Tag: Public complaints

  • پاکستان سیٹیزن پورٹل سے متعلق وزیراعظم کا ایکشن

    پاکستان سیٹیزن پورٹل سے متعلق وزیراعظم کا ایکشن

    اسلام آباد: پاکستان سیٹیزن پورٹل پر ریلیف کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے ایکشن لے لیا ہے۔

    وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک لاکھ 55ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا ہے، یہ شکایات جولائی تا دسمبر دو ہزار بیس میں دائر کی گئیں۔

    وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات پر شکایات کو مرحلہ وار کھولا جائے گا، نظرثانی کیلئے دوبارہ کھولی گئی شکایات اعلیٰ افسران کو تفویض کردی گئیں ہیں، نظرثانی شکایات کیلئے متعلقہ شہری سےرابطہ اور مجازافسر کی رائے لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

    وزیراعظم آفس کے مطابق پہلے مرحلے میں جائیداد، امن وامان،انسانی حقوق کی شکایات کو دوبارہ کھولاجائیگا، وفاقی اداروں کی68ہزار،پنجاب کی53ہزار شکایات پر نظرثانی ہوگی اس کے علاوہ کےپی سے15ہزار، سندھ کی13ہزار شکایات شامل ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے

    یہ بھی پڑھیں:  سیٹیزن پورٹل پر موصول شکایات پر 1 ہزار 30 افسران کا آڈٹ

    پاکستان سیٹیزن پورٹل پر ریلیف کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے ایکشن لے لیا ، وزیراعظم کا 1 لاکھ 55 ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دے دیا ، وزیراعظم نے ہدایت کر دی کہ جولائی 2020ء سے دسمبر 2020ء تک غیر مطمئن شہریوں کی شکایات کو دوبارہ کھولا جائے۔

    خیال رہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 28 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، 15لاکھ شہریوں نے پاکستان سٹیزن پورٹل پراظہار خیال کیا اور لاکھوں شہریوں نے سٹیزن پورٹل کے ذریعے ریلیف ملنے کی تصدیق کی۔

     

  • سعودی عرب : ٹیلی کمیونکیشن کمپنیز کیخلاف عوامی شکایات کا انبار لگ گیا

    سعودی عرب : ٹیلی کمیونکیشن کمپنیز کیخلاف عوامی شکایات کا انبار لگ گیا

    ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سال رواں کی تیسری سہ ماہی کے دوران ٹیلی کمیونیکیشن صارفین کی جانب سے14 ہزار 718شکایات موصول ہوئیں۔

    موصول ہونے والی شکایات کی بڑی تعداد بلنگ سے متعلق تھی، سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق مواصلات اور انفارمیشن ٹینکنالوجی اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں ٹیلی کمیونیکیشن خدمات فراہم کرنے والی مختلف کمپنیوں کے صارفین نے اتھارٹی سے رجوع کرکے اپنی شکایات درج کرائیں۔

    شکایات کے حوالے سے اتھارٹی کا کہنا تھا کہ صارفین اس وقت اتھارٹی سے رجوع کرتے ہیں جب سروس فراہم کرنے والی کمپنی کی جانب سے انہیں مناسب جواب نہیں ملتا جس کے بعد وہ اتھارٹی میں اپنی شکایت ریکارڈ کراتے ہیں۔

    واضح رہے سعودی عرب میں ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کی جانب سے ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے صارفین کی سہولت کے لیے ایسی شکایات جو کمپنی اور صارف کے مابین حل نہ ہوتی ہوں ان کا فیصلہ کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جہاں صارفین اور کمپنی کے مابین ہونے والے اختلاف کو دور کرکے منصفانہ حل پیش کیا جاتا ہے۔

    ٹیلی کمیونیکشن صارفین کو یہ اختیارہے کہ اگر متعلقہ کمپنی اپنے صارف کو مطمئن نہ کرسکے تو وہ اپنے دلائل کے ساتھ اتھارٹی سے رجوع کرسکتے ہیں۔

    بیشتر صارفین کا کہنا ہے کہ سروس فراہم کرنے والی کمپنی کی جانب سے جو پیکیج دیا جاتا ہے اس کے مطابق اسپیڈ نہیں ہوتی جبکہ بل پورا وصول کیا جاتا ہے۔

  • سٹیزن پورٹل پرعوامی مسائل حل نہ کرنے والے متعدد افسران معطل، شوکاز نوٹس جاری

    سٹیزن پورٹل پرعوامی مسائل حل نہ کرنے والے متعدد افسران معطل، شوکاز نوٹس جاری

    اسلام آباد : وزیر اعظم کی ہدایت پرقائم سٹیزن پورٹل کے ذریعے عوامی شکایات کی شنوائی نہ کرنے والے افسران کی شامت آگئی، متعدد افسران معطل اور دیگر کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا ازالہ نہ کرنے والے افسران کیخلاف حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کا آغاز کردیا، اسلام آباد میں عوامی مسائل حل نہ کرنے اور فرائض میں غفلت برتنے پر کئی افسران معطل کر دیئے۔

    پنجاب کی بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر افسران کو معطل کیا گیا اس کے علاوہ غفلت برتنے پر اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ، گجرات، ڈی جی خان کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ31اسسٹنٹ کمشنرز کو شوکاز نوٹس اور بیس کو وارننگ لیٹر جاری کیے گئے ہیں، عوامی شکایات اور مسائل بروقت حل نہ کرنے پر اعلیٰ افسران کی سخت سرزنش بھی کی گئی ہے جبکہ بروقت ایکشن کرنے والے71اسسٹنٹ کمشنرز کو تعریفی لیٹرز بھی جاری کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سٹیزن پورٹل پر درج ہونے والی غلط شکایت بھجوانے اور انکوائری میں غفلت برتنے پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت دو پولیس افسران کو معطل کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان نے 28 اکتوبر 2018 کو ملکی تاریخ میں پہلی بارآن لائن عوامی شکایات کے اندراج کےلیے سیٹیزن پورٹل کا افتتاح کیا تھا، جس کے تحت درج ہونے والی شکایات کا ازالہ بھی کیا گیا۔