Tag: punished

  • ویڈیو: رشوت لینے والے سرکاری ملازم کو عبرت ناک سزا

    ویڈیو: رشوت لینے والے سرکاری ملازم کو عبرت ناک سزا

    افغانستان میں طالبان فورسز نے رشوت لینے والے سرکاری ملازم کو انوکھی سزا دیتے ہوئے گدھے پر سوار کرادیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں طالبان نے رشوت لینے کے الزام میں نہ صرف ایک شخص کو گرفتار کیا بلکہ دوسروں کے لیے سبق آموز بنانے کے لیے اسے سرعام گدھے پر سوار کرکے اعترافِ جرم بھی کروایا۔

    گدھے کی سوار ی، چور کو دانتوں سے جوتے پکڑ وانا اور عوام میں ہر طرح کی توہین کرنا افغانستان میں طالبان کی طرف سے سزاؤں کے معمول کے طریقے مانے جاتے ہیں۔

  • سعودی عرب: کرپشن کرنے والوں کا عبرتناک انجام

    سعودی عرب: کرپشن کرنے والوں کا عبرتناک انجام

    ریاض: سعودی عرب میں مختلف محکموں کے 16 اہلکاروں کو رشوت لینے اور بدعنوانی کے جرم میں جرمانے اور قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق 16 حکومتی اہلکاروں کے خلاف بددیانتی کے الزامات ثابت ہونے پر فوجداری عدالت نے مجموعی طور پر انہیں 39 برس قید اور 30 لاکھ ریال جرمانے کی ابتدائی سزا کا حکم سنایا ہے۔

    ان میں سے 12 ملزمان کا تعلق عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کروانے والے مخصوص شعبے سے تھا جن پر رشوت لینے، جعل سازی، جعلی آرڈرز اور منی لانڈرنگ کے علاوہ مذکورہ جرائم کے مرتکب افراد کی پردہ پوشی کرنے کا الزام تھا۔

    ذرائع کے مطابق عدالتی فیصلوں پر عملدر آمد کروانے والے ادارے سے تعلق رکھنے والے ملزمان کو ان کے منصب سے بھی فارغ کر دیا گیا ہے۔

    مذکورہ ملزمان کو انسداد بدعنوانی کی عدالت میں مختلف الزامات کا سامنا کرنا پڑا تھا، عدالتی حکم کے مطابق 65 ملین ریال کی ادائیگی کے آرڈر پر عمل درآمد کروانا تھا۔

    ملزمان نے جعلی وصولی بنا کر ادائیگی ظاہر کی جبکہ حقیقت میں جس پارٹی کو ادائیگی کا حکم عدالت نے دیا تھا اسے ادائیگی ہی نہیں کی گئی بلکہ ملزمان نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر جعلی چیک بنوایا اور اسے مقامی بینک کے اہلکار کے تعاون سے کیش بھی کروا لیا تھا۔

    دوسرا مقدمہ ریاض کے ادارہ امور صحت کے 2 اہلکاروں پر دائر کیا گیا تھا جنہوں نے الجمعہ کمشنری میں شاہ خالد اسپتال کے پروجیکٹ میں رشوت لے کر اصل لاگت سے کہیں زیادہ کی منظوری کروائی۔

    پروجیکٹ کی لاگت 6 ملین ریال تھی اس کے بجائے انہوں نے 23 ملین ریال ظاہر کیے اور ایک ایسے ٹھیکیدار کو ٹھیکہ دلایا تھا جو ان کے ساتھ شریک تھا۔

    مذکورہ کیس میں عدالت نے ایک ملزم کو 7 برس 6 ماہ قید اور 12 لاکھ ریال جرمانہ جبکہ دوسرے کو 6 برس 6 ماہ قید اور 12 لاکھ ریال جرمانے کی سزا کا ابتدائی حکم سنا دیا.

    تیسرے کیس میں ریاض بلدیہ کا ایک اہلکار ملوث تھا جس نے ایک انجینئرنگ کے ادارے سے ڈھائی لاکھ ریال رشوت لے کر لائسنس جاری کیا تھا، عدالت نے رشوت لینے پر اہلکار کو 1 برس 6 ماہ قید اور جرمانے کی سزا کا حکم سنایا۔

  • جمال خاشقجی قتل کیس، ملزمان کو سعودیہ میں سزا دی جائے گی، عادل الجبیر

    جمال خاشقجی قتل کیس، ملزمان کو سعودیہ میں سزا دی جائے گی، عادل الجبیر

    ریاض/منامہ : سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے جمال خاشقجی کیس سے متعلق کہا ہے کہ سعودی کالم نگار کے قاتلوں کے خلاف سعودی عرب میں مقدمہ چلایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر عادل الجبیر نے بحرین میں منعقدہ کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن پوسٹ کے سعودی کالم نویس جمال خاشقجی کے سفاکانہ قتل کی تفتیش کے لیے وقت درکار ہے لیکن دنیا صحافی کے معاملے پر ہیجانی کیفیت میں مبتلا ہوگئی ہے۔

    سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے مغربی خبر رساں و نشریاتی اداروں پر الزام عائد کیا ہے کہ مغربی میڈیا نے جمال خاشقجی قتل کیس میں دیوانگی سے کوریج کی ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ کا بیان ترک حکومت کی جانب سے خاشقجی کے قتل میں ملوث 18 ملزمان کی حوالگی کے مطالبے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی صحافی کو تین ہفتے قبل استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں قتل کیا گیا ہے جبکہ ریاض حکومت مسلسل سعودی شاہی خاندان کے قتل میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے الزامات سعودی جاسوسوں پر عائد کررہی ہے۔

    واضح رہے کہ جمال خاشقجی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے تھے۔

    بحرین میں منعقدہ سیکیورٹی کانفرنس کے دوران عادل الجبیر نے جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث 18 سعودی شہریوں کی ترکی حوالگی کے حوالے سے کہا کہ مذکورہ افراد سعودی شہری ہیں، انہیں سعودیہ میں گرفتار کیا ہے، سعودیہ میں تفتیش ہوگی اور سعودی میں ہی سزا دی جائے گی۔

    سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی عرب کی تفتیشی ٹیم ترک تفتیش کاروں کے ساتھ مشترکا طور پر استنبول میں واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ترکی اور سعودی عرب کے درمیان مجرموں کے حوالگی سے متعلق کوئی معاہدہ نہیں ہے۔

    امریکی وزیر دفاع کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ امریکا دوست ملک ہے جس کے ساتھ تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں اور جمال خاشقجی کے قتل کی وجہ سے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات میں دراڑ نہیں آئے گی۔

    بحرین کانفرنس میں امریکی وزیر دفاع نے کیا کہا؟

    بحرین میں سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر برائے دفاع کا کہنا تھا کہ جمال خاشقجی کی سفارت خانے میں موت پر ہم سب کو تحفظات ہیں۔

    امریکی وزیر دفاع جم میٹس کا کہنا تھا کہ امریکا ہر گز ایسے سفاکانہ اقدامات کو برداشت نہیں کرے گا جسے صحافی خاشقجی کی آواز کو دبایا گیا ہے۔

    سعودی صحافی کب اور کہاں لاپتہ اور قتل ہوئے

    خیال رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں جانے کے بعد سے لاپتہ تھے، ترک حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ خاشقجی کو سعودی قونصل خانے میں ہی قتل کرکے ان کی لاش کے ٹکڑے کردئیے گئے ہیں۔

  • یواےای میں شراب نوشی پر سزا ہوگی، برطانوی حکام کی شہریوں کو تنبیہ

    یواےای میں شراب نوشی پر سزا ہوگی، برطانوی حکام کی شہریوں کو تنبیہ

    ابو ظہبی : برطانوی قونصل خانے نے برطانوی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اماراتی شہروں میں شراب نوشی کرنے پر سیاحوں کو   پکڑا گیا تو انہیں سزا اور جرمانےکا سامنا کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحت کی غرض سے متحدہ عرب امارات کا سفر اختیار کرنے والے برطانوی شہریوں کو حکومت نے خبردار کیا ہے کہ امارات کے سفر کے دوران شراب پینے والے سیاحوں کو  جیل جانا پڑسکتا ہے۔

    برطانوی حکام کی جانب سے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے سیاحوں کو پہلے بھی بغیر لائسنس شراب نوشی کرنے پر اماراتی عدالتیں قید کی سزائیں دے چکی ہیں۔

    برطانوی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات میں شراب نوشی ممنوع ہے، برطانیہ کے شہریوں کو اماراتی رسم و رواج کی پاسداری کرنی چاہیے۔

    قونصل خانے نے برطانوی شہریوں  کو متبنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی بھی سیاح بغیر لائسنس ممنوع اشیاء لے جاتے یا نوش کرتے ہوئے پکڑا گیا یا ان کے میڈیکل چیک اپ کے دوران خون میں شراب شامل ہوئی تو انہیں بھاری جرمانے یا سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    یاد رہے کہ 31 اگست کو دبئی کی عدالت نے برطانوی سیاح کو شراب پینے، دو پولیس افسران پر تشدد کرنے اور پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کے جرم میں سزا سناتے ہوئے ٹرائل پر جیل بھیج دیا۔

    عدالت نے برطانوی شخص پر الزام ثابت ہونے پر بغیر لائسنس کے شراب پینے، خاتون پولیس افسر پر تشدد کرنے اور پولیس کار کو نقصان پہنچانے کے جرم میں سزا سناتے ہوئے ٹرائل پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کو رواں برس 6 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • راس الخیمہ، چیریٹی کی رقم میں‌ غبن، عرب شہری کو سزا

    راس الخیمہ، چیریٹی کی رقم میں‌ غبن، عرب شہری کو سزا

    راس الخیمہ : متحدہ عرب امارات کی عدالت نے چندے کی رقم میں 1 لاکھ درہم کا غبن کرنے کےجرم  میں عرب شہری کو سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکم سنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چندے کے بُکس سے خطیر  رقم چوری کرنے والے ملازم کو گرفتار کرکے ریاست کی عدالت عالیہ میں پیش کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چندے کےڈبّے سے 1 لاکھ درہم کی بھاری رقم کا غبن کرنے والا ملازم چیریٹی سوسائٹی کا ملازم ہے۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق راس الخیمہ کی مقامی چیریٹی ایسوسی ایشن نے پولیس کو اپنے ایک عرب ملازم کے خلاف شکایت درج کروائی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان کی ایسوسی ایشن کا ایک ملازم غبن میں ملوث ہے۔

    عدالتی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ملازم نے سوسائٹی کے چیریٹی بُکس کو نقلی چابی کی مدد سے کھول کر رقم چوری کی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ’ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے چیریٹی بُکس تک رسائی حاصل کی اور چندے کی رقم لے جانے والی گاڑی اور ایسوسی ایشن کے چیریٹی بیگز میں سوسائٹی سے چندے کے 1 لاکھ درہم لے کر فرار ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ راس الخیمہ کی عدالت نے فریقین کے بیانات سننے کے بعد ملزم کو چندے کی رقم میں غبن کرنے کے الزام میں سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔