Tag: PTV

  • پی ٹی وی فیفا ورلڈ کپ 2022 دکھانے میں کیوں ناکام رہا؟

    پی ٹی وی فیفا ورلڈ کپ 2022 دکھانے میں کیوں ناکام رہا؟

    اسلام آباد: پی ٹی وی پر فیفا ورلڈ کپ 2022 براہ راست نشر کرنے میں ناکامی کی رپورٹ قومی اسمبلی میں‌ پیش کر دی گئی، جس میں‌ کہا گیا ہے کہ پی ٹی وی فیفا ورلڈ کپ دکھانے کے لیے کم منافع کما کر نشریاتی حقوق حاصل کر سکتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی وی فیفا ورلڈ کپ 2022 کے میچ براہ راست نشر کرنے میں ناکام رہا۔

    رپورٹ کے مطابق اس معاملے کی مزید انکوائری کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، کمیٹی کی آرا اور سفارشات کی روشنی میں ضروری کارروائی کی جائے گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹیلی کاسٹ حقوق کے حصول میں ناکامی پر متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کی گئی، سرکاری چینل کے ناطے فیفا ورلڈ کپ پی ٹی وی پر نشر کرنا اس کی ذمہ داری تھی، پاکستان کی اکثریتی آبادی ورلڈ کپ دیکھنے سے محروم رہی۔

  • پی ٹی وی: مریم اورنگزیب نے پرویز الہٰی کی تقریب حلف برداری نشر نہیں ہونے دی

    پی ٹی وی: مریم اورنگزیب نے پرویز الہٰی کی تقریب حلف برداری نشر نہیں ہونے دی

    اسلام آباد: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی تقریب حلف برداری پی ٹی وی سے نشر نہیں ہونے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پرویز الہٰی کی تقریب حلف برداری کو نشر کرنے سے روک دیا، عوام کے ٹیکسوں سے چلنے والے سرکاری ٹی وی پر صحافتی بد دیانتی کی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق مریم اورنگزیب نے ملک کے سب سے بڑے صوبے کے نو منتخب وزیر اعلیٰ کی ایوان صدر میں منعقدہ سرکاری تقریب براہ راست نشر نہیں ہونے دی۔

    پی ٹی وی نے تقریب اسکرین کے صرف ایک حصے پر برائے نام چلائی، اور عوام کو تقریب حلف برداری براہ راست دیکھنے سے محروم رکھا گیا۔

    چوہدری پرویزالہیٰ نے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھالیا

    واضح رہے کہ سرکاری ٹی وی وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ماتحت ہے۔ سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مریم اورنگزیب کے کہنے پر پرویز الہٰی کی تقریب حلف برداری نہیں دکھائی گئی۔

    فواد چوہدری نے تنبیہہ کی کہ میں بتا رہا ہوں کہ پی ٹی وی پر جو لوگ اس وقت عہدوں پر ہیں اگلے مہینے نہیں ہوں گے، اگر ان لوگوں کو بھی جیل میں جانا ہے تو ایسا کرتے رہیں، مریم اورنگزیب خود جیل جانے والی ہیں۔

    گزشتہ روز نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے حلف اٹھا لیا، صدر عارف علوی نے ان سے ایوان صدر اسلام آباد میں حلف لیا، پرویز الہٰی سپریم کورٹ کے حکم پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھانے جب گورنر ہاؤس پہنچے تو اس کے گیٹ بند ملے، اور پرویز الہٰی کو داخلے کی اجازت نہیں ملی، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ان سے حلف لینے سے انکار کر دیا تھا۔

  • فواد چوہدری نے صحافیوں کو خوشخبری سنا دی

    فواد چوہدری نے صحافیوں کو خوشخبری سنا دی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ریڈیو پاکستان کو مکمل ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں، صحافیوں کو وہ سہولت دینے جا رہے ہیں جس کی مثال نہیں ملتی، ہم نے صحافیوں کو کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں کہا کہ ہم نے 20 سال دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، گزشتہ دنوں انفو لیب بھی پکڑی گئی۔ 845 جعلی ویب سائٹس بنائی گئیں جن سے جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انفو لیب کے ذریعے پاکستان مخالف اقدامات کیے گئے، یہ اصل لڑائی ہے کہ ہم اپنا بیانیہ کیسے پیش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کو مستحکم کر رہے ہیں، ماضی کی حکومتوں نے اے پی پی،پی ٹی وی، ریلوے اور اسٹیل مل کو بٹھا دیا، آج عمران خان کو ہر عمارت کی بنیاد پھر سے رکھنا پڑ رہی ہے۔ ان اداروں کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگست کے پہلے ہفتےمیں پی ٹی وی مکمل ایچ ڈی ہوجائے گا، اے پی پی ورلڈ کلاس نیوز ایجنسی اگست میں اپنا کام شروع کرے گی، ریڈیو پاکستان کو مکمل ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ صحافیوں کی جانوں کو خطرہ ہے، ملکی تاریخ میں صحافیوں پر سب سے زیادہ حملے پیپلز پارٹی کے دور میں ہوئے، مسلم لیگ کے دور میں 18 حملے ہوئے جن میں 14 صحافی جان کی بازی ہار گئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کو وہ سہولت دینے جا رہے ہیں جس کی مثال نہیں ملتی، ہم نے صحافیوں کو کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنایا ہے۔

  • اداکارہ سیمی راحیل سرکاری ٹی وی کا بھیجا گیا چیک دیکھ کر سخت افسردہ

    اداکارہ سیمی راحیل سرکاری ٹی وی کا بھیجا گیا چیک دیکھ کر سخت افسردہ

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ سیمی راحیل نے سرکاری ٹی وی چینل کی جانب سے 1400 روپے ادا کیے جانے پر شدید برہمی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیمی راحیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اس چیک کی تصویر شیئر کی جو انہیں پی ٹی وی کی جانب سے موصول ہوا، سیمی راحیل نے یوم آزادی کے موقع پر پی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی تھی جس کا معاوضہ انہیں اب موصول ہوا۔

    ٹی پروگرام میں شرکت کرنے پر بطور معاوضہ بھیجا جانے والا یہ چیک 1400 روپے کا ہے جسے دیکھ کر سیمی سخت صدمے کا شکار ہوگئیں۔

    اپنے انسٹاگرام پر اداکارہ نے لکھا کہ یہ چیک اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری ریاست اپنے فنکاروں سے کس قدر محبت کرتی ہے، 4 دہائیوں کے بعد بھی یہ عمل واقعی خوفناک اور پریشان کن ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Simiraheal (@simi_raheal_official)

    ایک نجی خبر رساں ادارے سے اسی معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے سیمی راحیل کا کہنا تھا کہ لوگ ہم سے سوال کرتے ہیں کہ آپ سرکاری ٹی وی چینل پر کام کیوں نہیں کرتیں، ہمارا سرکاری ٹی وی پرائیوٹ ٹی وی چینلز سے مقابلے کرنے کا دعویٰ تو بہت کرتا ہے لیکن وہاں سینئر فنکاروں کے ساتھ جو سلوک کیا جاتا ہے اس کا اندازہ اس چیک سے ہوجاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سرکاری ٹی وی صرف اپنے پسندیدہ فنکاروں کی ہی عزت کرتا ہے جبکہ باقی فنکاروں کے ساتھ ایسا ہی سلوک کیا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سرکاری ٹی وی سینیئر اداکار راشد محمود کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بن چکا ہے جنہوں نے اپنے چیک کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی۔

    راشد محمود کو محرم الحرام میں مرثیہ پڑھنے پر صرف 620 روپے کا چیک بھیجا گیا تھا جس کے بعد راشد محمود نے سرکاری ٹی وی چینل پر مزید کام نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    ان کی پوسٹ کے بعد متعدد فنکاروں نے ان کی حمایت کی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے اسے ایک غلطی قرار دیا تھا۔ بعد ازاں پی ٹی وی نے اس غلطی پر معذرت کرتے ہوئے راشد محمود کو 9 ہزار 600 روپے کا چیک بھیجا تھا۔

  • پی سی بی اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط

    پی سی بی اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط

    اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان ٹیلی وژن اسپورٹس کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان تین سالہ معاہدہ ہوا ہے، اس معاہدے سے پی سی بی کو 200 ملین امریکی ڈالر کی آمدن متوقع ہے، معاہدے پر ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دستخط کیے۔

    سال 2023 تک جاری معاہدے کی پہلی اسائنمنٹ نیشنل ٹی 20 کپ ہوگا، 30 ستمبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کی پروڈکشن پی سی بی اور براڈ کاسٹنگ پی ٹی وی کرے گا۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی براڈ کاسٹنگ ڈیل ہے۔

    اگر ہم اپنا کرکٹ کا اسٹرکچر درست کر لیں تو پاکستان ناقابل شکست ہوجائے گا، وزیراعظم

    انھوں نے کہا 3 سالہ معاہدے سے پاکستان کی کرکٹ پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے، پی سی بی 3 سال میں قومی مینز اور ویمنز کرکٹ کے فروغ پر 15 ارب روپے خرچ کرے گا۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ یہ رقم اعلیٰ کارکردگی مراکز میں سابق کرکٹرز کے روزگار کے لیے بھی خرچ ہوگی۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق کے معاہدوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنا کرکٹ اسٹرکچر درست کر لیں تو پاکستان ناقابل شکست ہو جائے گا، پاکستان میں جتنا ٹیلنٹ ہے وہ کسی اور ملک میں نہیں ہے، ہمارا ٹیلنٹ ایک نظام نہ ہونے کے باوجود نکلتا تھا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اچھے مقابلے اور میرٹ سے کرکٹ بہتر ہوتی ہے، دنیا میں سب سے بہترین کرکٹ کا نظام آسٹریلیا میں ہے جو سب سے بہتر کرکٹ کو پالش کرتی ہے اور لوگ اوپر آتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے یہاں ٹیلنٹ تو نظر آ جاتا ہے لیکن اس کو پالش کرنے کے نظام میں مسئلہ ہے جسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔

  • ارشد خان کی برطرفی، پی ٹی وی ملازمین کا احتجاج ختم، فواد چوہدری کا مطالبات پورے کرانے کی یقین دہانی

    ارشد خان کی برطرفی، پی ٹی وی ملازمین کا احتجاج ختم، فواد چوہدری کا مطالبات پورے کرانے کی یقین دہانی

    اسلام آباد: ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کی برطرفی کے بعد پی ٹی وی ملازمین نے اپنا احتجاج ختم کر دیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی وی ملازمین نے احتجاج ختم کر دیا، اس موقع پر وزیراطلاعات فوادچوہدری نے پی ٹی وی ملازمین سے خطاب کیا.

    [bs-quote quote=” حکومت پی ٹی وی ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے، یہ ہمارا اثاثہ ہیں” style=”style-8″ align=”left” author_name=”فواد چوہدری”][/bs-quote]

    انھوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ حکومت پی ٹی وی ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے، یہ ہمارا اثاثہ ہیں، ملازمین کے تمام جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے.

    وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کو گھربھی دینےکی کوشش کریں گے۔

    سیکرٹری پی ٹی وی یونین نے انتظامیہ کی یقین دہانی پراحتجاج ختم کیا.

    مزید پڑھیں: ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کوعہدے سے ہٹا دیا گیا

    یاد رہے کہ 11 اپریل 2019 کو ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کوعہدے سے ہٹا دیا گیا، ان کے خلاف ایف آئی اے تحقیقات کررہی تھی، کرنل (ر) حسن کو قائم مقام ایم ڈی پی ٹی وی کا اضافی چارج دے دیا گیا.

    ایف آئی اے تحقیقات کے علاوہ ایم ڈی پی ٹی وی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے اختلافات کی وجہ سے بھی خبروں‌ میں‌ رہے.

  • ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کوعہدے سے ہٹا دیا گیا

    ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کوعہدے سے ہٹا دیا گیا

    اسلام آباد: ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کوعہدے سے ہٹا دیا گیا، ان کے خلاف ایف آئی اے تحقیقات کررہی تھی.

    تفصیلات کے مطابق ایم ڈی پی ٹی وی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا. کرنل (ر) حسن کو قائم مقام ایم ڈی پی ٹی وی کا اضافی چارج دے دیا گیا.

    [bs-quote quote=”کرنل (ر) حسن کو قائم مقام ایم ڈی پی ٹی وی کا اضافی چارج دے دیا گیا” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    ایف آئی اے تحقیقات کے علاوہ ایم ڈی پی ٹی وی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے اختلافات کی وجہ سے بھی خبروں‌ میں‌ رہے.

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں دونوں عہدے داروں کے ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے کی خبر بھی میڈیا کی زینت بنی.

    مزید پڑھیں: بے نامی چیکس کا معاملہ، ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کے خلاف تحقیقات کا آغاز، نیب نے طلب کرلیا

    وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے متعدد بار ایم ڈی پی ٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ادارے کو تباہ کرنے اور کرپشن کا الزام عائد کیا.

    عام خیال ہے کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق اور فواد چوہدری کے اختلافات کا سبب بھی ایم ڈی پی پی ٹی وی ہی تھے.

    یاد رہے کہ 30 مارچ 2019 کو  قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کے خلاف بے نامی چیک کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے انہیں طلب کیا تھا۔

  • وزراء کو تبدیل کرنے کیلئے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، نعیم الحق

    وزراء کو تبدیل کرنے کیلئے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، نعیم الحق

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزراء کو تبدیل کرنے کیلئے کسی قسم کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، فواد چوہدری سے میری کوئی لڑائی نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، معاون خصوصی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کو بہتر طور پر چلانے کیلئے معاملات پر بات ہورہی ہے جس کے بعد اہم اقدامات کیے جائیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے وزراء کو تبدیل کرنے سے متعلق کسی قسم کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، فواد چوہدری سے میری کوئی لڑائی نہیں ہے، ہم اچھے دوست ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں نعیم الحق نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کے قوانین میں بہتری لانے کی اشد ضرورت ہے، نیب کی بہت سی کارروائیاں قانون کے مطابق نہیں ہیں، انہوں نے تجویز پیش کی کہ نیب کے پراسیکیوٹرز وزارت قانون سے مشاورت کے بعد مقرر کیے جائیں۔

    مزید پڑھیں: قائمہ کمیٹی نے ایم ڈی پی ٹی وی کی فوری بر طرفی کا مطالبہ کر دیا

    دریں اثنا گزشتہ دنوں پی ٹی وی ملازمین نے بھی ایم ڈی کو فوری طور پر عہدے سے بر طرف کرنے کا مطالبہ کیاتھا، ملازمین نے اس سلسلے میں پیمرا آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں مظاہرین نے کہا کہ ایم ڈی پی ٹی وی کو عہدے سے فوری ہٹایا جائے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کے درمیان ایم ڈی پی ٹی وی سے متعلق اختلافات بڑھ گئے تھے، نعیم الحق اور ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان نے اس سلسلے میں وزیرِ اعظم سے ملاقات بھی کی تھی۔

    اپنے مستعفیٰ ہونے کی خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ میں نے کوئی استعفیٰ وزیراعظم آفس نہیں بھیجا، ٹیم بنانا صرف وزیراعظم کا کام ہے وہ جسے بہتر سمجھیں گے ٹیم میں رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر کے حوالے سے مجھے تحفظات ہیں لیکن حتمی فیصلہ عمران خان کا ہوگا، وزیراعظم سے میرا صرف سیاسی نہیں بلکہ ایک ذاتی تعلق بھی ہے اس لیے اگر وہ فون اٹھا کر بولیں گے تو وزارت ہی چھوڑ دوں گا۔

  • نیب قوانین میں ترمیم ادارے کو مضبوط بنانے کے لیے ہوگی، فواد چوہدری

    نیب قوانین میں ترمیم ادارے کو مضبوط بنانے کے لیے ہوگی، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فوادی چوہدری نے کہا ہے کہ نیب قوانین میں ترمیم قومی احتساب بیورو کو مضبوط بنانے کے لیے ہوگی۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نیب قوانین میں ترمیم چوروں کو کلین چٹ دینے کے لیے نہیں بلکہ نیب کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہوگی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’بڑے اور طاقتور لوگوں پر ہاتھ ڈالنے کے عمل کو عوامی حمایت حاصل ہے، ماضی میں نیشنل بینک کےصدر اور چیئرمین نیب و دیگر کا گٹھ جوڑ تھا جو کھل کر سامنے آیا‘۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’پورے ملک میں بلا تفریق احتساب ہورہا ہے، تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کے خلاف بھی نیب نے کارروائی کی‘۔

    مزید پڑھیں: نیب میں بہتری لانے کے لیے مخالف جماعتوں سے تعاون کو تیار ہیں، نعیم الحق

    اُن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کی ضمانت سے متعلق قانونی طور پر فیصلہ دیا، اگر کسی ملزم کو باہر جانے کی اجازت دی گئی تو دیگر ملزمان بھی یہی مطالبہ کریں گے اس طرح جیلیں خالی ہوجائیں گی۔

    قبل ازیں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس ہوا جس میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی وی ایک طرف اور ایم ڈی ایک طرف ہیں‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کو خوداستعفیٰ دےدینا چاہیے کیونکہ پی ٹی وی ملازمین انتظامیہ کے خلاف پیمرا دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کررہے ہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’ایم ڈی کو خوداستعفیٰ دےدینا چاہیے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم کے ترجمان نے احتساب قوانین میں ترمیم کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’کاروباری شخصیات نیب (قومی احتساب بیورو) سے متعلق شکایات ہے، نیب میں کئی سال سے کیسز چلنے کا مطلب انصاف کی فراہمی نہیں ہورہی، احتساب بیورو کی کارکردگی میں بہتری کے لیے مخالف (اپوزیشن) جماعتوں سے تعاون کو تیار ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: چیئرمین نیب نے قوانین میں متوقع تبدیلی کی مخالفت کر دی

    نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ’نیب چھوٹی چھوٹی شکایات پر بزنس کمیونٹی کو طلب کر تی ہے، تاجر برادری کو اس حوالے سے شکایات ہیں‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’نیب کےہرمقدمےکافیصلہ30کے اندرہوناچاہیے، کیسزکےکئی سال چلنےکامطلب ہےانصاف فراہم نہیں کیا جارہا‘۔

    نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ’نیب کاکام  قوم کی لوٹی رقم واپس لانا ہے، پاکستان کےتمام قوانین کی ترمیم پر حکومت دوبارہ غور کررہی ہے، حکومت تشدد کے خلاف  منظم قانون لائے گی تاکہ پرتشدد کارروائیوں کو فوری طور پر روک کر عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے‘۔

  • الف نون کے’الن‘ کی آج تیسری برسی ہے

    الف نون کے’الن‘ کی آج تیسری برسی ہے

    کراچی: معروف مصنف، ہدایت کاراوراداکارکمال احمد رضوی کی آج تیسری برسی ہے ‘ آپ طویل علالت کے بعد 85 سال کی عمرمیں کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔

    کمال احمد رضوی یکم مئی1930ء کو بہار کے قصبے’گیا‘ میں پیداہوئے تھے۔ یہ وہی علاقہ ہے جہاں بدھ مت کے بانی گوتم بدھ کو نروان ملا تھا۔ اسی مٹی کی تاثیر لے کرکمال احمد رضوی 70 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈرامہ سیریل ’الف نون‘میں الن کے کردارسے شہرت کی بلندیوں پرپہنچے۔

    [bs-quote quote=”اگرکسی شخص کی تحریریں مجھ پرمکمل طور پراثرپذیر ہوئی ہیں تو وہ منٹو ہے، افسوس ہمارے معاشرے نے ان کی قدر نہیں کی” style=”style-6″ align=”left” author_name=”کمال احمد رضوی”][/bs-quote]

    سن 1951ء میں کمال احمد رضوی بھارت سے پاکستان آگئے تھے اور کچھ عرصہ کراچی میں مقیم رہنے کے بعد لاہورمنتقل ہوگئے۔

    سنہ1958ء میں تھیٹر سے اداکاری کا آغازکیا اور1965ء میں پاکستان ٹیلی وژن کے لاہوراسٹوڈیو کے قیام کے بعد پہلی دفعہ ’الف نون ‘شروع کیا جس میں انہوں نے خود الّن کا اوررفیع خاورنے ننھے کا کردار ادا کیا۔الف نون پی ٹی وی کا مقبول ترین پروگرام تھا جسے 1965 سے 1986 کے دوران چارمرتبہ ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔

    اس ڈرامے کی مقبولیت کا عالم یہ تھا کہ لوگ پورا ہفتہ اس کا انتظار کرتے اور جس وقت یہ نشر کیا جاتا اس وقت سڑکوں پر سناٹے چھا جاتے اور پورا ملک اس ڈرامے کو دیکھا کرتا تھا۔

    کمال احمد رضوی ایک اچھے اداکار اور ہدایت کار ہی نہیں بلکہ ایک اچھے قلم کار بھی تھے ، کتابوں کے بے حد رسیا تھے اور کتب بینی ہی ان کا اوڑھنا بچھونا تھی، ان کی نادرتحریروں میں مسٹرشیطان، آدھی بات، صاحب بی بی اورغلام قابلِ ذکرہیں۔

    کمال احمدرضوی پاکستان کے چند نامورڈائجسٹوں کے مدیربھی رہے ہیں جن میں تہذیب، آئینہ اورشمع جیسے قابل ذکرنامی شامل ہیں۔

    کمال احمد رضوی پاکستان کے نامورمصنف سعادت حسین منٹو سے بے پناہ متاثرتھے اوران کا کہنا تھا کہ ’’اگرکسی شخص کی تحریریں مجھ پرمکمل طور پراثرپذیر ہوئی ہیں تو وہ منٹو ہے، افسوس ہمارے معاشرے نے ان کی قدر نہیں کی‘‘۔

    کمال احد رضوی طویل عرصہ علیل رہنے کے بعدبالاخر 17 دسمبر 2015 کوکراچی میں انتقال کرگئے تھے ، وصال کے وقت ا ن کی عمر85 سال تھی۔

    ان کے ساتھی اداکار رفیع خاور عرف ننھا نے دو جون 1986ء کو خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا، وہ 1942ء میں ساہیوال میں پیدا ہوئے تھے۔ بلاشبہ یہ جوڑی پاکستانی اداکاروں میں سب سے مشہور ترین جوڑی تھی۔