عمران خان کا کہنا تھاجہاں جمہوریت ہوگی وہاں خوشحالی ہوگی وزیراعظم بننا ہوتا تو امریکاکادورہ کرتا۔

    عمران خان نےکہاکہ الیکشن سے پہلے رول آف لاء کا ہونا ضروری ہے، ورنہ جرائم پیشہ طبقہ اوپر آجاتا ہے، انہوں نے کہاکہ تمام جماعتوں نے تسلیم کیا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی، ہم نے توصرف چار حلقوں میں تحقیقات کامطالبہ کیا ہے، انہوں نےکہاکہ نواز شریف کے استعفے کے مطالبے سے پیچھے ہٹ گئے۔  فیصل آباد میں ہمارے کارکن کو ہی مار کر ہمارے اوپر مقدمات درج کر لئے گئے۔

  • جوڈیشل کمیشن بیٹھاتوشہروں میں احتجاج ختم کردینگے، عمران خان کا جواب

    جوڈیشل کمیشن بیٹھاتوشہروں میں احتجاج ختم کردینگے، عمران خان کا جواب

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان کا کہنا ہے کہ جس دن حکومت جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں لائے گی دھرنا اور احتجاج ختم کردینگے۔

     دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے غیرمشروط مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں، اگرحکومت مذاکرات چاہتی ہے تو تیار ہیں، لیکن مذاکرت وہیں سے شروع ہونگے جہاں پر رکے تھے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں احتجاج پُرامن ہوگا، اگر کراچی والے سمجھتے ہیں کہ نظام ٹھیک ہے تو کاروبارکھلارکھیں، کسی کو زبردستی دکان اور کاروبار بند کرنے کا نہیں کہیں گے۔

     عمران خان کہنا تھا کہ اگر حکومت مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہے تو کراچی کے جلسے سے پہلے جوڈیشل کمیشن بنادے تو شہر شہر احتجاج اور دھرنے ختم کردینگے۔

    عمران خان کہنا تھا کہ نئے الیکشن کمیشن پر ان کو مکمل اعتماد ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ میں شہروں کو بند نہیں کرنا چاہتا۔ جوڈیشل کمشن بیٹھنے پر شہروں میں اپنا احتجاج ختم کر دینگے،جوڈیشل کمشن 24 گھنٹوں میں تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ حکومت سنجیدہ ہے تو کراچی جلسے سے پہلے جوڈیشل کمشن بٹھا دے۔ جس دن جوڈیشل کمشن بیٹھ گیا اس دن ہمارا احتجاج ختم ہوجائے گا۔