Tag: PTI

پاکستان تحریک انصاف یا پی ٹی آئی پاکستان کی ایک سیاسی جماعت ہے۔ اس کی بنیاد 1996 میں پاکستانی کرکٹ کھلاڑی سے سیاست دان بننے والے عمران خان نے رکھی تھی۔

پی ٹی آئی 2011 میں ایک سیاسی قوت بن کر ابھری، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے شاہ محمود قریشی، پاکستان مسلم لیگ (ف) سے جہانگیر خان ترین اور دیگر اہم رہنماؤں نے اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کو چھوڑ کر شمولیت اختیار کیی، اس کے علاوہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں ان کی بھی ایک بڑی تعداد تھی جنہیں سیاسی حلقوں میں کوئی نہیں جانتا تھا، ان میں سرِ فہرست نام اینگرو کے سابق سی ای او اسد عمر کا ہے
پی ٹی آئی
PTI News
  • پی ٹی آئی کے 20 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ

    پی ٹی آئی کے 20 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ

    جے آئی ٹی میں سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کی تحقیقات میں عدم تعاون پر پی ٹی آئی کے 20 رہنماؤں کے وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جے آئی ٹی میں سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم پاکستان تحریک انصاف کے رہنما متعدد نوٹس کے باوجود جے آئی ٹی میں پیش نہ ہوئے۔ تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر پی ٹی آئی کے 20 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جن رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم سمیت حماد اظہر، زلفی بخاری، عون عباس، میاں اسلم، فردوس شمیم نقوی، تیمور سلیم اور جبرن الیاس شامل ہیں۔

    ان کے علاوہ خالد خورشید، شہباز گل، اظہر مشوانی اور دیگر کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو پیشی کے متعدد نوٹس بھیجے اور تمام رہنماؤں کے گھروں پر ان نوٹسز کی تعمیل بھی کرائی گئی۔ تاہم وہ پھر بھی پیش نہ ہوئے۔

    اب تک جے آئی ٹی میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر، شبلی فراز، بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان سمیت دیگر رہنما پیش ہو چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف ریاست مخالف پروپیگنڈے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس کے لیے پیکا ایکٹ 2016 کے سیشن 30 کے تحت آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی۔

  • بانی پی ٹی آئی نے پی آئی اے کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی، خواجہ آصف

    بانی پی ٹی آئی نے پی آئی اے کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی، خواجہ آصف

    اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی آئی اے کا خسارہ اور قرض آسمان تک پہنچ گیا جبکہ یورپین اور برطانیہ روٹس بند ہوگئے، عمران خان کے دور حکومت میں لاجواب پرواز قصہ پارینہ بن گئی تھی۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے قیادت سنبھالی تو یورپین روٹ بحال ہوئے، ان شاء اللہ برطانیہ روٹ کی بحالی زیادہ دور نہیں، 21 سال بعد پی آئی اے اربوں کا منافع بخش ادارہ بن گیا، یہ قومی ادارہ ایک دفعہ پھر سبز ہلالی پرچم کا پاسبان بن گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری کا منصوبہ منظور، 51 سے 100 فی صد شیئرز فروخت ہوں گے

    وزیر ہوا بازی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی نیت اور محنت اللہ قبول کر رہا ہے، چیئرمین پی آئی اے عامر حیات اور ان کی ٹیم اور ملازمین قابل تحسین ہیں۔

    یاد رہے کہ پی آئی اے نے 21 سال کی طویل مدت کے بعد خالص منافع حاصل کیا۔ گزشتہ روز قومی ایئر لائن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سال 2024 کے سالانہ نتائج کی منظوری دی تھی۔

    اس پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 21 سال بعد پی آئی اے نے 9.3 ارب روپے کا آپریشنل منافع کمایا، اس نے مالی سال 2024 میں 26.2 ارب روپے نیٹ منافع حاصل کیا، ایئر لائن کا آپریٹنگ مارجن 12 فیصد سے زیادہ رہا جو کسی بھی بہترین ایئر لائن کے برابر ہے۔

    ’پی آئی اے نے آخری بار منافع 2003 میں کمایا تھا۔ یہ 2 دہائیوں تک خسارے کا شکار رہی، حکومت کی سرپرستی سے پی آئی اے میں جامع اصلاحات کی گئیں، افرادی قوت اور اخراجات میں واضح کمی کی گئی۔‘

  • اڈیالہ جیل میں 6 وکلا رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت مل گئی

    اڈیالہ جیل میں 6 وکلا رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت مل گئی

    راولپنڈی: اڈیالہ جیل حکام نے 6 وکلا رہنماؤں کو اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے دی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، بیرسٹر علی ظفر، مبشر مقصود اعوان، ظہیر عباس چوہدری، علی عمران اور رضیہ سلطانہ کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت مل گئی جس کے بعد وہ اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے۔

    قبل ازیں ترجمان پی ٹی آئی نے بتایا تھا کہ 6 وکلا کی فہرست اڈیالہ جیل حکام کو بھیج دی جس میں سلمان اکرم راجہ، ظہیر عباس، مشال یوسفزئی، نیاز اللہ نیازی، آصف نسوانا اور مبشر رحمان کا نام شامل ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو اہم ٹاسک دے دیا

    ترجمان نے بتایا تھا کہ آج عمران خان سے فیملی اور وکلا کی ملاقات کا دن ہے، فہرست بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کی جانب سے بھیجی گئی۔

    اس سے قبل عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم کا بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی گئی تو اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھ جائیں گے۔

    علیمہ خانم کا کہنا تھا کہ جب تک ملاقات نہیں ہوگی جیل کے باہر رہیں گے یہ احتجاج یا دھرنا نہیں، تین ہفتے سے بھائی سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی۔۔ سیاسی رہنماؤں کی ملاقات تو پانچ مہینے سے نہیں ہوئی۔

  • انٹرا پارٹی الیکشن کیس: چیئرمین پی ٹی آئی نے دلائل کیلیے مزید وقت مانگ لیا

    انٹرا پارٹی الیکشن کیس: چیئرمین پی ٹی آئی نے دلائل کیلیے مزید وقت مانگ لیا

    اسلام آباد: انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے دلائل کیلیے مزید وقت مانگ لیا۔

    الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی سماعت ہوئی جس میں چیئرمین بیرسٹر گوہر اور درخواست گزار اکبر ایس بابر پیش ہوئے۔

    چیف الیکشن کمشنر نے بیرسٹر گوہر سے استفسار کیا کہ آپ نے آج دلائل دینے تھے۔ اس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہائیکورٹ کے احکامات کی تفصیلات پیش کر دی ہیں، گزارش ہے کہ دلائل کیلیے وقت دیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی درخواست خارج

    سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ایک سال سے یہ کیس زیر التوا ہے، ٹھیک ہے ہائیکورٹ نے فیصلے سے منع کیا ے مگر پروسیڈنگ سے نہیں۔

    بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میرے پاس دستاویزات ابھی موجود نہیں کچھ وقت دے دیں۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگلی سماعت پر آپ ہر صورت تیار ہو کر آئیں۔

    الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 22 اپریل 2025 تک ملتوی کر دی۔

    بیرسٹر گوہر کی میڈیا سے گفتگو

    سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کا معاملہ لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت تھا، الیکشن کمیشن نے ہائیکورٹ کیس کی تفصیلات مانگی تھیں، آج یہ کیس چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں بینچ میں فکس تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم چاہیں گے کہ یہ کیس آگے بڑھے اور فیصلہ ہوا، الیکشن کمیشن میں آڈیو اور ویڈیو ثبوت اور تفصیلات جمع کروائیں، عدالت میں درخواست دی کہ ہمارا ڈیٹا ہمیں فراہم کیا جائے، ایف آئی اے ہمارا ڈیٹا لے کر چلی گئی تھی۔

  • بشریٰ بی بی کی جیل میں بہتر سہولیات کی فراہمی کیلیے درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

    بشریٰ بی بی کی جیل میں بہتر سہولیات کی فراہمی کیلیے درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کی جیل میں بہتر سہولیات کی فراہمی کیلیے دائر درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔

    رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کے اعتراض کے ساتھ جسٹس انعام امین منہاس نے درخواست پر سماعت کی جس میں بشریٰ بی بی کی جانب سے ایڈووکیٹ ظہیر عباس اور محمد عثمان گل پیش ہوئے۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو دی گئی درخواست پر فیصلہ ساتھ نہیں لگا ہوا؟ اس پر وکیل نے بتایا کہ وہ تو درخواست لیتے بھی نہیں ہم نے کورئیر سے جیل حکام کو بھیجی، 2 اپریل کو دی جانے والی درخواست کی کورئیر رسید ہم نے ساتھ منسلک کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرا دی جائے تو آج ہی شامل تفتیش ہونے کو تیار ہوں، بشریٰ بی بی

    گزشتہ روز بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں بہتر سہولیات کیلیے اپنے وکلا کے ذریعے درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اپنی بہتر معیار زندگی کی وجہ سے قانون کے مطابق بہتر سہولیات کی حقدار ہیں۔

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ بشریٰ بی بی بطور خاتون اوّل وزیر اعظم ہاؤس میں مقیم رہی ہیں، سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ نے بہتر سہولیات کیلیے جیل حکام کو درخواست کی لیکن سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل نے درخواست کان نہیں دھرے۔

    ’ان کے شوہر عمران خان کو اسی جیل میں بہتر سہولیات کا حقدار قرار دیا گیا ہے، استدعا ہے کہ فریقین کو اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہدایت کی جائے۔ جیل رولز 1978 کے تحت بشریٰ بی بی کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا حکم دیا جائے۔‘

    درخواست میں وفاق، سپرٹنیڈنٹ اڈیالہ جیل اور چیف کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سات سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔

  • بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو اہم ٹاسک دے دیا

    بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو اہم ٹاسک دے دیا

    پشاور: اڈیالہ جیل میں قید بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو اہم ٹاسک سونپ دیا۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی سیاسی و حکومتی قیادت میں اختلافات ہیں، عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو اعظم سواتی اور اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے درمیان معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

    یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کے پیٹرن ان چیف بانی پی ٹی آئی ہیں، طلال چوہدری

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ صدر پی ٹی آئی کے پی جنید اکبر نے شوکت یوسفزئی سے ملاقات کے دوران انہیں دیگر قائدین سے مل کر گروپ بندی ختم کرنے کی ہدایت کی جبکہ وہ علی امین گنڈاپور اور جنید اکبر میں ملاقات کیلیے راہ بھی ہموار کریں گے۔

    شوکت یوسفزئی نے جنید اکبر سے ملاقات کی تصدیق کی جس میں پارٹی امور پر بات کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے کیلیے سنجیدہ اقدامات کر دیے، نہیں چاہتے اختلافات سے سیاسی جدوجہد اور مستقبل کے اتحاد پر منفی اثرات پڑیں۔

    چند روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کیلیے علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کو ٹاسک دیا ہے۔

    تاہم ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا کسی کو بھی نیا ٹاسک نہیں دیا، میڈیا بغیر تصدیق خبریں نشر کرنے سے گریز کرے۔

    بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں حکومتی امور، افغانستان اور دہشتگردی کے واقعات پر تبادلہ خیال ہوا، انہوں نے وزیر اعلیٰ کے پی کو حکومتی امور اور مجھے باقی معاملات پر ہدایات دیں۔

    انہوں نے واضح کیا تھا کہ عمران خان کا مؤقف ہے اپنی رہائی اور ذاتی فائدے کیلیے کسی سے بات نہیں کریں گے، ملکی معاشی ترقی اور سیاسی استحکام بانی پی ٹی آئی کیلیے سب سے مقدم ہے۔

    ’عمران خان نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کیلیے پی ٹی آئی کو تسلیم کرنا ہوگا اور دیوار سے لگانے کی کوشش بند کرنا ہوگی، پی ٹی آئی ایک حقیقت ہے اور اسے تسلیم کرنا ہوگا۔‘

  • قوم کو 15 روپے فی یونٹ بجلی دینے والا آج پابند سلاسل ہے، بیرسٹر سیف

    قوم کو 15 روپے فی یونٹ بجلی دینے والا آج پابند سلاسل ہے، بیرسٹر سیف

    پشاور: ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے حکومت کے بجلی پیکج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو 15 روپے فی یونٹ بجلی دینے والا آج پابند سلال ہے۔

    بیرسٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 40 روپے فی یونٹ بجلی دینے والےعیش و عشرت کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کا دوسرا جرم 150 روپے لیٹر پیٹرول تھا جسے 300 پر پہنچایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مزید 7 فیصد کمی آئی ہے لیکن اس کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچ رہا، عالمی منڈی کے حساب سے پاکستان میں پیٹرول کی لیٹر قیمت 100 سے بھی کم ہونی چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں: ’بجلی کی قیمتوں میں کمی جماعت اسلامی کی تحریک کی بڑی کامیابی ہے‘

    گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے گھریلو صارفین کیلیے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ روپے کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام صارفین کو 34 روپے 37 پیسے فی یونٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔

    شہاباز شریف نے کہا کہ جون 2024 میں گھریلو صارفین کیلیے بجلی کی قیمت 48 روپے 70 پیسے تھی جبکہ آج گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت فی یونٹ 45 روپے5 پیسے پر ہے۔

    انہوں نے صنعتوں کیلیے بھی بجلی کے نرخ میں مزید 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ روپے کمی کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سال میں 600 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے جس کا خاتمہ ہمارا اگلا ہدف ہے۔

  • بانی پی ٹی آئی کی کوشش ہے کسی طریقے سے این آر او مل جائے، فیصل کریم کنڈی

    بانی پی ٹی آئی کی کوشش ہے کسی طریقے سے این آر او مل جائے، فیصل کریم کنڈی

    ڈی آئی خان: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی جماعت کی کوشش ہے کہ کسی طریقے سے این آر او مل جائے، نیشنل سکیورٹی کے ایشو میں نہ شرکت کر کے این ار او مانگنے کی کوشش کی گئی۔

    میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے خواب دیکھتے ہیں کہ عمران خان کو عید نماز نہیں پڑھنے دی گئی، پی ٹی آئی کے 5 گروپ ہیں اور ہر گروپ کی روزانہ ملاقات نہیں ہو سکتی، جیل کا جو طریقہ کار اور پروسیجر ہے اس کے تحت ہی ہو سکتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: سزا یافتہ شخص کے نام پر کیسے اسٹیڈیم کا نام رکھا جاسکتا ہے: فیصل کریم کنڈی

    فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ امریکا میں عمران خان نے کہا تھا کہ فرج بھی نکال دو، ہر چیز نکال دو اور اب مرغے مانگتے ہیں، 26ویں ترمیم کا ڈرافٹ پی ٹی آئی نے بنایا اور آخر میں مولانا فضل الرحمان کو دھوکہ دے کر چلے گئے، اب یہ دوبارہ مولانا فضل الرحمان کو چکمہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا ڈی آئی خان کا دورہ اچھا اقدام ہے، خیبر پختونخوا اور بالخصوص جنوبی اضلاع میں انٹیلیجنس بیس آپریشن ہو رہے ہیں جس میں پاک فوج اور پولیس کے جوان شہید ہو رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کا برا حال ہے عام شہری جس طریقے سے زندگی گزار رہے ہیں سب کے سامنے ہے، صوبائی حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، ہمارا فوج پر اور ریاست پر مکمل اعتماد ہے، فوج اور ریاست امن و امان کو قائم کرنے میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔

    دریائے سندھ سے کینال نکالنے کے معاملے میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کینال کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنا چاہیے، چیف ایگزیکٹو فیڈریشن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس مسئلے کو حل کریں، سی سی آئی پر مسئلے ڈسکس ہوتے ہیں اور خوش اسلوبی سے حل کیا جاتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میڈیا کے ذریعے مسئلے حل کرے گی تو پھر حل نہیں ہوں گے، سندھ کو نہری نظام سے مسئلہ ہے کہ ان کے مسائل میں اضافہ ہوگا، سندھ حکومت ہو یا وزیر اعلیٰ عوام کو مسئلہ ہوگا تو وہ کھڑے ہوں گے۔

    گورنر کے پی نے اپنی گفتگو میں یہ بھی کہا کہ کل بھی اگر کوئی جمہوری طریقے سے حکومت بنائے گا تو پیپلز پارٹی کی ضرورت ہوگی، یہ ایکسٹرا کنال پر رو رہے ہیں 1991 کے بعد خیبر پختونخوا کا جو حصہ ہے وہ بھی نہیں دیا گیا، ان شاء اللہ جون میں چشمہ لفٹ کنال کا باقاعدہ افتتاح ہو جائے گا۔

  • بزدار حکومت میں 550 ملین اسکینڈل، تحقیقات اعلیٰ افسران سے کیوں نہیں کرائی گئی؟ کمیٹی کی ناراضگی

    بزدار حکومت میں 550 ملین اسکینڈل، تحقیقات اعلیٰ افسران سے کیوں نہیں کرائی گئی؟ کمیٹی کی ناراضگی

    لاہور: پی ٹی آئی کی سابق حکومت سے تعلق رکھنے والے 550 ملین روپے کی مالی بے ضابطگی کے اسکینڈل میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی حکومت میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں 286 ملین روپے کے بغیر ٹینڈرز خریداریاں کی گئی تھیں، جب کہ 263 ملین روپے کی خریداری میں بنیادی قوانین کو نظر انداز کیا گیا تھا، بزدار دور کی اس بڑی مالی بے ضابطگی پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو نے سخت ایکشن لیا ہے۔

    پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو نے اس بات پر سخت اظہار ناراضگی کیا ہے کہ اس اسکینڈل کی تحقیقات جونیئر افسران سے کیوں کرائی گئی، کمیٹی نے تحقیقات اعلیٰ افسران سے کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔


    عثمان بزدار حکومت میں اسکولوں میں ہونے والے 58 فی صد داخلوں کی حقیقت کیا ہے؟


    پی اے سی نے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریٹریشن ڈیپارٹمنٹ کا مؤقف مسترد کر دیا، اور آڈٹ پیراز نمٹانے کی ایس اینڈ جی اے ڈی درخواست بھی مسترد کر دی، کمیٹی نے نئی تحقیقات مکمل ہونے تک تمام آڈٹ رپورٹس منجمد کر لیے ہیں۔

  • بانی پی ٹی آئی ڈیل کر کے نہیں عدالت سے سرخرو ہو کر نکلیں گے، علی امین گنڈاپور

    بانی پی ٹی آئی ڈیل کر کے نہیں عدالت سے سرخرو ہو کر نکلیں گے، علی امین گنڈاپور

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان ڈیل کر کے نہیں عدالت سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔

    علی امین گنڈاپور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی بغیر جرم کے قید ہیں، وہ آئین، قانون اور عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں، ان کی باعزت رہائی کے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آ سکتا، پی ٹی آئی کے ناحق قید کارکنوں کی رہائی کا عمل جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انصاف لائرز فورم ٹیم روزانہ کی بنیاد پر عدالتوں سے ضمانتیں حاصل کر رہی ہیں، لیگل ٹیم نے اب تک 2 ہزار سے زائد ناحق قید کارکنوں کی ضمانتیں کروائیں، ہم نے بلا تفریق تمام کارکنوں کو یکساں لیگل سہولت فراہم کیں۔

    یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کے پیٹرن ان چیف بانی پی ٹی آئی ہیں، طلال چوہدری

    وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ رہا ہونے والے کارکنان کا تعلق خیبر پختونخوا، پنجاب، کراچی، بلوچستان اور کشمیر سے ہے، رمضان کے دوران 700 سے زائد کارکنوں کو رہا کروایا گیا، آج بھی 174 کارکنوں کی رہائی کی روبکار اٹک اور جہلم جیل بھیجے جا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ22 کروڑ مالیت سے زائد کی رقم کارکنوں کی رہائی کے مچلکوں میں جمع کروائی گئی، عید سے قبل مزید کارکنوں کو عدالتوں سے رہائی دلوانے کی کوشش کی جائے گی، جیلوں میں ناحق قید کارکنوں کو مالی امداد اور ضرورت کی اشیا فراہم کی گئیں۔