Tag: PTI

پاکستان تحریک انصاف یا پی ٹی آئی پاکستان کی ایک سیاسی جماعت ہے۔ اس کی بنیاد 1996 میں پاکستانی کرکٹ کھلاڑی سے سیاست دان بننے والے عمران خان نے رکھی تھی۔

پی ٹی آئی 2011 میں ایک سیاسی قوت بن کر ابھری، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے شاہ محمود قریشی، پاکستان مسلم لیگ (ف) سے جہانگیر خان ترین اور دیگر اہم رہنماؤں نے اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کو چھوڑ کر شمولیت اختیار کیی، اس کے علاوہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں ان کی بھی ایک بڑی تعداد تھی جنہیں سیاسی حلقوں میں کوئی نہیں جانتا تھا، ان میں سرِ فہرست نام اینگرو کے سابق سی ای او اسد عمر کا ہے
پی ٹی آئی
PTI News
  • ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر سینیٹ الیکشن کا شیڈول جاری

    ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر سینیٹ الیکشن کا شیڈول جاری

    اسلام آباد (30 جولائی 2025): الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی سابق سینیٹر ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر سینیٹ الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی ایک خالی نشست پر ضمنی انتخابات کل 31 جولائی 2025 بروز جمعرات ہوں گے جس کیلیے صوبائی اسمبلی کے جرگہ ہال کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ خالی نشست پر مجموعی طور پر 9 امیدوار حصہ لیں گے، الیکشن خفیہ رائے شماری کے ذریعے منعقد ہوں گے، پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل لے جانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: سینیٹ الیکشن: خیبر پختونخوا سے منتخب آزاد سینیٹرز پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے

    پی ٹی آئی نے مشال یوسفزئی کو خواتین کی نشست پر سینیٹ کا ٹکٹ جاری کیا ہے اور اس سلسلے میں چیئرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق مشال یوسفزئی کو سینیٹ کا ٹکٹ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر جاری کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے پارٹی کے دیگر امیدواروں کو 30 جولائی تک دستبردار ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    جن امیدواروں کو دستبردار ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ان میں ساجدہ بیگم، مومنہ باسط، سمیرا شمس، صائمہ خالد شامل ہیں۔

    دوسری جانب مریم ریاض وٹو (بشریٰ بی بی کی بہن) نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بشریٰ بی بی نے مشال یوسفزئی کو کسی بھی عہدے کیلیے بشمول سینیٹ نشست، نامزد کرنے کی کوئی سفارش نہیں کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں سو فیصد یقین سے کہہ سکتی ہوں کہ بشریٰ بی بی نے مشال یوسفزئی کی کسی بھی کردار کیلیے سفارش نہیں کی، مجھے نہیں معلوم کہ انہیں کس نے نامزد کیا۔

  • الیکشن کمیشن کی وضاحت پر بیرسٹر گوہر کا ردعمل

    الیکشن کمیشن کی وضاحت پر بیرسٹر گوہر کا ردعمل

    اسلام آباد (29 جولائی 2025): ارکان پنجاب اسمبلی کی نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کی وضاحت پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا ردعمل سامنے آگیا۔

    بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیوار پر لکھا نظر آ رہا تھا ہمارے لوگوں کو نااہل کیا جائے گا، ہمارا آئینی حق ہے ہمارا کیس ہماری مرضی کا وکیل لڑے، فیئر ٹرائل کے تقاضے پورے نہیں کیے جا رہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو وضاحتیں دینے کے بجائے آئین و قانون کو فالو کرنا چاہیے، اس نے نوٹس کر کے فریقین کو سننا تھا اس نے جلدی دکھائی ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں: مذاکرات کا وقت ختم، اب فیصلے بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے، بیرسٹر گوہر

    انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 63 میں واضح ہے نااہلی سے قبل فریق کو سنا جاتا ہے، الیکشن کمیشن کے پاس ایسے کیسز میں 90 دن کا وقت ہوتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کا کردار ختم ہو تو وہ بادشاہت ہوتی ہے، اپوزیشن کو نااہل کرنے سے بہتر ہے ہوش کے ناخن لیں، جنہیں سزائیں ہوئیں وثوق سے کہتا ہوں یہ لوگ سیاست میں انتشار نہیں چاہتے۔

    بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بچوں سے ہمارا براہ راستہ رابطہ نہیں ہوتا، اپنے والد کیلیے آنا ان کا حق ہے اگر وہ آئے تو پُرجوش استقبال کریں گے۔

    گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اعجاز چوہدری، احمد چٹھہ اور احمد خان بھچر کو اے ٹی سی سے سزا ہوئی اور انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ تاحال برقرار ہے، سزا کا فیصلہ ختم نہیں کیا گیا۔

    الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ عبدالطیف چترالی کا کیس دیگر سے مختلف ہے، چترالی کے شریک ملزمان نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور ہائیکورٹ نے شریک ملزمان کی سزاختم کر کے رہائی کا حکم دیا۔

    بیان میں واضح کیا گیا تھا کہ عبدالطیف چترالی اس اپیل میں شامل نہیں ہوئے انہیں نوٹس جاری کیا گیا ہے، عبدالطیف چترالی وضاحت دیں کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ ان پر لاگو ہوتا ہے یا نہیں۔

  • علی امین گنڈاپور گرفتاری سے بچ گئے

    علی امین گنڈاپور گرفتاری سے بچ گئے

    پشاور (29 جولائی 2025): پشاور ہائیکورٹ نے پولیس کو وزیر اعلیٰ خبیر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی گرفتاری سے روک دیا۔

    علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام سول کورٹ کا وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ پشاور ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔

    عدالت نے پولیس کو علی امین گنڈاپور کی گرفتاری سے روکنے کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سینئر سول جج اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ کے پی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

    یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

    حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمات درج ہیں، وکیل کے مطابق درخواست گزار عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔

    عدالت نے کہا کہ درخواست گزار 29 جولائی کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو جائے، درخواست گزار کو مقررہ تاریخ تک گرفتار نہ کیا جائے۔

    یاد رہے کہ 21 جولائی 2025 کو اسلام آباد کی سیشن عدالت نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    عدالت میں شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کے پی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی تھی۔

    عدالت نے کہا تھا کہ کل 342 کا بیان ریکارڈ کروانے کیلیے آخری موقع ہے ورنہ یہ حق ختم کر دیا جائے گا، بعد ازاں کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی تھی۔

  • سینیٹ الیکشن: خیبر پختونخوا سے منتخب آزاد سینیٹرز پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے

    سینیٹ الیکشن: خیبر پختونخوا سے منتخب آزاد سینیٹرز پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے

    اسلام آباد (26 جولائی 2025): سینیٹ الیکشن میں خیبر پختونخوا سے منتخب 5 آزاد سینیٹرز نے باقاعدہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کر لی۔

    متخب آزاد سینیٹرز نے ڈکلیئریشن چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو جمع کروائے۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں مرزا آفریدی، اعظم سواتی، فیصل جاوید، نور الحق قادری اور روبینہ ناز شامل ہیں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ڈکلیئریشن الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیے۔

    یہ بھی پڑھیں: سینیٹ الیکشن میں نشان لگے بیلٹ پیپر دینے کی خبروں کی حقیقت

    واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن میں مجموعی طور پر 143 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی روبینہ ناز نے 89 ووٹ حاصل کیے، پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد نے 52 ووٹ حاصل کیے، خواتین کی نشست پر عائشہ بانو اور ماہ وش علی خان کوئی ووٹ حاصل نہ کر سکیں۔

    جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے مراد سعید 26، فیصل جاوید 22 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جنرل نشست پر مرزا آفریدی 21 اور نور الحق قادری 21 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

    جنرل نشست پر جے یو آئی کے عطا الحق درویش 18، ن لیگ کے نیاز احمد 18 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کے طلحہٰ محمود 17 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

    جنرل نشست پر آصف رفیق، اظہر قاضی مشوانی، خرم ذیشان، دلاور خان ووٹ نہ لے سکے، شفقت ایاز، عرفان سلیم، فیض الرحمان، وقاص اوکرزئی ووٹ نہ لے سکے۔

    ٹیکنوکریٹ نشست پر اعظم سواتی 89 اور جے یو آئی کے دلاور خان 54 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، خالد مسعود، ارشاد حسین، نور الحق قادری، وقار احمد قاضی کوئی ووٹ حاصل نہ کر سکے۔

  • 9 مئی کیسز میں نامزد حماد اظہر کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

    9 مئی کیسز میں نامزد حماد اظہر کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

    لاہور (25 جولائی 2025): 9 مئی کیسز میں نامزد رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حماد اظہر نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا، تین بہنوں کا بھائی اور دو کم سن بچوں کا باپ ہوں اور مجھ سے زیادہ تکلیف اور دکھ میرے گھر والوں نے دو سال سے زائد عرصہ برداشت کی۔

    یہ بھی پڑھیں: حماد اظہر اور رانا شہباز اشتہاری قرار، وارنٹ گرفتاری جاری

    حماد اظہر نے کہا کہ ظاہر ہے میں اس دکھ کی گھڑی میں اپنے گھر والوں خصوصی طور پر اپنی والدہ کے ساتھ اب موجود رہنے کی خواہش رکھتا ہوں، میں بے گناہ ہوں، کیسز کے خلاف عدالت سے رجوع کروں گا۔

    واضح رہے کہ مارچ 2025 میں جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔

    عدالت نے واثق قیوم عباسی، راجہ بشارت سمیت دیگر غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔ پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف تھانہ رمنا میں دو مقدمات درج ہیں۔

    بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی تھی جس میں پولیس اور کارکنان کے درمیان جھڑپیں اور جلاؤ گھیراؤ سے صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی۔

  • 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی شواہد پیش نہیں کر سکے، عطا تارڑ

    190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی شواہد پیش نہیں کر سکے، عطا تارڑ

    اسلام آباد (24 جولائی 2025): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اپنے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کر سکے۔

    اے پی پی کے مطابق عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف شواہد موجود تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج موجود تھیں، یہ معلوم تھا کہ ان واقعات میں کون ملوث تھے۔

    عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ ہم ریاست مدینہ کی بات کر رہے تھے تو ہمیں کیس میں سزا ہوگئی، کیس کا جواب مذہبی نہیں نہ ہی ریاست مدینہ ہے، آپ قوم کو بتائیں کہ آپ نے بزنس ٹائیکون کے اربوں روپے کس طرح استعمال کیے؟

    یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں شہزاد اکبر کا کرپشن میں مرکزی کردار، ذرائع

    انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بچوں کا حق ہے کہ وہ مہم چلائیں، وہ جہاں جا رہے ہیں وہاں لوگوں کو بتائیں کہ ہمارے والد کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا ہوئی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کی فیکٹ شیٹ ساتھ لے کر جائیں اور جس سے بھی ملتے ہیں تو یہ بتائیں کہ یہ کرپشن کیس ہے سیاسی نہیں، یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کیس سیاسی کیس ہے۔

  • پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ ہو گیا

    پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ ہو گیا

    اسلام آباد: پاک افغان تجارتی تعلقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، دونوں ممالک نے ترجیحی تجارتی معاہدہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت کے حکام نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے) طے پا گیا ہے، دونوں ممالک نے معاہدے پر باقاعدہ دستخط کر دیے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ افغان وزارت صنعت و تجارت کے نائب وزیر ملا احمداللہ زاہد اور سیکریٹری تجارت جواد پال نے معاہدے پر دستخط کیے، اب وفاقی کابینہ سے اس معاہدے کی منظوری لی جائے گی۔

    وزارت تجارت کے مطابق اس معاہدے کے تحت پاکستان کو برآمد کی جانے والی افغان اشیا پر عائد شرح ٹیرف کم ہو کر 22 فی صد تک ہو جائے گا، افغانستان کو ٹماٹر، انگور، سیب اور انار کی برآمد پر ڈیوٹیز میں رعایت دی جائے گی، جب کہ پاکستان کو آلو، کینو، کیلے اور آم کی برآمد پر ڈیوٹیز میں رعایت دی جائے گی۔


    آٹو مینوفیکچررز کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی، عدالت نے حکومت کو اضافی کسٹم ڈیوٹی وصولی سے روک دیا


    اس معاہدے کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا، ابتدائی طور پر پاک افغان ترجیحی تجارت کے معاہدے کا دورانیہ ایک سال ہوگا، اس کے بعد معاہدے کو باہمی اتفاق رائے سے توسیع دی جائے گی۔

    فریقین نے افغان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق کیا، حکام کا کہنا ہے کہ اس معاہدے میں مزید تجدید بھی کی جا سکتی ہے۔

  • بانی پی ٹی آئی کے بیٹے جو مناسب سمجھتے ہیں وہ کریں، رانا ثنا اللہ

    بانی پی ٹی آئی کے بیٹے جو مناسب سمجھتے ہیں وہ کریں، رانا ثنا اللہ

    (24 جولائی 2025): وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے والد کے لیے جو مناسب سمجھتے ہیں وہ کریں۔

    وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے والد کے لیے جو مناسب سمجھتے ہیں وہ کریں یہ ان کی ذمہ داری اور حق بھی ہے۔

    رانا ثنا کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو پاکستان کے دفاعی ادارے کی انسٹالیشن پر حملہ کیا گیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کہا تھا 9 مئی پر پہلے معذرت کریں پھر بات آگے بڑھے گی۔

    وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ کسی نے معذرت کی پراسیکیوشن نے کسی کو معاف کیا تو قانون اس کی اجازت ہے، بانی پی ٹی آئی اس وقت جوڈیشل کسٹڈی میں ہیں کیوں کہ وہ مجرم ہیں، اگر ان کے ساتھ جیل میں ناانصافی ہورہی ہے تو یہ غلط ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے جلسہ کرنا ہے اور وہ ہی نکتہ عروج ہے تو جلسہ پشاور میں کرلیں، پی ٹی آئی نے لاہور میں جلسہ کرنا ہے تو پنجاب کی انتظامیہ سے اجازت لیں۔

  • پورے ملک میں 9 مئی کے کیسز پر فیصلہ ہونا چاہیے، طلال چوہدری

    پورے ملک میں 9 مئی کے کیسز پر فیصلہ ہونا چاہیے، طلال چوہدری

    اسلام آباد (23 جولائی 2025): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ پنجاب سمیت پورے پاکستان میں 9 مئی کے کیسز پر فیصلہ ہونا چاہیے۔

    طلال چوہدری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شور مچایا جا رہا ہے کہ 9 مئی کے کیسز کی سزائیں سیاسی بنیاد پر دی گئیں لیکن پی ٹی آئی کے مشتعل ہجوم نے خود ویڈیوز اپلوڈ کیں، اُس دن جو کچھ ہوا اس کے تمام شواہد موجود ہیں اور وہ خود بھی تسلیم کرتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: 9 مئی، توشہ خانہ اور 26 نومبر کے مقدمات جلد نمٹانے کیلئے تیاریاں مکمل

    وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہ درجنوں شواہد تھے اس کے باوجود سزائیں بہت پہلے ہونی چاہیے تھیں، ویڈیوز کی بنیاد پر حملہ آوروں کی شناخت کی گئیں، ویڈیوز اور شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ اپنے رہنماؤں سے رابطے میں تھے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا کو معلوم ہے 9 مئی پی ٹی آئی نے کیا ہے عمران خان کے گھر سے اس تحریک کا آغاز ہوا، 9 مئی کو شرپسندوں نے تھانوں کو جلایا، سیکڑوں گاڑیاں اور املاک کو آگ لگائی گئی، سوشل میڈیا پر ان کی اپنی تقریریں اور بیانات موجود ہیں، 9 مئی کے ملزمان کو شواہد کی بنیاد پر ہی سزا دی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو لاہور میں 14 مقامات پر واقعات ہوئے، اُس دن 82 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، سرور روڈ پر ہنگامہ آرائی میں سرکاری املاک کو جلایا گیا۔

  • اسلحہ شراب برآمدگی کیس: انٹرنیٹ مسائل کے باعث علی امین گنڈاپور کا بیان ریکارڈ نہ ہو سکا

    اسلحہ شراب برآمدگی کیس: انٹرنیٹ مسائل کے باعث علی امین گنڈاپور کا بیان ریکارڈ نہ ہو سکا

    اسلام آباد (22 جولائی 2025): اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا بیان ریکارڈ نہ ہو سکا۔

    سیشن عدالت میں اسلحہ و شراب برآمدگی کیس کی سماعت کے دوران انٹرنیٹ مسائل کے باعث علی امین گنڈاپور کا ویڈیو لنک پر 342 کا بیان قلمبند نہ ہو سکا، جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن نے آج کی سماعت کا حکم نامہ لکھوا دیا۔

    عدالتی حکم نامے کے مطابق علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے جاتے ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروائیں۔

    یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم

    اس میں کہا گیا کہ کیس آج سماعت کیلیے مقرر تھا اور علی امین گنڈاپور کا 342 بیان ریکارڈ کرنا تھا، ان کو عدالت حاضری کیلیے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، وکیل صفائی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سرکاری کام کے باعث مصروف ہیں۔

    حکم نامے کے مطابق کے پی میں شدید بارشوں کے باعث وزیر اعلیٰ کی مصروفیات بتائی گئیں، وکیل صفائی نے بتایا کہ علی امین 342 کا بیان ویڈیو لنک پر ریکارڈ کروانے کو تیار ہیں۔

    ’3 بجے کیس کی سماعت شروع ہوئی تو وکیل صفائی عدالت میں پیش ہوئے، وکیل صفائی نے ملزم کے نمبر اور زوم لنک عدالت کو مہیا کیے۔ عدالتی عملے نے کوشش کی لیکن انٹرنیٹ کنکشن میں مسائل کی وجہ سے رابطہ نہ ہوا۔ وکیل صفائی کے بیان سے معلوم ہوتا ہے علی امین گنڈاپور بیان ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں۔‘

    مزید بتایا گیا کہ وکیل صفائی نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ سماعت پر 342 کا بیان قلمبند کروائیں گے، علی امین گنڈاپور کو بیان قلمبند کروانے کیلیے ایک اور موقع فراہم کیا جاتا ہے، وہ اپنا بیان وڈیو لنک یا عدالت میں پیش ہو کر ریکارڈ کروا سکتے ہیں۔

    عدالت نے کیس کی سماعت 24 جولائی 2025 تک ملتوی کر دی۔