Tag: pune

  • والدین کے جھگڑنے پر رات کو گھر سے نکلنے والے بچے کا ہولناک انجام

    والدین کے جھگڑنے پر رات کو گھر سے نکلنے والے بچے کا ہولناک انجام

    مہاراشٹر: والدین کے جھگڑنے پر رات کو گھر سے نکلنے والا معصوم بچہ اس وقت ہولناک انجام کا شکار ہوا، جب اس پر ایک خوں خوار تیندوے نے حملہ کر دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع پونے میں تیندوے کے حملے میں ایک 7 سال کا بچہ ہلاک ہو گیا، جس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ والدین کے جھگڑنے کے باعث رات کو گھر سے باہر نکل گیا تھا۔

    میڈیا کو بتایا گیا کہ جمعہ کی رات جب بچے کے ماں باپ گھر میں جھگڑا کرنے لگے، تو اس دوران بچہ گھر سے باہر نکلا، اور گنّے کے کھیتوں کی طرف چلا گیا، جہاں ایک خونخوار تیندوے نے اس پر حملہ کر دیا، جس سے اس کی موت ہو گئی۔

    محکمہ جنگلات کے مطابق تیندوے کے حملے میں فرتا گاؤں کا بچہ ونش راجکمار سنگھ جان کی بازی ہارا، جس کے اترپردیش کے ضلع مظفر نگر سے تعلق رکھنے والے والدین گڑھ کی ایک فیکٹری میں ملازمت کے سلسلے میں شرور تحصیل میں مقیم تھے۔

    دوسری طرف راجستھان کے اُدے پور میں جمعہ کو محکمہ ماحولیات اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے ایک آدم خور تیندوے کو مار گرایا ہے، محکمے کے مطابق اس تیندوے نے ضلع میں ستمبر کے 6 مختلف دنوں کو کئی لوگوں کو اپنا شکار بنایا تھا۔

  • بھارتی شہر پونے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک

    بھارتی شہر پونے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک

    پونے: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پونے کے علاقے باودھن میں آج صبح ٹیک آف کے فوراً بعد ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے تین افراد ہلاک ہو گئے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر دہلی کی ایک ایوی ایشن فرم کا تھا، تینوں ہلاک شدگان کی شناخت پائلٹ گِریش کمار پَلئی اور پرمجیت سنگھ اور انجینئر پریتم چند بھاردواج کے طور پر ہوئی ہے۔

    مقامی پولیس نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے فوراً بعد ایک پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ پونے کے علاقے پمپری چنچواڑ کے پولیس کے جوائنٹ کمشنر ششی کانت مہاورکر کے مطابق ہیلی کاپٹر نے صبح 7.30 بجے آکسفرڈ گولف کلب کے ہیلی پیڈ سے اڑان بھری اور پانچ منٹ کے اندر ہی گر کر تباہ ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں گہری دھند کے باعث یہ حادثہ پیش آیا، حادثے کے مقام پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

  • پاکستان کی جہادی تنظیموں کی مدد کے سنگین نتائج ہونگے، بھارتی آرمی چیف

    پاکستان کی جہادی تنظیموں کی مدد کے سنگین نتائج ہونگے، بھارتی آرمی چیف

    پونا : بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کشمیر میں جہادی تنظیموں کی مدد کے سنگین نتائج برآمد ہونگے، سی پیک منصوبہ بھارت کی خودمختاری کیلئے چیلنج ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارت کے شہر پونا میں ایک تقریب سےخطاب کرتےہوئے کیا، اپنے خطاب میں بھارتی آرمی چیف نے پاکستان اور چین کیخلاف ہرزہ سرائی کی۔

    جنرل بپن راوت نے سی پیک کو نئی دہلی کی خود مختاری کیلئے چیلنج قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ چین بھارت پر مسلسل اپنا دباؤ بڑھارہا ہے جبکہ پاکستان نے بھی مقبوضہ کشمیر سمیت خطے میں پراکسی جنگ چھیڑ رکھی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جہادی تنظیموں پر پاکستان کا اعتماد اور انہیں مسلسل دی جانے والی مدد کے سنگین نتائج نکلیں گے، جس کا خطرہ صرف بھارت کو ہی نہیں جنوبی اور مشرقی ایشیا کے دوسرے ممالک کو بھی ہے۔

    جنرل راوت نے سی پیک منصوبے کےحوالے سے چین پر الزام لگایا کہ چین، پاکستان، مالدیپ اور میانمار میں دفاع اور معاشی شراکت داری بڑھارہا ہے۔

    بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر سے چين کی اقتصادی راہداری کا گزارنا بھی بھارت کی خود مختاری کیلئے چیلنج ہے، بھارت کے آرمی چیف کامزید کہنا تھا کہ چین خطے میں اپنا دبدبہ بڑھا رہا ہے۔